All posts by Khabrain News

وزیر خزانہ کا کھاد کی سمگلنگ پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کھاد کی سمگلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.10 فیصد اضافہ ہوا، کراچی میں آٹا مہنگا ہونے سے ملکی سطح پر اثرات ہوئے۔
وزیر خزانہ نے ماہ رمضان کے دوران گندم اور آٹے کی آسان دستیابی کیلئے اقدامات، ملک میں چینی کے ذخائر قیمتوں میں استحکام اور دستیابی کیلئے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں خوردنی تیل کی قیمتوں اور ذخائر بارے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں پام اور سویا بین آئل 49.2 اور 72.4 فیصد مہنگے ہوئے، وزیر خزانہ نے خوردنی تیل کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ 33 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ گذشتہ ہفتے 18 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔
شوکت ترین کو یوٹیلیٹی سٹورز پر سبزیوں کی فروخت، سستا اور سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی، وزیر خزانہ نے قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔

بطور وزیراعظم عمران خان کے آخری ہفتے کا آغاز ہوچکا: بلاول

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بطور وزیراعظم عمران خان کے آخری ہفتے کا آغاز ہوچکا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی، بلوچستان عوامی پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی پر مشتمل دو اتحادیوں نے حکومت چھوڑنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ کافی سے زیادہ باغی اراکین نے اعلانیہ و غیراعلانیہ حکومت کے خلاف ووٹ دینے کا اپنا ارادہ ظاہر کیا، بطور وزیراعظم عمران خان کے آخری ہفتے کا آغاز ہوچکا۔
ٹویٹر پر آخر میں بلاول نے وزیراعظم عمران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ الوداع سلیکٹڈ

پاک آسٹریلیا وائٹ بال سیریز کیلئے کمنٹری پینل کے ناموں کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان آسٹریلیا وائٹ بال سیریز کے لئے کمنٹری پینل کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق مائیکل کیسپرویک، مائیک ہیسمین، روب کی، وقار یونس، بازید خان اور عروج ممتاز بھی کمنٹری کے فرائض سرانجام دینگے۔
پی سی بی کے مطابق سکندر بخت اور زینب عباس پرزینٹرز کے طور پر وائٹ بال سیریز میں فرائض سرانجام دینگے ۔
خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ون ڈے منگل کو قذافی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پرویز الٰہی کی حمایت کرنی ہے یا نہیں فیصلہ علیم خان کرینگے: علیم خان گروپ

لاہور: (ویب ڈیسک) علیم خان گروپ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کرنی ہے یا نہیں فیصلہ علیم خان کریں گے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کے وزیراعلیٰ کے طور پر نامزد کردیا ہے جس کے بعد عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ عمران خان کو پیش کردیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے لئے چودھری پرویز الٰہی کو نامزد کرنے کے معاملے پر علیم خان گروپ مشاورت سے جواب دے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کا بتانا تھا کہ چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کرنی ہے یا نہیں فیصلہ علیم خان کریں گے جبکہ علیم خان نے کل اپنے ساتھیوں سے مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔

طالبان نے بغیر داڑھی والے سرکاری ملازمین کو کام سے روک دیا

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان حکومت نے اپنے ایک حکم نامے میں سرکاری ملازمین کو داڑھی رکھنے اور ڈریس کوڈ کی لازمی پابندی کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو نوکری سے برخاست بھی کیا جا سکتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کہ وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے ڈریس کوڈ متعارف کرایا گیا ہے اور متنبہ کیا گیا ہے کہ ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی پر نوکری سے نکالا بھی جا سکتا ہے۔
سرکاری ملازمین کو اوّل وقت میں نماز کی ادائیگی اور دراڑھی نہ منڈوانے کے حکم کے ساتھ ساتھ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقامی لباس پہنیں جس میں لمبی ڈھیلی قمیص، ٹخنوں سے اونچی شلوار اور سر پر ٹوپی یا پگڑی شامل ہے۔
طالبان کی جانب سے ان ہدایات پر عمل درآمد کی رفتار کو جانچنے کے لیے وزارت نیکی کے فروغ اور بدی کو روکنے کے نمائندے سرکاری دفاتر کے داخلی راستوں پر گشت کر رہے ہیں۔
بغیر داڑھی والے سرکاری ملازمین کو تنبیہ کے ساتھ گھر بھیج دیا گیا ہے۔ ملازمین کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ان ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا تو نوکری سے برطرف کردیا جائے گا۔
عالمی میڈیا کے نمائندے نے سرکاری ملازمین کے لیے ان پابندیوں کے بارے میں عوامی اخلاقیات کی وزارت کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تاہم کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ پچھلے ہفتے طالبان نے سیکنڈری اسکولوں کو کھولنے کا حکم پہلے ہی دن واپس لیتے ہوئے تاحکم ثانی اسکول بند کردیئے تھے جب کہ کسی مرد سرپرست کے بغیر بیرون ملک جانے والی خواتین کو پرواز سے روک دیا گیا تھا۔

بھارت میں مقبوضہ کشمیر جانے والا طیارہ بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گیا

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی دارالحکومت سے مقبوضہ جموں جانے والا مسافر بردار طیارہ ایئرپورٹ پر بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گیا جس کے بعد مسافروں کو دوسرے طیارے سے روانہ کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی کے ایئرپورٹ پر جموں جانے والا طیارہ پرواز بھرنے سے قبل پش بیک کے دوران بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گیا۔
الیکٹرک پول سے ٹکرانے کے باعث طیارے کے ونگ کو شدید نقصان پہنچا۔ پرواز کو منسوخ کرکے مسافروں کو دوسرے طیارے کے ذریعے روانہ کردیا گیا۔
حادثے کے وقت طیارے میں مسافر اور عملے کے ارکان موجود تھے جو محفوظ رہے۔ ایوی ایشن نے حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

رینجرز نے سندھ کی بارڈر سے 7 کروڑ کی نان کسٹم پیڈ اشیا برآمد کرلیں

کراچی: (ویب ڈیسک) رینجرز نے جیکب آباد اور کشمور میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان بارڈر پر کارروائی کرتے ہوئے 7 کروڑ 13 لاکھ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء برآمد کرلیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے کسٹم حکام کو اسمگلنگ کی روک تھام میں معاونت فراہم کرنے کے لیے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ضلع جیکب آباد اور کشمور میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان بارڈر پر واقع عبدالجبار شہید، ڈیرہ موڑ اور گڈو چیک پوسٹس پر کارروائی کی گئی جس کے دوران نان کسٹم پیڈ اشیاء کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایادیا گیا۔
کارروائی کے دوران تقریبا 7 کروڑ 13 لاکھ روپے مالیت کی نان کسٹم پیڈ اشیاء میں چھالیہ کے 730 بیگز، 450 ٹائرز، 60 لیٹر انجن آئل ، 11000 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل، 23 پرفیوم، صابن کے 37 کارٹن ، 120 شیمپو، خشک دودھ کے 27 بیگز، 4 ہزار354 لیٹر ایرانی کوکنگ آئل، 56 گیئر باکس، چائنہ نمک کے 280 بیگز، 30 شیشہ تمباکو، 75 ٹیگ ڈش واشنگ، کپڑے کے 75 بنڈل، 69 کمبل، 2 گاڑیاں، 169 ویلڈنگ راڈ کے پیکٹس، 779 اسمارٹ فونز سمیت 2 ہزار 735 موبائل فونز اور 32 سونی ٹیبلیٹس برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق ضبط شدہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

شاہ رخ کی مسکراہٹ کو شیطانی ہنسی کس نے قرار دیا، کنگ خان نے بتا دیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کنگ خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے زمانہ طالب علمی کی شرارتوں سے مداحوں کو آگاہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ میں اسکول میں بہت شرارتی تھا، ٹیچر مجھے شیطانی مسکراہت والا بچہ کہتی تھیں اور کسی بھی غلطی پر ڈانٹ سے بچنے کی کوششوں میں لگا رہتا تھا۔
اداکار نے کہا کہ شرارت کرنے پر اگر میں ٹیچر کے سامنے مسکرا دوں تو مجھے معافی مل جاتی تھی، مجھے یاد ہے ایک بار میں نے اسکول لیب میں کچھ چیزیں پھاڑ دیں تو ٹیچر نے مجھے پکڑ لیا اور ڈانٹ سے بچنے کے لیے میں نے رونے کی اداکاری کرتے ہوئے بولا گھر میں ماں باپ بھی بری طرح پیش آتے ہیں اور آپ یہاں میرے ساتھ اس طرح کر رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے رونے کی اداکاری کے دوران سچ میں آنسو بھی آجاتے تھے جس کا مجھے ہمیشہ فائدہ ہوا، اس طرح میں ٹیچرز کی ڈانٹ سے بچ جاتا تھا۔
خیال رہے کہ شاہ خان کے مداحوں کو ان کی نئی فلم ’پٹھان‘ کے ریلیز ہونے کا بے صبری سے انتظار ہے جس میں ان کے ہمراہ بالی ووڈ اسٹار دیپکا پاڈوکون اور جان ابراہم اپنے جلوے بکھیریں گے۔

میک اینڈ بریک کی پوزیشن میں ہیں، ابھی ایم کیو ایم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا: امین الحق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم 7 ووٹوں کے ساتھ میک اینڈ بریک کی پوزیشن میں ہے۔
امین الحق کا کہنا تھاکہ کارکنوں سے مشاورت کی، رابطہ کمیٹی کے پاس تمام اختیارات ہیں جبکہ ایم کیو ایم کی لیڈر شپ اسلام آباد میں موجود ہے اور مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی ایم کیو ایم نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، ایم کیو ایم نے کسی وزارت یا عہدے کا مطالبہ نہیں کیا، چار ماہ پہلے مونس الٰہی کو وزیر بنایا جارہا تھا تو ایم کیو ایم کو بھی آفر کی گئی تھی لیکن اس وقت خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ ایک وزارت کا بوجھ بھی کافی ہے ہم اسی طرح آگے چلتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہماری خواہش عوامی مسائل کا حل ہے، وزارت یا عہدہ اہم نہیں، عوام ساری چیزیں دیکھ رہے ہیں، ہرگھنٹے کے ساتھ سیاسی معاملات میں تبدیلی آرہی ہے۔
امین الحق کا کہنا تھاکہ ملک میں مہنگائی کی صورتحال اچھی نہیں لیکن دیگر ممالک میں بھی خوفناک صورتحال ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہماری بات غور سے سنی گئی ہے اور مطالبات منظور بھی کیے گئے، پارلیمنٹ کو پانچ سال مکمل کرنے کا وقت دینا چاہیے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں پیش کردی گئی ہے اور اب وہ تیسرے وزیراعظم ہوں گے جو عدم اعتماد کا سامنا کریں گے۔
بلوچستان عوامی پارٹی نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جبکہ ق لیگ میں اس معاملے پر پھوٹ پڑ گئی ہے۔

شمالی وزیرستان: سکیورٹی فورسز کیساتھ فائرنگ کا تبادلہ، 4 دہشتگرد جہنم واصل

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 4 امن دشمنوں کو جہنم واصل کر دیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا، دوران آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں مارے جانے والے ایک دہشتگرد کی شناخت زر سعداللہ کے نام سے ہوئی جبکہ باقی تین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے جانے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ مارے جانے والے دہشتگرد سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔