All posts by Khabrain News

ایل سیلواڈور میں گینگز کے ریکارڈ قاتلانہ حملے، ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ

ایل سلواڈور: (ویب ڈیسک) ایل سلواڈور میں گینگ وار سے متعلق ہلاکتوں کی خوفناک لہر نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق گینگز کی جانب سے برھتے قاتلانہ حملوں کے پیشِ نظر کانگریس نے صدر نائیب بوکیل کی ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کی درخواست منظور کی تھی۔
ایل سلواڈور میں گزشتہ جمعے کو 14 افراد اور ہفتے کے روز 62 افراد ہلاک ہوئے جبکہ فروری میں قتل کے 79 واقعات ہوئے۔ ملک میں اتنے وسیع پیمانے پر قاتلانہ وارداتوں کا سلسلہ برسوں سے دیکھنے میں نہیں آیا۔
نیشنل پولیس نے اطلاع دی ہے کہ انہوں نے مارا سلواتروشا (ایم ایس-13) کے پانچ سرغناؤں کو پکڑ لیا ہے، جن کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے گینگ کے ارکان کو متعدد قتل کے احکام جاری کیے تھے۔ یہ قتل ملک کے بدنام زمانہ متعدد گینگز سے منسلک ہیں جو دارالحکومت سین سلواردوڈ کے بہت سے علاقوں کو کنٹرول کرتے ہیں۔
بوکیل نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس میں ایمرجنسی کے فیصلے کی مخالفت کا ذمہ دار حزبِ اختلاف کو ٹھہرایا ہے۔ صدر کا کہنا تھا کہ کیا حزب اختلاف گینگ کے ارکان کے دفاع کے لیے ایمرجنسی کے فیصلے کی مخالفت کررہی ہے؟
دوسری جانب اپوزیشن میں سے کنزرویٹویو پارٹی ایرینا نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں ایل سلواڈور کے لوگوں کو یاد دلانا چاہیے کہ جو کچھ ابھی ہو رہا ہے وہ ان لوگوں کی لاپرواہی کی وجہ سے ہے جنہوں نے مجرموں کو تحفظ فراہم کیا۔

رضوان اور اسمتھ کے بعد ایڈم زمپا بھی ‘ تکیہ’ گروپ میں شامل ہوگئے

لاہور: (ویب ڈیسک) گزشتہ دنوں پاکستان سے تین ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کی سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کے کھلاڑی لاہور پہنچے تھے۔
اس دوران آسٹریلیا کی وائٹ بال ٹیم میں شامل لیگ اسپنر ایڈم زمپا پاکستانی کرکٹر محمد رضوان اور ساتھی کرکٹر اسٹیو اسمتھ کے بعد’ تکیہ’ گروپ میں شامل ہوگئے۔
جی ہاں آسٹریلوی وائٹ بال کے کھلاڑی جب رات گئے لاہور ائیرپورٹ پہنچے تو لیگ اسپنر ایڈم زمپا اپنے ساتھ تکیہ لے کر آئے۔
زمپا کو اپنے تکیے کو جھپی ڈالے ہوئے دیکھا گیا جس کی تصاویر بھی انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل جب آسٹریلوی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم 24 سال بعد 27 فروری اتوار کے روز پاکستان پہنچی تو ہوٹل آمد پر دیکھا گیا تھا کہ آسٹریلوی بیٹر اسٹیو اسمتھ نے پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان کی طرح اپنا تکیہ اٹھایا ہوا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کے ہمیشہ تکیہ ساتھ رکھنے کی ویڈیوز گزشتہ سال کے آخر میں وائرل ہوئیں جس کے حوالے سے شائقین میں تجسس پایا جارہا تھا۔
تاہم بعد ازاں رضوان کی ویڈیو جاری کی گئی جس میں انہوں نے کہا کہ ’جہاں تک تکیے کی بات ہے تو یہ تکیہ میڈیکیٹڈ ہے، کیوں کہ بطور وکٹ کیپر میرا ہمیشہ گردن کا مسئلہ رہتا ہے، وکٹ کیپنگ کے دوران اوپر نیچے بیٹھنا ہوتا ہے، فیلڈنگ کے دوران بھی ہیلمٹ اور بیٹنگ میں بھی ہیلمٹ پہننا ہوتا ہے جس کی وجہ سے گردن بالکل سکڑ سی جاتی ہے۔‘
رضوان نے مزید بتایا کہ ’مجھے لوگوں نے میڈیکیٹڈ تکیہ ریفر کیا جس کی وجہ سے مجھے کافی سکون ہوتا ہے سونے میں ، جب ریکوری ضروری ہوتی ہے تو اس میں نیند کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے اس لیے میں اسے اپنے ساتھ ہی رکھتا ہوں۔‘

ٹوئٹر سروسز متاثر: دنیا میں کروڑوں صارفین پریشان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر کروڑوں صارفین کو اس وقت سخت پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ پوری دنیا میں سروسز متاثر ہوئی ہیں۔
اس ضمن میں برطانیہ کے مؤقر اخبار ڈیلی میل کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس وقت کروڑوں افراد پوری دنیا میں ٹوئٹر سروسز کی وجہ سے متاثر ہیں۔
اس حوالے سے ملنے والی ابتدائی رپورٹس کے مطابق پوری دنیا میں اس وقت تقریباً 56 فیصد افراد کو سخت دشواری کا سامنا ہے۔
اس ضمن میں کہا گیا ہے 37 فیصد صارفین نے کہا ہے کہ ایپلی کیشن میں خرابی کا سامنا ہے جب کہ صرف 7 فیصد کے مطابق ٹوئٹر فیڈ میں خرابی ہے۔
اس ضمن میں تاحال مصدقہ وجوہات سامنے نہیں آسکی ہیں اور نہ ہی ٹوئٹر انتظامیہ نے اپنا کوئی مؤقف پیش کیا ہے۔

اب اپنے اینڈروئڈ فون کو عالمی موسمیاتی تحقیقی منصوبے کا حصہ بنائیں

زیورخ: (ویب ڈیسک) ایک ایپ کی بدولت آپ اپنے اینڈروئڈ فون سے سائنسدانوں کی مدد کرسکتے ہیں جس کی بدولت موسم کی بہترین پیش گوئی میں مدد مل سکتی ہے تاہم صرف اینڈروئڈ فون میں اینڈروئڈ ورژن سیون سے اوپر والے آپریٹنگ سسٹم پر ہی یہ ایپ چل سکتی ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی نے ’کمالیئٹ‘ ایپ بنائی ہے جس میں پوری دنیا کے لوگ اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ اس طرح فون کے جی پی ایس ریسیور کو استعمال کرتے ہوئے مقامی موسمیاتی کیفیات کی معلومات ایک جگہ جمع ہوسکے گی۔
ہم جانتے ہیں کہ اپنے اپنے مدار میں موجود سیٹلائٹ جی پی ایس سگنل کے تحت کام کرتے ہیں۔ اب سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہی سیٹلائٹ فضائی کیفیات کی تفصیل بھی جان سکتے ہیں۔ مثلاً فضا میں آبی بخارات اگر کم یا زیادہ ہوں تو اس سے سیٹلائٹ سگنل پر اثرپڑتا ہے۔
اسی طرح جب جب سیٹلائٹ سگنل مختلف فضائی حالات سے گزرتے ہیں ان کی کیفیات تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔ اس طرح دنیا بھر کے فون سے ملنے والا ڈیٹا موسم اور آب وہوا کی مختلف کییفیات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اب کمزور سگنل یا ان میں تبدیلی سے سیٹلائٹ اور فون کا فاصلہ اور دیگر فضائی کیفیات سے پوری دنیا کی موسمیاتی معلومات ای جگہ جمع ہوگی۔ اس سے ایک جانب تو موسم کی پیش گوئی بہتر ہوسکے گی اور کمپیوٹر الگورتھم کی مدد سے طویل مدت کی آب و ہوا کی معلومات سے طویل المدتی پیش گوئی بھی ممکن ہوسکے گی۔
دوسری جانب فون اور سیٹلائٹ سگنل دیکھ کر زمین کے گرد موجود آئینی کرے( آئنوسفیئر) کا احوال بھی اچھی طرح معلوم کیا جاسکے گا۔ ہمارا زمینی کرہ مختلف تہوں میں لپٹا ہے اور فضا کے بعد آئنوسفیئر شروع ہوجاتا ہے اور اس کے بعد خلا کی بے وزنی محسوس کی جاسکتی ہے۔
اس طرح دنیا کے ہر علاقے سے مجموعی طور پر لاکھوں کروڑوں فون کا ڈیٹا ایک بہت وسیع موسمیاتی منظرنامہ پیش کرسکتا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل غیر ارضی خلائی مخلوق کی تلاش کے مشہور پروگرام SETI@Home کی طرح کا ایک منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔ اس میں دنیا بھر کے کمپیوٹروں کی فالتو پروسیسنگ قوت استعمال کرکے ڈیٹا کی بڑی مقدار کو سلجھانے میں مدد لی گئی تھی۔
ہم جانتے کہ دنیا بھر میں بہت سے نیوی گیشن سیٹلائٹ کام کررہے ہیں جنہیں گلوبل نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹمز (جی این ایس ایس) جھرمٹ کا کانسٹلیشن کہا جاتا ہے۔ ان میں چین، یورپ اور امریکا کے نیوی گیشن سیٹلائٹ قابلِ ذکر ہیں۔ اب اینڈروئڈ فون سے موسم کا احوال دنیا بھر کے علاقوں سے ان سیٹلائٹ کو بھیجا جاسکتا ہے۔
یورپی خلائی ایجنسی نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ ہونے والے صارفین کے کوائف محفوظ رہیں گے۔
واضح رہے کہ شرکا کو شامل ہونے پر ایمیزون واؤچر اور فون کا تحفہ بھی دیا جائے گا تاہم یہ مہم 30 جون تک جاری رہے گی۔

مرغوں کی لڑائی کے دوران اسٹیڈیم پر مسلح افراد کا حملہ؛ 19 ہلاک

میکسیکوسٹی: (ویب ڈیسک) میکسیکو میں مرغوں کی لڑائی کا مقابلے کے دوران مسلح افراد نے دھاوا بول کر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو کے وسطی علاقے میں مرغوں کی لڑائی کا مقابلہ جاری تھا جس میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس دوران مسلح افراد نے حملہ کردیا اور اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 19 افراد ہلاک ہوگئے جن میں 3 خواتین شامل ہیں جب کہ متعدد افراد زخمی ہیں۔
تاحال حملے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے اور کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم اس علاقے میں منشیات کے اسمگلروں کے درمیان گینگ وار ہوتی رہتی ہے۔
گزشتہ ماہ بھی اس علاقے میں گینگ وار کے دوران 17 افراد مخالف گروپ کے حملے میں مارے گئے تھے۔ اس بنیاد پر پولیس کا دعویٰ ہے کہ مرغوں کے مقابلے کے شائقین پر حملہ گزشتہ ماہ مرنے والے کارندوں کا انتقام ہوسکتا ہے۔

مسجد نبوی ﷺ کے صحن میں توسیع؛ 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش میں اضافہ

مدینہ منورہ: (ویب ڈیسک) کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد سعودی حکومت نے زیادہ سے زیادہ نمازیوں کے عبادت اور زیارت کی سعادت حاصل کرنے کے لیے مسجد نبوی ﷺ کے صحنوں میں توسیع کی گئی ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق مسجد نبوی ﷺ کے صحنوں کی توسیع کی گئی ہے جس سے مزید 20 ہزار نمازیوں کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے اس طرح مسجد نبوی ﷺ میں اب 3 لاکھ 26 ہزار 429 نمازی عبادت کرسکیں گے۔
اس حوالے سے گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کے ہمراہ مسجد نبوی ﷺ کا دورہ کیا اور مسجد نبوی کے صحنوں میں پیدل جانے والوں کے راستوں اور السلام روڈ پر واقع نئے مغربی صحنوں کا معائنہ کیا۔
گورنر مدینہ منورہ نے انتظامی امور کے عہدیداروں کو تاکید کی کہ رمضان کے دوران زائرین کو اعلیٰ اور معیاری خدمات فراہم کی جائیں۔
واضح رہے کہ 2020 میں کورونا وائرس کے سامنے آنے کے بعد سے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں پابندیاں عائد ہونے کے باعث نمازیوں کی تعداد محدود تھیں تاہم اب مکمل گنجائش کے ساتھ مقدس مساجد میں عبادت کی اجازت ہوگی۔

پرویز الٰہی وزیراعلیٰ پنجاب نامزد، وزیراعظم عمران خان کی مبارکباد

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے۔ پرویز الٰہی آپ کو بطورِ وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں اور مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
پاکستان مسلم لیگ کے وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔
چودھری پرویز الٰہی کیساتھ ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے عثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے۔میں آپ کو اپنی پارٹی کی طرف سے بطورِ وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں اور آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر چودھری پرویز الٰہی نے وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیے جانے پر وزیراعظم عمران کا شکریہ ادا کیا۔
ق لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ منصب ملنے پر آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ کے اعتماد پر انشاء اللہ پورا اتروں گا۔ مسلم لیگ ق بطور اتحادی اپ کے ساتھ بھر پور تعاون کرے گی۔ اتحادی کی حیثیت سے ملکر عوامی خدمت کریں گے۔

ترین گروپ نے پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ کیلئے مناسب امیدوار قرار دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) ترین گروپ نے بھی چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے مناسب امیدوار قرار دے دیا ہے
پاکستان تحریک انصاف کے ناراض گروپ جہانگیر ترین گروپ کے ترجمان فیصل جبوانہ نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی مناسب شخصیت ہیں جن کے ساتھ کام کیا جاسکتا ہے، حتمی فیصلہ جہانگیر ترین کریں گے۔
ترین گروپ کے رکن صوبائی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پرویز الٰہی وزیراعلیٰ کی حیثیت سے کام کر چکے ہیں جبکہ گروپ کے ارکان پرویز الٰہی سے ملاقات بھی کر چکے ہیں۔

تحریک عدم اعتماد؛ بلوچستان عوامی پارٹی نے حکومت سے علیحدگی کا اعلان کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی اتحادی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے تحریک عدم اعتماد کے معاملے میں متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے، ہم ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور اپنے بھرپور اعتماد اور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں آصف علی زرداری، مولانا فضل الرحمن اور بی این پی کے 4 ایم اینز کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شہباز شریف نے کہا کہ بی اے پی کےفیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، بلوچستان عوامی پارٹی کا ساتھ دینے پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔
اپنے مختصر خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم بی اے پی کے فیصلے کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اللہ نے موقع دیا تو تحریک عدم اعتماد کے نتیجے میں جو حکومت بننے گی بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کے لیے ان کا ساتھ دیں گے۔
علاوہ ازیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان خط پارلیمںٹ میں لے کر آئیں، پاکستان کے خلاف غیر ملکی مداخلت ثابت ہوئی تو ساتھ دوں گا جبکہ فارن فنڈنگ میں تحریک انصاف نے کھل کر غیرملکی فنڈنگ لی ہے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ بہت جلد شہباز شریف کو وزیراعظم بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی اے پی نے فیصلہ پاکستان کے بہتر مفاد میں کیا ہے۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ بہت جلد شہباز شریف کو وزیراعظم بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی اے پی نے فیصلہ پاکستان کے بہتر مفاد میں کیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ ابھی بھی بات چیت کی گنجائش ہے، پہلے ق لیگ کے پاس 7 اور بی اے پی کے 5 ممبران تھے، آج بی اے پی کے ممبران کی تعداد 7 اور ق لیگ کے پاس 5 ہوگئی ہے۔

پاکستان ویسٹ انڈیز ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے شیڈول کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین میچز 8، 10 اور 12 جون کو کھیلے جائیں گے۔ سیریز میں شامل تینوں میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ مہمان ٹیم سیریز میں شرکت کے لیے 5 جون کو اسلام آباد پہنچے گی۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم دسمبر میں پاکستان آئی تھی اور یہ تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز دسمبر 2021 میں ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا حصہ تھے۔ لیکن مہمان کیمپ میں کوویڈ 19 کیسز سامنے آنے کے باعث بمشکل ٹی ٹوئنٹی سیریز ہی مکمل ہوئی اور اس وقت یہ ون ڈے میچز ملتوی کردیے گئے تھے۔
آئی سی سی لیگ میں شامل ان میچز کو ورلڈکپ کوالیفائرز کا درجہ حاصل ہے۔