All posts by Khabrain News

حکومت کا ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے کے بعد حکومت اتحادیوں کو منانے میں متحرک ہو گئی، ایم کیو ایم کو منانے کے لیے ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے بھی حکومتی معاملات میں پیشرفت سامنے آئی ہے، حکومت کی طرف سے متحدہ کو کیے گئے معاہدے کے تحت ایک اور وزارت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایم کیوایم کو بحری امورکی وزارت دیئے جانے کا امکان ہے۔

8 منحرف اراکین نے واپسی کے لیے رابطہ کر لیا: فیصل جاوید کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سینیٹر فیصل جاوید نے دعویٰ کیا ہے کہ 8 منحرف اراکین نے واپسی کے لیے رابطہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ لوگ دیکھ رہے ہیں عوام کدھر کھڑی ہے، منحرف اراکین کو اپنے حلقوں کی جانب سے بھی پریشر تھا۔
قبل ازیں انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ معاملات طے! یہ بازی کپتان ہی جیتے گا، ایک گیند سے تین وکٹیں، اسکا کریڈٹ قوم کو جاتا ہے، اللہ تعالی پاکستان کو کامیاب و کامران کرے، عدم اعتماد کی سازش ناکام ،عثمان
بزدار نے کہا کہ انکے لیے اپنی وزارت اعلیٰ اہم نہیں، وزیراعظم عمران خان اہم ہیں، پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے لیے پرویز الہٰی نامزد ہیں۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہونے جا رہی ہے، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد میں شکست ہو رہی ہے، انشاء اللہ کامیابی وزیراعظم عمران خان کی ہے، اسکاکریڈٹ اس قوم کو جاتا ہے- عدم اعتماد کی ناکامی کےبعد وزیراعظم عمران خان اس قوم کو مزید خوشخبریاں دیں گے-جلد ہم جشن منائیں گے۔

ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔
مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق بشیر چیمہ نے وفاق میں حکومت کی حمایت پر اپنے استعفے سے متعلق ق لیگ کی قیادت کو پہلے ہی آگاہ کررکھا تھا، کیوں کہ وہ حکومت کی حمایت نہیں کرنا چاہتے تھے، جب کہ ق لیگ قیادت کی ہمدردیاں شروع سے ہی حکومت کے ساتھ تھیں۔
طارق بشیر چیمہ نے حکومت کیخلاف سخت موقف اپنا رکھا تھا۔ طارق بشیر کا کہنا تھا کہ میں حکومت کے خلاف اصولی موقف سے واپس نہیں ہوسکتا، وزیراعظم نے بہت سارا وقت ضائع کر لیا، حکومت جمہوری اداروں میں استحکام لانے اور صوبوں میں گورننس کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی، زندگی رہی تو عدم اعتماد کا ووٹ عمران خان کے خلاف دوں گا۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت اور پرویزالہٰی میں کوئی فرق نہیں، میں نے اجازت لے کر استعفیٰ دیا ہے، پارٹی کا ہر فرد اپنے فیصلے میں آزاد ہے،پرویزالہٰی میرے محسن ہیں، ہر لحاظ سے ان کے ساتھ ہوں، لیکن میرا ضمیر اجازت نہیں دے رہا ہے عمران خان پر اعتماد کا اظہار کروں۔

پی ٹی آئی پرویز الٰہی کی بطورِ وزیراعلیٰ حمایت کرے گی: شہباز گل

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کرے گی۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلی کے امیدوار کے طور پر سپورٹ کریں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید لکھا کہ ق لیگ نے وزیراعظم کی عدم اعتماد میں حمایت کا اعلان کر دیا۔

معیشت کے تمام طبقات کی حوصلہ افزائی ضروری ہے: عارف علوی

کراچی: (ویب ڈیسک) صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ حوصلہ افزائی، احساس ملکیت اور اپنی شناخت پر فخر کرنے کا ماحول پیدا کرنے کے لیے معیشت کے تمام شعبوں اور طبقات کو تسلیم کرنے اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ ترین چیمبر یعنی ایف پی سی سی آئی کے 9 ویں اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔
عارف علوی نے تاجر برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مختلف اہم حکومتی اقدامات اور کاروباری ریفارمز میں حکومت کا ساتھ دیں جیسا کہ خواتین انٹرپرینیورز اور افرادی قوت کو مواقع فراہم کرنا، ٹرانسپیرنسی کے لیے معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن، بیمار صنعتی یونٹس کی بحالی و نئی صنعتوں کا قیام اور غیر رسمی معیشت کو دستاویزی اور رسمی معیشت میں تبدیل کرنا شامل ہیں۔
ایف پی سی سی آئی کے صدر عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ پاکستان تاریخ کے ایک تباہ کن اور معاشی طور پر کمزور کر دینے والی وبا کی لہر سے کامیابی کے ساتھ نبرد آزما ہو چکا ہے اور اسی لیے اُن کمپنیوں کی کارکردگی کو سراہا جانا ضروری ہے کہ جنہوں نے معیشت کو رواں دواں رکھنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور ٹیکس ادا کرنا بھی جاری رکھا۔
صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ فیڈریشن کے اچیومنٹ ایوارڈز کا مقصد قومی معیشت کے تمام اہم شعبوں اور چھوٹے بڑے طبقات کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
انہو ں نے مزید کہا کہ بطور صدر ایف پی سی سی آئی ان کے دور کی اولین ترجیح کاروباری برادری کے دیرینہ مسائل کو کامیابی سے حل کرنا ہوگی تاکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کی معاشی بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔
صدر پاکستان نے معروف اور ہر دلعزیز کاروباری رہنما طارق سعید مرحوم کو ٹر یڈ پالیٹکس میں زندگی بھر کی خدمات اور کامیابیوں پر ایف پی سی سی آئی کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا۔
واضح رہے کہ طارق سعید نے کاروباری رہنماؤں کی ایک پوری نسل کی پرورش کی ہے، ان کا ایوارڈ ان کے صاحبزادے خرم طارق سعید نے وصول کیا۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر میاں ناصر حیات مگوں کو ان کی کارباری خدمات کے اعتراف اور سال 2021 میں اپنے دور صدارت میں پاکستان کی کاروباری، صنعتی اور تاجر برادری کی اجتماعی بہبود کے لیے جرات مندانہ پالیسی پوزیشنز لینے پراسپیشل پرفارمنس کا ایوارڈ دیا گیا۔
ایف پی سی سی آئی کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ شاہ زیب اکرم کو بھی سال 2021 میں کاروباری برادری کے درمیان یکجہتی کو فروغ دینے میں ان کے شاندار کردار اور مختلف وزارتوں اور محکموں کے ساتھ موثر کوآرڈینیشن قائم رکھنے پر اسپیشل پرفارمنس ایوارڈ دیا گیا۔

کھلاڑیوں کا فٹنس ریکارڈ، پی سی بی کا امریکی کمپنی سے معاہدہ

لاہور: (ویب ڈیسک) کھلاڑیوں کی فٹنس اور ٹریننگ کا مکمل ٹریک ریکارڈ رکھنے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے امریکی کمپنی سے معاہدہ کر لیا ہے۔
پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرز قذافی سٹیڈیم لاہور میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فیصل حسنین اور ڈیجٹل اسٹیٹس کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر محمد اویس جنجوعہ نےتین سالہ معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کے مطابق ڈیجٹل اسٹیٹس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کوانٹیلیجنس پلیئرز منیجمنٹ کی طرز پر ایک مربوط سافٹ وئیر بنا کر دے گی۔
خیال رہے کہ ڈیجٹل اسٹیٹس، ویڈیو اینالیٹکس اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں مہارت رکھتی ہے۔

عمران خان مذہب کارڈ استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں:بلاول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان مذہب کارڈ استعمال کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں،مذہب کارڈ استعمال نہیں کرنا چاہیے، خان صاحب کی مدینہ کی ریاست اخلاقیات پر مبنی نہیں، سیاست میں مذہب کو نتھی نہیں کرنا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اتنا بزدل ہے کہ ہمارا مقابلہ کرنے کو تیار نہیں ہے، عدم اعتماد پیش ہونے پر پورے پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں، آخرکار تحریک عدم اعتماد کا پراسس شروع ہوچکا ہے، خان صاحب بچ نہیں سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب کوئی کارڈ نہیں صرف عوام کی مرضی چلے گی، حکومتی ترجمانوں کی باتوں پر توجہ نہ دیں یہ لوگ جا رہے ہیں، خان صاحب کے بچنے کا کوئی راستہ نہیں ہے، وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد پر ہمارا فوکس ہے، عدم اعتماد مکمل ہونے پر صوبوں کی طرف توجہ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سمیت کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہیے، پرویزالٰہی کا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ قوم کے سامنے لائیں گے، ہماری گنتی پوری ہے اب پلس میں جا رہے ہیں۔

چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی آفر قبول کرلی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری پرویز الٰہی نے پنجاب میں وزارت اعلیٰ کی آفر قبول کرلی۔
پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ نامزد کر دیا، پرویز الٰہی نے عہدے کی آفر قبول کر لی ہے، ملاقات کے دوران عثمان بزدار سے استعفیٰ لیا گیا
ترجمان چودھری پرویز الٰہی کے مطابق وزیراعلی عثمان بزدار کے استعفے کی منظوری کے بعد پنجاب کی کابینہ سمیت تمام عہدے تحلیل ہو جائیں گے، پرویز الہی کل یا پرسوں حلف اٹھائیں گے پھر اعتماد کا ووٹ لیں گے۔
اس سے قبل وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ چودھری پرویز الہی کی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔ ق لیگ کا وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمائیت کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفی وزیر اعظم کو پیش کردیا۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے فیصلہ کر لیا۔

اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ کورونا میں مبتلا

تل ابيب: (ویب ڈیسک) اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کا معمولی علامات کے باعث کورونا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جو مثبت آگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کے وزیراعظم نفتالی بینیٹ کورونا کا شکار ہوگئے جس پر انھوں نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا۔ وہ اپنی ذمہ داریاں گھر سے ہی انجام دیتے رہیں گے۔
وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے گزشتہ روز شام کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے بھی ملاقات کی تھی جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جو مثبت آگیا ہے تاہم ان کی طبیعت بہتر ہے۔
اسرائیل میں کورونا وبا کے بعد سے سخت کورونا لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا اور مہلک وائرس پر قابو پانے کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا تاہم کورونا کے نئی شکل نے زور پکڑنا شروع کردیا تھا جس پر بوسٹر ڈوز کی مہم چلائی گئی تھی۔
بوسٹر ڈوز کی مہم کو کامیاب ترین قرار دیتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے گزشتہ برس کے آخر میں پریس بریفنگ کے دوران اپنا ماسک اتار کر ملک بھر میں کورونا پابندیوں کے خاتمے کا علان بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 12 ہزار نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ مجموعی طور پر اس مہلک وائرس سے ہونے والے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 460 ہوگئی ہیں۔

کراچی: مردہ افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم معطل

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ ہائیکورٹ نے مردہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم چند گھنٹے بعد ہی معطل کرتے ہوئے فریقین کو 18 اپریل کیلٸے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہاٸیکورٹ کے جسٹس آفتاب احمد گورڑ پر مشتمل سنگل بینچ نے مردہ افراد کے خلاف ایف آئی درج کرنے کا حکم معطل کیا۔
مرحوم محمد یامین کے بیٹے اور مقدمے کے فریق عمران یامین نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو سندھ ہاٸیکورٹ میں چیلنج کیا تھا، درخواستگزار کے وکیل جاوید چھتاری نےسندھ ہاٸیکورٹ کے روبرو موقف اپنایا کہ ٹراٸل کورٹ نے غیر قانونی فیصلہ دیا ہے۔
ڈیتھ سرٹیفکیٹس پیش کرنے کے باوجود مرحومین کےخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم مرحومین کی توہین ہے، عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاٸے۔
واضح رہے کہ آج صبح ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ایسٹ غلام مصطفیٰ لغاری نے 40 سال پہلے مرنے والے محمد سلیمان اور 12 سال پہلے مرنے والے محمد یامین کے خلاف پلاٹ پر قبضہ کرنے کا مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔