All posts by Khabrain News

دلہن کی شکایت پر پولیس ’مفرور‘ دلہا کو پکڑ لائی اور شادی کرادی

پٹنہ: (ویب ڈیسک) بارات کا انتظار کرتے کرتے کوفت کی شکار دلہن تھانے پہنچ گئی اور دلہا کی گمشدگی کی رپورٹ درج کرادی جس پر پولیس مفرور دلہا کو پکڑ کر لے آئی اور شادی کرادی۔
بھارتی ریاست بہار کے علاقے دھن آباد میں دلہا ایک بار پھر اپنی شادی کے روز ’’لاپتہ‘‘ ہوگیا اور ایک بار پھر پولیس کو مداخلت کرنا پڑی تاہم اس بار پولیس نے راضی نامہ کرانے کے بجائے دلہا کو پکڑ کر شادی ہی کرادی۔
اس انوکھے اور دلچسپ واقعے کی ابتدا گزشتہ برس ہوئی تھی جب دلہا عین شادی کے روز گمشدہ ہوگیا تھا اور شادی کی تقریبات کے دن ختم ہونے کے بعد گاؤں واپس آیا تھا جس پر دلہن والوں نے تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔
پولیس نے دونوں خاندانوں کے درمیان راضی نامہ کرایا اور دلہے کو شادی کے لیے رضامند کرلیا۔ پولیس کی موجودگی میں شادی کے لیے نئی تاریخ 27 مارچ 2022 رکھی گئی تھی تاہم اس روز بھی دلہا غائب ہوگیا۔
دلہا کے دوبارہ شادی کے روز نہ پہنچنے پر دلہن تھانے پہنچ گئی اور راضی نامے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا جس پر پولیس دلہا کو ڈھونڈ کر لے آئی اور اپنی موجودگی میں شادی کرائی تاکہ دلہا تیسری بار نہ بھاگ جائے۔

آسٹریلیا کو آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا: فخر زمان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کو کسی بھی صورت آسان حریف نہیں سمجھا جا سکتا، لاہور میں کراؤڈ ہمیشہ سپورٹ کرتا ہے، امید ہے ون ڈے سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے۔
ورچوئل پریس کانفرنس کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ آسٹریلیا مضبوط سائیڈ ہے اور پاکستان کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہے، ہماری کوشش ہوگی تمام تینوں ون ڈے جیتیں، آسٹریلیا ٹیم کے بڑے نام نہیں ہیں اس سے فرق تو پڑتا ہے، مگر جو ٹیم ایرون فنچ کے پاس ہے اسے بھی کمزور نہیں کہہ سکتے نا ہلکا لے سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور میں ہمیشہ اوس فیکٹر ہوتا ہے، مگر اتنا فرق نہیں پڑیگا، یہاں زیادہ رنز بنتے ہیں، 300 کے قریب ٹارگٹ اچھا ہوگا، آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز میں اچھی کرکٹ ہوئی، مجھے مزہ آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم نے پلیئرز کو واضح پیغام دیا ہے کہ تینوں میچز جیتنے ہیں۔

آسٹریلیا کے وکٹ کیپر جوش اینجلز کا کوویڈ ٹیسٹ مثبت آگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے پہلے آسٹریلوی ٹیم سخت مشکلات کا شکار ہوگئی۔ آسٹریلوی ٹیم کے میڈیا مینیجر کے مطابق آسٹریلیا کے وکٹ کیپر کا کوویڈ ٹیسٹ پازیٹو آگیا ہے۔
وکٹ کیپر جوش اینجلز پانچ روز آئسولیشن میں رہیں گے۔ وہ 29 اور 31 مارچ کو شیڈول ایک روزہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ پانچ روز تنہائی میں گزارنے کے بعد دوبارہ ان کا کوویڈ ٹیسٹ لیا جائے گا۔نیگیٹو رپورٹ آنے پر وہ کھیلنے کے لیے دستیاب ہوسکیں گے۔
آسٹریلیا کے دوسرے تمام ارکان کا کوویڈ ٹیسٹ منفی آیا ہے۔دوسری جانب فاسٹ بولر مچل مارش کی میڈیکل رپورٹس ٹیم انتظامیہ کو مل گئی ہیں۔ان رپورٹس کے مطابق مچل مارش پہلے میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔
امکان ہے کہ مچل مارش دوسرے اور تیسرے میچ میں دستیاب ہوسکیں گے۔مچل مارش گزشتہ روز ٹریننگ سیشن میں فیلڈنگ کرتے وقت کولہے کی انجری کا شکار ہوئے تھے ۔ ترجمان ٹیم کا کہنا ہے کہ مچل زیر علاج رہیں گے اور فٹنس کلیئرنس کے بعد سیریز میں کھیل سکیں گے۔

پاکستان نمبر ون ٹینس پلیئر عقیل خان کا ریٹائرمنٹ کا عندیہ

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان نمبر ون ٹینس کھلاڑی عقیل خان نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا عندیہ دے دیا۔
کئی برسوں سے ٹینس کے قومی چیمپیئن چلے آرہے عقیل خان کا کہنا ہے کہ اب ٹینس کھیلتے کھیلتے بری طرح تھک چکا ہوں۔
پشاور کے مشہور کھیلوں کے گھرانے سے تعلق رکھنے والے عقیل خان کا کہنا ہے کہ 42 برس کی عمر میں میرا جسم مزید کھیلنے کی اجازت نہیں دے رہا۔
عالمی اور قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے لاتعداد اعزازات پانے والے عقیل خان مزید کہتے ہیں کہ ڈیوس کپ کے دو تین ریکارڈ کے قریب ہوں، خواہش ہے کہ وہ ریکارڈ اپنے نام کرنے کے لیے مزید دو سے تین برس ٹینس سے جڑا رہوں، لیکن اس کا انحصار میری فٹنس پر ہے۔

میامی اوپن ٹینس: الیگزینڈر زوریو کی میک میکڈونلڈ کو شکست

میامی: (ویب ڈیسک) الیگزینڈر زوریو نے میک میکڈونلڈ کو میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں شکست دیدی۔
امریکہ میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے میں جرمنی کے سٹار نے امریکی حریف کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔
دونوں کھلاڑیوں کے مابین میچ سکور چھ دو اور چھ دو رہا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں عدم اعتماد کی تحریک آنے کے بعد وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کر دیا۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ چودھری پرویز الہی کی وزیراعظم عمران خان کیساتھ ملاقات ہوئی، ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔ ق لیگ کا وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار اور حمائیت کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ وزیراعلی عثمان بزدار نے اپنا استعفی وزیر اعظم کو پیش کردیا۔
فرخ حبیب نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چودھری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلی نامزد کرنے فیصلہ کر لیا۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرنا شروع

نیویارک: (ویب ڈیسک) چین کے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں کورونا کے باعث لاک ڈاؤن کا اعلان ہوتے ہی عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں گرنا شروع ہوگئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز چینی حکومت نے شنگھائی میں مرحلہ وار لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا، اس اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 5 فیصد تک گر گئیں۔
امریکی خام تیل عالمی مارکیٹ میں 108 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے، روس اور یوکرین کی جنگ کے بعد تیل کی قیمت 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے گھٹنے لگی جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید 41 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں امریکی ڈلر کی قدر بڑھنے کے بعد قیمت 181 روپے 78 پیسے سے بڑھنے کے بعد 182 روپے 19 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر 20 پیسے مہنگا ہو گیا اور ڈالر 183روپے پر ٹریڈ ہورہا ہے۔

وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش، قومی اسمبلی اجلاس 31 مارچ تک ملتوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی ہے جو کہ بحث کیلئے منظور ہو گئی ہے، اجلاس 31 مارچ بروز جمعرات تک ملتوی کر دیا گیا۔
ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدارت اسمبلی اجلاس شروع ہوا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے تحریک پیش کرتے کہا کہ میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر رہا ہوں۔
شہباز شریف کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے بعد اراکین کی گنتی کی گئی جہاں حکومتی اتحادی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین ایوان میں موجود نہیں تھے۔
قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد بحث کے لیے اپوزیشن کے 161 اراکین کی حمایت پر منظور کرلی گئی۔
ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے قومی اسمبلی کا اجلاس 31 مارچ (جمعرات) تک ملتوی کردیا۔
خیال رہے کہ ایوان میں حکومتی جماعت تحریک انصاف کے 178 ارکان ہیں جبکہ اپوزیشن ارکان کی تعداد 163 ہے تاہم اپوزیشن نے اکثریت یعنی 172 سے زائد ارکان کی حمایت کا دعوی کررکھا ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک پیش کی گئی ہے اور یہ ملک کے تیسرے وزیراعظم جن کے خلاف تحریک پیش کی گئی ہے۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور شوکت عزیز کے خلاف عدم اعتماد پیش کی گئی تھی۔
اس سے قبل ملتان سے رکن قومی اسمبلی اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کی قرارداد پیش کی۔
قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی عدم اعتماد کی قرارداد اور حکومت کا پیش کردہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام سے متعلق آئینی ترمیم بل شامل ہے۔

کراچی: خاتون سے سنسان گلی میں بدسلوکی کرنیوالا ملزم ویڈیو کی مدد سے گرفتار

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں سنسان گلی میں خاتون سے بدسلوکی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا ہے کہ خاتون سے بدسلوکی کرنے والے ملزم کو ویڈیو کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق خاتون کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ جمعے کے روز پیش آیا اور اس کی ویڈیو گزشتہ روز سامنےآئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔