All posts by Khabrain News

جے یوآئی ف کا اسلام آباد میں پڑاو

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) جے یو آئی ف نے اسلام آباد میں سرینگرہائی وے کے ساتھ علاقے ایچ نائن میں میدان سجا لیا۔
جلسہ گاہ میں پارٹی پرچموں کی بہار ہے ۔ خیمے نصب کر دیئے گئے ہیں ۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ انہیں قیادت کی جانب سے جلسہ گاہ میں تین دن پڑاؤ کا حکم دیا گیا ہے ۔
متحدہ اپوزیشن کا اٹھائیس مارچ کو بڑا جلسہ ہو گا جس میں ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکن بھی شریک ہوں گے ۔
مولانا فضل الرحمان نےاسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا، حکومت کو صرف ایک دھکے کی ضرورت ہے، ہم موجودہ حکومت کو غیر آئینی، غیر قانونی اور ناجائز کہتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت کو مزید ایک لمحے کی گنجائش نہیں دے سکتے۔ان کے سارے سہارے ٹوٹ چکے ہیں، ان کا کندھا اب خالی ہو چکا ۔اب صرف استعفے کا راستہ ہے، گھر جاؤ ورنہ گھر بھجوائے جاؤ گے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے جے یو آئی کے جلسہ گاہ کا دورہ کیا ۔۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ جے یو آئی ف کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی۔
سری نگر ہائی وے خالی کرنے کے لیے جے یوآئی ف انتظامیہ سے تعاون کررہی ہے۔ جے یو آئی ف کو شو کاز نوٹس جاری کررہے ہیں ۔، دوبارہ خلاف ورزی کی تو ایف آئی آر درج کروائی جائے گی۔ آج تحریک انصاف اسلام آباد میں جلسہ کرے گی، جے یو آئی ف کو کہا ہے کہ آج جلسہ نا کریں
سرینگر ہائی وے پر ممکنہ دھرنے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے حکم دیا ہے کہ انتظامیہ این او سی کی خلاف ورزی کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔ سیاسی جماعتیں اور رہنما قانون پر عمل کرنے کے پابند ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے اسلام آباد انتظامیہ کی درخواست پر حکم جاری کیا ہے۔

اسلام آباد کا ٹریفک پلان جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے جلسے کی وجہ سے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
اسلام آباد ،سری نگر ہائی وے پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے جلسے کے لیے ٹریفک پلان جاری کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق سری نگر ہائی وے پروجیکٹ موڑ سے نائنتھ ایونیو فلائی اور تک بند رہے گی اور ریڈ زون کے علاوہ باقی تمام سڑکیں کھلی رہیں گی۔
سری نگر ہائی وے کے پروجیکٹ موڑ پر دونوں اطراف کے لیے ٹریفک بند رہے گی جبکہ فقیر ایپی روڈ کو آئی جے پی روڈ تک پہنچنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ جی، ایف اور ای سیکٹرز تک پہنچنے کے لیے جی الیون سروس روڈ ویسٹ استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سرینگر ہائی وے سے جی 9 مرکز روڈ پر داخلی اور خارجی راستے بند رہیں گے تاہم متبادل طور پر نائنتھ ایونیو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ایئرپورٹ اور موٹروے تک مارگلہ روڈ اور جناح ایونیو سے رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
ریڈ زون میں داخلے اور باہر نکلنے کی اجازت صرف مارگلہ روڈ سے ہو گی۔

جنگ کے آغاز سے اب تک 136 بچے ہلاک ہوئے ، یوکرین

کیف : (ویب ڈیسک) یوکرین کا کہنا ہے کہ روس یوکرین جنگ کے آغاز سے اب تک 136 بچے ہلاک ہوچکے ہیں۔
یوکرین کے مختلف شہروں میں گزشتہ اکتیس روز سے جاری روسی حملوں کے نتیجے میں سوا سو سے زائد بچوں کی ہلاکتوں کا بتایا گیا ہے۔
یوکرین کے دفتر استغاثہ کے مطابق قریب ایک ماہ قبل یوکرین پر روسی حملہ شروع ہونے سے اب تک 136 بچے ہلاک ہو چکے ہیں۔
ان میں سے 64 بچے دارالحکومت کیف میں مارے گئے جب کہ 50 بچوں کی ہلاکت مشرقی علاقے ڈونباس میں ہوئی۔
دفتر استغاثہ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ اب تک 200 سے زائد یوکرینی بچے جنگ میں زخمی ہوئے ہیں۔
یوکرینی حکام نے یہ پیغام ٹیلی گرام اور فیس بک پر جاری کیا ہے۔یوکرینی حکام کے دعووں کی آزاد ذرائع سے ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

آج تحریک انصاف کا جلسہ، لاکھوں لوگ لانےکا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف آج اسلام آباد پریڈ گراونڈ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔
تحریک انصاف آج اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ کر رہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ جلسے میں لاکھوں پاکستانی شریک ہوں گے۔ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی جلسہ ہو گا۔
پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی تیاریاں مکمل ہیں، کارکن کل شام سے ہی جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں سے کارکن مقامی قیادت کے ساتھ جلسہ گاہ میں شرکت کے لیے پہنچ رہے ہیں۔
اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں پر تحریک انصاف کے جلسے کے بینرز آویزاں ہیں جن میں وزیراعظم کے مشیروں کی جانب سے دوسرے شہروں سے آںے والے کارکنوں کو خوش آمدید کہا گیا ہے۔
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے رات گئے ایک ٹویٹ میں جلسے کے مقام پر بنائے گئے اسٹیج سے اپنی سیلفی شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ پریڈ گراؤنڈ کا منظر، رات کے اس پہر بھی پانچ سے سات ہزار لوگ موجود ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمرنے کہا ہے کہ اپوزیشن کرپشن کے پیسوں کی سیاست کرتی ہے۔ عمران خان خوددار پاکستان کیلئے کوشاں ہیں۔
وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا عمران خان پر عوام کا بھروسہ ڈبل ہونے جار ہا ہے۔ منحرف اراکین کی عدالت عوام ہے۔ مولانا فضل الرحمان اور آصف زرداری کی سیاست ختم کرنے آرہے ہیں۔

وزیراعلی عثمان بزدار کا کمالیہ میں کامیاب جلسہ پر عوام سے اظہار تشکر

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلی عثمان بزدار نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ والہانہ محبت کے اظہار اور کمالیہ میں پی ٹی آئی کا جلسہ کامیاب بنانے پر شہر کی عوام سے اظہار تشکر کیا۔
وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کے سمندر نے وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا،بھرپور پذیرائی پر عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کمالیہ میں پی ٹی آئی کا جلسہ تاریخی رہا۔کامیاب جلسے پر تحریک انصاف کے پارلیمنٹرینز،ٹکٹ ہولڈرزاورکارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کمالیہ کے بعد آج اسلام آ باد میں پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا جلسہ ہوگا- وزیر اعظم عمران خان نے عوامی سیاست سے مخالفین کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔

جو بائیڈن کی پیوٹن کے خلاف پھر دشنام طرازی، قصائی قرار دے دیا

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی ہم منصب کو ایک مرتبہ پھر دشنام طرازی کا نشانہ بناتے ہوئے قصائی قرار دے دیا۔
امریکی صدر جو بائیڈین نے پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں پولش صدر کے ہمراہ خطاب میں کہا کہ یوکرین پر حملہ روس کی تزویراتی ناکامی ہے، جنگ مسلط کر کے روس نے جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ دنیا کو ایک طویل جنگ کیلئے تیار رہنا چاہئے۔ امریکہ یوکرین کی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ روس ایک انچ بھی نیٹو کی سر زمین پر آگے بڑھنے کا مت سوچے، ایسا ہوا تو اتحادی پوری قوت کے ساتھ دفاع کریں گے۔

کراچی میں ماہ رمضان سے قبل منافع خور سرگرم، عوام مہنگائی سے شدید پریشان

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ماہ رمضان سے قبل منافع خور سرگرم ہو گئے، عوام روز افزوں بڑھتی مہنگائی سے شدید پریشان ہیں۔ چیف سیکرٹری سندھ نے منافع خوروں کو جیل بھیجنے اور دکانیں سیل کرنے کے احکامات دے دئیے۔
رمضان ابھی آیا نہیں اور منافع خوروں نے آستینیں چڑھا لیں۔ کراچی میں انتظامیہ کی جانب سے اشیائے خورونوش کی سرکاری قیمتوں پرعملدرآمد کرانے کا دعوی کیا گیا۔ اٹھارہ مارچ کو پولٹری اور میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے طویل مشاورت کے بعد فی کلو مرغی کے گوشت کی قیمت 365 روپے اور بکرے کے گوشت کی قیمت 1220روپے مقرر کی گئی لیکن سرکاری قیمت کے برعکس فی کلو چکن ساڑھے چار سو روپے اور فی کلو بکرے کا گوشت 1600سے سترہ سو روپے تک بیچا جارہا ہے، پرائس لسٹ کی عدم دستیابی اور انتظامیہ کی ناکامی کا خمیازہ عوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔
گرانفروشی کی بڑھتی شکایات پر چیف سیکرٹری سندھ اور کمشنر کراچی کے احکامات پر ضلعی انتظامیہ ٹھنڈے کمروں سے باہر نکلنے پر مجبور تو ہوگئی مگر روایتی نمائشی اقدامات سے عوام کو کوئی ریلیف نہ مل سکا۔
اسسٹنٹ کمشنر گلبرگ کی واٹرپمپ مارکیٹ میں کارروائی پر شہری غم و غصے اظہار کرتے رہے، مہنگے داموں اشیاء کی فروخت پر اسسٹنٹ کمشنر کی موجودگی میں شہری اور دکاندار آپس میں الجھتے رہے۔
شہر میں فی لیٹر دودھ سرکاری قیمت 120روپے کے برعکس 150روپے میں دھڑلے سے بیچا جارہا ہے، سبزی و فروٹ منڈی اور ہول سیل مارکیٹوں سے لے کر خوردہ سطح پر پھل ، سبزی ، آٹا ، دالیں ، چاول اور دیگر اجناس بھی من مانی قیمت پر مہنگے داموں فروخت ہورہی ہیں۔
چیف سیکرٹری سندھ کی جانب سے منافع خوروں کو چھ ماہ کیلئے جیل بھیجنے ، دکانیں سیل کرنے اور بھاری جرمانہ عائد کرنے کے احکامات پر عملرآمد تو شروع کردیا گیا ہے مگر ان اقدامات کے باوجود بھی عوام ریلیف سے محروم نظر آتے ہیں۔ ماہ رمضان میں گرانفروشی مزید بڑھنے سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ویمن ورلڈ کپ، انگلینڈ نے بنگلا دیش کو سو رنز سے شکست دے دی

لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے بنگلا دیش کو سو رنز سے شکست دے دی۔
انگلش خواتین ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے،جوابی اننگز میں بنگلا دشی ٹیم 134 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔
67 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر صوفیہ ڈنک میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دی گئیں۔

ونڈیز کیخلاف آخری ٹیسٹ، انگلینڈ نے دوسری اننگز میں8 وکٹوں پر 103 رنز بنا لیے

سانٹو ڈومنگو: (ویب ڈیسک) ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا، مہمان انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنا لیے۔
ویسٹ انڈیز نے تیسرے روز آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز سے پہلی اننگز کا آغاز کیا، میزبان ٹیم 297 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ دوسری اننگز میں انگلش بلے باز اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، 103 سکور پر 8 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ چکے ہیں۔
آخری ٹیسٹ میں میزبان ویسٹ انڈیز کی پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے جبکہ سیریز کے پہلے دونوں میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے تھے۔

‘جلسے میں سوچ سے زیادہ لوگ آ رہے ہیں، منتخب نمائندے گھروں سے جلد نکلیں’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے آج شام ہونے والے جلسے میں شرکت کیلئے سوچ سے زیادہ لوگ آ رہے ہیں، منتخب نمائندے بروقت پہنچنے کیلئے اپنے گھروں سے جلد نکلیں۔
سوشل میڈیا پیغام میں وفاقی وزیر اور رہنما تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ تمام تنظیمی عہدے دار اور منتخب نمائندے جو اپنے علاقوں سے جلوسوں کی قیادت کر رہے ہیں، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق جلسے میں شرکت کیلئے جلد نکلیں، جلسے میں پہنچنے میں اندازے سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آج ایک جلسہ نہیں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے،پاکستان آج فیصلہ کر رہا ہے کہ سیاست کو حرام کے پیسے سے نجات دلانی ہے اور ایک خودمختار قوم بن کر زندگی گزارنی ہے۔