All posts by Khabrain News

لارا دتہ کا گھر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سِیل کردیا گیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) سابقہ مِس یونیورس اور بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ لارا دتہ کا ممبئی میں واقع گھر کو سِیل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بری ہان ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) نے ان کا گھر سِیل کیا۔
اطلاعات کے مطابق بی ایم سی حکام نے لارا دتہ کے گھر کو سِیل کرتے ہوئے اس علاقے کو مائیکرو کنٹینمنٹ زون ڈکلیئر کیا۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے گھر میں صرف ان میں ہی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے تاہم لارا نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کےحوالے سے خود کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا۔

انسٹاگرام پر پابندی کے بعد روس نے اپنا ’روسگرام‘ تیار کرلیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس جانب سے امریکی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر پابندی کے بعد روسی ڈویلپرز نے انسٹا گرام کی طرز پر مبنی ’روسگرام’ ایپلی کیشن تیار کرلی ہے۔
روسگرام نامی ایپلی کیشن کو سرمایہ کاروں نے 28 مارچ کے مقررہ وقت سے قبل متعارف کرادیا ہے۔ یہ کہنا مشکل نہ ہوگا کہ گروپ نے کہاں سے متاثر ہوکر یہ ایپلی کیشن تیار کی ہے۔
روسگرام کی ویب سائٹ پر دستیاب ایپ کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ پلیٹ فارم انسٹاگرام سے بہت مشابہت رکھتا ہے۔ جیسے لےآؤٹ، سِمبلز یہاں تک کے گلابی اور نارنجی لوگو تک انسٹاگرام کی طرح کا محسوس ہوتا ہے۔
روس کی مقبول میسیجنگ ایپلی کیشن ‘وی کے’ پر شیئر پوسٹ میں روسگرام کے شریک بانی کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم انسٹاگرام تک رسائی حاصل کرنے والے صافین سے براہ راست رابطوں میں مصروف ہے۔ ہم اس موقع کو کسی صورت ضائع نہیں کریں گے بلکہ روسی ساکھ کے اس پلیٹ فارم سے حریفوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔
اسپانسرز اور سرمایہ کاروں سے مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے انفلوئنسرز اور بلاگرز کیلئے یہ ایپ دستیاب ہوگی۔
روس اور یوکرین کی جنگ کو تقریباً ایک ماہ ہونے کو ہے۔ روس امریکااور دیگر مغربی ممالک پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ روس کیخلاف نفرت انگیز مہم چلا رہے ہیں۔
روسی حکام نے یوکرین سے جنگ کے معاملے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ پر روس مخالف مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر عدالت کا اپنے فیصلےمیں کہنا تھا کہ وہ استغاثہ کے اس مطالبے سے متفق ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر ملک میں پابندی عائد کردی جانی چاہیے کیوں کہ وہ شدت پسندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں ملوث ہیں البتہ میٹا کی پیغام رسانی کیلئے استعمال ہونے والی ایپ ’واٹس ایپ‘ پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی کیوں کہ وہ عوامی پلیٹ فارم نہیں۔
یاد رہے انسٹاگرام روس میں مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے جس پر روس سے تعلق رکھنے والے انفلوئنسرز اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد آمدنی کیلئے انحصار کرتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق انسٹاگرام پر 14 مارچ سے پابندی عائد ہے اور روسی بلاگرز کی جانب سے پلیٹ فارم تک رسائی نہ ملنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ایک روسی فیشن بلاگر ، جس کے انسٹاگرام پر 30 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، نے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ میں غصہ کی کیفیت میں ہوں اور یہ قبول نہیں کیا جاسکتا۔
ایک ویڈیو میں روس کے معروف ٹی وی اسٹار نے انسٹا گرام پر پابندی پر اپنے 2 کروڑ سے زائد فالوورز سے کہا کہ ایسا لگتا ہے جسے دل کا ٹکڑا الگ ہوگیا ہو اور زندگی جیسے کہیں دور چلی گئی ہے۔

جدہ میں تیل کی ترسیل کے اہم اسٹیشن پر حوثی باغیوں کا حملہ

جدہ: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک آئل ڈپو میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جبکہ یمن کے حوثی باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ آگ ان کے کیے گئے حملوں میں سے ایک کی وجہ سے بھڑکی۔
سعودی حکومت کی جانب تصدیق کی گئی ہےکہ حوثی باغیوں کے ایک حملے کے نتیجے میں آئل ڈپو میں آگ بھڑکی۔ حالیہ دنوں میں حوثی باغیوں نے اس آئل ڈپو کو پہلے بھی نشانہ بنایا ہے۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ ایسے موقع پر پیش آیا ہے جب جدہ میں تاریخ میں دوسری بار سعودی عریبین گراں پری فارمولہ ون ریس کا آغاز اتوار سے ہونے والا ہے۔
گراں پری کی کوریج کیلئے جدہ میں موجودہ اے پی کے ایک فوٹو جرنلسٹ نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجکر 40 منٹ پر فضا میں دھوئیں کے گہرے سیاہ بادل اٹھنا شروع ہوئے جو کہ 7 میل دور سے بھی دیکھے جاسکتے تھے۔
حوثی باغیوں کے زیر انتظام چلائے جانے والے سیٹلائٹ ٹی وی چینل پر یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ باغیوں نے جدہ میں آرامکو کی تیل تنصبیب کو نشانہ بنایا۔ اس کے علاوہ ریاض اور دیگر شہروں پر بھی حملے کیے گئے ہیں جن کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
اس معاملے پر سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی نے الظہران میں پانی کے ٹینکس پر حملے کی تصدیق کی جس کے نتیجے میں کچھ گاڑیوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ یمنی سرحد کے قریب سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے میں بھی الیکٹرکل سب اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا۔
سعودی گزٹ نے آرامکو کے جدہ ڈسٹریبیوشن اسٹیشن پر حوثی باغیوں کے حملے کی تصدیق کی ہے تاہم اس کا کہنا ہے کہ حملے سے جدہ میں معمول کی سرگرمیوں پر کوئی اثر نہیں پڑا۔
خیال رہے کہ جدہ کے جس آئل ڈپو پر آگ بھڑکی اس کا نام نارتھ جدہ بلک پلانٹ ہے اور یہاں ڈیزل، پیٹرول اور طیاروں کا ایندھن ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ یہاں سے سعودی عرب کی تیل کی کل سپلائی کا ایک چوتھائی حصہ اسی ڈپو سے فراہم کیا جاتا ہے۔
اس سے قبل بھی حوثی باغی دو بار اس ڈپو پر کروز میزائل سے حملے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔ پہلا حملہ نومبر 2020 جبکہ دوسرا گزشتہ اتوار کو کیا گیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان کو ایک اور نوٹس جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مانسہرہ میں جلسہ کرنے پروزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کو 28 مارچ کو ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر مانسہرہ کے دفتر میں وضاحت کیلئے طلب کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوامحمود خان، اسپیکرصوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی، گورنرسندھ عمران اسماعیل، وزیرریلوےاعظم سواتی، سینیٹرفیصل جاوید سمیت دیگر کو بھی نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے تمام رہنماؤں کو 28 مارچ کو وضاحت کیلئے طلب کیا ہے۔

وفاق نے ہمارے زیادہ تر مطالبات پر عملدرآمد کیا ہے، خالد مقبول صدیقی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ وفاق نے ہمارے زیادہ تر مطالبات پر عملدرآمد کیا ہے، حکومت میں شامل ہونے کیلئے شرط ہوتی ہے مطالبات نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو اپنے مطالبات کی یادداشت پیش کردی ہے، ہمارا سندھ حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا، پیپلزپارٹی نے ہمارے مطالبات پڑھے اور انہوں نے کہا ہمارے مطالبات جائز ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیں کوئی حکومت کی پیش کش نہیں کی اور نہ ہم نے قبول کی، جمہوریت کیلئے اپوزیشن اور حکومت دونوں ہی ضروری ہیں، ہم ابھی حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دباؤ لے رہے ہوتے تو اب تک زیادہ ساتھی گھر پر ہوتے، کبھی ایسا کوئی دباؤ نہیں آیا جس سے ہمیں لگا کہ نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے مطالبات پہنچا دیئے ہیں، ہم نے کہا 3 لاکھ نوکریاں چوری کی گئیں، گزشتہ 15 سالوں سے ہمیں دیوار سے لگایا گیا ہے۔
مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمارے بہت سے مسائل کو سنا اور سمجھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ بیٹھے ہیں،سندھ کے امن سے زیادہ فائدہ پیپلز پارٹی کو ہوگا۔

پولیس چھاپے پرپورے خاندان نے بالکونی سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی

مونٹریو: (ویب ڈیسک) سوئٹزرلینڈ میں ایک خاندان کے 5 افراد نے ساتویں منزل سے چھلانگ لگا کر اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوئٹرزلینڈ کے ایک اپارٹمنٹ کے دروازے پر پولیس آفیسرز نے پوچھ گچھ کے لیے دستک دی تاہم اہل خانہ نے آفیسرز کو اندر بلانے کے بجائے خودکشی کرلی۔
دروازے پر کھڑے پولیس آفیسرز کافی دیر انتظار کے بعد نیچے اترے تو ہجوم نے 5 لاشوں کو گھیرا ہوا تھا۔ ان پانچوں نے گھر کی بالکونی سے چھلانگ کر خودکشی کی تھی۔
پولیس اہل خانہ سے ان کے ایک کے بچے کے بارے میں پوچھ گچھ کرنے آئے تھے جس کے بارے میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ گھر پر ہی تعلیم حاصل کررہا ہے۔
خودکشی کرنے والوں میں 40 سالہ شوہر، 41 سالہ اہلیہ اور ان کی جڑواں بہن جب کہ 8 اور 15 سالہ بچے شامل ہیں۔ 4 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ 15 سالہ بچے نے اسپتال میں دم توڑا۔
ہلاک ہونے والی خاتون ڈینٹسٹ جب کہ ان کی جڑواں بہن ماہر چشم تھیں۔

بی جے پی کے یوگی آدیتہ ناتھ دوسری بار بھی یوپی کے وزیراعلیٰ بن گئے

لکھنؤ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ایک بار پھر وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اترپردیش میں تاریخ رقم کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے یوگی آدتیہ ناتھ آئندہ معیاد کے لیے بھی وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔ تقریب حلف برداری لکھنؤ کے اٹل بہاری واجپائی اکانا اسٹیڈیم میں ہوئی جس میں تقریباً 70 ہزار افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، بی جے پی کے قومی صدر جے پرکاش نڈا سمیت کئی مرکزی وزرا اور کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ بھی موجود تھے۔
ہزاروں لوگوں کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ آدیتہ ناتھ جوگی اور وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک نے عہدوں کا حلف اُٹھایا۔ اس بار نائب وزیراعلیٰ کے لیے دنیش شرما کی جگہ برجیش پاٹھک کو موقع دیا گیا ہے۔
یوگی ناتھ نے اپنی 52 رکنی کابینہ کا بھی اعلان کردیا ہے جس میں تمام اقلیتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ایک مسلم رکن کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
اس بار بی جے پی کو اترپردیش میں وزارت اعلیٰ کے لیے اتحادی جماعت سے ہاتھ ملانا پڑا ہے۔

عدم اعتماد ووٹنگ سے قبل پی ٹی آئی نے پی پی کی بڑی وکٹ گرا دی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان پیپلز پارٹی کی بڑی وکٹ گرا دی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابقہ سینئر مشیر، سینیٹر اور قانون دان افتخار احمد نے وزیراعظم عمران خان کے ایک ادنا سپاہی کی حیثیت سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان مضبوط حکمران ہے اور میری شمولیت سے اس کی قوت میں کوئی خاطر خواہ فرق نہیں پڑنا لیکن میں اپنے اس عمل سے اپنے ان کثیر تعداد میں دنیا کے طول وارض میں موجود تعلیم یافتہ اور ذی شعور دوستوں میں احساس پیدا کرنا چاہتا ہوں کہ جب ہمارے ملک پر کرپٹ مافیا اور عوام کا خون چوسنے والی جونکیں حملہ آور ہو تو ایک نکڑ پر کھڑے تماشائی بن کر نہیں رکھنا چاہیے۔
دوسری طرف وزیر مملکت فرخ حبیب نے بیرسٹر افتخار احمد کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی دیانت اور اصول پسندی دنیا بھر میں مثال بن چکی ہے۔ باشعور طبقہ وزیر اعظم عمران خان کے پیغام پر لبیک کہہ رہا ہے، 27 مارچ کا جلسہ قومی فساد کی سیاست کے خلاف فیصلہ دے گا۔

شاہ محمود کا چودھری پرویز الٰہی کیساتھ ٹیلیفونک رابطہ، ملاقات طے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے ساتھ ملاقات کے بعد وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مسلم لیگ ق کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں ووٹنگ سے قبل حکومت کے اپنے اتحادیوں کے ساتھ رابطے تیز ہو گئے ہیں، ایم کیو ایم کے بعد وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چودھری پرویز الٰہی کو ٹیلیفون کیا ہے ، جبکہ چودھری برادران کے ساتھ ملاقات کا وقت طے پا گیا ہے۔
شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک کے ہمراہ ہفتہ کی دوپہر 2 بجے لاہور میں پرویز الٰہی کی رہائش گاہ پر ملاقات کریں گے۔
ملاقات کے دوران وزیر خارجہ، وزیر اعظم عمران خان کا اہم پیغام چودھری برادران تک پہنچائیں گے۔

آج پھر عمران نیازی نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں: احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں سات سالہ حساب مانگا جا رہا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا پیسہ کھا گئے ہو، اس سب فراڈ کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں، اگر آپ نے گھپلے نہیں کیے تو جواب دو۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پھر عمران نیازی نے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑائیں، یہ پاکستان کو وہ وزیراعظم ہے جو قانون کا درس دیتا ہے، خود قانون شکنی کرتا ہے، وہ ملک کے لوگوں کو کس طرح درس دے سکتا ہے، جو خود اداروں کی تذلیل کر رہا ہے، یہ فاشسٹ حکمران کے طور پر قومی اداروں کو مرضی کے مطابق چلا رہا ہے۔ 7 مہینے تک عمران خان اور بزدار نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو رد کیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں عالمی ریکارڈ بنایا، اسی طرح الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق اور نوٹس کی خلاف ورزی کر رہا ہے، یہ خود کو ولی اللہ سمجھ رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں سات سالہ حساب مانگا جا رہا ہے، بیرون ملک پاکستانیوں کا پیسہ کھا گئے ہو، اس سب فراڈ کا ان کے پاس کوئی جواب نہیں، اگر آپ نے گھپلے نہیں کیے تو جواب دو۔ آپ نہ صادق وامین ہو، جھوٹے اور فراڈ کے مرتکب ہو، امر بالمعروف کا مطلب یہ نہیں ملک کو کرپشن کی علامت بنا دو، امر بالمعروف یہ نہیں کہتا، کھانے کی اشیاء کو آگ لگا دو، غریب آدمی کی پہنچ سے آج تمام چیزیں دور ہیں۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوان آپ کی طرح نالائق نہیں ہیں، تحریک عدم اعتماد اس لیے ہے، آپ نے بہترین ماہرین لانے کا دعویٰ کیا، عوام کو نوکریوں اور مہنگائی کم کرنے کے دعویٰ کیے، پہلے نوکریوں اور پچاس لاکھ گھروں کا حساب دیں۔