تازہ تر ین

انسٹاگرام پر پابندی کے بعد روس نے اپنا ’روسگرام‘ تیار کرلیا

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس جانب سے امریکی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر پابندی کے بعد روسی ڈویلپرز نے انسٹا گرام کی طرز پر مبنی ’روسگرام’ ایپلی کیشن تیار کرلی ہے۔
روسگرام نامی ایپلی کیشن کو سرمایہ کاروں نے 28 مارچ کے مقررہ وقت سے قبل متعارف کرادیا ہے۔ یہ کہنا مشکل نہ ہوگا کہ گروپ نے کہاں سے متاثر ہوکر یہ ایپلی کیشن تیار کی ہے۔
روسگرام کی ویب سائٹ پر دستیاب ایپ کی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ پلیٹ فارم انسٹاگرام سے بہت مشابہت رکھتا ہے۔ جیسے لےآؤٹ، سِمبلز یہاں تک کے گلابی اور نارنجی لوگو تک انسٹاگرام کی طرح کا محسوس ہوتا ہے۔
روس کی مقبول میسیجنگ ایپلی کیشن ‘وی کے’ پر شیئر پوسٹ میں روسگرام کے شریک بانی کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم انسٹاگرام تک رسائی حاصل کرنے والے صافین سے براہ راست رابطوں میں مصروف ہے۔ ہم اس موقع کو کسی صورت ضائع نہیں کریں گے بلکہ روسی ساکھ کے اس پلیٹ فارم سے حریفوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔
اسپانسرز اور سرمایہ کاروں سے مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے انفلوئنسرز اور بلاگرز کیلئے یہ ایپ دستیاب ہوگی۔
روس اور یوکرین کی جنگ کو تقریباً ایک ماہ ہونے کو ہے۔ روس امریکااور دیگر مغربی ممالک پر الزام عائد کرتا ہے کہ وہ روس کیخلاف نفرت انگیز مہم چلا رہے ہیں۔
روسی حکام نے یوکرین سے جنگ کے معاملے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ پر روس مخالف مہم چلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر عدالت کا اپنے فیصلےمیں کہنا تھا کہ وہ استغاثہ کے اس مطالبے سے متفق ہے کہ فیس بک اور انسٹاگرام پر ملک میں پابندی عائد کردی جانی چاہیے کیوں کہ وہ شدت پسندانہ سرگرمیوں کے فروغ میں ملوث ہیں البتہ میٹا کی پیغام رسانی کیلئے استعمال ہونے والی ایپ ’واٹس ایپ‘ پر پابندی عائد نہیں کی جائے گی کیوں کہ وہ عوامی پلیٹ فارم نہیں۔
یاد رہے انسٹاگرام روس میں مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے جس پر روس سے تعلق رکھنے والے انفلوئنسرز اور کاروباری افراد کی بڑی تعداد آمدنی کیلئے انحصار کرتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق انسٹاگرام پر 14 مارچ سے پابندی عائد ہے اور روسی بلاگرز کی جانب سے پلیٹ فارم تک رسائی نہ ملنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا جارہا ہے۔
ایک روسی فیشن بلاگر ، جس کے انسٹاگرام پر 30 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں، نے ناراضی ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ میں غصہ کی کیفیت میں ہوں اور یہ قبول نہیں کیا جاسکتا۔
ایک ویڈیو میں روس کے معروف ٹی وی اسٹار نے انسٹا گرام پر پابندی پر اپنے 2 کروڑ سے زائد فالوورز سے کہا کہ ایسا لگتا ہے جسے دل کا ٹکڑا الگ ہوگیا ہو اور زندگی جیسے کہیں دور چلی گئی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain