All posts by Khabrain News

ایوان صدر میں تقریب، نمایاں خدمات انجام دینے والوں کیلئے عسکری اعزازات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایوان صدر میں عسکری اعزازات دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر مملکت عارف علوی مہمان خصوصی تھے، وزیر اطلاعات فواد چودھری بھی شریک ہوئے جبکہ نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
ایوان صدرمیں عسکری اعزازات دینے کی تقریب میں صدر پاکستان نے پاک فضائیہ کے افسران کو نان آپریشنل فوجی اعزازات سے نوازا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق قابلِ فخر خدمات سر انجام دینے پر ایئر وائس مارشل محمد ندیم صابر، ایئر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ اور ایئر وائس مارشل شمس الحق کو ہلال امتیاز (ملٹری) جبکہ ایئر مارشل ذوالفقار احمد قریشی، ایئر مارشل عرفان احمد کے لیے ہلال امتیازعسکری کا اعزاز عطا کیا گیا۔
پاک فضائیہ کے 21 افسران کو ستارۂ امتیاز(ملٹری)، 18 افسران کو تمغہ امتیاز (ملٹری) اور 13 افسران کو امتیازی اسناد سے نوازا گیا۔
ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں حوالدار شعیب علی شہید اور لانس حوالدار رحمان الحق شہید، لانس نائیک سید محمد عباس شہید، سپاہی محمد ساجد شہید، سپاہی اسد خان شہید کے لیے بعداز شہادت ستارہ بسالت کا اعزاز عطا کیا گیا۔
تقریب میں میجر جنرل حفیظ الدین، میجر جنرل محمد سلمان اشرف، میجر جنرل سلمان سلیم، ایئر مارشل محمد مغیث افضل، میجر جنرل قدرت اللہ ملک، میجرجنرل عامر اکرام کو ہلال امتیازعسکری کے اعزاز سے نوازا گیا۔

بچوں کی حوالگی کا کیس، برطانوی عدالت نے دبئی حکمران کیخلاف فیصلہ سنا دیا

لندن: (ویب ڈیسک) برطانوی ہائی کورٹ نے شیخ محمد بن راشد المختوم کے بچوں کو اُن کی سابق اہلیہ کے حوالے کردیا۔
قطر کے سرکاری خبررساں ادارے الجزیرہ کے مطابق لندن ہائی کورٹ میں اپنے بچوں کی سرپرستی کیلئے لڑرہے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم کیس ہار گئے ہیں۔ انگلینڈ اور ویلز میں فیملی ڈویژن کے صدر اینڈریو میک فارلین نے شیخ محمد کے خلاف اپنے حتمی فیصلے میں ان کے بچوں کو اُن کی سابق اہلیہ حیا جو کہ اردن کے شاہ عبداللہ کی سوتیلی بہن بھی ہیں، کے حوالے کردینے کا فیصلہ سنایا ہے۔
جج نے کہا کہ حیا کو ہی دو بچوں، 14 سالہ جلیلہ اور 10 سالہ زید کی تعلیم اور صحت سے متعلق تمام معاملات طے کرنے چاہئیں تاہم شیخ محمد کو ان معاملات سے باخبر رکھا جائے۔
عدالت نے اس سے قبل کہا تھا کہ شیخ محمد سے حیا کی جان کو خطرہ پیدا ہوا، شیخ محمد نے دوسری شادی کرکے سابق اہلیہ سے ہوئی دو بیٹیوں کو اغوا کیا اور ان کے ساتھ بدسلوکی جبکہ حیا اور ان کے وکلا کے فونز اسرائیلی سیکیورٹی سافٹ ویئر ’پیگاسس‘کے ذریعے ہیک کرنے کا بھی حکم دیا۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ شیخ محمد کو بچوں کی طویل مدتی دیکھ بھال کے ثبوت کے طور پر 554 ملین پاؤنڈز (730 ملین ڈالرز) کا ریکارڈ فراہم کرنا ہوگا۔
اینڈریو میک فارلین کا کہنا تھا کہ شیخ محمد اپنی مرضی کیخلاف جانے والے افراد چاہے وہ اہلخانہ ہی کیوں نہ ہوں، ان کے ساتھ جبر اور اُن پر کنٹرول رکھنے والے رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

ڈالر کا توڑ، پیوٹن کا گیس کی فروخت روسی روبل میں کرنے کا اعلان

ماسکو: (ویب ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے گیس کی فروخت ڈالر کے بجائے روسی روبل میں کرنے کا اعلان کرکے یورپ کو شدید مشکل میں مبتلا کردیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی صدر نے اعلان کیا کہ جو ممالک روس کے دوست نہیں ان کو گیس روبل کے عوض ہی فروخت کی جائے گی، جن کو روس کی گیس چاہیے وہ روسی کرنسی بھی خرید لیں۔
پیوٹن کے فیصلے کے بعد یورپ میں گیس کی قیمت بڑھ گئی، برطانیہ اور نیدر لینڈ میں گیس کی قمیت میں 30 فیصد تک اضافہ ہوا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یورپ روزانہ 800 ملین ڈالر کی گیس روس سے خریدتا ہے۔

او آئی سی میں کشمیر سے متعلق چینی وزیر خارجہ کا بیان نامناسب ہے، بھارت

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی کانفرنس میں شرکت کی اور کہا تھا کہ ’چین کو وہی امید ہے جو او آئی سی کو کشمیر پر ہے، جو ایک مسلم اکثریتی خطہ ہے جس پر دونوں نئی دہلی اور اسلام آباد جزوی حصوں پر حکومت کرتے ہیں لیکن اس پر مکمل دعویٰ بھی کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ چین کے وزیر خارجہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کا دورہ متوقع ہے لیکن اس حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی جانب سے بھارت کے حوالے سے نامناسب حوالے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی علاقے جموں و کشمیر سے متعلق معاملات مکمل طور پر بھارت کے داخلی معاملات ہیں، چین سمیت دیگر ممالک کے پاس تبصرہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، انہیں یاد رکھنا چاہئے کہ بھارت اپنے داخلی مسائل کے بارے میں عوامی فیصلے سے گریز کرتا ہے۔

انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، وزیراعظم پر تیسری بار 50 ہزار روپے جرمانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے درگئی میں جلسے سے خطاب کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو 50 ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔
لیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم کو جرمانہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیا گیا، عمران خان کو وضاحت کیلئے 22 مارچ کو طلب بھی کیا گیا تھا لیکن وزیر اعظم ڈی ایم او آفس میں ذاتی حیثیت یا وکیل ذریعے پیش نہ ہوئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کو آج دوبارہ وضاحت کیلئے بلایا گیا تھا لیکن وہ پیش نہ ہوئے۔
الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
اس کے علاوہ مراد سعید، علی زیدی کو بھی50، 50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم اور وزرا کو جرمانے کی رقم 27 مارچ تک جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن وزیر اعظم اور ان کے وزرا کو پہلے بھی 2 مرتبہ جرمانہ کر چکا ہے۔
خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ 31 مارچ کو ہونی ہے جس کی انتخابی مہم وزیراعظم عمران خان خود چلا رہے ہیں۔

وکی لیکس کے بانی جولین اسانج کی جیل میں شادی، تصاویر وائرل

لندن: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں تہلکہ مچانے والے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے اپنی گرل فرینڈ اسٹیلا مورس سے جیل میں شادی کرلی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق جولین اسانج اور اسٹیلا مورس کی شادی کے لیے سخت سکیورٹی والے جیل میں مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جیل کے دو حکام اور دو محافظوں نے شرکت کی۔اسٹیلا مورس نے جیل کے باہر شادی کا کیک کاٹا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں بیک وقت بہت خوش ہوں اور اداس بھی، میں جولین سے سچے دن سے محبت کرتی ہوں، کاش وہ اس وقت گفتگو کے دوران میں ساتھ کھڑے ہوتے۔جولین اسانج اور اسٹیلا مورس کے دو بچے ہیں، ان کا تعلق 2015 سے قائم ہے۔ جیل میں شادی کے موقع پر مورس نے عروسی لباس زیب تب کیا تھا جس پر کڑھائی کی مدد سے ”بہادر“، ”انتھک“ اور ”آزادانہ محبت“ جیسے الفاظ لکھا گئے تھے۔وکی لیکس کے بانی جولین اسانج ایک دہائی سے امریکی خفیہ فوجی ریکارڈ اور سفارتی راز کو منظر عام پر لانے کے جرم میں سزا کاٹ رہے ہیں۔50 سالہ جولین اسانج 2019 سے جنوبی مشرقی لندن کی جیل میں ہیں۔ اس سے قبل مجرم کو ایکواڈور کے سفارت خانے میں سات سال تک قید میں رکھا گیا تھا۔امریکا نے 2010 اور 2011 میں قومی راز افشا کرنے کے جرم میں جولین اسانج کی حوالگی کے لیے برطانیہ سے درخواست کر رکھی ہے۔برطانوی میرج ایکٹ 1983 کے تحت جیل کے قیدی یہ حق رکھتے ہیں کہ وہ جیل میں شادی کرنے کی درخواست دے سکتے ہیں لیکن درخواست گزار کے لیے ضروری ہے کہ وہ شادی کے تمام اخراجات اٹھانے کی اہلیت رکھتا ہو۔

‎73ویں پنجاب گیمز میں عوام کا جوش و خروش عمران خان کی سپورٹس پالیسی کا عکاس ہے: چوھدری زبیر خالد

لاہور: (ویب ڈیسک) چوھدری زبیر خالد صوبائی فوکل پرسن معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب نے کہا ھے کہ پنجاب گیمز پنجاب کا ایک میگا سپورٹس ایونٹ ھو گا جس میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز میں 30000سے زائد شرکت کریں گے اور 9 ڈویژن کی ٹیموں سمیت 4500 اتھلیٹس کے درمیان 27 مین اور 7 ویمن کی گیمز میں پنجہ آزمائی ھو گی اس میگا ایونٹ کی وجہ سے پاکستان کا نام اور امیج مزید دنیا میں بہتر ھو گا ۔
سپورٹس کے زریعے دنیا میں ہم پر جو انتہا پسندی کا جھوٹا لیبل لگا ھوا ھے اس کی نفی ھو گی یہی عمران کا ویژن اور سپورٹس پالیسی ھے۔

ایف ون ڈرائیور سباسچئن ویٹل کا سفر کورونا کے باعث رکاوٹ کا شکار

ریاض: (ویب ڈیسک) 4 مرتبہ کے عالمی چیمپئن ایف ون ڈرائیور سباسچئن ویٹل کا سفر کورونا خطرات کے باعث رکاوٹ کا شکار ہو گیا، سعودی عرب میں شیڈول کار ریس میں حصہ لینے کے امکان کم ہو گئے۔
موذی وائرس کے وار کھیلوں اور کھلاڑیوں پر جاری ہیں، فارمولا ون کے جرمن ڈرائیور سباسچئن ویٹل سعودی عرب میں ہونے والے کار ریس میں ممکنہ طور پر حصہ نہیں لیں گے۔
4 بار کے چیمپئن ڈرائیور گذشتہ ہفتے بحرین میں بھی شیڈول ریسنگ ایونٹ میں نمائندگی سے محروم رہے تھے، 25 مارچ سے جدہ میں شروع ہونے والی ریس میں سباسچئن ویٹل اِن ایکشن ہو سکیں گے یا نہیں، حتمی فیصلہ بعد میں ہو گا۔

پی سی بی کا ورلڈکپ 1992کی سالگرہ جوش و خروش سے منانےکا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈکپ 1992 کی سالگرہ جوش و خروش سے منانےکا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کا کہنا ہےکہ 25 مارچ کی مناسبت سے ورلڈکپ 1992 کی ٹرافی کل قذافی اسٹیڈیم میں رکھی جائےگی، انکلوژرز میں بیٹھے شائقین کرکٹ ٹرافی کے ساتھ سیلفیاں اور تصاویر بنواسکیں گے۔
ورلڈکپ 1992 کی ٹرافی کل پاکستان اور آسٹریلیا کے ڈریسنگ روم میں بھی جائےگی، ورلڈکپ 1992 کے فائنل کی تصویری جھلکیوں پر مشتمل سلائیڈ شو بھی جاری کی جائیں گی۔

یوٹرن جھوٹ کا دوسرا نام، نا اہل حکمرانوں کو گھر بھجوا دیں گے: پی ڈی ایم رہنما

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ یوٹرن جھوٹ کا دوسرا نام، ریاست مدینہ کی باتیں کرنے والوں کے قول و فعل میں تضاد ہے، اسلام آباد پہنچ کر نا اہل حکمرانوں کو گھر بھجوا دیں گے۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے رہنما حافظ حمد اللہ نے طارق فضل چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مارچ مہنگائی،غیرجمہوری حکومت کے خلاف ہوگا، چار ماہ پہلے 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کا اعلان ہوچکا تھا، او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے 23 مارچ کو مہنگائی مارچ نہ ہوسکا، کانفرنس ہو چکی ہے، 26 مارچ سے مہنگائی مارچ میں قافلے روانہ ہوں گے۔
انہوں نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم معیشت کے بھی دشمن ہو، سی پیک ایک میگا منصوبہ تھا، کشمیر کو نریندر مودی کے ہاتھوں بیچ دیا گیا، عوام کو دھوکہ دے رہا ہے کہ امریکا کے خلاف ہوں، تم نے ٹرمپ کے کہنے پر کشمیر مودی کے حوالے کیا، وزیراعظم نے کہا مقابلہ حق اور باطل کا ہے،عمران خان نے خود کہا لیڈر یوٹرن لیتا ہے، یوٹرن لینے کا مقصد جھوٹ بولنا ہے، وعدہ خلافی، دھوکہ، جھوٹ بولنا، گالی دینا منافق کی نشانی ہے، ریاست مدینہ اور یہ اکٹھے ساتھ نہیں چل سکتے۔
پی ڈی ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ 28 مارچ کو تمام قافلے سری نگر ہائی وے پر جمع ہوں گے،اس دن پی ڈی ایم لیڈر شپ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے قافلے شام 6 بجے ہکلہ انٹرچینج پہنچیں گے، 27 مارچ کو بھی جی نائن سری نگر میں جلسہ ہوگا۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا کہ عمران خان اسپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں، اچھے کھلاڑی کی بنیادی صفت اسپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ ہوتا ہے، مخالفین کو گالیاں دینے کا مقصد آپ میچ ہار چکے ہیں، کھیل کے میدان کی طرح مقابلہ کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتظامات کی تیاری مکمل ہوچکی ہے، 28 مارچ جلسے کے حوالے سے انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، 28 مارچ سری نگر ہائی وے پر تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، کس کا جلسہ بڑا ہوگا یہ سب کو پتا چل جائے گا۔