All posts by Khabrain News

فلم ’’کشمیر فائلز‘‘ پر منفی تبصرہ کرنے پر بھارتی شہری کیساتھ ذلت آمیز سلوک

راجستھان: (ویب ڈیسک) مسلم مخالف فلم ’’دی کشمیر فائلز‘‘ پر منفی تبصرہ کرنے پر بھارتی شہری کے ساتھ نہایت ذلت آمیز سلوک کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے علاقے بہرور میں راجیش کمار میگھوال نامی شخص کو فلم ’’دی کشمیر فائلز‘‘ پر سوشل میڈیا پر منفی تبصرہ کرنے پر مبینہ طور پر مندر کے اندر نا صرف ناک رگڑنے کو کہا گیا بلکہ معافی مانگنے کے لیے بھی کہا گیا۔
یہ واقعہ گزشتہ روز 23 مارچ کو بہرور پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ متاثرہ شخص راجیش کمار کی مندر کے اندر ناک رگڑنے کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھیم آرمی کے کارکنان نے واقعہ کے خلاف پولیس میں ایک میمورنڈم جمع کروایا ہے جس میں ملزمان کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری طرف پولیس سپرٹنڈنٹ شانتنو کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے لہذا میں یہاں آیا اور مقامی لوگوں سے بات کی۔ سرکل آفیسر نے کچھ لوگوں کو پکڑا ہے جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ شانتنو کمار نے مزید کہا کہ ایک جمہوری ملک میں اس طرح کا طرز عمل برداشت نہیں کیا جائے گا، ہر کسی کو سوشل میڈیا پر اپنی بات کہنے کا حق ہے۔
واضح رہے کہ مسلم مخالف فلم ’’دی کشمیر فائلز‘‘ 90 کی دہائی میں کشمیروادی سے ہندو پنڈتوں کے اخراج پر مبنی فلم ہے۔ فلم پر تاریخ کو مسخ کرنے اور مسلمانوں کو دہشتگرد دکھائے جانے کا الزام ہے۔ کچھ روز قبل بھی بھارتی ریاست تلنگانہ میں فلم کی نمائش کے دوران دو افراد کی جانب سے تھیٹر میں ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے جانے کا واقعہ سامنے آیا تھا۔

سلمان خان بھی انسان ہیں انہیں غصہ آسکتا ہے، راکھی سلمان کے دفاع میں بول پڑیں

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو عدالتی ثمن جاری ہونے کے بعد راکھی ساونت سلو میاں کے دفاع میں میدان میں آگئیں اور کہا کہ سلمان خان بھی انسان ہیں انہیں بھی غصہ آسکتا ہے۔
گزشتہ روز سلمان خان کو صحافی کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر ممبئی کی مجسٹریٹ کورٹ کی جانب سے ثمن جاری ہوئے اور انہیں 5 اپریل کوعدالت طلب کیا گیا۔ سلمان خان پر انڈین پینل کوڈ کے سیکشن 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اداکارہ راکھی ساونت نے حال ہی میں سلمان خان کو عدالتی ثمن جاری ہونے پر اداکار کے حق میں بیان دیا ہے کہ سلمان خان بھی انسان ہیں اور کبھی کبھار انہیں غصہ بھی آجاتا ہے۔ میرے خیال میں ان کے پاس سب کچھ ہے لیکن ایک وقت میں انہوں نے نقصان بھی اٹھایا۔
راکھی نے کہا اگر آپ سلمان خان کی دکھتی رگ دبائیں گے تو انہیں غصہ آئے گا وہ انسان ہیں۔ اگر کوئی ان سے غلط سوال پوچھے گا تو وہ ناراض ہوسکتے ہیں اور غصے میں کچھ کہہ سکتے ہیں۔ لیکن مجھے نہیں لگتا کہ کسی کو ان کے خلاف مقدمہ دائر کرنا چاہئے۔
راکھی ساونت نے مزید کہا دیکھیں کوئی بھی میڈیا برا نہیں ہوتا لیکن جب آپ ایک بڑے اسٹار بن جاتے ہیں تو کچھ سوالات آپ کو دکھ پہنچاتے ہیں۔ سلمان خان کی فلمیں سپر ہٹ ہیں، ان کے کروڑوں مداح ہیں لیکن کہیں نہ کہیں انہیں زندگی کی خوشیاں تو نہیں ملیں۔
واضح رہے صحافی اشوک پانڈے کی جانب سے سلمان خان کے خلاف دائر مقدمے میں کہا گیا ہے کہ 24 اپریل 2019 کو سلمان خان ممبئی کی سڑک پر سائیکل چلارہے تھے اور ان کے ساتھ ان کے دو باڈی گارڈز بھی تھے جب صحافی نے ان کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔
صحافی نے سلمان خان پر اس کا فون چھیننے کا الزام لگایا اور یہ دعویٰ کیا کہ اس نے سلمان خان کے باڈی گارڈ سے اجازت لے کر ہی ان کی تصویریں کھینچیں تھیں۔ اشوک پانڈے نے یہ بھی الزام لگایا کہ سلمان خان کے باڈی گارڈ نے اس کے ساتھ بدتمیزی کی اور سلمان خان اور ان کے باڈی گارڈز نے مل کر ان کا موبائل فون چھین لیا۔

’زیلنسکی کی طرح اسٹرونگ‘ یوکرینی صدرکے نام پر چائے آگئی

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) روسی حملے کا ڈٹ کردفاع کرنے والے یوکرینی صدرولادیمیرزیلنسکی نےلوگوں کواتنا متاثرکیا کہ ایک کمپنی نے چائےکی پتی کا نام بھی ان کے نام پررکھ دیا۔
روس کے حملے کیخلاف اپنے ملک کا دفاع کرنے والے یوکرین کے صدرولادیمیرزیلنسکی کی دنیا میں مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ چائے کی ایک کمپنی نے اپنی پتی کا نام ان کے نام پررکھ دیا۔
بھارتی ریاست آسام کی چائے کی کمپنی کا کہنا ہے کہ یوکرینی صدرکی جرات اورمضبوطی سے متاثرہوکراپنی نئی چائے کی پتی کا نام ’زیلنسکی چائے‘ رکھا ہے اورکیونکہ چائے کڑک ہے توہم نے اس کا سلوگن ’زیلنسکی کی طرح اسٹرونگ‘ رکھا ہے۔

مور 11 مختلف آوازیں نکالنے اور سانپ مارنے میں ماہر

لاہور: (ویب ڈیسک) مور کا شمار انتہائی خوبصورت پرندوں میں کیا جاتا ہے، یہ 11 مختلف آوازیں نکالتا اور سانپ کو مارنے میں خاص مہارت رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مور کی آواز کو دوسرے پرندوں کی طرح سریلی آوازوں میں شامل نہیں کیا جاتا بلکہ اس کی آواز کو ناخوشگوار اور چیخنے والی آوازیں کہا جاتا ہے جبکہ اسے اکثر اونچی آواز والی مخلوق بھی سمجھا جاتا ہے۔
پیدائش کے وقت مور کی دم نہیں ہوتی جس کی وجہ سے نر اور مادہ مور ایک جیسے دکھائی دیتے ہیں، جب مور 3 ماہ کے ہو جاتے ہیں تو ان کے جسم پر خوبصورت پر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ سانپ کو مور اپنا دشمن مانتا ہے، یہ حیرت انگیز انداز میں سانپ کو قابو کر کے نہ صرف مار ڈالتا ہے بلکہ کھا بھی جاتا ہے۔

نظامِ شمسی سے باہر دریافت شدہ سیاروں کی تعداد 5000 سے زیادہ ہوگئی

پیساڈینا، کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ہماری وسیع و عریض کائنات میں ان گنت کہکشائیں، اربوں سورج اور دیگر حیرت انگیز اجسام موجود ہیں۔ نظامِ شمسی سے باہر ایسے کئی سیارے بھی موجود ہیں جنہیں ایگزوپلانیٹ کہا جاتا ہے اور اب ان کی گنتی 5000 تک جاپہنچی ہے۔
لیکن اب بھی کروڑوں اربوں ایسے سیارے موجود ہیں جو شاید ہماری زمین جیسے بھی ہوسکتے ہیں اور ان کی دریافت اور شناخت کا کام ابھی باقی ہے۔
اس ہفتے ماہرینِ فلکیات نے اعلان کیا ہے کہ کچھ عرصہ قبل کیپلر خلائی دوربین سے دیکھے گئے 65 اجسام کو سیاروں کا درجہ دیا گیا ہے جس کے بعد ان کی تعداد 5005 تک پہنچ چکی ہے جو ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان میں پانچ سیاروں کا ایک مجموعہ بھی ہے جو کے ٹو 384 نامی سرخ بونے ستارے کے گرد گھوم رہے ہیں۔
ماہرین نے بعض سیاروں کو سپر ارتھ اور منی نیپچون کا نام بھی دیا ہے اسی طرح نظامِ شمسی کے مشتری جیسے دیوہیکل سیارے بھی ملے ہیں۔ لیکن اس کیٹلاگ میں 30 فیصد مشتری اور زحل جیسے بڑے سیارے ہیں، کچھ برفیلے نیبچون اور یورینس کی طرح ہیں اور کچھ ٹھوس پتھریلے سیارے ہیں جنہیں سپر ارتھ کا نام دیا گیا ہے۔ ہماری زمین اور مریخ جیسے سیارے بہت کم ملے ہیں۔
1992 میں پہلا سیارہ دریافت ہوا تھا۔ پھر 2009 میں کیپلر دوربین سے سیاروں کی تعداد تیزی سے بڑھی اور اس نے کل 60 فیصد سے زائد سیارے ڈھونڈنے میں ہماری مدد کی۔ اس کے بعد ٹی ای ایس ایس دوربین نے سیاروں کی شناخت و دریافت کو گویا پر لگادیئے۔
لیکن ناسا میں ایگزوپلانیٹ کا شمار رکھنے والی ماہر جیسی کرسچیان سن کہتی ہیں کہ 5000 میں سے 4900 ہماری زمین سے چند ہزار نوری میل کے فاصلے پرموجود ہیں۔ ’ اگر ہم اطراف میں ہی اس چھوٹے سے رقبے کی بات کریں تو اندازہ ہے کہ وہاں 100 سے 200 ارب مزید سیارے مل جائیں گے اور وہ ہمارا ہوش اڑانے کے لیے کافی ہیں،‘ جیسی نے کہا۔
ماہرین پرامید ہیں کہ نینسی گریس رومن اسپیس ٹیلی اسکوپ اس کام میں مزید مدد کریں گے اور جیمز ویب خلائی دوربین سے بھی دوردراز کائناتی گوشوں میں مزید نئے سیارے مل سکیں گے۔

روپے کے مقابلے امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہ دیکھی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 181 روپے 73 پیسے ہی ریکارڈ کی گئی۔

جے یو آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت مل گئی

وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے جمعیت علماء اسلام  کو  جلسے کی اجازت دے دی۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے جے یو آئی کو 25 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دے  دی ہے تاہم جے یو آئی نے جلسہ 26 مارچ کو کرنے کی استدعا کی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے جے یو آئی کو دوبارہ درخواست جمع کرانے اور جلسے کے ایس او پیز فالو کرنے کی ہدایت کی ہے۔

جلسے کے ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ سری نگر ہائی وے کو کسی صورت بند نہیں کیا جائے گا، سرکاری اور نجی املاک کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچایا جائے گا  جب کہ جلسے کے دوران ٹریفک کی روانی کسی صورت متاثر نہ ہو۔

روس یوکرین کے خلاف کیمیائی یا حیاتیاتی ہتھیار استعمال کر سکتا ہے: امریکہ

واشنگٹن: امریکی اخبارکی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے امریکا روس کی جانب سے یوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی صورت میں جوابی کارروائی کی  تیاریاں کررہا ہے۔

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیروں کی ٹیم جس کا نام ’ٹائیگرٹیم‘ ہے روس کی جانب سے ممکنہ طورپرجوہری ،کیمیائی یا بائیولوجیکل ہتھیاروں کے استعمال کے بعد جوابی حملے کی تیاری کررہی ہے۔

رپورٹ میں مزیدکہا گیا ہے کہ ٹائیگرٹیم نے روس کے متوقع جوہری حملوں کے بعد مختلف جوابی کارروائیوں کی اورردعمل کی مشقیں بھی کیں۔ ٹائیگرٹیم اس سلسلے میں متعدد خفیہ میٹنگز بھی کرچکی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ’ٹائیگرٹیم‘ گزشتہ سال اکتوبرمیں بنائی گئی تھی۔

پاکستان کی میزبانی میں اوآئی سی کےکامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں اوآئی سی کے کامیاب انعقاد پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کی منصفانہ تحریکوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کےانسانی بحران اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر اتفاق ہوا، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں مسلمانوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر بھی اتفاق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے حوالے سے اقدامات امت کے اتحاد کا مظہر ہے، وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے پاکستان عالمی سطح پر امت کی آواز کو دنیا تک پہنچائے گا، پاکستان اتحاد، انصاف اور ترقی کیلئے باہمی اشتراک کو فروغ دے گا۔

تحریک عدم اعتماد: پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں حکمت عملی پر غور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں تحریک عدم اعتماد اور قومی اسمبلی اجلاس سے متعلق امور پر غور کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے لیے بلائے گئے قومی اسمبلی کے کل کے اجلاس سے متعلق اہم امور اور حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اتحادی جماعتوں اور ارکان اسمبلی سے ملاقاتوں پر بریفنگ دی گئی۔تحریک عدم اعتماد پر نمبر گیم سے متعلق بھی جائزہ لیا گیا۔
سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں 27 مارچ کے جلسہ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزریراعظم کے عوامی جلسوں کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔
اجلاس کے شرکا کو سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس پر ہونے والی سماعت پر بھی بریفنگ دی گئی۔