All posts by Khabrain News

‘وزیراعظم کی کاوشیں رنگ لے لائیں، بیروزگاری کی شرح میں واضح کمی ہو گئی’

لاہور: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں رنگ لے لائیں، پاکستان میں بے روزگاری کی شرح میں واضح کمی ہوگئی، رپورٹ نے ملکی معاشی استحکام کی نشاندہی کردی۔
حسان خاور نے اپنے بیان میں کہا کہ کراچی تا خیبر قوم کا ایک ہی نعرہ کپتان ہی لیڈر ہمارا گونج رہا ہے، پوری قوم کرپشن مافیا کے مقابلے میں وزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑی ہو گئی ہے، قوم کا مزاج دیکھ کر کرپٹ اپوزیشن کے اوسان خطا ہوچکے ہیں۔
حسان خاور نے کہاکہ اپوزیشن اپنے پتے شو کرچکی، حکومت کے پتوں کا انتظار کرے، منڈیاں لگانے والی اپوزیشن کیلئے سرپرائز پہ سرپرائز تیار ہیں۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کپتان کے سپاہی ڈٹ کر وزیراعظم عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، عثمان بزدار کیخلاف پراپیگنڈا کرنے والے پہلے کی طرح ناکام ہونگے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیر داخلہ شیخ رشید کی ملاقات، عدم اعتماد پر تبادلہ خیال

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی جس کے دوران سیاسی امور، امن عامہ کی صورتحال اور تحریک عدم اعتمادکے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران عثمان بزدار اورشیخ رشیداحمد کی اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انارکی پھیلانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی۔ دونوں رہنماوں کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے روز اپوزیشن کوبڑا سرپرائز ملے گا۔ 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا۔ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔
وزیراعلی کا کہناتھا کہ میرا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے، عثمان بزدار نے اسلام آباد میں کامیاب او آئی سی کانفرنس کے انعقاد پر وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کو مبارکباد دی۔

کھانے میں ورلڈ ریکارڈز رکھنے والی خاتون نے ایک اور ورلڈ ریکارڈ بنادیا

اٹلی : (ویب ڈیسک) برطانیہ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے ایک منٹ میں 19 چکن نگٹس کھا کر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرالیا۔
گنیز بک کی ویب سائٹ نے خاتون کی ویڈیو شیئر کی اور بتایا کہ لیہ شٹ کیور کا تعلق برطانیہ کے ویسٹ مِڈلینڈز سے ہے جنہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں کھانے کے پروگرام میں مدعو کیا گیا۔
یہ پروگرام اٹلی کے شہر میلان میں ہوا، شو میں لیہ نے ایک منٹ میں 20 نگٹس کھانے کا چیلنج قبول کیا، کھانے والے 19 نگٹس کا وزن 12.5 اونس تھا۔برطانوی خاتون کوششوں کے باوجود بھی 20 نگٹس کھانے کا چیلنج پورا نہ کرسکیں لیکن وہ 19 نگٹس کھانے میں کامیاب رہیں جس کے بعد یہ ریکارڈ قائم ہوا۔
خاتون نے 2020 میں نیلا زائسر نامی خاتون کا بنایا گیا ریکارڈ توڑا جنہوں نے 10.51 وزن کے نگٹس کھائے تھے۔
لیہ شٹ کیور کا اس سے قبل بھی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام ہے، انہوں نے ہاتھوں کا استعمال کیے بغیر برق رفتاری سے مفن کیک کھایا تھا، اس کے علاوہ انہوں نے تین گوشت کے بڑے ٹکڑے کھانے کا بھی ریکارڈ بنا رکھا ہے۔
لیہ کے نام ایک منٹ میں سب سے زیادہ ٹماٹر کھانے کا بھی اعزاز ہے۔

گھر میں زرداری یا فضل الرحمان کی تصویر لگانے کے سوال پر فائزہ نے کیا جواب دیا؟

لاہور : (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکارہ فائزہ خان نے گھر میں سابق صدر آصف زرداری یا مولانا فضل الرحمان کی تصویر فریم کراکے لگوانے کے سوال پر سابق صدر کا نام لیا۔
اداکارہ فائزہ خان گلوکار ابرار الحق کے ہمراہ نجی ٹی وی چینل کے ایک شو میں شریک ہوئیں جس دوران میزبان واسع چوہدری نے دونوں شخصیات کو آپشن دے کر مختلف قسم کے سوالات کیے۔
میزبان نے فائزہ سے سوال کیا کہ اسپیس راکٹ میں اگر چاند پر جانے کا اتفاق ہو اور ساتھ میں ایک سیٹ بھی خالی ہو لیکن جسے آپ ساتھ لے جانے کے لیے منتخب کریں وہ واپس نہیں آسکتا تو آپ کس شخص کا انتخاب کریں گی؟اداکارہ نے میزبان کے آپشن سنے بغیر ہی یاسر حسین کا نام لیا۔
بعد ازاں اداکار ہ فائزہ نے گوہر رشید اور فیصل قریشی کا آپشن سن کر گوہر کو بھی چاند پر چھوڑ آنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب واسع چوہدری نے فائزہ خان سے سوال کیا کہ اگر مجبوری کے تحت آپ کو بڑی سی تصویر فریم کرکے گھر میں لگانی پڑے تو آپ مولانا فضل الرحمان کو دیکھنا چاہیں گی یا آصف زرداری کو ؟
جس پر اداکارہ نے آصف زرداری کو دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

آزاد کشمیر میں بھی عدم اعتماد لائیں گے، سابق اسپیکر کی نوازشریف سے ملاقات کے بعد گفتگو

لندن: (ویب ڈیسک) آزاد کشمیر کے سابق اسپیکر شاہ غلام قادر کا کہنا ہےکہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد آزاد کشمیر حکومت سے بھی چھٹکارہ حاصل کریں گے۔
آزاد کشمیر اسمبلی کے سابق اسپیکر شاہ غلام قادر نے لندن میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی بعد آزاد کشمیر حکومت سے بھی چھٹکارہ حاصل کریں گے، نواز شریف نے آزاد کشمیر میں بھی تحریک عدم اعتماد لانے کی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا تو 8 رکن بھی جمع نہیں ہوسکے، آزاد کشمیر کے وزیر اعظم بھی اکثریت کھو چکے ہیں۔
شاہ غلام قادر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عمران خان کے رہنے کا کوئی جواز نہیں بچا ہے جب کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر نے آئین کے ساتھ کھلو اڑ کیا ہے۔

شاہین اور وارنر کی دوستی کے چرچے، دلچسپ میمز کی بھرمار

لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز فاسٹ بولر شاہین آفریدی اور مہمان ٹیم کے اوپنر ڈیوڈ وارنر کا آمنا سامنا ہوا۔
آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل جب اختتامی مراحل میں تھا تب وارنر نے شاہین آفریدی کی گیند پر چوکا لگایا، اگلی ہی گیند پر شاہین نے باؤنسر کرایا تو وارنر نے اسے سمجھداری سے روکا۔
گیند پھینکتے ہی شاہین دوڑ لگاتے ہوئے وارنر کے بالکل قریب جاکر رکے اور دونوں ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔
اس منظر سے بظاہر ایسا لگا کہ دونوں کرکٹرز ایک دوسرے پر غصہ کررہے ہیں لیکن دراصل ایسا نہیں تھا، ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بعدازاں دونوں خوشگوار موڈ میں ہیں اور ہنس رہے ہیں۔
ڈیوڈ وانر نے شاہین آفریدی کے ہمراہ ایک تصویر انسٹاگرام اسٹوری پر پوسٹ کی اور اس پر محبت کا اظہار کرنے والا ایموجی بنایا۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین نے فیلڈ پر دونوں کرکٹرز کے درمیان اس منظر کو خوبصورت قرار دیا اور اس پر دلچسپ تبصرے کیے۔
کچھ مداحوں نے تو مزاحیہ میمز بھی بنائیں اور تبصروں سے دیگر لوگوں کو محظوظ کیا۔
سابق انگلش کرکٹر این پونٹ نے دونوں کی تصویر شیئر کی اور صارفین سے کہا کہ آپ اس پر کوئی کیپشن درج کریں۔
ایک اور صارف نے شاہین اور ڈیوڈ وارنر کے قد میں فرق کو واضح کیا اور صورتحال کو اپنے اخراجات اور ماہانہ تنخواہ سے ملایا۔
پاکستان سپر لیگ کے نام سے منسوب کرکٹ کے میم پیج نے اس صورتحال کو بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن اور ان کی اہلیہ اداکارہ جیا بچن سے موازنہ کیا۔

دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے میرا دل جیت لیا: بھارتی گلوکار

دبئی : (ویب ڈیسک) بھارت کے معروف گلوکار اور رئیلٹی شو بگ باس سیزن 14 کے رنر اپ اور خطروں کے کھلاڑی کے امید وار راہول ویدیا کا دبئی میں ایک پاکستانی مداح نے دل جیت لیا۔
راہول ویدیا ان دنوں دبئی میں موجود ہیں جہاں سے انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مداح کے ساتھ تصویر شیئر کی۔
سوشل میڈیا صارفین سمیت بھارتی میڈیا میں یہ تصویر تیزی سے وائرل ہوئی جس کی وجہ گلوکار کی جانب سے لکھا گیا کیپشن تھا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور ہیں جنہوں نے مجھ سے کہا کہ وہ مجھ سے میرا 50 درہم کا کرایہ وصول نہیں کریں گے۔
راہول نے لکھا کہ اس پرستار نے مجھے وجہ بتائی کہ میں آپ کا بگ باس سے فین ہوں۔
گلوکار نے کہا کہ یہ دبئی میں رہنے کے لیے ٹیکسی چلاتا ہے لیکن اس کے اس انداز نے میرا دل جیت لیا۔راہول کا کہنا تھا کہ میں نے اس سے اصرار کیا کہ وہ کرایہ لے اور آخر میں اس کی جانب سے بڑا دل دکھانے پر میں نے اسے دُگنا معاوضہ دیا۔
راہول ویدیا کی پاکستان مداح کے ہمراہ یہ تصویر سوشل میڈیا پر مقبول ہے جس پر پاکستانی سمیت بھارتی صارفین بھی ٹیکسی ڈرائیور کو سراہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ راہول ویدیا نے بگ باس سیزن 14 میں شرکت کی تھی، اس سیزن سے راہول کی مقبولیت میں خاصہ اضافہ ہوا۔ ان کے مشہور گانوں میں یاد تیری، شاید پھر سے، مدھانیا اور گربے کی رات شامل ہیں۔

آسٹریلین اسپیس ایوارڈز، دو پاکستانی بھائی فائنلسٹ کیلئے نامزد

سڈنی : (ویب ڈیسک) پاکستان سے تعلق رکھنے والے دو بھائیوں ڈاکٹر محمد اکبر حسین اور محمد مہدی حسین نے ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کردیا۔
مستقبل میں انسان کے مریخ پر جابسنے کا تصور ہی خواب و خیال لگتا ہے لیکن پاکستان کے دوبھائی اس خواب کی تعبیر کے مشن پر کام کررہے ہیں۔
یہ پاکستان کے لیے اعزاز ہے کہ پاکستانی بھائیوں کی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنیاں آسٹریلین اسپیس ایوارڈز 2022 میں فائنلسٹ کے لیے نامزد ہو گئی ہیں۔
مریخ ڈائنامِکس اور SCOOP نامی اسپیس ٹیکنالوجی کمپنیز پاکستانی بھائی ڈاکٹر محمد اکبر حسین اور محمد مہدی حسین چلارہے ہیں۔
دونوں بھائیوں کو بہترین اسٹارٹ اپ آف دی ایئر ایوارڈ اور انوویٹر آف دی ایئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا، اسپیس ایوارڈ آج سڈنی میں منعقد کیے جائیں گے۔
مریخ ڈائنامکس کیا ہے؟
مریخ ڈائنامکس ایک خلائی ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ کمپنی ہے جس کے ذریعے مریخ پر انسانی رہائش کے لیے انجیئنرنگ حل دیا جارہا ہے، مریخ ڈائنامکس میں کریٹر ہاب ڈیزائن کی بنیاد پر کم قیمت، انتہائی مؤثررہائش کے ماڈلز پیش کیے گئے۔
سدرن کراس آؤٹ ریچ آبزرویٹری پراجیکٹ (SCOOP) آسٹریلیا کی پہلی موبائل فلکیاتی رسد گاہ ہے، اسکوپ کا نیٹ ورک بڑھا کر خلائی ملبے کی نشاندہی اور اس کے خاتمے کے لیے حل دیا گیا ہے۔
بیکار یا تباہ ہوجانے والے سیٹلائٹ کا کچرا کروڑوں کی تعدادمیں خلا میں رہ جاتا ہے۔
صدر پاکستان آسٹرونومرز سوسائٹی مہدی حسین کا کہنا ہے کہ یہ مدار میں گھومنے والے سیٹلائیٹ کے لیے خطرناک ہوتا ہے۔

چین میں گرنے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا

چین : (ویب ڈیسک) چین میں گر کر تباہ ہونے والے مسافر طیارے کا بلیک باکس مل گیا۔
چینی حکام کے مطابق اب تک بوئنگ 737 کا ایک بلیک باکس ملا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ وہ ڈیٹا ریکارڈر ہے یا وائس ریکارڈر ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے چین میں مسافر طیارہ 29 ہزار فٹ کی بلندی سے گر کر تباہ ہوگیا تھااور حادثے کے نتیجے میں عملے، مسافر وں سمیت تمام 132 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی) کے مطابق چینی فضائی کمپنی چائنا ایسٹرن ائیرلائنز کا بوئنگ 737-800 مسافر طیارہ کن منگ ائیرپورٹ سے روانہ ہوا تھااور گوانگ شی ریجن کے شہر ووزہو میں اس کا رابطہ کنٹرول روم سے منقطع ہوا۔

کراچی: کچرا چننے والا نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب کچرا چننے والا نوجوان کچرا چنتے ہوئے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق جاں بحق نوجوان گلی میں کچرا چننے کے لیے آیا تھا لیکن گلی میں اندھیرا بھی بہت تھا جب کہ سیوریج کا پانی بھی کھڑا تھا۔علاقہ مکینوں کا بتانا ہے کہ اندھیری گلی سے گزرنے کے لیے نوجوان نے گرل کو پکڑا تو گرل میں کرنٹ ہونے کی وجہ سے اسے زوردار کرنٹ کا جھٹکا لگا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گرل میں گھر سے آنے والی بجلی کی تار لپٹی ہوئی تھی جس کی وجہ سے گرل میں کرنٹ تھا۔
متوفی نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی،علاقہ مکینوں اور پولیس نے متوفی کی لاش کو پولیس کے حوالے کردیا۔