All posts by Khabrain News

سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کی سماعت، ریڈ زون سیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کی سماعت کے موقع پرریڈ زون کو سیل کردیا گیا ہے۔ سرینا چوک، نادرا، ڈی چوک اور میریٹ چوک سے تمام راستے بند کردیئے گئے۔ پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔
سیکرٹریٹ اور سپریم کورٹ جانے کیلئے صرف مارگلہ روڈ والا راستہ کھلا ہے۔ سپریم کورٹ کے اندر اور باہر پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔
پولیس کی واٹرکینن بھی سپریم کورٹ کے قریب پہنچا دی گئی ہے، ریڈزون کے داخلی راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔

طالبان تعلیم یافتہ اور بااختیار خواتین سے ڈرتے ہیں، ملالہ

لاہور: (ویب ڈیسک) طالبان نے افغانستان میں لڑکیوں کے سکول کھولنے کا وعدہ کیا لیکن پورا نہ کیا، مقررہ دن پر سکول کھولے لیکن پھر بند کر دئیے۔
جس پر دنیا بھر سے مزمتی بیانات جاری کیے جا رہے ہیں، دنیا کی کم عمر ترین نوبیل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ طالبان تعلیم یافتہ اور بااختیار خواتین سے ڈرتے ہیں
انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ افغانستان میں لڑکیوں کے اسکول کھلنے کے چند گھنٹوں بعد ہی بند ہونا انتہائی افسوس ناک ہے،آج کے دن کی یہی امید تھی کہ اسکول جانے والی افغان لڑکیوں کو گھر واپس نہیں بھیجا جائے گا، لیکن طالبان وعدہ پورا نہیں کر سکا۔
ملالہ نے لکھا کہ طالبان لڑکیوں کو تعلیم سے دور رکھنے کے بہانے ڈھونڈ رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے بعد ترک وزارت خارجہ نے بھی افغان لڑکیوں کے لیے ہائی اسکول بند رکھنے کے اقدام پر افسوس کا اظہار کیا ہے، ترک وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ لڑکیوں سمیت تمام طلبا کے لیے تعلیم افغان عوام کی توقع تھی، افغان حکومت ہرعمر کی لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت دے ، مشکل وقت میں ترکی افغان عوام کےساتھ کھڑا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز افغانستان میں 7 ماہ بعد لڑکیوں کے لیے تعلیمی ادارے کھولے گئے لیکن پھر بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گیاوزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کے اسکول اس وقت تک بند رہیں گے جب تک مذہبی قانون اور افغان ثقافت کے مطابق کوئی منصوبہ نہیں بنایا جاتا۔

ویمن ورلڈ کپ، پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست

ہیگلی اوول: (ویب ڈیسک) ویمن ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ کے ہیگلی اوول میں کھیلے گئے ورلڈکپ کے گروپ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان ویمنز ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
انگلش باؤلرز میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم پر حاوی رہے اور پاکستانی کھلاڑیوں کو بڑا ہدف دینے سے روکے رکھا جبکہ بلے باز بھی پویلین لوٹتے رہے۔
قومی ٹیم 41 اوورز میں صرف 105 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ قومی ٹیم کے آٹھ کھلاڑی تو ڈبل فیگر میں داخل ہی نہ ہو سکیں جبکہ سدرہ امین 32 رنز بنا کر نمایاں رہیں اور سدرہ نواز نے 23 رنز بنائے۔
انگلش ویمنز ٹیم کی جانب سے کیتھرین برنٹ اور سوفی ایکلسٹن نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
انگلش ویمنز ٹیم کی اوپنر بیٹر ڈینی ویٹ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی بہترین اننگز کھیلی اور ٹیم نے 105 رنز کا ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم میگا ایونٹ میں اب تک 6 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے صرف ایک میں کامیابی حاصل کی۔

ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے، پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہو سکتے ہیں، شیخ رشید

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے پاس ہمارے کچھ بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی اپوزیشن کے کچھ بندے ہیں، اتحادی سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، عثمان بزدار عمران خان کو چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے،ملک میں انتخابات جلدی بھی ہو سکتے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جےیوآئی کو ان کی ڈیمانڈ کے مطابق جلسےکی اجازت دے دی، ن لیگ کی ابھی تک جلسے کی کوئی درخواست نہیں آئی، کل کوئی واقعہ ہو جائے تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہو گی،عمران خان تاریخی جلسہ 27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس ہمارے کچھ بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی اپوزیشن کے کچھ بندے ہیں، بلاول کے ابھی دودھ کے دانت نہیں ٹوٹے،وہ تو کہہ رہا تھا او آئی سی کانفرنس نہیں ہوگی مگر او آئی سی کی تاریخی کانفرنس ہوئی، اس پر تمام اداروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو اب فوج کا خیال آ گیا ہے، بہت اچھی بات ہے، کوئی شک نہیں پاک فوج عظیم فوج اورعدلیہ دوراندیش ہے، جو فوج یا عدلیہ مخالف مہم چلائے گا اسے سختی سےکچل دوں گا، چاہتے ہیں جمہوریت اور ملک آگے بڑھے، پارٹیاں بدلنے سے کوئی عزت نہیں ملتی۔

صدارتی ریفرنس، جے یو آئی ف نے بھی سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مولانا فضل الرحمن کی سیاسی جماعت جے یو آئی کی جانب سے صدارتی ریفرنس سے متعلق سپریم کورٹ میں جواب جمع کرا دیا گیا ہے۔
جے یو آئی ف کے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی میں پارٹی الیکشن نہیں ہوئے، جماعت سلیکٹڈ عہدیدار چلا رہے ہیں۔ سلیکٹڈ عہدیدار آرٹیکل 63 اے کے تحت ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے کی ہدایت نہیں کر سکتے،سپیکر کو اراکین کے ووٹ مسترد کرنے کا اختیار نہیں دیا جا سکتا، لازمی نہیں کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے ہی ریفرنس پر رائے دی جائے۔
جے یو آئی ف کی جانب سے مزید موقف اختیار کیا گیا کہ کسی رکن کیخلاف نااہلی کا کیس بنا تو سپریم کورٹ تک معاملہ آنا ہی ہے، سپریم کورٹ نے پہلے رائے دی تو الیکشن کمیشن کا فورم غیر موثر ہو جائے گا، آرٹیکل 63 اے پہلے ہی غیر جمہوری ہے، آزاد جیت کر پارٹی میں شامل ہونے والوں کی نشست بھی پارٹی کی پابند ہو جاتی ہے، ریفرنس سے لگتا ہے صدر، وزیراعظم اوراسپیکر ہمیشہ صادق اور امین ہیں اور رہیں گے، پارٹی کیخلاف ووٹ پر تاحیات نااہلی کمزور جمہوریت کو مزید کم تر کرے گی، عدالت پارلیمنٹ کی بالادستی ختم کرنے سے اجتناب کرے۔

صدارتی ریفرنس کا معاملہ ،سپریم کورٹ بار نے تحریری جواب جمع کرا دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ بار نےصدارتی ریفرنس سے متعلق اپنا تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔
سپریم کورٹ بار کی جانب سےجمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک میں رکن پارلیمان کا ووٹ کا حق انفرادی ہے ، آرٹیکل 95 کے تحت ووٹ کسی سیاسی جماعت کا حق نہیں۔ کسی رکن قومی اسمبلی کو ووٹ ڈالنے سے روکا نہیں جاسکتا۔ عوام اپنے منتحب نمائندوں کے ذریعے نظام حکومت چلاتے ہیں ۔سپریم کورٹ بار آٓرٹیکل 63 کے تحت کسی بھی رکن کو ووٹ ڈالنے سے پہلے نہیں روکا جاسکتا۔
سپریم کورٹ بار کے جواب میں مزید کہا گیا ہےکہ آرٹیکل 95 کے تحت ڈالا گیا ہر ووٹ گنتی میں شمار ہوتا ہے، ہر رکن قومی اسمبلی اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے میں خودمختار ہے، آرٹیکل 63 اے میں پارٹی ڈائریکشن کیخلاف ووٹ ڈالنے پر کوئی نااہلی نہیں۔

تیز رفتار بس کا رکشہ اور موٹر سائیکل سے تصادم، 3 افراد جاں بحق، 6 زخمی

لاہور: (ویب ڈیسک) تیز رفتار مسافر بس کے رکشہ اور موٹر سائیکل سے تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔
راولپنڈی سے بھکر جانے والی مسافر بس چونی شمالی کے قریب سڑک پر موجود گڑھے کو بچاتے ہوئے سامنے آنے والے رکشہ اور موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں ایک خاتون موقع پر دم توڑ گئی جبکہ چھ افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں دو بچیاں ہسپتال میں جاں بحق ہو گئیں، ریسکیو ٹیم نے چار زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔
مشتعل افراد نے مسافر بس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی، بس ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، ریسکیو نے بس کو لگنے والی آگ پر پالیا۔

روس نے امریکی سفارتکاروں کو ملک بدر کر دیا

روس : (ویب ڈیسک) امریکا کو جواب دیتے ہوئے روس نے امریکی سفارتکاروں کو ملک بدر کر دیا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے مطابق فیصلہ اقوام متحدہ میں روسی سفارتکاروں کی بے دخلی کے بعد کیا گیا، امریکہ کی ہر کارروائی کا مناسب جواب دیا جائے گا، امریکہ نے رواں ماہ اقوام متحدہ میں روسی مشن کے 12 اہلکاروں کو ملک بدر کیا تھا۔
24 فروری کو یوکرین پر حملے بعد سے روس کا یہ اقدام واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان تیزی سے بگڑتے تعلقات کے لیے تازہ ترین دھچکا ہے۔
دوسری جانب پولینڈ نے 45 روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے، پولش وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ روسی سفارتکاروں پر جاسوسی کا الزام ہے، روسی سفارتکاروں کو ملک چھوڑنے کے لیے 5 دن کا وقت دیا گیا ہے، جبکہ روس نے پولینڈ کو یوکرین سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے، روس کا کہنا ہے کہ یوکرین میں کسی نیٹو ملک کی فوج سے سامنا ہوا تو سنگین نتائج نکلیں گے۔
سلامتی کونسل اجلاس میں روس کی قرارداد مسترد ہو گئی ہے، روس نے یوکرین میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی قرارداد پیش کی تھی
روس اور چین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، سلامتی کونسل کے دیگر 13 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔
یوکرین کی صورتحال پر نیٹو کا اجلاس آج ہو گا، نیٹو چیف کا کہنا ہے کہ یوکرین کی رکنیت نیٹو سربراہ کانفرنس کے ایجنڈے پر نہیں ہے۔
الجزیرہ کے مطابق روسی فوجیوں نے کھیرسن میں تھیٹر کے ڈائریکٹر کو ’اغوا‘ کر لیا ہے، خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا کہ بدھ کی صبح نو روسی فوجی گاڑیاں 62 سالہ اولیکسینڈر کنیگا کے گھر پہنچیں اور انہیں باہر لے گئیں۔
دوسری جانب یوکرین کے نائب وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ کیف لڑائی میں ہلاک ہونے والے روسی فوجیوں کی لاشوں کی شناخت کے لیے چہرے کی شناخت کے سافٹ ویئر استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے ان کے اہل خانہ کو ان کی موت کی اطلاع دی جائے گی۔

پنجاب پولیس کی وردی پہن کر ٹک ٹاک بنانے والا شہری گرفتار

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) پنجاب پولیس کی وردی پہن کر ٹک ٹاک بنانے والے نوجوان کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کرلیا گیا ہے، وردی بھی برآمد کرلی۔
ٹک ٹاکر کےخلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاکر سلیمان پیرودھائی کا رہائشی ہے۔
ملزم کے قبضے سے پنجاب پولیس کے سب انسپکٹر کی وردی برآمد ہوئی، ملزم نے پولیس کی وردی پاس رکھ کر اور ٹاک بناکر جرم کا ارتکاب کیا۔۔۔ابتدائی تحقیقات میں ملزم کا کہنا ہے کہ وہ شوقیہ پولیس کی وردی ساتھ رکھتا ہے۔

آرٹیکل 63 اے کی تشریح، سپریم کورٹ کا 5 رکنی بنچ آج سماعت کرے گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے سپریم کورٹ کا 5 رکنی بنچ صدارتی ریفرنس کی آج سماعت کرے گا۔
منحرف ارکان تاحیات نااہل ہونگے یا دوبارہ الیکشن لڑ سکیں گے؟ آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس کی آج سماعت ہو رہی ہے، حکومت کی جانب سے دائر کیے جانے والے صدارتی ریفرنس میں سپریم کورٹ سے چار سوالات پر رائے مانگی گئی ہے۔
ریفرنس میں پوچھا گیا ہے کہ کوئی رکن اسمبلی پارٹی پالیسی سے انحراف کرتے ہوئے ووٹ دے تو کیا اسے رکن کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکتی؟ اسے ڈی سیٹ نہیں کیا جاسکتا؟
سپریم کورٹ سے یہ رائے مانگی گئی ہے کہ کیا ایسے رکن جو پارٹی پالیسی سے انحراف کریں اور پالیسی کے خلاف ووٹ دیں تو کیا ان کے ووٹ کو شمار کیا جائے گا؟
سپریم کورٹ سے پوچھا گیا ہے کہ کیا جو وفاداری تبدیل کرتے ہوئے رکن پارٹی پالیسی کے خلاف جائے اور ثابت ہو کہ اس نے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی ہے تو کیا اسے رکن کو تاحیات نا اہل قرار دیا جائے گا؟
چوتھے سوال میں عدالت سے رائے مانگی گئی ہے ہارس ٹریڈنگ اور فلور کراسنگ کو روکنے کے لیے موجودہ آئینی ڈھانچے میں کون سے اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں جس سے فلور کراسنگ کو روکا جاسکے۔