All posts by Khabrain News

روس ایٹمی جنگ کی دھمکیوں سے باز رہے، اس میں کسی کی جیت نہیں ہوتی : نیٹو چیف

برسلز: (ویب ڈیسک) نیٹو کے سربراہ سٹولٹن برگ کا کہنا ہے کہ روس ایٹمی ہتھیاروں کی دھمکیاں دینے سے باز رہے، ایٹمی جنگ میں کسی کی جیت نہیں ہوتی۔
برسلز میں نیٹو سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے سٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو یوکرین کی حمایت کرتا ہے لیکن جنگ کا حصہ نہیں ہے، اس جنگ کو یوکرین تک محدود رکھنا انتہائی ضروری ہے، سٹولٹن برگ نے روس کی حمایت کرنے پر چین اور بیلا روس پر تنقید کی اور کہا کہ نیٹو ممالک سے امید رکھتا ہوں وہ چین کو اس کی ذمہ داریاں یاد دلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین میں کیمیائی ہتھیار استعمال کیے گئے تو جنگ کی نوعیت بدل جائے گی۔

پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلوی سکواڈ لاہور پہنچ گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاک آسٹریلیا ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے لیے آسٹریلوی سکواڈ لاہور پہنچ گیا ہے۔
وائٹ بال سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کی قیادت ایرون فنچ کریں گے، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سکواڈ کے کھلاڑی خصوصی چارٹر فلائٹ سے لاہور پہنچے ہیں، کھلاڑیوں کو سخت سکیورٹی میں ائیر پورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔
سابق کیوی کپتان ڈینئیل ویٹوری بھی آسٹریلین ٹیم کے ہمراہ پہنچے ہیں، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 29 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

لاہور ٹیسٹ، چوتھے روز آسٹریلیا کی میچ پر گرفت مضبوط بنانے کی کوشش

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا میچ پر اپنی گرفت مضبوط بنانے کی کوشش میں ہے، مہمان ٹیم کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے۔
کھیل کے چوتھے روز آسٹریلوی اوپنرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر 5 ویں اوور میں 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ گذشتہ روز پاکستان کی ساری ٹیم پہلی اننگز میں 268 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی، کینگروز ٹیم کو 134رنز کی برتری حاصل ہے۔

بنگلا دیش نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی

ڈبلن: (ویب ڈیسک) بنگلا دیش نے جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میں نو وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز دو ایک سے اپنے نام کر لی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم 154 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی، تسکین احمد نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، جوابی اننگز میں بنگلا دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر ستائیسویں اوور میں ہدف حاصل کر لیا، بنگلا دیشی کپتان تمیم اقبال ستاسی رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلا دیش نے پہلی مرتبہ پروٹیز کے دیس میں سیریز اپنے نام کی ہے۔

کشمیر ،گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں آج بارش کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج خیبرپختونخوا میں چترال ، دیر اور سوات میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ بارش کی توقع ہے، پنجاب ،سندھ اور بلوچستان میں موسم خشک رہے گا۔

کورونا کی پانچویں لہر دم توڑنے لگی، چوبیس گھنٹے میں مزید 210 مریض رپورٹ

لاہور: (ویب ڈیسک) کورونا کی پانچویں لہر دم توڑنے لگی، چوبیس گھنٹےمیں مزید 210 مریض رپورٹ ہوئے۔ دو سال بعد مسلسل دوسرے روز کورونا سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، مثبت کیسز کی شرح صفر اعشاریہ چھ نو فیصد ریکارڈ کی گئی، دو سو دس نئے مریضوں کا اضافہ ہوا، متاثرہ مریضوں کی تعداد پندرہ لاکھ تیئس ہزار بہتر ہو گئی۔ ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 8 ہزار 63 ہے جبکہ 445 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے، ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہزار 333 ہو گئی ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 180 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد کورونا سے صحت یاب افراد کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 84 ہزار 676 ہو گئی ہے۔ 24 گھنٹے کے دوران 30 ہزار 54 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک بھر میں 2 کروڑ 72 لاکھ 68 ہزار 79 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔

روس کا مغربی مخالفت کے باوجود جی-20 سمٹ میں شرکت کا ارادہ

جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں روسی سفیر نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پوٹن جی-20 کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کی میزبانی اس سال انڈونیشیا کر رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق لیوڈملا ووروبیفا نے کہا کہ پوٹن کی جی-20 میں شرک کا انحصار بہت سی چیزوں پر ہوگا بشمول کورونا کی صورتحال جو کہ بہتر ہو رہی ہے تاہم اجلاس میں شرکت کے حوالے سے اب تک ان کا ارادہ مصمم ہے۔
روسی سفیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف G-20 ہی نہیں، بہت سی مغربی تنظیمیں اب روس کو ہر پلیٹ فارم سے بےدخل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ مغرب کا یہ ردعمل بالکل غیرمنصفانہ ہے۔ روس کو اقتصادی فورم سے نکالنے سے عالمی معاشی مسائل اور پیچیدہ ہوجائیں گے۔
ووروبیفا نے انڈونیشیا کی “مضبوط اور غیرجانبدارانہ پوزیشن” کی بھی تعریف کی اور اس بات پر زور دیا کہ انڈونیشیا ہرگز مغربی دباؤ میں نہ آئے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا کے روس کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدوڈو نے حال ہی میں ایک جاپانی نیوز میگزین نکی ایشیا کو بتایا کہ وہ جنگ بندی کی حمایت کرتے ہیں تاہم روس پر اقتصادی پابندیوں کو ایک غیرموثر تدبیر کے طور پر دیکھتے ہیں۔

وزیر خارجہ اور او آئی سی سیکریٹری جنرل کی اجلاس کے اختتام پر مشترکہ پریس کانفرنس

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے اختتامی اجلاس کے بعد سیکرٹری جنرل او آئی سی حصین براہیم طحہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 48ویں اجلاس میں وزارتی سطح پر 46 اور 800 کے قریب وفود نے شرکت کی، جس پر ہم سیکرٹری جنرل او آئی سی اور او آئی سی سیکرٹریٹ کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ او آئی سی اجلاس میں پہلی بار کسی بھی چینی وزیر خارجہ کی شرکت ہوئی جو تمام ممالک کے لیے باعث افتخار اور تسلی کا سبب بھی بنی۔ شاہ محمد قریشی نے کہا کہ اجلاس میں مسلم دنیا کو اسلامی ممالک سے تعلقات بڑھائے کا پیغام دیا اور بی آر آئی کا حصہ بننے والے ممالک کے ساتھ سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں اس فورم کی اہمیت کو اجاگر کیا، اس فورم کو مزید فعال بنانے کے لیے اتحاد کی ضرورت ہے، بطور چیئرمین وزرائے خارجہ کونسل میں اس فورم کو دوبارہ مرکزیت میں لانے اور اتحاد مضبوط بنانے کی کوشش کروں گا اور مختلف چیلنجز میں پل بن کر انہیں حل کرنے کی کوشش کروں گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جموں و کشمیر پر متعدد قراردادوں اور اوآئی سی کی واضح حمایت کے باوجود یہ مسئلہ ابھی بھی حل طلب ہے، اسی طرح فلسطین میں بھی قبضہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں و مظالم جاری ہیں، ہم دیگر رکن ممالک کے ساتھ مل کر قراردادوں سے آگے عملدرآمد کی جانب جائیں گے، ہم مل کر عملدرآمد کے حوالے سے ایکشن پلان بنائیں گے، دسمبر کے او آئی سی میں ہمارا مقصد واضح تھا کہ افغانستان میں انسانی صورتحال پر عالمی توجہ دلائی جائے اور ہم اس میں کامیاب رہے، نہ صرف افغانستان پر پابندیاں نرم کی گئیں بلکہ فنڈز بھی قائم کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پر نہ صرف اجلاس میں بات چیت ہوئی بلکہ اس کو اجاگر کیا گیا، کشمیر کانٹیکٹ گروپ کے اجلاس میں ہم نے کشمیر پر بہت اچھا تبادلہ خیال کیا، ہم نے اس پر قراردادوں سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ایک ایکشن پلان بنا کر ہم نے اتفاق کیا کہ مختلف رکن ممالک جموں و کشمیر پر ملاقاتیں کرتے رہیں گے اور جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورت حال کی نگرانی کی جائے گی جبکہ نیویارک اور جنیوا میں موجود ہمارے سفارت کار اس کو مسئلے کو مزید اجاگر کریں گے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین پر پاکستان کا موقف انتہائی واضح اور مسلسل ہے، ہم نے گزشتہ رمضان میں اپنے فلسطین پر اس کا مظاہرہ کیا، ترکی، ملائشیا اور دیگر وزرائے خارجہ سے وقت طے کر کے ہم نے نیویارک میں ایک ساتھ مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا اور جنرل اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھایا، اس طرح ہم نے فلسطینیوں کے سامنے پاکستانی موقف کا عملی مظاہرہ کیا۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ابراہیم طحہ کا کہنا تھا کہ میں کانفرنس کے انعقاد پر انتظامیہ اور پاکستان کے عوام کو سراہتا ہوں، یہ کانفرنس یوم پاکستان کے موقع پر منعقد ہوئی جس پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، کانفرنس کے ایجنڈے میں امن و سلامتی و اسلامو فوبیا کے معاملات کو شامل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں افغانستان پر بات چیت بھی ہوئی، گزشتہ کانفرنس میں ہم نے افغانستان پر خصوصی نمائندے کی تقرری کی بات کی تھی، ہم نے افغانستان پر خصوصی نمائندے کا تقرر اور اینڈاومنٹ فنڈ قائم کر دیا ہے جبکہ نائیجیریا کے لیے 1 ملین ڈالرز سے زائد رقم بھی موصول ہوگئی۔
او آئی سی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ فلسطین ہمیشہ سے ہمارے ایجنڈا میں سر فہرست رہا ہے، ہم نے جموں وکشمیر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ہم نے وزیر خارجہ پر واضح کیا کہ یہ ایک حقیقی مسئلہ ہے جس پر ہماری حمایت اُن کے ساتھ ہے،ہم نے واضح کیا کہ حق استصواب رائے کشمیریوں جا حق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ او آئی سی کا ہیڈ کوارٹر اکثر اور بالخصوص افریقی ممالک سے ہزاروں میل دور ہے، جس کی وجہ سے سب کو مسائل کا سامنا رہتا ہے، اس صورت حال میں آج دوپہر کو افریقا میں خصوصی نمائندے کی تقرری کا فیصلہ کیا گیا جو دورہ کر کے او آئی سی کو رپورٹ پیش کرے گا۔
او آئی سی سیکریٹری جنرل کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے افریقی ممالک کو ان مسائل میں اپنی حمایت کا یقین دلایا ہے، یورپ میں تنازع نے دنیا میں بے چینی پیدا کی ہے کیونکہ دنیا کے اس حصے میں بھی لاکھوں مسلمان رہتے ہیں۔

امریکہ کی پہلی خاتون سیکریٹری خارجہ میڈلین البرائٹ انتقال کر گئیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ کی پہلی خاتون سیکریٹری خارجہ میڈلین البرائٹ انتقال کر گئیں۔ ان کی عمر 84 سال تھی۔
امریکہ کے نشریاتی ادارے سی این این کے حوالے سے بتایا ہے کہ سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے دور میں سیکریٹری خارجہ کی حیثیت سے فرائض سر انجام دینے والی میڈلین البرائٹ نے اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دیے تھے۔

بلاول کو انتخابی ضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی پرالیکشن کمیشن کا نوٹس

مالاکنڈ: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو مالاکنڈ میں عوامی جلسے پر نوٹس جاری کردیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر مالا کنڈ نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بلاول بھٹو زرداری کو نوٹس جاری کیا اور 25 مارچ کو وضاحت کے لیے طلب کرلیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کا جلسہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، بلدیاتی انتخابات میں جلسہ عام ،کار ریلی، جلوس کی اجازت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مالاکنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے کے لیے میں گیٹ نمبر 4کو نہیں کھٹکھٹاوں گا بلکہ اس غیر جمہوری شخص کا مقابلہ جمہوری طریقے سے کریں گے۔