All posts by Khabrain News

آرمی چیف سے چینی وزیر خارجہ کی ملاقات: خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کا کہنا ہے کہ دنیا کو علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چینی وزیرخارجہ وانگ ژی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا اور سپہ سالار سے ملاقات کی۔
بیان کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے، باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاک چین تعلقات خیالات کی ہم آہنگی اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہتے ہیں، دنیا کو علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔
وانگ ژی نے علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔
انہوں نے او آئی سی کی 48 ویں وزرائے خارجہ کونسل کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو خصوصی طور پر سراہا۔
پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سکیورٹی کو سراہتے ہوئے وانگ ژی نے کہا کہ چین جامع خوشحالی پر یقین رکھتا ہے۔
او آئی سی کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48ویں اجلاس کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کی سنگین انسانی صورتحال سے نمٹنے اور بین الاقوامی سطح پر لانے کو تاریخی پیش رفت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مشترکہ وژن اور حکمت عملی کے ذریعہ موجودہ چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہوگا۔
آرمی چیف نے چینی وزیر خارجہ کے دورہ اور پاکستان کے لیے چین کی حمایت جاری رکھنے پر بھی شکریہ ادا کیا۔

یوکرین حملہ رفتا رفتا ایٹمی جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے، نیٹو

برسلز: (ویب ڈیسک) نیٹو نے خبردار کیا ہے کہ یوکرین پر حملہ نیٹو اور روس کے درمیان ایٹمی جنگ کی صورت اختیار کرسکتا ہے۔
رائٹرز کے مطابق نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے برسلز میں مغربی فوجی اتحاد کے قومی رہنماؤں کے سربراہی اجلاس کے موقع پر کہا کہ روس کو یہ اپنی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ ایٹمی جنگ کی بیان بازی بند کرنی چاہیے۔
اسٹولٹن برگ نے کہا کہ اگرچہ نیٹو یوکرین جنگ کا حصہ نہیں ہے تاہم کسی بھی وقت کسی بھی خطرے سے دوچار اتحادیوں کی حفاظت اور دفاع کے لیے نیٹو کی تیاری پر روس غلط فہمی کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ روس کو سمجھنا چاہیے کہ وہ کبھی بھی ایٹمی جنگ نہیں جیت سکتا۔ نیٹو تنازع کا حصہ نہیں ہے تاہم وہ یوکرین کو مدد فراہم کرتا رہے گا۔
سیکریٹری جنرل کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیٹو یوکرین میں فوج نہیں بھیجے گا۔ یوکرین کو سپورٹ کرنا انتہائی ضروری ہے اور اس کا دائرہ کار بڑھ رہا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی انتہائی ضروری ہے کہ اس تنازع کو نیٹو اور روس کے درمیان جنگ بننے سے روکا جائے۔

اظہر علی ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سینئر بیٹر اظہر علی نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز بنانے والے پانچویں پاکستانی بن گئے ہیں۔
اظہر علی نے یہ اعزاز آسٹریلیا کے خلاف لاہور میں جاری تیسرے ٹیسٹ میچ میں حاصل کیا۔ وہ پاکستان ٹیم کی پہلی اننگز میں 78 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر اظہر علی پانچویں پاکستانی ہیں جنہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں سات ہزار اور اس سے زائد رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے 94 میچز میں سات ہزار رنز مکمل کیے ہیں۔
ان سے قبل یونس خان 118 میچز میں 10 ہزار 99 رنز بناکر پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
اس کے علاوہ لیجنڈ بلے باز جاوید میاں داد 124 میچز میں آٹھ ہزار 832 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ سابق کپتان انضمام الحق 119 ٹیسٹ میچز میں آٹھ ہزار 829 رنز بنا کر سات ہزار سے زائد رنز اسکور کرنے والے تیسرے پاکستانی بیٹر ہیں۔ محمد یوسف 90 میچز میں سات ہزار 530 رنز بنا کر اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔
جولائی 2010 میں ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے اظہر علی پاکستان ٹیم کی قیادت بھی کرچکے ہیں۔ وہ اپنے اس کریئر میں وہ پاکستان ٹیم میں کبھی ان تو کبھی آؤٹ ہوتے رہے ہیں۔
اظہر علی نے ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک 19 سینچریاں اور 35 نصف سینچریاں اسکور کی ہیں جب کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ٹرپل سینچری بھی اسکور کر چکے ہیں جو اُنہوں نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اسکور کی تھی۔ پاکستانی بیٹر کا 94 میچز میں اوسط 43.23 رہا ہے۔
البتہ اظہر علی کو اکثر سست رن ریٹ کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی اگرچہ انہوں نے پہلی اننگز میں 78 رنز بنائے لیکن اس کے لیے انہوں نے 208 گیندوں کا سامنا کیا۔

کرناٹک میں حجاب کے بعد مسلمانوں کے کاروبار پر بھی پابندی

بنگلور: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک میں ہونے والے سالانہ فیسٹیول میں مسلمان دکانداروں کو اسٹالز لگانے سے روک کر ان کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹک میں مسلم طالبات کے حجاب پہن کر تعلیمی اداروں میں آنے پر پابندی کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال ابھی نارمل نہیں ہوئی تھی کہ ایک اور مسئلے نے سر اُٹھالیا ہے۔
کرناٹک کے ساحلی علاقے اڈوپی کے ہوسا مارگودی ٹیمپل میں سالانہ فیسٹیول کا انعقاد ہوتا ہے جس میں ریاست بھر سے لاکھوں افراد شریک ہوتے ہیں۔
اس فیسٹیول میں ہر سال مسلمان دکاندار 100 سے زائد اسٹالز لگاتے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے کبھی ایسی کوئی پابندی سامنے نہیں آئی تاہم اس سال حالات مختلف ہیں۔
اروپی میں جگہ جگہ بینرز آعیزاں کیے گئے ہیں جن میں یہ مطالبہ تحریر ہے کہ فیسٹیول میں مسلمانوں کو اسٹالز لگانے کی اجازت نہیں دی جائے۔ اس پر انتطامیہ نے مسلمان دکانداروں کو اسٹالز لگانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔
مسلمان تاجروں کی تنظیم کے سربراہ سے گفتگو میں مندر کی انتظامیہ نے اعتراف کیا کہ اس بار صرف ہندو تاجروں کو اجازت دی جائے کیوں کہ دائیں بازو کے انتہا پسند ہندوؤں کا شدید دباؤ ہے۔

عمران خان کو 2 وفاقی وزیر اور عثمان بزدارچھوڑ کر جار ہے ہیں: راجہ ریاض کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے باغی رکن قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ ہماری عمران خان سے ذاتی کوئی دشمنی نہیں،پالیسیوں سے اختلاف ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے باغی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ 6 ماہ پہلے وزیراعظم کو کہا تھا پنجاب میں ڈی سی، اے سی کا عہدہ بک رہا ہے۔ عثمان بزدار اپنا سامان باندھ رہے ہیں، خان صاحب نے تو پہلے ہی سامان باندھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا میں ایک بھی قابل آدمی نہیں جو کسی ناراض ممبر کو منالیتا، ہماری عمران خان سے ذاتی کوئی دشمنی نہیں، پالیسیوں سے اختلاف ہے۔ وزیراعظم کے پاس ایک بھی بندہ جہانگیرترین جیسا نہیں۔ ایک وقت تھا ہم خان صاحب کی منتیں کرتے تھے، آج جہانگیرترین ہوتے تو ناراض لوگوں کو منا لیتے۔
راجہ ریاض نے کہا کہ قسم اٹھا کرکہتا ہوں میں نے ایک روپیہ نہیں لیا۔ عمران خان کے پاس کوئی کارڈ نہیں ہے، خان صاحب نے ہماری ایک بھی نہیں سی اور ہماری تذلیل کی، ان کے دو وزیر بھی آنا چاہ رہے ہیں لیکن ابھی ان کے لیے گنجائش نہیں بن رہی۔ ہمارے ساتھ 27 ارکان ہیں، مولانا کے پاس بھی دو سے تین رکن قومی اسمبلی ہیں۔ اب این آر او کی عمران خان اور عثمان بزدار کو ضرورت ہے، وزیراعظم اورعثمان بزدار کو این آر او ہم نے نہیں دینا۔

عمران خان کا ووٹنگ سے پہلے استعفیٰ ہی سرپرائز ہو سکتا ہے، نیئر بخاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری کا کہنا ہےکہ عمران خان کا ووٹنگ سے پہلے استعفیٰ ہی سرپرائز ہو سکتا ہے، گالم گلوچ بریگیڈ کے چند دن رہ گئے ہیں۔
اسلام آباد میں بیگم نصرت بھٹوکی سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ 14 افراد کو نوٹس دینےکے بعد وزیر اعظم کی اکثریت نہیں، اپوزیشن کے پاس نمبر پورے ہیں، اسپیکر جانبداری برت رہے ہیں۔
نیئر حسین بخاری کا کہنا تھا کہ ہم وزیراعظم کو وزیر اعظم نہیں سمجھتے، ریفرنس بھیج کر تحریک انصاف کے منحرف ارکان کو ڈرایا جا رہا ہے، عمران خان کا ووٹنگ سے پہلے استعفیٰ ہی سرپرائز ہو سکتا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی متحدہ اپوزیشن کا حصہ ہے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا نہیں۔

وہ فلم جس کے بعد کترینہ نے بالی وُڈ چھوڑنے کی ٹھان لی تھی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وُڈ فلم ’نمستے لندن‘ کو رلیز ہوئے 15 سال ہو چکے ہیں اور اس فلم کی وجہ سے کترینہ کیف شہرت کی بلندیوں تک پہنچیں لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ اداکارہ کو یہ بالکل یقین نہیں تھا کہ یہ فلم ان کے کیریئر کیلئے زبردست ثابت ہوگی۔
جی ہاں! انہوں نے اس فلم میں کام کرنے کے بعد بالی ووڈ چھوڑ کر اپنے لیے نیا کیرئیر تلاش کرنے کا ارادہ کر لیا تھا کیونکہ انہیں پکا یقین تھا کہ فلم فلاپ ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق کترینہ کیف نے بالی ووڈ میں بطور اداکار اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کیلئے بہت دشواریاں اٹھائی ہیں اور انہیں اکثر مسترد کیا جاتا رہا جبکہ نمستے لندن میں کام کرکے وہ بالکل ناامید ہوچکی تھیں۔
لیکن کبھی کبھی جب آپ ہار مان لیتے ہیں تب ہی زندگی آپ کو دوسرا موقع دیتی ہے اور بالکل ایسا ہی مسز کوشل (کترینہ کیف) کے ساتھ ہوا۔ جب کترینہ کیف نے بالی وُڈ میں قدم رکھا تھا تو انہیں بالی ووڈ میں صرف ایک خوبصورت چہرے کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ بھارتی معروف شو ’کافی ود کرن‘ میں میزبان سے گفتگو میں بھی کترینہ نے اعتراف کیا کہ جو لوگ ان کی اداکاری کے بارے میں منفی رائے رکھتے تھے انہیں بھی اپنے بارے میں ویسا ہی لگنے لگا تھا اور یہ بھی ایک وجہ تھی کہ کترینہ کو نمستے لندن کی ناکامی کا یقین تھا اور اس لیے وہ فلم کی ریلیز سے پہلے بالی وُڈ تو کیا شہر تک چھوڑدینا چاہتی تھیں۔
تاہم کترینہ نے بتایا کہ اُن کا ارادہ تھا کہ فلم کی نمائش کے بعد وہ بالی وُڈ کو خیرباد کہہ دیں گی لیکن نمائش میں فلم کو جو پذیرائی ملی، اس نے انہیں ایک حوصلہ دیا اور انہوں نے بالی وُڈ میں ہی آگے بڑھنے کا مصم ارادہ کرلیا۔

صدر مملکت نے نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔
یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں تقسیم اعزازات کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں صدر مملکت نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا۔
صدر مملکت نے ن م راشد مرحوم کے لیے ادبی خدمات پر بعداز وفات نشان امتیاز کا اعزاز دیا جبکہ مجید امجد مرحوم کے لیے ادبی خدمات پر بعد از وفات نشان امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔ ڈاکٹر انعام الرحمان کے لیے شعبہ سائنس میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز اور ڈاکٹر قمر محبوب کے لیے شعبہ انجینئرنگ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر ہلال امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔
طاہر اکرام کو شعبہ انجینئرنگ میں نمایاں خدمات، روحیل حیات کو شعبہ موسیقی میں نمایاں خدمات، کشور ناہید کو شعبہ ادب میں نمایاں خدمات، محمد عظمیٰ عبدالحامد کو سماجی شعبہ میں نمایاں خدمات پر ہلال امتیاز کا اعزاز دیا گیا جبکہ شیخ احمد بن حنبل الخلیلی کو مذہبی خدمات پر ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔
محمد بخش اور محترمہ ریشماں کو ستارہ شجاعت کا اعزاز دیا گیا جبکہ سید عقیل بالگرامی کو شعبہ تعمیرات میں نمایاں خدمات، محمود الحق علوی مرحوم کو سماجی خدمات پر بعد از وفات ستارہ امتیاز سے نوازا گیا۔ سلمان اقبال کو شعبہ کھیل اور فلم انڈسٹری میں نمایاں خدمات پر ستارہ امتیاز دیا گیا۔
سید تجمل حسین کو ڈیٹا سائنس، پروفیسر ڈاکٹر یاسر ایاز کو روبوٹک سائنس، محترمہ شکیلہ ناز کو شعبہ فن اور عرفان اللہ جان کو شعبہ سماجی خدمات پر صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ چودھری خالد محمود کیلئے سماجی و سیاسی خدمات پر ستارہ قائد اعظم کا اعزاز دیا گیا۔
محمد اکبر خان کو سماجی خدمات، اقبال مسیح کو بعد از وفات اور عبدالغفار شیخ کیلئے بعد از شہادت، ضیاء حسین شہید کیلئے تمغہ شجاعت کے اعزاز کا اعلان کیا گیا۔ تبسم شبیر اعوان کو انسداد دہشتگردی کی خدمات، عرفان احمد خان درانی، اسد اللہ قریشی، محمد علی کو بہادری اور شجاعت جبکہ احمد علی اور صادق حسین کو بھی تمغہ شجاعت کا اعزاز دیا گیا۔
صدر مملکت کی جانب سے نورالدین، ملک دارا خان شہید، محمد رحیم شاہ، سعید خان، محمد ولید صابر خان، وقار احمد، عبدالقہار خان، جمیل احمد کلہوڑو اور عدنان ملک کیلئے شجاعت و بہادری پر تمغہ شجاعت کے اعزاز سے نوازا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر محمد عابد کیلئے شعبہ انجینئرنگ میں نمایاں خدمات اور مومنہ درید قریشی کو فن و ادب میں نمایاں خدمات پر تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔ اسد محمود کیلئے بھی شعبہ خدمات عامہ میں نمایاں کارکردگی پر تمغہ امتیاز کا اعزاز دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ سے عراقی وزیر خارجہ کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے عراقی وزیر خارجہ ڈاکٹر فواد محمد حسین نے ملاقات کی ہے۔
صادق سنجرانی اور ڈاکٹر فواد حسین کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ نے عراقی وزیر خارجہ سے گفتگو میں تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے پاکستانی زائرین کو سہولت کی فراہمی پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر فواد حسین نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور قوم کو یوم پاکستان پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمیں پاکستانیوں کی مختلف شعبوں میں ضرورت ہے، باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عرب دنیا کے اسلامی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں، عراق اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان اور عراق بین الاقوامی فورمز پر یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے مؤقف کے حامی ہیں۔
صادق سنجرانی نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، کثیرالجہتی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عراق کی حکومت اور عوام نے دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانی دی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ افغانستان کے امن کے اثرات پورے خطے پر پڑتے ہیں، ترقی و خوشحالی کے لیے امن انتہائی لازمی ہے۔ پاکستان خطے میں اقتصادی و معاشی خوشحالی کے لیے کوشاں ہے، او آئی سی رکن ممالک نے تعاون کا مظاہرہ کیا، شکر گزار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر عراقی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، کشمیر کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے، عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ ادارہ جاتی تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ٹیکنالوجی، سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔

اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کروں گا: اسد قیصر کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) متحدہ اپوزیشن کی طرف سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کروں گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے لکھا کہ میں ملکی قومی اسمبلی کا نگراں ہونے کے ناطے اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کروں گا اور آئین کے آرٹیکل 95 اور قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے اصول 37 کے مطابق آگے بڑھوں گا۔
خیال رہے کہ ان دنوں ملکی سیاسی صورتحال میں گہما گہمی ہے کیونکہ اپوزیشن ارکان نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی ہے۔
تحریکِ عدم اعتماد پر ن لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی سمیت 86 اراکین کے دستخط ہیں۔ تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اسٹاف نے وصول کی۔