All posts by Khabrain News

پسند کی پارٹی کو ووٹ دینے پر شوہر کا بیوی پر بدترین تشدد

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت سے ایک انوکھی خبر نے سب کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے، جہاں پر شوہر نے اپنی بیوی کو اس لیے تشدد کا نشانہ بنایا کہ بیوی نے اس کی پسندی کی پارٹی کو ووٹ نہیں دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں پیش آیا جہاں 21 سالہ بیوی کو شوہر نے پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر گھر سے نکال دیا، پھر فون پر طلاق کی دھمکیاں بھی دینے لگا۔
رپورٹ کے مطابق 11 مارچ کو پیش آئے واقعے میں ہوا کچھ یوں کہ بیوی نے شوہر کی طرف کے کسی رشتے دار کے سامنے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ میں خوش ہوں کہ جس پارٹی کے امید وار کو میں نے ووٹ دیا وہ فاتح ٹھہرا۔
خاتون نے کہا کہ اس نے جس پارٹی کو ووٹ دیا ہے وہ بھارت میں مسلم خواتین کی حالت بہتر بنانے کے لیے سخت قوانین لائے ہیں، شوہر نے جب سنا کہ بیوی نے اسے ووٹ نہیں دیا جس کی حمایت وہ خود کر رہا تھا تو اس نے تشدد شروع کر دیا اور پھر گھر سے نکال دیا۔
بعدازاں خاتون نے غیر سرکاری تنظیم قومی کمیشن برائے حقوق نسواں سے رابطہ کیا جنہوں نے پولیس سے مذکورہ شخص کے خلاف سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
تاہم علاقے کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ خاتون نے ابھی تک تحریری شکایت کے ساتھ پولیس سے رجوع نہیں کیا، اگر اس کی طرف سے شکایت درج کروائی گئی تو ہم کارروائی کریں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اگر وہ اپنے شوہر کے خلاف کارروائی چاہتی ہے تو ایف آئی آر درج کرائیں اور اگر وہ چاہتی ہے کہ ہم ثالثی کریں اور ازدواجی تنازع کو حل کریں تو ہم اس کیس کو ثالثی سیل میں منتقل کر دیں گے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ ان کی شادی ختم نہ ہو۔

عدم اعتماد: حکومتی ٹیم کی ایم کیو ایم وفد سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے خلاف متحدہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی تیاریوں کے پیش نظر عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیاسی کمیٹی کو اتحادیوں سے رابطے جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں حکومتی ٹیم نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد سے ملاقات کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، امین الحق، خواجہ اظہار الحسن اور جاوید حنیف شامل تھے۔
حکومتی رہنماوں بشمول اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پر مشتمل وفد نے ایم کیو ایم ارکان کو وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے اٹارنی جنرل سے کل سپریم کورٹ میں صدارتی ریفرنس کی سماعت پر تبادلہ خیال بھی کیا۔

پشاور: چچا نے کمسن بچے کو قتل کر دیا

پشاور: (ویب ڈیسک) ظالم چچا نے کمسن بچے کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
پشاور کے علاقے مہمند آباد میں گھر میں پالی ہوئی مرغیوں کو تنگ کرنے پر چچا طیش میں آ گیا اور معصوم بھتیجے پر فائرنگ کر دی ، اس دوران بچے موقع پر ہی چل بسا جبکہ اس کی ماں شدید زخمی ہو گئے جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا جسے جلد پکڑ لیں گے۔

پولینڈ میں 45 روسی سفارت کار جاسوسی کے الزام میں ملک بدر

وارسا: (ویب ڈیسک) پولینڈ نے روس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں 45 سفارت کاروں کو ملک برد کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولینڈ کے وزیر داخلہ مارئیس کامنسک نے میڈیا کو بتایا کہ سفارت کاروں کے بھیس میں 45 روسی جاسوسوں کو ملک بدر کردیا اور اپنے ملک میں روس کے اسپیشل سروسز نیٹ ورک کو ختم کر رہے ہیں۔
قبل ازیں پولینڈ کے انٹیلی جنس ادارے کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ روس کے 45 سفارت کاروں نے سفارتی سرگرمیوں کی آڑ میں پولینڈ کی جاسوسی کی جس کے مکمل شواہد موجود ہیں۔ وزارت خارجہ کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ روسی سیکرٹ سروس کے لیے جاسوسی کرنے کے شبے میں ایک پولش شہری کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو وارسا رجسٹری آفس کے آرکائیوز میں کام کرتا تھا۔
پولینڈ یورپی یونین کا رکن ملک ہے جس کی سرحد یوکرین سے ملتی ہے۔ روس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پولینڈ، یوکرین کو جنگی ساز و سامان مہیا کرسکتا ہے۔

کوئی آئین کو میلی نگاہ سے دیکھے گا تو ن لیگ کا ورکر سیسہ پلائی دیوار بن جائیگا، احسن اقبال

ٹیکسیلا: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ شکست عمران نیازی کا مقدر بن چکی ہے، یہ حکومت گرانے یا بنانے کی جدوجہد نہیں ہے، اب ہمیں کسی کرسی کا لالچ نہیں ہے، چاہتے ہیں کہ بچوں کو ایک معاشی طور پر مضبوط ملک دے کرجائیں۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہماری جدوجہد پاکستان کو ایک کامیاب ریاست بنانے کی ہے، پاکستان دنیا کا ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا، ہم آج نواز شریف کی قیادت میں جدوجہد کررہے ہیں۔
انہوں ںے کہا کہ جو ملک اپنے آئین پر چلتا ہے وہ مضبوط ہوتا ہے اور جس ملک کو آئین پر نہیں چلایا جاتا وہ ملک کمزور ہوجاتا ہے، ووٹ کی طاقت ختم ہوتی ہے تو غریب کی طاقت ختم ہوجاتی ہے، ووٹ کی عزت کا مطلب غریب کی عزت ہے۔
ن لیگ کے مرکزی سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ اگر کوئی پاکستان کے آئین کو میلی نگاہ سے دیکھے گا تو مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر سیسہ پلائی دیوار بن جائے گا۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ 28 مارچ کو راولپنڈی مری روڈ پر پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے ملکی تاریخ میں دو بار کوشش کی کہ پاکستان ترقی یافتہ ملک بن جائے لیکن دونوں مرتبہ ایک سازش کے تحت ن لیگ کو روکا گیا، قوم سے دھوکہ کیا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت بننے والا پہلا اسلامی ملک تھا لیکن اب عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل ہو گیا ہے تو ایسی صورت میں تحریک عدم اعتماد ہی واحد جمہوری راستہ ہے۔
پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کریں ورنہ استعفیٰ دے دیں، ہم تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شیدا ٹلی کہتا ہے ملیشیا نہیں بن سکتی،ان کے لوگوں کی ڈنڈے تیار کرتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، کیا یہ پرائیویٹ ملیشیا نہیں ہے؟
رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انہوں نے ملک کو لوٹا اور کرپشن کا بازار گرم کیا، ملک کی سیاسی اقدار اور اخلاقیات کا بھی جنازہ نکال دیا، قوم کے پاس انہیں نکالنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے، یہ اپنے منحرف اراکین کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ لانگ مارچ میں پورا پنجاب راولپنڈی پہنچے گا اور راولپنڈی جلسے میں اپنی بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کریں گے۔

کچھ منحرف ارکان نے پیسے پکڑے ہوں گے لیکن اکثریت ناراض ہیں، علی محمد خان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امورعلی محمد خان نے منحرف ارکان کے حوالے سے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
علی محمد خان کا کہنا تھاکہ پاکستان تحریک انصاف کے کچھ منحرف ارکان نے پیسے پکڑے ہوں گے لیکن اکثریت ارکان ناراض ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ارکان اسمبلی پر اعتماد ہے، اکثریت عمران خان اور پارٹی کے ساتھ ہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھاکہ منحرف ارکان اسمبلی کے پنجاب حکومت سے متعلق خدشات جلد دور کریں گے۔
خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے منحرف ارکان پر پیسے لینے کا الزام لگایا گیا ہے جبکہ ارکان نے اس کی تردید کی ہے۔

اپوزیشن کے ساتھ کچھ باتوں پر قطعی طور پر نہیں بیٹھ سکتے: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ کچھ باتوں پر قطعی طور پر نہیں بیٹھ سکتے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 27 مارچ کوتاریخی جلسہ کریں گے، مسلم لیگ (ن) اس وقت دباؤ کا شکار ہے، ان کو اب سمجھ نہیں آ رہی کہ کہاں جانا ہے، اپوزیشن کے ساتھ کچھ باتوں پر قطعی طور پر نہیں بیٹھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کرپٹ ٹولے کوکسی صورت این آراونہیں دیں گے، فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کی سیاست کونقصان پہنچایا، ملاکنڈ جلسے نے پیپلزپارٹی کی مقبولیت کا بھانڈا پھوڑدیا۔

پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان کی پروقارتقریب

نئی دہلی / اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نئی دہلی میں قائم پاکستان ہائی کمیشن میں یوم پاکستان پر کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا اور23 مارچ کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، پاکستانی ناظم الامورنے صدراوروزیراعظم پاکستان کا پیغام پڑھ کرسنایا اور قومی ترانے کے دھن پر قومی پرچم لہرایا گیا۔
پاکستان کے قومی دن پر پرتپاک مبارکباد پیش کرتے ہوئے پاکستانی ناظم الامور نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک پاکستان کے دیگر قومی رہنماؤں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، جنہوں نے اپنے غیر متزلزل عزم اور انتھک کوششوں سے برصغیرکے لاکھوں مسلمانوں کے لئے ایک الگ وطن بنایا۔
ناظم الامور آفتاب حسن خان نے اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان اقوام عالم میں ایک ذمہ دار جمہوری ریاست کے طور پر باوقار کردار ادا کر رہا ہے، اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کا انعقاد عالم اسلام میں پاکستان کے کلیدی کردار کا واضح مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صنعت، سائنس و ٹیکنالوجی اور فن و ثقافت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں ترقی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشن سے لے کر افغانستان میں امن کی کوششوں تک، پاکستان نے ہمیشہ امن و استحکام کے حامی کے طور پر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔
ناظم الامورنے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی فائدہ مند تعلقات کا خواہاں ہے اور تمام تصفیہ طلب تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے پرامن ذرائع سے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے۔
تقریب میں پاکستان ہائی کمیشن اسکول کے طلباء نے قومی اورملی نغموں پر خاکے پیش کیے اور قیام پاکستان کی تاریخی جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے تقاریر کیں۔ تقریب کے اختتام پرناظم الامورکی اہلیہ ارم گیلانی نے طلباء اور اساتذہ میں انعامات اور تحائف تقسیم کئے اورکیک کاٹا۔

وقار یونس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بن گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس باضابطہ طور پر پی سی بی ہال آف فیم میں شامل ہوگئے ہیں۔ وہ بینو قادر ٹرافی کے تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز اعزازی ٹوپی اور پلاک وصول کر کے پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنے۔
وقار یونس نےپاکستان کی جانب سے 373 ٹیسٹ اور 416 ون ڈے انٹرنیشنل وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں پانچ ٹیموں کے خلاف 50 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔ ان ٹیموں میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، سری لنکا اور زمبابوے شامل ہیں۔ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں بھی وہ یہ اعزاز چار ٹیموں کے خلاف حاصل کرسکے۔ان ٹیموں میں سری لنکا، نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔
پاکستان کرکٹ کے لیے شاندار خدمات پر پی سی بی نے پہلے ہی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک انکلوژر کو وقار یونس سے منسوب کررکھا ہے۔ یہ وہ گراؤنڈ ہے جہاں وقار یونس نے 7 ٹیسٹ میچز میں 29 اور 12 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 14 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔
وقار یونس کا کہنا ہے کہ وہ ایک ایسے موقع پر کہ جب ان کی والدہ اور اہلیہ بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں وہ پی سی بی ہال آف فیم میں شمولیت پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ درحقیقت پی سی بی ہال آف فیم کی یہ اعزازی پلاک اپنی والدہ سے وصول کرنا ان کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کیونکہ وہ اپنی والدہ سے بہت متاثر تھے۔ ان کے بغیر وہ کرکٹ میں یہ سب حاصل نہ کر پاتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے خواب کی تکمیل تھا اور وہ آج بھی اس لمحے کو یاد کرکے پرجوش ہوجاتے ہیں ۔ اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کے 19 سال بعد پی سی بی کی جانب سے یہ اعزاز دئیے جانے پر وہ بورڈ کے مشکور ہیں۔
وقار یونس نے کہا کہ ان کے لیے فخر کی بات ہے کہ وہ اس اعزاز کی وجہ سے آج عبدالقادر، فضل محمود حنیف محمد، وسیم اکرم، جاوید میانداد اور ظہیر عباس جیسے عظیم کھلاڑیوں کی صف میں کھڑے ہورہے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی لیجنڈز ہیں اورتاریخ کرکٹ کے لیے ان کی خدمات کی لازوال داستانوں سے بھری پڑی ہے۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے بعد پی سی بی ہال آف فیم کا آغاز اپریل 2021 میں ہوا۔ اس کا مقصد کرکٹ کے عظیم کھلاڑیوں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں اعزازات سے نوازنا ہے۔
ابتدائی طور پر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل پاکستان کے چھ ارکان، حنیف محمد، عمران خان، جاوید میانداد، وسیم اکرم، وقار یونس اور ظہیر عباس براہ راست پی سی بی ہال آف فیم کا حصہ بنےجبکہ آزاد ووٹنگ پینل نے عبدالقادر اور فضل محمودکو 16 اکتوبر 2021 کوپی سی بی ہال آف فیم میں منتخب کیا۔

وفاقی وزیر عمر ایوب پیرا گلائیڈنگ ٹیک آف کے دوران حادثے میں بال بال بچ گئے

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) مظفرآباد میں یوم پاکستان پیرا گلائیڈنگ فیسٹیول میں وفاقی وزیر عمر ایوب پیرا گلائیڈنگ ٹیک آف کے دوران پھسل کر گرگئے۔
یوم پاکستان پیرا گلائیڈنگ فیسٹیول میں عمر ایوب خود پیرا گلائیڈنگ کر رہے تھے اور ٹیک آف کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
عمر ایوب حادثےمیں بال بال بچ گئے اور کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہے تاہم ان کے بازوؤں اور ٹانگوں پر معمولی زخم آئے ہیں، عمر ایوب کو جائے وقوعہ پر ہی فوری طبی امداد دی گئی۔