All posts by Khabrain News

سعودی عرب آنے والوں کے لیے ویکسی نیشن، ٹیسٹ ، قرنطینہ کی شرط ختم

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب آنے والوں کے لیے ویکسی نیشن، ٹیسٹ ، قرنطینہ کی شرط ختم کر دی گئی۔
سعودی عرب میں کورونا پابندیاں ختم کرتے ہوئے غیرویکسین شدہ افراد کو مملکت میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔ عمرے کی غرض سے آنے والے بھی اب کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔
سعودی عرب کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں پر عائد تمام پابندیاں ختم کردی گئی ہیں۔
منسوخ شدہ پابندیوں میں کرونا کے خلاف ویکسینیشن کا سرٹیفکیٹ جمع کروانے کی شرط اور سعودی عرب میں آنے یا آنے سے پہلے پی سی آر ٹیسٹ کروانے نیز مملکت میں آنے والے مسافروں کے لیے ضروری قرنطینہ کی شرائط کا خاتمہ شامل ہے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کے بیان کے مطابق غیر ویکسین شدہ افراد مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز ادا کرسکیں گے۔ وہ غیر ویکسین شدہ افراد عمرہ اور مسجد الحرام میں نماز ادا کرسکیں گے جو کورونا میں مبتلا نہیں ہوئے۔
وزارت حج و عمرہ نے مزید کہا کہ ملک میں کورونا وبا کی صورتحال قابو میں ہے جس کے باعث اب ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو عمرہ کرنے اور مسجد الحرام میں نماز پڑھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

آرمی چیف سے سعودی وزیر خارجہ کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اورعلاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور باہمی دفاعی تعلقات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ برادرانہ اور تاریخی تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں منفرد حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ آرمی چیف نے او آئی سی اجلاس کو تاریخی اقدام قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اجلاس سے دنیا اسلامی ممالک کی مشترکہ حکمت عملی اور سوچ سے آگاہ ہو گی ، مشترکہ حکمت عملی سے امن اور استحکام کے لیے ابھرتے چیلنجز کا حل ڈھونڈنے میں مدد ملے گی۔
سعودی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے کردار کوسراہا ، شہزادہ فیصل نے سرحدی انتظامات ،علاقائی استحکام کے لیے بھی پاکستانی اقدامات کی تعریف کی۔

کراچی: شارع فیصل پر ٹرک نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، باپ اور 2 بیٹیاں جاں بحق

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کی شارع فیصل پر صبح سویرے سیمنٹ مکسچر ٹرک نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی، حادثے میں باپ اور دو بیٹیاں جاں بحق ہوگئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب باپ دونوں بیٹیوں کو موٹرسائیکل پر سکول چھوڑنے جا رہا تھا، شارع فیصل عوامی مرکز کے قریب سیمنٹ مکسچر ٹرک نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔ ٹرک کی زد میں آ کر باپ اوردونوں بیٹیاں موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ٹرک کو تحویل میں لے کر ڈرائیورظفر گرفتار کر لیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں بیٹی 12 سالہ شجاع اور 9 سالہ بتول جبکہ باپ 35 سالہ ظہیرالدین شامل ہیں۔ تینوں کی لاشیں جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والا ظہیر گلستان جوہر کا رہائشی تھا۔ متوفی ظہیر چاول کے دانے پر نام لکھنے کا کام کیا کرتا تھا۔

اسٹیو اسمتھ بڑے ریکارڈ سے صرف 7 رنز کی دوری پر

لاہور : (ویب ڈیسک) آسٹریلوی بلے باز اسٹیو اسمتھ بڑے ریکارڈ سے صرف 7 رنز کی دوری پر ہیں۔
32سالہ بیٹسمین نے اگر پاکستان کے لاہور ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 7 رنز بنا لئے تو وہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 8 ہزار رنز مکمل کرنے والے بلے باز بن جائیں گے۔
اسٹیو اسمتھ اپنا85واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ لاہور ٹیسٹ میں انہوں نے پہلی اننگز میں 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی 150ویں اننگز تھی۔ وہ 150 ٹیسٹ اننگز میں 7993 رنز بنا چکے ہیں۔
دوسری اننگز میں 7 رنز بنا کر وہ 151 اننگز میں 8000 رنز مکمل کر لیں گے۔ اسٹیو اسمتھ سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کمار سنگاکارا کے پاس ہے جنہوں نے 152 اننگز میں 8 ہزار رنز بنا رکھے ہیں۔
سنگاکارا ہی ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 9 ہزار، 10 ہزار، 11 اور 12 ہزار رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

ٹیلی گرام مقبولیت میں واٹس ایپ سے آگے

روس : (ویب ڈیسک) ٹیلی گرام مقبولیت میں واٹس ایپ سے آگے نکل گیا۔
میسجنگ ایپ ٹیلی گرام نے دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ کو پیچے چھوڑ دیا لیکن ایسا پوری دنیا میں نہیں بلکہ صرف روس میں ہوا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق اب روس میں سوشل میڈیا صارفین کی اکثریت واٹس ایپ کی بجائے ٹیلی گرام کو ترجیح دے رہی ہے۔
روس کی موبائل فون آپریٹر کمپنی میگافون کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق روس یوکرین تنازع میں شدت آنے کے بعد لاکھوں صارفین نے واٹس ایپ کی بجائے ٹیلی گرام استعمال کرنا شروع کر دیا۔
میگافون کے مطابق مارچ کے پہلے دو ہفتوں میں مجموعی میسجنگ ٹریفک میں ٹیلی گرام کا حصہ 43 فیصد سے بڑھ کر 63 فیصد ہو گیا ہے جبکہ واٹس ایپ کا حصہ اسی عرصے میں 48 فیصد سے کم ہو کر 32 فیصد رہ گیا۔
اس سے قبل واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام کی ملکیتی کمپنی میٹا نے اعلان کیا تھا کہ وہ یوکرین میں جنگ کی حمایت کرنے والے روسی شہریوں اور جنگ میں حصہ لینے والے روسی فوجیوں کے خلاف پرتشدد میسجزکی اجازت دے گی۔
روس انسٹاگرام اور فیس بک کو شدت پسند قرار دیتے ہوئے ان پر پابندی عائد کر چکا ہے۔ روس کا موقف ہے کہ یوکرین سے جنگ کے معاملے پر امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا روس مخالف مہم چلانے میں کردار ادا کر رہی ہے۔

محنت کش شادی ہال میں مر گیا، باراتی کھانا کھاتے رہے

پتوکی : (ویب ڈیسک) پتوکی میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا جہاں باراتیوں کے تشدد سے محنت کش موقع پر دم توڑ گیا۔ شادی ہال میں ایک لاش کے باوجود باراتی کھانا کھانے میں مصروف رہے۔
پتوکی میں ایک شادی ہال کے باہر پاپڑ بیچنے والے شخص پر جیب تراشی کا الزام لگایا گیا۔ باراتیوں نے محنت کش پر الزام لگا کر اسے مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پچاس سالہ محنت کش کی لاش شادی ہال میں پڑی رہی ،ظلم اور بےحسی کی انتہا کرتے ہوئےباراتی کھانا کھانے میں مصروف رہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شادی ہال کے مینجر کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

نوازشریف کےخلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا: براڈ شیٹ سربراہ الزامات سے دستبردار

لاہور: (ویب ڈیسک) براڈ شیٹ کے سربراہ کاوے موسوی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف لگائے گئے الزامات سے دستبردار ہوتے ہوئے معافی مانگ لی۔
جنگ اخبار کے مطابق انٹرویو میں براڈ شیٹ کے سی ای او کاوے موسوی نے کہا کہ وہ دو دہائیوں تک احتساب کے نام پر نوازشریف کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں کا حصہ بننے پر شرمندہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ریکارڈ کی درستگی کے لئے معافی چاہتے ہیں کیونکہ دودہائیوں سے جاری براڈ شیٹ کی فرانزک تحقیقات کے دوران نواز شریف یا ان کی فیملی کے حوالے سے ’’ایک روپیہ‘‘ کی کرپشن کا ثبوت نہیں ملا۔

پی ڈی ایم سربراہ آج ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد جائیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آج ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد جائیں گے۔
مولانا فضل الرحمان اور ایم کیوایم قیادت کے درمیان ملاقات ہو گی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاجائےگا۔
مولانا فضل الرحمان ایم کیو ایم قیادت سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد پر حمایت مانگیں گے۔
گزشتہ روز اپوزیشن کے وفد نے اسلام آباد کے پارلیمنٹ لاجز میں ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال ، تحریک عدم اعتماد اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں میں ملاقاتوں اور پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق اپوزیشن وفد میں اختر مینگل ، احسن اقبال،ایاز صادق ، راناثنااللہ اور خواجہ سعد رفیق جبکہ پیپلز پارٹی کے خورشید شاہ اور سہیل انور سیال شریک ہوئے ۔
جبکہ ایم کیو ایم کے وفد میں سینیر ڈپٹی کنوینر عامر خان ، وسیم اختر اور امین الحق شامل تھے۔

وزیر اعظم عمران خان پر ایک ہفتے میں دوسری بار جرمانہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان پر ایک ہفتے میں دوسری بار جرمانہ ہو گیا۔
وزیراعظم عمران خان کو ایک بار پھر جرمانہ کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر سوات نے وزیر اعظم عمران خان پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا۔
وزیر اعظم کو جرمانہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ چل رہا ہے اس لیے عوامی نمائندوں کے انتخابات والے اضلاع میں جلسے جلوسوں اور انتخابی مہم چلانے پر پابندی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے پابندی کے باوجود سوات میں جلسہ کیا تھا۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے وزیر اعظم کے علاوہ وفاقی وزرا اور صوبائی وزیروں کو بھی جرمانہ کیا ہے۔
اس سے قبل لوئر دیر کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے بھی عمران خان کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا تھا۔

مریم نواز کو تیز بخار، سوات جلسہ منسوخ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت کی ناسازی کے باعث مسلم لیگ ن کا سوات جلسہ منسوخ کر دیا گیا۔
ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے مطابق مریم نواز کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی ہے۔ تیز بخار کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں سفر سے منع کردیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ خیبرپختونخوا خاص طور پر اہل سوات سے معذرت خواہ ہیں۔ مریم نوازشریف کی صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ مریم نواز گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس پر اپیل کی سماعت کے دوران عدالت پیش ہوئی تھی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی تھی۔
مریم نواز نے 24 مارچ کو حمزہ شہباز کے ہمراہ لاہور سے مارچ لے کر اسلام آباد کی طرف روانہ ہونا ہے۔
مسلم لیگ ن کی طرف سے پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق کاروان 24 مارچ کو لاہور سے روانہ ہو گا اور مختلف مقامات پر قیام کرتا ہوا 27 مارچ کو اسلام آباد پہنچے گا۔