All posts by Khabrain News

انسانی حقوق پرطالبان اورمغربی ممالک میں مذاکرات ہوں گے

اوسلو: (ویب ڈیسک) انسانی حقوق پرطالبان اورمغربی ممالک کے درمیان اجلاس آئندہ ہفتے ناروے میں ہوگا۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق ناروے کے وزارت خارجہ کے مطابق طالبان وفدانسانی حقوق پرمذاکرات کے لئے آئندہ اوسلو آئے گا۔ انسانی حقوق کی صورتحال پرطالبان کے ساتھ امریکا، برطانیہ، فرانس ،اٹلی اوریورپی یونین کے نمائندوں کے مذاکرات متوقع ہیں۔ ناروے کی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ طالبان وفد کی ناروے آمد کا مقصد یہ نہیں کہ طالبان کوتسلیم کرلیا گیا ہے لیکن جو لوگ ایک ملک چلا رہے ہیں ان سے مذاکرات ہونے چاہئیں۔ مذاکرات کے لئے طالبان وفد کی قیادت طالبان حکومت کے قائم مقام وزیرخارجہ عامرخان متقی کریں گے۔

طالبان سے فائرنگ کے تبادلے میں 8 افغان مزاحمت کار ہلاک

کابل: (ویب ڈیسک) طالبان نے افغانستان کے شمال میں ایک جھڑپ میں قومی اپوزیشن گروپ کے 8 مزاحمتی جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق پولیس کے مطابق طالبان اور نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) کے جنگجو کے مابین صوبہ بلخ میں لڑائی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ این آر ایف کی قیادت طالبان مخالف کمانڈر احمد شاہ مسعود کے بیٹے کر رہے ہیں۔ صوبائی پولیس کے ترجمان آصف وزیری نے ایک آڈیو پیغام میں صحافیوں کو بتایا کہ این آر ایف کے 8 جنگجو طالبان کے ساتھ ’براہ راست جھڑپ‘ میں مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ طالبان فورسز نے این آر ایف کے جنگجوؤں سے گولہ بارود اور مشین گنیں بھی قبضے میں لے لیں۔ این آر ایف کے ترجمان نے تاحال تبصرہ کرنے کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا۔ یہ لڑائی طالبان کے وزیر خارجہ امیر خان متقی کی تہران میں احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود کے ساتھ بات چیت کے دو ہفتے سے بھی کم وقت کے بعد ہوئی ہے۔ اس سربراہی اجلاس کے بعد مزاحمتی دھڑے کے ایک اہلکار نے کہا تھا کہ این آر ایف اور طالبان ’الگ الگ صفحات‘ پر ہیں اور مفاہمت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ این آر ایف فورسز نے گزشتہ برس طالبان کے قبضے کے خلاف آخری جنگ لڑی اور وادی پنجشیر کی طرف پسپائی اختیار کی جو کہ ستمبر میں حکومتی دستوں کے ہتھیار ڈالنے کے ہفتوں بعد گر گئی تھی۔

بالی ووڈ کوریو گرافر نے خودکشی کرلی

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کے کوریو گرافر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر جیسن واٹکنز نے نامعلوم وجوہات پر خودکشی کرلی۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے معروف ریمو ڈی سوزا کی اہلیہ کے بھائی جیسن نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر جمعرات کے روز خودکشی کی، جس کی تصدیق کوریو گرافر ریمو نے خود بھی کی۔ ریمو ڈی سوزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے سالے کی یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’تم نے ہمارے دل توڑ دیے، امید ہے اب تمھیں وہ سکون مل گیا ہوگا جس کو تم تلاش کرتے تھے‘۔ پولیس کے مطابق جیسن جیسن نے ممبئی کے علاقے اندھیری یمنی نگر میں اپنی رہائش گاہ میں پنکھے سے جھول کر خودکشی کی۔ اوشی وارہ پولیس حکام کے مطابق انہیں دوپہر کے وقت ہیلپ لائن پر اطلاع موصول ہوئی جس کے بعد اہلکار مذکورہ گھر پہنچے تو وہاں ایک شخص پنکھے سے جھولتا ہوا پایا گیا۔ پولیس کے مطابق کمرے سے کوئی تحریر نہیں ملی اور نہ ہی اہل خانہ خودکشی کے حوالے سے کچھ زیادہ جانتے ہیں۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔ واضح رہے کہ جیسن خود بھی کوریو گرافر تھے جنہوں نے ریمو کے ساتھ کئی پروجیکٹس میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام بھی کیا ہے۔

انڈر 19 ورلڈ کپ ؛ پاکستان نے کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیے۔ ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم پرگروپ ’’سی‘‘ میچ میں گرین شرٹس نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا،حسیب اللہ خان صرف 2رنز تک محدود رہے،محمد شہزاد نے 43 رنز کا سہارا دیا، عرفان خان 4رنز بنا سکے، کپتان قاسم اکرم38کی اننگز کھیلکر رن آؤٹ ہوئے، عبدالفصیح نے6 چوکوں اور 2 چھکوں سمیت 68 رنز کی اننگز کھیلی، احمد خان نے کھاتہ نہیں کھولا، عباس علی 5رنز بنا سکے،مہران ممتاز 11اور ذیشان ضمیر 3رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ْ اختتامی اوورز میں معاذ صداقت کی 37 گیندوں پر 7 چوکوں سمیت 42 رنز کی ناقابل شکست اننگز نے ٹوٹل 9 وکٹ پر239 تک پہنچانے میں مدد دی، اظہار الحق نے 3جبکہ نور احمد اور نوید زادران نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم 9 وکٹ پر 215 رنز تک محدود رہی، اوپنر بلال سعیدی 42 اور اعجاز احمدزئی 39 رنز بنا کر نمایاں رہے،اویس علی3اور قاسم اکرم2 وکٹیں اڑانے میں کامیاب ہوئے، 24رنز کی فتح پاکستان کا مقدر بنی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل پہلے گروپ میچ میں گرین شرٹس نے زمبابوے کو 115کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔

گلیڈی ایٹرز بہتر کمبی نیشن سے فتح کے خواہاں

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل7میں گلیڈی ایٹرز بہتر کمبی نیشن کی بدولت فتح پانے کے خواہاں ہیں جب کہ کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ ہمیں غیر ملکی میچ ونرز کی خدمات بھی حاصل ہیں۔ پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگوکرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل 7 کے لیے ہمارا اچھا اسکواڈ منتخب ہوا،اب کھلاڑیوں کو میدان میں پرفارم کرنے کیلیے تیار کرنا ہے، غیر ملکی کرکٹرز میں ہمیں میچ ونر جیمز ونس کی خدمات میسر ہیں، بین ڈکٹ بگ بیش میں زبردست فارم میں نظر آئے، جیمز فالکنر بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم ہو، پی ایس ایل یا کوئی بھی لیگ شاہد آفریدی ہمیشہ میچز جتواتے رہے ہیں،ہم ان کے تجربے کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ عمر اکمل ایک زبردست بیٹر ہیں، ہم اچھی کارکردگیکیلیے ان کا جذبہ اْبھاریں گے، پی ایس ایل میں کم بیک عمر کیلیے بھی ایک موقع ہو گا کہ ٹاپ کرکٹرز کی موجودگی میں بہتر پرفارم کرکے مستقبل کی کرکٹ کے لیے مزید دروازے کھولیں۔ سرفراز نے کہا کہ ہمیں اعظم خان کی کمی محسوس ہو گی مگر نوجوان بیٹر کی جگہ لینے والوں کو بھی پرفارم کرنا ہوگا، محمد حسنین کا یہ ہمارے ساتھ چوتھا سیزن ہے،بگ بیش میں پیسر کی کارکردگی دیکھ کر خوشی ہوئی،پی ایس ایل سے قبل ان کا ردھم میں آنا ٹیم کیلیے کارآمد رہے گا، امید ہے کہ وہ ہمارے اسٹرائیک بولر ثابت ہوں گے۔ کپتان نے کہا کہ گذشتہ سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کمبی نیشن متاثر ہوا، تین اہم غیر ملکی کھلاڑیوں نے تاخیر سے ٹیم کوجوائن کیا، پریکٹس کی کمی رہی، دوسرے مرحلے کے میچز میں فاف ڈوپلیسی اور آندرے رسل انجرڈ ہوگئے،امید ہے کہ اس بار ان مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ میدان میں پْرجوش رہنا میرا نیچرل اندازہے،ایسے ہی کپتانی کروں گا شاہد آفریدی کی جانب سے غصے پر کنٹرول کے بیان پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ میدان میں پْرجوش رہنا میرا نیچرل اندازاورکوشش ہوتی ہے کہ ٹیم فائٹ کرے، پی ایس ایل میں بھی اسی انداز میں قیادت کروں گا۔ گزشتہ سیزن کے ایک میچ میں دھیما انداز اختیار کرنے پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ماند پڑنے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ میرے ساتھ کھیلنے والے تمام کھلاڑی میرے اس اندازسے واقف ہیں،ان کا جذبہ بیدار رکھنے کے لیے یہی کوشش کرتا رہوں گا۔ انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم سے باہر ہونے پر افسوس ضرور ہوتا ہے لیکن فیصلے اللہ تعالی کے ہاتھ میں ہیں، میری ہمیشہ سے ایک ہی سوچ رہی کہ جو بھی کرکٹ ملے اس میں بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کرنا ہے، پی ایس ایل ہویا کسی بھی سطح کی کرکٹ میں اسی جذبہ کے ساتھ میدان میں اتروں گا۔ کیریئر کے دوران محمد حفیظ کی بڑی سپورٹ حاصل رہی سرفراز احمد نے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد حفیظ کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں آل راؤنڈر کی قیادت میں کھیلا، بعد ازاں میں بھی ان کا کپتان رہا، محمد حفیظ کیلیے پاکستان کرکٹ کیلیے بڑی خدمات ہیں،بطور کپتان جب بھی کسی صورتحال میں مشورے کی ضرورت پڑتی، ان سے رابطہ کرتا تھا، کیریئر کے دوران آل راؤنڈر کی بڑی سپورٹ حاصل رہی،کیریئر کی دوسری اننگز میں بھی ان کی کامیابی کیلیے دعا گو ہوں۔ کیا خود کو مضبوط کپتان ثابت کرنے کیلیے بورڈ سے جا کر لڑتا؟ سرفراز احمد نے کہاکہ کیا خود کو ایک مضبوط کپتان ثابت کرنے کیلیے بورڈ والوں سے جا کر لڑتا؟ بہت کچھ کہا جاتا ہے کہ اس کھلاڑی کو شامل نہ کرتے، فلاں کو اس نمبر پر بیٹنگ کے لیے نہ بھیجتے، ایسا کرتے تو ویسا ہو جاتا لیکن میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میری توجہ صرف اس بات پر مرکوز رہی کہ ہر کھلاڑی میدان کے اندر اور باہر مطمئن رہے،کوئی مسئلہ ہو تو مجھ سے بات کر سکے اور ٹیم کیلیے بہترین پرفارم کرے، پاکستان کو فتوحات حاصل ہوں،کپتانی کے دور میں جو بھی حاصل کیا اس پر مطمئن اور اللہ تعالی کا شکر گزار ہوں۔ سابق سلیکٹر توصیف احمد کی جانب سے فواد عالم کو موقع نہ دینے کے الزام پر انھوں نے کہا کہ وہ میرے کوچ اور چیف سلیکٹر رہے ہیں،میں ان کا بڑا احترام کرتا ہوں،کمرے میں بہت ساری باتیں ہوتی ہیں ان کو منظر عام پر نہیں لایا جا سکتا، میں توصیف احمد کی بہت عزت کرتا ہوں۔ مقابلے کی فضا میں کھیلنے کا الگ ہی مزہ ہے معین خان نے ہی سکھایا معین خان کی جانب سے کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہو نے کا بیان دیے جانے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ سابق کپتان نے اچھے بْرے وقت میں مجھے ہمیشہ سپورٹ کیا، انھوں نے ہی سکھایا کہ مقابلے کی فضا میں کھیلنے کا اپنا ہی مزہ ہے،اعظم خان میرے ساتھ کھیلا ہے،معین خان والد ہیں تو کہیں نہ کہیں بیٹے کیلیے نرم گوشہ ہوگا،بہرحال میں ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں، کوشش کروں گا کہ میدان میں بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں، گزشتہ سیزن میں پرفارمنس کی بنیاد پر ہی قومی ٹیم میں منتخب ہوا تھا۔ اعظم خان کے اسلام آباد یونائیٹڈ سے منسلک ہونے پرمعین خان سے تعلقات میں بہتری آنے کے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ گراؤنڈ کے اندر کی چیزوں کو باہر نہ لے جایا جائے تو تعلقات بہتر ہی رہتے ہیں، کرکٹ کی باتوں کو میدان میں رکھیں تو اچھا ہوتا ہے، باہر لے کر جائیں تو وکٹ کیپر کسی دوسرے وکٹ کیپر اور فاسٹ بولر کسی دوسرے فاسٹ بولر کا کبھی دوست نہیں رہ سکے گا۔ مقبولیت کے باوجود شاداب اور حسن کے مزاج میں عاجزی اچھی بات ہے سرفراز احمد نے کہا کہ شاداب خان اور حسن علی سمیت کرکٹرز اب بھی عزت کرتے ہیں تو بڑا اچھا لگتا ہے، اتنی مقبولیت حاصل ہونے کے باوجود ان کے مزاج میں عاجزی اچھی بات ہے، بابر اعظم، فہیم اشرف سب کے ساتھ اچھا وقت گزرا، عزت افزائی پر ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شاہین شاہ آفریدی میرے دور میں ہی متعارف ہوئے تھے، ان کے ساتھ گرما گرمی میچ کا حصہ تھی،پیسر بہت جذبے سے کھیلتے ہیں، وہ اور میں اپنی ٹیموں کے لیے فائٹ کر رہے تھے، میدان کی بات میدان میں رہ گئی، اس پر توجہ دینے کی ضرورت نہیں۔

میچ فکسنگ بددیانتی مگر دھوکا دہی نہیں ہے، بھارتی عدالت

لاہور: (ویب ڈیسک) میچ فکسنگ بددیانتی مگر دھوکا دہی نہیں ہے جب کہ عدالت نے کرناٹکا پریمیئر لیگ کے فکسرز کیخلاف چارج شیٹ مسترد کردی۔ 2018اور 2019کے سیزن میں فکسنگ کے واقعات کو دیکھتے ہوئے پولیس نے 3 کرکٹرز اور ایک ٹیم آفیشل کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا،کیس کی سماعت کرتے ہوئے کرناٹکا ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ فکسنگ کو بددیانتی کہا جا سکتا ہے مگر انڈین پینل کوڈ کے تحت دھوکا دہی میں زمرے میں نہیں رکھا جا سکتا۔ عدالت نے کہا کہ بددیانتی،نظم وضبط کی خلاف ورزی کا معاملہ ہونے کی وجہ سے یہ کیس بھارتی کرکٹ بورڈ کو دیکھنا چاہیے،ملزموں کیخلاف ایف آئی آر درج کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

پی ایس ایل: کورونا پروٹوکول کی خلاف ورزی، کمیٹی قائم

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کے 7 ویں ایڈیشن کیلئے پی ایس ایل کی تمام 6 فرنچائزز کیساتھ ہیلتھ اینڈ سیفٹی پروٹوکول کا اشتراک کیا ہے۔ پروٹوکول کے مطابق پی سی بی کی جانب سے بنائے گئے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے کھلاڑی اور عملے کے ارکان کو 5 میچوں تک کی پابندی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پی سی بی نے خلاف ورزیوں کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔ ‘معمولی’ خلاف ورزیوں پر میچ فیس کا 25 سے 50 فیصد جرمانہ ہو سکتا ہے جبکہ ‘بڑی’ خلاف ورزی پر 1 سے 5 میچوں کی پابندی لگ سکتی ہے۔ بار بار خلاف ورزی یا اس سے بھی زیادہ سنگین خلاف ورزی کی صورت میں عملے کے رکن کو ٹورنامنٹ سے معطل بھی کیا جا سکتا ہے۔ پی سی بی نے ایک کمیٹی بنا دی ہے جو خلاف ورزیوں کو دیکھے گی اور کسی بھی خلاف ورزی پر ان کا فیصلہ حتمی ہوگا۔

کورونا کی پانچویں لہر مزید 12 جانیں لے گئی، 24 گھنٹے کے دوران 6540 کیسز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح گیارہ اعشاریہ ایک فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس سے 12 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 29 ہزار 77 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 13 لاکھ 60 ہزار 19 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6 ہزار 540 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 60 ہزار 335، سندھ میں 5 لاکھ 20 ہزار 215، خیبرپختونخوا میں ایک لاکھ 83 ہزار 865، بلوچستان میں 33 ہزار 855، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 480، اسلام آباد میں ایک لاکھ 15 ہزار 939 جبکہ آزاد کشمیر میں 35 ہزار 130 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 44 لاکھ 74 ہزار 618 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 902 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 12 لاکھ 67 ہزار 598 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 55 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 12 افراد جاں بحق ہوئے، جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 77 ہوگئی۔ پنجاب میں 13 ہزار 100، سندھ میں 7 ہزار 730، خیبرپختونخوا میں 5 ہزار 969، اسلام آباد میں 975، بلوچستان میں 367، گلگت بلتستان میں 187 اور آزاد کشمیر میں 749 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

پی ایس ایل فرنچائز ٹیموں کے ہوٹل سٹاف میں کوویڈ کیسز کی تصدیق

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز ٹیموں کے ہوٹل سٹاف میں کوویڈ کیسز کی تصدیق ہوگئی ہے ۔
ذرائع کے مطابق بائیو سکیور ببل بنائے گئے ہوٹل میں 30 سٹاف ممبران میں ٹیسٹ مثبت آیا اور متاثرہ عملے کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب پی سی بی نے کوویڈ مینجمنٹ کمیٹی بنا دی ہے ، کمیٹی نے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لئے کوویڈ پروٹوکولز بنا دئیے ہیں ، پی ایس ایل میں بائیو ببل کا حصہ افراد کو سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پروٹو کولز کی خلاف ورزی کرنے والے سے سختی سے نمٹا جائے گا ، کھلاڑیوں کو اپنے ببل زون سے نکلنے کی مکمل پابندی ہوگی ، کوئی کسی کے ساتھ پانی کی بوتل، تولیہ اور دیگر ذاتی اشیاء کا تبادلہ نہیں کرسکتا ، میچ سے پہلے اور بعد کھلاڑی مصافحہ نہیں کریں گے جبکہ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ اور ڈریسنگ رومز میں اپنے کپڑے نہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں باغیوں پر بمباری، 70 افراد ہلاک

ریاض: (ویب ڈیسک) ابو ظہبی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد سعودی فوجی اتحاد کی یمن میں باغیوں پر بمباری میں تیزی آگئی ہے اور اتحادی افواج کے حملے میں جیل تباہ ہوگئی جس سے 70 افراد ہلاک ہوگئے ۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی فوجی اتحاد کی حوثی باغیوں کے مضبوط شہر صعدہ پر بمباری کے نتیجے میں جیل تباہ ہوگئی، 3 بچوں سمیت 70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 138 زخمی ہیں ۔
سعودی اتحاد نے یمن کے ساحلی شہر حدیدہ پر بمباری کرکے کمیونیکیشن مرکز تباہ کردیا جسکے بعد یمن بھر میں انٹرنیٹ سروس معطل ہوگئی۔
اتحادی افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ حوثی باغیوں کے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ دوسری جانب سلامتی کونسل نے باغیوں کے ابوظہبی پر حملے کی مذمت بھی کی ہے۔