All posts by Khabrain News

طالبان کا مارچ سے ملک بھر میں لڑکیوں کے اسکول کھولنے کا اعلان

ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے اعلان کیا ہے کہ رواں برس مارچ سے ملک بھر میں لڑکیوں کے تمام اسکول کھول دیئے جائیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امارت اسلامیہ افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات اور ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ’’ اے پی ‘‘ کو انٹرویو میں بتایا کہ لڑکیوں کے اسکول کھولنے کے انتظامات آخری مراحل میں داخل ہوگئے ہیں۔
ذبیح اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ افغانستان کے نئے سال کا آغاز 21 مارچ سے ہوتا ہے اور رواں برس نئے سال کی شروعات سے لڑکیوں اور خواتین کے لیے اسکول کالجز کھول دیئے جائیں گے تاہم مخلوط تعلیم کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔
ترجمان طالبان نے اس تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہم لڑکیوں کی تعلیم کے خلاف نہیں تاہم مخلوط نظام تعلیم کے خاتمے اور علیحدہ عمارتوں کے انتظامات سمیت نصاب میں تبدیلی کے باعث لڑکیوں کے اسکول کھولنے میں کچھ وقت لگا۔
عالمی قوتوں نے افغانستان کے منجمد فنڈز کی بحالی کے لیے طالبان حکومت پر لڑکیوں کے اسکول کھولنے، خواتین کو ملازمتوں پر آنے کی اجازت دینے اور کابینہ میں تمام طبقات کی شمولیت کے لیے دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔
طالبان نے بھی عالمی قوتوں سے لڑکیوں کے اسکول کھولنے کا وعدہ کیا تھا تاہم اس کے انتظامات کے لیے وقت مانگا تھا البتہ اب تک خواتین کی ملازمتوں میں واپسی اور تمام طبقات پر مشتمل قومی حکومت پر عمل درآمد نہیں ہوسکا ہے۔
واضح رہے کہ طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے 7 جماعت سے لڑکیوں کی تعلیم پر پابندی عائد تھی تاہم کچھ صوبوں میں پرائمری اسکول کھلے ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس میں مبتلا ایک اور ڈاکٹر جان کی بازی ہار گیا

کورونا وائرس میں مبتلا پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین شیخ انتقال کرگئے۔ کورونا وائرس میں مبتلا سینئر ماہر امراض اطفال پروفیسر ڈاکٹر صلاح الدین شیخ 80 سال سے زائد عمر میں کورونا کے سبب انتقال کرگئے، پروفیسر صلاح الدین آغا خان اسپتال میں ماہر امراض اطفال تھے اورگزشتہ چند روز سے کورونا کے باعث نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ پروفیسر صلاح الدین شیخ نے کراچی یونیورسٹی سے سال 1960ء میں ایم بی بی ایس مکمل کیا جس کے بعد بیرون ملک جاکر بھی تعلیم حاصل کی، وہ پاکستان میڈیکل کونسل کے ممبر بھی رہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر قیصر سجاد سمیت دیگر طبی ماہرین نے ماہر امراض اطفال ڈاکٹر صلاح الدین شیخ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکے لئے مغفرت اور انکے لواحقین کے لئے صبر کی دعا کی ہے۔

جرمنی، اٹلی، فرانس سمیت دیگر یورپی ممالک میں کورونا ویکسینیشن کیخلاف مظاہرے

اومیکرون کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عائد کردہ پابندیوں اور لازمی کورونا ویکسینیشن کے خلاف جرمنی، فرانس، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک میں مظاہرے کیے گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی میں تمام بالغ افراد کے لیے کورونا ویکسینیشن لازمی ہونے کی تجویز پر مختلف شہروں میں ہزاروں افراد نے احتجاجی ریلیاں نکالیں اور حکومت سے یہ تجویز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
جرمن چانسلر اولاف شولس نے لازمی کورونا ویکسینیشن کی تجویز ہفتہ وار کورونا کے نئے کیسز میں ہوشربا اضافے کے باعث پیش کی تھی اور رواں ماہ کے آخر تک ملک کی 80 فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن کے عزم کا اظہار کیا تھا۔
اسی طرح فرانس میں بھی ہزاروں افراد نے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور زبردستی کورونا ویکسین لگانے کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے کاروبار کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔
علاوہ ازیں اٹلی میں بھی شہری حکومت کی جانب سے عائد کی گئی نئی کورونا پابندیوں پر نالاں نظر آتے ہیں۔ شہریوں نے احتجاجی ریلیوں کے دوران سڑکیں بلاک کردیں اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
یورپی ممالک میں اومیکرون کے سبب عائد کی گئی پابندیوں کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے جس کا دائرہ امریکا اور برطانیہ تک وسیع ہونے کا بھی امکان ہے۔

قازقستان میں پیٹرول قیمتوں پر ہنگاموں میں ہلاکتوں کی تعداد 225 ہوگئی

قازقستان میں پیٹرول قیمتوں پر شروع ہونے والے ہنگاموں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 225 ہوگئی ہے جن میں 19 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قازقستان میں رواں ماہ کے اوائل میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک گیر ہنگامے پھوٹ پڑے تھے جس کے صدر نے حکومت کو برطرف کرکے نیا وزیراعظم مقرر کردیا تھا۔
اس کے باوجود ملک دو اہم صوبوں میں تاحال ایمرجنسی اور رات کا کرفیو نافذ ہے۔ مظاہروں کا سلسلہ بھی جاری ہے اور صدر کو قیمتوں میں اضافے کا ذمہ دار ٹھہرا کر مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جس پر صدر قاسم نے کریک ڈاؤن آپریشن کا حکم دیدیا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پیٹرول قیمتوں میں اضافے سے شروع ہونے والے ہنگاموں میں ہلاکتوں کی تعداد 225 ہوگئی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں 19 پولیس اور فوجی اہلکار بھی شامل ہیں اور مجموعی طور پر ایک ہزار کے لگ بھگ زخمی بھی ہوئے ہیں جب کہ سرکاری املاک کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ جاری، پاکستان کی تیسری پوزیشن

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل کی اب تک کی رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستانی ٹیم تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے پوائنٹس ٹیبل میں سری لنکا 24 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جس نے 2021 سے 16 جنوری 2022 تک دو میچز اپنے نام کیے۔
پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے جس نے چار میچز میں فتح حاصل کی جبکہ ایک میچ برابر ہوا۔
اسی طرح پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی تیسری پوزیشن رہی، جس نے تین ٹیسٹ میچز میں سے دو میں فتح حاصل کی جبکہ قومی ٹیم کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پوائںٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا چوتھے، بھارت پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، بنگلادیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور انگلینڈ کی ٹیم نویں نمبر پر رہی۔

جو ڈیل اور ڈھیل دینی تھی وہ مل چکی، شہباز گل

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ جو ڈیل اور ڈھیل دینی تھی وہ مل چکی، اب عمران خان ڈٹ کر کھڑا ہوا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ این اے 106 میں مسلم لیگ ن کو کوئی امیدوار نہیں ملا۔ ماضی میں ملک کو سڑکوں پر لگایا گیا لیکن تعلیم اور صحت پر کوئی توجہ نہیں دی گئی جبکہ صحت کے معاملے میں ہم صحت کارڈز دے چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں کے لیے اپنے مریضوں کا علاج کروانا مشکل تھا لیکن آج عمران خان نے سب کا اعلی اسپتالوں میں علاج ممکن بنایا۔ کہا گیا تھا سڑکیں اور پل بنانے ہیں، تعلیم اور صحت کی خیر ہے اور غریبوں کے پاس علاج کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے۔ میری ذاتی توجہ اسکولوں اور کالجوں پر ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ عمران خان ہی غریب کو علاج کے لیے وہاں لے گیا جہاں نہیں ہو سکتا تھا۔ فیصل آباد میں تو مڈل اسکول ہی پورے نہیں ہیں۔ اب ووٹ کا مقابلہ ووٹ سے ہی ہو گا ہیرا پھیری سے نہیں۔ تعلیم کے نام پر فیصل آباد کے ساتھ مذاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو 3،4 بتیوں کے پیچھے لگا دیا گیا تھا اور روز بتایا جارہا ہے کہ اب نواز شریف صاحب آ رہے ہیں جبکہ ایاز صادق کہہ رہے تھے کہ میں جا رہا ہوں نواز شریف کو لے کے آ رہا ہوں، کیا نواز شریف ملک کا راستہ بھول گئے ہیں ؟
معاون خصوصی نے کہا کہ آپ کو جو ڈیل اور ڈھیل دینی تھی وہ مل چکی اب آپ کے سامنے عمران خان ڈٹ کے کھڑا ہے اور آپ کو بتانا پڑے گا کہ چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کہاں سے آئے ؟
انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف کو واپس لانا چاہتے ہیں اور اب ان کا ویزا ختم ہو رہا ہے تو انہیں واپس بھیج دیا جائے گا اور اب مسلم لیگ ن والے ایک ڈھیل مانگیں گے لیکن ہم انہیں اُبلا ہوا آلو اور چھلی بھی نہیں دیں گے جبکہ آپ برگر اور چکن مانگ رہے ہیں۔

ہمیں تماشائی بننے کے بجائے باہر نکلنا ہو گا، سراج الحق

لاہور: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور کرپشن کی صورت میں آگ لگی ہوئی ہے، ہمیں تماشائی بننے کے بجائے باہر نکلنا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام حکومتوں نے پرانا نظام انصاف برقرار رکھا ہے اور سامراجی نظام میں کوئی بھی انصاف نہیں دے سکتا۔ انگریز کے نظام سے بغاوت کر کے ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا تھا لیکن آج بھی ہمارے ججز نے انصاف کے لیے انہیں انگریزوں کی کتابیں اٹھا رکھی ہیں جب تک قرآن کا نظام نافذ نہیں ہو گا ملک میں انصاف کا نظام قائم نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو عدالتی نظام بدلیں گے۔ ہمیں ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان عدالت میں پیش ہونے کے بجائے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہیں اور اب ہمیں خاموش تماشائی کا کردار ختم کرنا ہو گا۔
سراج الحق نے کہا کہ ججز خود کہتے ہیں کہ عدالتوں میں انصاف نہیں اور ججز ریٹائر ہونے کے بعد سچ کہتے ہیں کیونکہ انصاف بکتا ہے۔ امیروں اورغریبوں کے لیے الگ الگ قانون ہے۔ 74 سال بعد بھی ہمیں حقیقی اسلامی پاکستان دیکھنا نصیب نہیں ہوا۔ ہم اس ملک میں قرآن کا نظام چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں لگی آگ کو بجھانے کی ضرورت ہے کیونکہ رونے سے مسئلے حل نہیں ہوتے اور ہمیں تماشائی بننے کے بجائے باہر نکلنا ہو گا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا گھر ہے اور پاکستان میں خوشحالی کا مطلب ہمارے گھر میں خوشحالی ہے۔ ملک میں مہنگائی اور کرپشن کی صورت میں آگ لگی ہوئی ہے۔

انسٹا گرام اب ٹک ٹاک کو اپنے پلیٹ فارم پر شامل کرنے کو تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) ویڈیو اور تصاویر شیئرنگ ایپ انسٹا گرام نے مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کو اپنے پلیٹ فارم پر شامل کرنے کو تیار ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انسٹا گرام اپنی اسٹوریز کو ایپ میں عمودی اسکرولنگ کے لیے از سر نو ڈیزائن کر رہی ہے۔ اس وقت انسٹا گرام اسٹوریز کو دیکھنے کے لیفٹ سوئپ کرنا پرتا ہے اور ایک اسٹوری سے دوسری پر جانے کے لیے بائیں طرف اور مختلف پوسٹ دیکھنے کے لیے دائیں طرف ٹیپ کرنا پڑتا ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت کمپنی اب ایک نئے فیچر کی آزمائش کرنے جا رہی ہے جس کی مدد سے صارفین اسٹوریز میں عمودی اسکرولنگ کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ترکی اور برازیل میں انسٹا گرام کے کچھ صارفین کو انسٹا گرام پر اسٹوریز کی عمودی اسکرولنگ کرنے والے فیچر کی اپ ڈیٹس مل چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی حکومت کے ساتھ مسائل، ٹیسلا کو بھارت جانے میں مشکلات ہیں ، ایلون مسک
ماہرین نے کہا ہے کہ انسٹا گرام کی جانب سے اس فیچر کو متعارف کرانے کا مقصد ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کا مقابلہ کرنے کی کوشش دکھائی دیتا ہے کیوںکہ اس میں پہلے سے ہی عمودی اسکرولنگ کا فیچر موجود ہے۔ اس فیچر کی بدولت انسٹا گرام میں اسٹیٹک کانٹینٹ کی نسبت اسٹوریز میں ویڈیوز پر زیادہ فوکس ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ہی انسٹا گرام نے اسٹوریز میں ویڈیوز کا دورانیہ 15 سیکنڈ سے بڑھا کر 60 سیکنڈ کرنے کی آزمائش کی تھی۔ جس کی مدد سے صارفین ایک منٹ کی ویڈیو کو چار حصوں میں تقسیم کرنے کے بجائے ایک ہی حصے میں اپ لوڈ کرنے کے اہل ہوسکیں گے۔

تین آنکھوں والے بچھڑے کی پیدائش

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کے ایک گاؤں میں تین آنکھوں والے بچھڑے کی پیدائش نے سب کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چھتیس گڑھ کے گاؤں راج ناند میں تین آنکھوں والے بچھڑے کو دیکھنے کے لیے لوگ دور دور سے آ رہے ہیں۔ بچھڑے کی ناک میں بھی 2 کے بجائے 4 سوراخ ہیں۔
عجیب و غریب بچھڑے کی پیدائش نے دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔ بچھڑے کی تیسری آنکھ سر کے بیچ میں ہے۔
بچھڑے کی پیدائش کی خبر علاقے میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کا واقعہ پہلی بار دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ بچھڑے کی ناک اور کٹی ہوئی دم نے بھی لوگوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
مقامی گاؤں والوں نے بچھڑے کو پھول چڑھانا شروع کر دیئے ہیں جبکہ لوگوں کی بڑی تعداد گاؤں میں آنے سے مقامی افراد کے چہروں پر بھی خوشی پھیل گئی ہے۔

عابدہ پروین کے گانے نے شنیرا اکرم کو رُلا دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) عابدہ پروین کے گائے گانے “تو جھوم” نے وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کو بھی رُلا دیا۔
وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے عابدہ پروین کے گانے کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکیں اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنا پیغام شیئر کر دیا۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے یہ گانا پہلے کبھی نہیں سنا تھا اور مجھے معلوم ہے کہ وہ کس بارے میں گا رہی ہیں لیکن میں پچھلے 25 منٹ سے یہاں بیٹھی رو رہی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ناقابل یقین ہے جو میری روح میں اتر گیا، اللہ اس خوبصورت ملک کو سلامت رکھے۔
مداحوں کی بڑی تعداد نے عابدہ پروین کے گانے “تو جھوم” کو بے انتہا پسند کیا ہے۔