All posts by Khabrain News

ملک میں سونےکی فی تولہ قیمت میں 400 روپے اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونےکی فی تولہ قیمت میں 400 روپے اضافہ ہوگیا۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق سونےکی فی تولہ قیمت 400 روپے اضافےکے بعد ایک لاکھ 25 ہزار 150 روپے ہوگئی ہے۔
10گرام سونےکی قدر 343 روپے اضافےکے بعد ایک لاکھ 7 ہزار 296 روپے ہے۔
سندھ صرافہ بازار جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونےکی قیمت 2 ڈالرکم ہوکر ایک ہزار 819 ڈالر فی اونس ہے۔

ایشز سیریز، پانچویں ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہوگیا

ہوبارٹ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پانچویں ٹیسٹ میچ کےدوسرے روز کھیل کے اختتام تک تین وکٹوں کے نقصان پر 37 رنز بنالیے ہیں ،آسٹریلیا کو انگلینڈ پر 152 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا توسٹیون سمتھ 17 اور سکاٹ بولاند تین رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔ڈیوڈ وارنر صفر، مارنس لبھوشین پانچ جبکہ عثمان خواجہ 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس، سٹورٹ براڈ اور مارک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 188 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے

بارباڈوس: (ویب ڈیسک) انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2022 کا آغاز ہوگیا ہے۔
پہلے میچ میں آسٹریلیا نے باآسانی ویسٹ انڈیز کو شکست دیدی تھی۔ورلڈکپ کے دوسرے روز آج (ہفتے کو) دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ کینیڈا اور متحدہ عرب امارت جبکہ دوسرا میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ کستان اپنا پہلا میچ 17 جنوری کو زمبابوے کے خلاف کھیلے گا۔

نور مقدم کے والد کا عدالت سے ظاہر جعفر کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مقامی عدالت میں مقتولہ نور مقدم کے والد شوکت علی مقدم نے بیٹی کے قتل کیس میں اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
عدالت کے سامنے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے، میری بیٹی کو ناحق قتل کیا گیا، نور مقدم نہیں سارے ملک کی بیٹیوں کا سوال ہے اس لیے ملزم کو سخت سے سخت سزا دی جانی چاہیے۔
ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے مقدمے کی سماعت کی جبکہ نور مقدم کیس میں مدعی شوکت مقدم کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔
مرکزی ملزم کے وکیل اسٹیٹ کونسل سکندر ذوالقرنین سلیم کے علاوہ تمام وکلا نے جرح مکمل کر لی جبکہ عدالت نے تفتیشی افسر عبد الستار خان کو پیر کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔
مرکزی ملزم کے وکیل اسٹیٹ کونسل سکندر ذوالقرنین سلیم بیماری کے باعث پیش نہ ہوسکے ہوئے اور دوران سماعت سکندر ذوالقرنین کے جونیئر وکیل نے عدالت میں میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ سکندر ذوالقرنین کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے سے متعلق بتایا اور ان کو جرح کرنے کے لیے آئندہ سماعت تک مہلت کی استدعا کی۔
جس کو پہلے تو عدالت نے تسلیم نہیں کیا لیکن بعد ازاں پیر تک مہلت دے دی علاوہ ازیں دوران سماعت بیان ریکارڈ کروانے سے قبل شوکت علی مقدم سے حلف لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بیان سے پہلے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ زندگی میں پہلی مرتبہ کسی عدالت میں پیش ہوا ہوں، اگر بات پروٹوکول کے مطابق نہ ہو تو درگزر کر دیجیے گا۔ جس کے بعد جج نے انہیں بیان ریکارڈ کروانے کی ہدایت دی۔
نور مقدم کے والد کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی بیوی 19 جولائی کو کچھ کام کے لیے گھر سے نکلے تھے اور جب وہ اپنے گھر واپس آئے تو نور مقدم موجود نہیں تھی۔
شوکت مقدم نے بتایا گیا کہ نور مقدم کافی دیر تک واپس نہیں آئی، اس کے بعد نور مقدم کو ڈھونڈنا شروع کیا اور جب نور نے ان کا فون اٹھایا تو اس نے کہا کہ وہ کچھ دنوں کے لیے اپنی سہیلیوں کے ساتھ لاہور جارہی ہے اس لیے وہ فکر نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ازاں رات 10 بجے انہیں کوہسار تھانے سے کال آئی جس میں اطلاع دی گئی کہ ان کی بیٹی کو قتل کر دیا گیا ہے اور انہیں پولیس اسٹیشن بلایا گیا۔
شوکت مقدم نے بتایا کہ وہ تھانے پہنچے تو انہیں ایک گھر لے جایا گیا جو ظاہرجعفر کا گھر تھا، گھر کے اندر جاکر دیکھا کہ نور کو بےدردی سے قتل کردیا گیا تھا اور اس کا سر تن سے جدا تھا۔

حکومت کی غفلت سے بدترین گندم کا بحران آئے گا: احسن اقبال

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے سٹیٹ بینک کے قانون میں سقم کی حکومت کے پاس کوئی وضاحت نہیں۔ حکومت کی غفلت سے بدترین گندم کا بحران آئے گا۔
ایاز صادق کے ہمراہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بل کی منظوری سے سٹیٹ بینک حکومت کو جوابدہ نہیں رہے گا، اب گورنر 10 سال بھی رہ سکے گا، فارن فنڈنگ کیس روکنے کے لیے سب کیا گیا۔ سٹیٹ بینک کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا محتاج بنا دیا گیا۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چئیرمین کی 4 سال کے بجائے 2 سال مدت کردی گئی۔
اُنہوں نے کہا 13 جنوری ملک کی تاریخ میں سیاہ دن ہے، وزیر خزانہ نے منی بجٹ پیش کیا اور اپوزیشن کے سوالوں کے جواب نہیں دئیے۔ بحثیت وزیر خزانہ فیل ہونے والا آدمی اپوزیشن کو جواب دے رہا تھا۔ حکومت نے توانائی سیکٹر کی اینٹ سے اینٹ بجا دی، ان کی کارگردگی کا ثبوت وہ گھر اور کارخانے جو آج گیس نہ ملنے سے بند پڑے ہیں۔ گیس بحران کے ذمہ دار وزیر آج لیکچر دے رہے ہیں اور اپنی حکومت کے چوتھے سال میں بھی پچھلی حکومت میں کیڑے نکال رہے ہیں۔
لیگی رہنما نے حکومتی سرپرستی میں کھاد سمگل اور بلیک میں فروخت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بولے کہ کھاد، ادویات اور ہر شعبہ میں مافیا پیدا ہوگیا، یہ کہہ رہے ہیں کسان کے زیادہ کھاد استعمال کرنے سے بحران پیدا ہوا۔ ساری کھاد سمگل ہوکر دوسرے ممالک جاچکی۔ حکومت کی غفلت سے بدترین گندم کا بحران آئے گا۔

مجمع اکھٹا کر کے حکومت گرانا ہمارا مقصد نہیں ہے، مراد علی شاہ

سیہون: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مجمع اکھٹا کر کے حکومت کو گرانا ہمارا مقصد نہیں مگر حکومت کو گھر بھیجنا بھی اب ضروری ہوگیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورت حال، مہنگائی اور عوامی پریشانی پر اب سیاسی جماعتوں کو خاموش نہیں بیٹھنا چاہیے، تنخواہ دار اور دیہاڑی والوں سے مہنگائی کے بارے میں پوچھیں تو صحیح اندازہ ہوگا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی موجودگی میں عوام کی تکلیف دور ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہے، ہم جتنی دیر خاموش بیٹھیں گے معاملہ اتنا ہی گھمبیر ہوتا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس حکومت کا شیوا رہا کہ پہلے بحران پیدا کرو اور پھر چند روپے کم کرکے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کا دعویٰ کرو، جس وزیر اعظم کی تنخواہ اور انکم ایک سال میں چار سے پانچ ہزار فیصد بڑھ جائے اسے مہنگائی کہاں نظر آئے گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ناتجربہ کار لوگوں کی حکومت کوئی نہ کوئی بحران پیدا کرتی ہے، اردگرد کے ممالک سے موازنہ کیا جائے تو پاکستان میں چار گنا زیادہ مہنگائی ہوئی ہے، حکومت کو جلد گھر نہ بھیجا تو عوام اور ملک کی پریشانیاں مزید بڑھ جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنے شیڈول کے مطابق مارچ تک حلقہ بندیاں مکمل کرے گا جس کے بعد جلد ہی بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کیا جائے گا، ہم نے اسمبلی سے منظور ہونے والے قانون میں لوکل گورنمنٹ کو زیادہ اختیار دیے اور اسے پہلے سے زیادہ مستحکم کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اس سال ہم نے پورے سندھ کے لیے اسکیمیں متعارف کرائی ہیں۔

ندیم افضل چن نے ایک اور بڑے سکینڈل کی نشاندہی کردی

لاہور (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ندیم افضل چن بھی بول پڑے اور بڑے سکینڈل کی نشاندہی کردی۔
ندیم افضل چن نے سالم سرگودھا رنگ روڈ کو راولپنڈی رنگ روڈ ٹو قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیوروکریٹس اور مخصوص ہاوسنگ سوسائٹیز کو فائدہ پہنچانے کے لیے روٹ تبدیل کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب انکوائری کروائیں اور ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ وزیراعظم سے ملاقات کے دوران بھی انہیں اس حوالے سے آگاہ کیا تھا،اب ایک نیا روٹ بنا لیا گیا جس کے لیے ہمیں آن بورڈ بھی نہیں لیا گیا۔
ندیم افضل چن کاکہنا تھا کہ میری گزارش ہے جنہوں نے یہ روٹ تبدیل کیا ان کے خلاف انکوائری ہونی چاہئیے۔اس میں بڑے بڑے ٹائیکون،بیوروکریٹس، بیورکریٹس کے رشتے دار ملوث ہیں جنہوں نے نئی سڑک پر زمینیں خرید رکھی ہیں۔

صدر علوی نے ضمنی مالیاتی بل 2022ء کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ضمنی مالیاتی بل 2022ء کی منظوری دیدی۔
ضمنی مالیاتی بل 13 جنوری کو قومی اسمبلی سے پاس ہوا تھا جس کی منظوری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دی ہے، انہوں نے آئین کے آرٹیکل75کے تحت منظوری دی ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل قومی اسمبلی میں منی بجٹ اور سٹیٹ بینک ترمیمی بل اپوزیشن کے شدید تحفظات اور احتجاج کے باوجود منظور کر لیا تھا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی ترامیم کثرت رائے سے مسترد کردی گئی تھیں۔

سندھ حکومت گیس پر پوائنٹ سکورنگ کرتی ہے: حماد اظہر

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرتوانائی حماد اظہرکا کہنا ہے کہ سندھ جوگیس پیدا کرتا ہے آدھی تو اس کے پاس ہی رہتی ہے، سندھ حکومت گیس پر پوائنٹ سکورنگ کرتی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت سندھ کارڈکھیل رہی ہے۔سندھ کی آدھی گیس توپائپ میں ڈالنے کے قابل نہیں ہوتی۔ وہاں سے نکلنے والی گیس سندھ میں ہی استعمال ہوتی ہے۔
حماداظہرنے کہا کہ ہمارے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوسکا۔ 1960 کے بعد معیشت مفلوج ہوچکی تھی۔ حکومت نے 3 سال میں بنیادی اصلاحات کی ہیں۔ ملک میں صنعتوں اوربرآمدات کوفروغ ملا ہے۔ گورنر سٹیٹ بینک کوہٹانے کا اختیاروفاقی حکومت کے پاس ہو گا۔ مرکزی بینک کے تمام اثاثے حکومت کی ملکیت رہیں گے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک بڑے ہیں اور انہیں بولنےکا بھی حق ہے۔ گیس کنکشن کے معاملے پر پرویز خٹک کو بریفنگ دی جس کے بعد وہ مطمئن ہوئے۔پرویز خٹک نے بطور عوامی نمائندہ اپنے حلقے میں گیس کا معاملہ اٹھایا تھا۔ یوریا کی کمی کا مسئلہ طلب میں اضافے کی وجہ سے پید ا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےبجلی کی پیداوارکےبجائےترسیل پرتوجہ دی۔ آئی پی پیزکےساتھ دوبارہ مذاکرات کیےگئےجس سےبہتری آئی۔ ایکس چینج ریٹ کے ہیرپھیرنے معیشت کونقصان پہنچایا۔پاکستان نے کم عرصے میں فیٹف کے27 میں سے26 نکات پرعملدرآمد کیا۔ ہمارے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ نہیں ہوا۔

مہنگائی کی ذمہ دار سرکار کیخلاف کھلی مزاحمت ہوگی: بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عوام کمر کس لیں، مہنگائی اور بے روزگاری کی ذمہ دار سرکار کے خلاف اب کھلی مزاحمت ہوگی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں امجد ایڈووکیٹ، مہدی شاہ، موسٰی گلگتی، عمران ندیم، بشیر احمد، ایوب شاہ، سید پیر جلال شاہ، محمد علی شاہ، غفار خان، حاجی دلبر خان، مرزا حسین، ڈاکٹر علی مدد شیر، ڈاکٹر مظفر ریلے، شہزاد آغا، اقبال رسول، حاجت علی، حسین علی رانا اور زوار فدا نے شرکت کی۔
اجلاس کے بلاول کو گلگت بلتستان کے پی پی پی عہدیداران نے خطے کی سیاسی صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں پی پی پی گلگت بلتستان کے عہدیداران کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور فیڈرل کونسل کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ پی پی گلگت کے عہدیداران نے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ ملک کے عام آدمی کی آواز ہے۔ ملک بھر کے عوام 27 فروری کو نکلیں گے اور عمران خان کی حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنائیں گے، عوام کو ایسی حکومت نہیں چاہیے جو ان کے گھروں کے چولہے تک بجھادے۔ عوام کمر کس لیں، مہنگائی اور بے روزگاری کی ذمہ دار سرکار کے خلاف اب کھلی مزاحمت ہوگی۔