All posts by Khabrain News

7 سالہ بچی کا ملکہ برطانیہ کے نام انوکھا خط

لندن: (ویب ڈیسک) برطانیہ کی 7 سالہ بچی نے ملکہ الزبتھ کو پالتو کتوں کی تلاش میں مدد کے لیے دلچسپ خط لکھ دیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے علاقے لیٹ چلی سے تعلق رکھنے والی لوئس نامی بچی نے ملکہ برطانیہ الزبتھ کے نام منفرد خط میں پالتو کتوں کو ڈھونڈنے میں مدد کی اپیل کی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ سات سالہ بچی اپنے کسی رشتے دار کے دو کتے کھو جانے پر فکر مند ہوئی اور ملکہ برطانیہ کو اپنے ہاتھوں سے خط لکھا جس میں لوئس نے الزبتھ سے درخواست کی کہ وہ مدد فراہم کریں۔
برطانیہ کے ایوان شاہی کے پتے پر ارسال کے گئے خط میں لکھا تھا کہ ہمارے کسی عزیز کے دو کتے تقریباً سات ماہ سے لاپتہ ہیں، وہ اپنے پالتو جانوروں سے بہت محبت کرتے تھے۔
خط متن کے مطابق اب تک کتوں کی کوئی خبر نہیں جس کی وجہ سے ان کے مالکان شدید مایوسی کا شکار ہیں، آپ برطانیہ کی ملکہ ہیں، براہ کرم پالتو جانوروں کی تلاش میں ہمارا ساتھ دیں۔
بچی نے ملکہ الزبتھ سے درخواست کی کہ میری اور روبی نامی کتوں کی گمشدگی کی خبر ریڈیو یا ٹیلی ویژن کے ذریعے پھیلانے کی کوشش کریں تاکہ انہیں جلد تلاش کیا جاسکے۔
خیال رہے مالکان نے کتوں کی گمشدگی کا پوسٹر بھی تیار کیا، تاہم اب تک ان کا کوئی اتا پتا نہیں ہے۔

خلانوردوں کے لیے کھانا بنائیں اور دس لاکھ ڈالر انعام پائیں

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) ناسا نے طویل خلائی سفر پر جانے والے خلانوردوں کے لیے توانائی بھرے اور ماحول دوست کھانے کی مستقل فراہم پر ٹیکنالوجی وضع کرنے کے اعلان کرتے ہوئے اس پر دس لاکھ ڈالر انعام یا فنڈنگ کا وعدہ کیا ہے۔
اس مقابلے میں عام افراد بھی شامل ہوسکتے ہیں بس شرط یہ ہے کہ کھانا توانائی بھرا، لذیذ اور باکفایت ہو اور اس میں توانائی اور ماحول کا بطورِ خاص خیال رکھا جائے کیونکہ خلا میں پکوان کے لیے زمین جیسی سہولیات موجود نہیں ہوتیں۔
یہ پروگرام کینڈا کی خلائی ایجنسی کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس میں سائنسدانوں سے لے کر عام افراد سے بھی مدد مانگی گئی ہے۔ مقابلے کا نام ’ڈیب اسپیس فوڈ چیلنج‘ رکھا گیا ہے۔ اس میں افراد یا ٹیموں سے غذائی تیاری کی ٹیکنالوجی کی ڈیزائننگ، تیاری اور انہیں فراہم کرنے کے عملی نمونوں کا تقاضہ کیا گیا ہے۔
شرط یہ ہے کہ خلا کے اجنبی ماحول میں سائنسدانوں کو وہ تمام ضروری اجزا فراہم کیے جائیں جو غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ لیکن ناسا کے اندرونی حلقوں کے مطابق یہی ٹیکنالوجی زمین پر آفات اور قحط وغیرہ کی صورت میں غذائی ضروریات پوری کرسکے گی اور یوں اس ٹیکنالوجی کے امکانات بہت وسیع ہوسکتے ہیں۔
ناسا کے نائب ایڈمنسٹریٹر، جِم روئٹر نے بتایا کہ خلائی سفر میں خوراک پر اختراعاتی فکر کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لیے ہم ٹیکنالوجی کو مستقبل کی غذا قرار دے رہے ہیں۔ اب اس کا فیز ٹو شروع ہوچکا ہے۔ اکتوبر 2021ء کے فیز ون میں 18 ٹیموں نے اس میں شمولیت اختیار کی۔ اس پر کچھ رقم دی گئی تھی۔
اب دوسرے مرحلے میں 10 ٹیموں کا انتخاب کیا گیا ہے اور ان کے درمیان مقابلہ جاری ہے لیکن اس دوسرے مرحلے میں امریکا سے مزید نئی ٹیمیں بھی شامل ہوسکتی ہیں اور اس بار رقم بڑھا کر ایک ملین ڈالر کردی گئی ہے لیکن شرط یہ ہے کہ ایک مؤثر اور مکمل ٹیکنالوجی بنائی جائے تو طویل خلائی سفر میں انسانوں کا پیٹ بھرسکے۔

آگے دیکھ‘، پاکستان سپر لیگ 2022 کا ٹائٹل سانگ جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کا ٹائٹل سانگ جاری کردیا۔
رواں سال پی ایس ایل کے آفیشل سانگ میں گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے آواز کا جادو جگایا ہے۔
اس گیت کے میوزک پروڈیوسر عبداللہ صدیقی ہیں۔
آفیشل سانگ 3 منٹ 20 سیکنڈ پر مشتمل ہے اور یہ پہلا موقع ہے کہ عاطف اسلم نے پی ایس ایل کیلئے آفیشل سانگ گایا ہے۔

اپوزیشن ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، جس میں موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال پر ترجمانوں کو بریفنگ دی گئی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں ڈیل کی خبریں پھیلا کر اپنے لیے سیاسی ماحول بنا رہی ہیں، مجرموں سے ڈیل کا مفاہمت قوم سے غداری کے مترادف ہے، ن لیگ سیاسی جماعت نہیں، ایک مافیا کی طرح آپریٹ کررہی ہے، انہوں نے ہر شعبے میں رانا شمیم جیسے لوگوں کو استعمال کیا ہے۔
انہوں نے ترجمانوں سے کہا کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ پر فرنٹ فٹ پر کھیلیں، احتساب اور کرپشن کے خلاف بیانیہ پر ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، کرپشن کے خلاف بیانیہ کے ساتھ ساتھ حکومت کے اچھے کام اجاگر کریں۔
وزیراعظم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عالمی ادارے ملکی معیشت کے بارے میں مسلسل مثبت اشارے دے رہے ہیں، معیشت درست سمت میں ترقی کررہی ہے، کاروباری کمپنیاں ریکارڈ منافع کما رہی ہیں، معیشت کی ترقی کے اثرات جلد عوام کو منتقل ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے خورشید شاہ ضمانت کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ نے خورشید شاہ ضمانت کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، فیصلے میں کہا گیا کہ نیب کی جانب سے محض بے نامی داروں کا الزام لگایا گیا۔
سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے خورشید شاہ ضمانت کیس کا تحریری فیصلہ تحریری کیا ہے ، جس کے مطابق نیب خورشید شاہ اور فیملی ممبر کے اثاثوں سے متعلق ٹھوس مواد پیش نہیں کر سکا۔نیب کے پاس بے نامی داروں کی جائیداد خورشید شاہ کی ہونے کے شواہد نہیں۔
فیصلے میں کہا گیا کہ نیب کی جانب سے محض بے نامی داروں کا الزام لگایا گیا،نیب نے خورشید شاہ کے اثاثوں کی سیل ڈیڈ مالیت مسترد کرنے کا ٹھوس قانون جواز پیش نہیں کیا،نیب نے خورشید شاہ لی زرعی آمدن کا تخمیمہ قانون کے مطابق نہین لگایا۔
فیصلہ میں یہ بھی کہا گیا کہ بنکنگ ٹرانزیکشنز سے متعلق خورشید شاہ پر لگ الزامات کو تسلیم کرنے کا کوئی گراونڈ نہیں،خورشید شاہ کی گرفتاری کے دو سال بعد نیب فائنل ریفرنس دائر نہیں کر سکا۔
خورشید شاہ کو مزید حراست میں رکھنا غیر قانونی اور بنیادی حقوق کے منافی ہوگا،خورشید شاہ کی ایک کروڑ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ انتقال کر گئے، پی سی بی کا اظہار افسوس

لاہور:(ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ 69 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ، وفات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق آفتاب بلوچ نے 1969 میں ڈھاکہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 16 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، وہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چھٹے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔
اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ کی واحد اننگز میں 25 رنز بنانے والے آفتاب بلوچ نے دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف لاہور میں کھیلا تھا۔
انہیں 74-1973 ڈومیسٹک سیزن میں سندھ کے کپتان کی حیثیت سے بلوچستان کے خلاف کراچی میں 428 رنز کی یادگار اننگز کھیلنے پر یاد کیا جاتا رہے گا۔
انہوں نے مجموعی طور پر 172 فرسٹ کلاس میچز میں 9171 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 223 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
وہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینجر اور جونیئر سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آفتاب بلوچ کے انتقال کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ ہوا، وہ اپنے دور کے مقبول ترین کرکٹرز میں شمار کیے جاتے تھے، نہ صرف مجھے آفتاب بلوچ کو ایکشن میں دیکھنے کا شرف حاصل ہوا بلکہ ان کے کیرئیر کے آخری ایام میں ان کے خلاف کرکٹ بھی کھیلی۔
رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آفتاب بلوچ میرے مرحوم بھائی وسیم حسن راجہ کے قریبی دوست تھے، وہ انہیں کھیل کے میدان سے باہر بھی اچھی طرح جانتے تھے ، وہ ان کے کھیل سے لگاؤ کی ہمیشہ تعریف کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ پی سی بی کی جانب سے آفتاب بلوچ کے اہل خانہ، قریبی دوستوں اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ارکان سے تعزیت کرتے ہیں۔

مراکش کیساتھ تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہشمند ہیں: آرمی چیف

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مراکش کیساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مراکش کے سفیر نے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی، سلامتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ افغانستان سمیت علاقائی سلامتی صورتحال پر بھی بات کی گئی۔
ملاقات کے دوران مراکشی سفیر نے افغانستان کے صورت حال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور علاقائی استحکام کیلئےپاکستان کی کوششوں کااعتراف کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مراکش کے ساتھ تعلقات کی پاکستان قدر کرتا ہے، مراکش کیساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔

وزیراعظم نے مشیر برائے داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کرلیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے مشیر برائے داخلہ اور احتساب شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کی جانب سے دیا گیا استعفیٰ منظور کرلیا گیا جس کے بعد اس عہدے کے لئے دو ناموں پر مشاورت شروع کردی گئی ہے جس کا حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
قبل ازیں آج ٹوئٹر پر جاری بیان میں شہزاد اکبر نے اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے بطور مشیراحتساب وزیراعظم کو استعفیٰ جمع کروادیا ہے۔
مشیر احتساب نے مزید لکھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ملک میں احتساب کا عمل جاری رہے گا۔
انہوں نے لکھا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ رہیں گے اور بطور قانون دان بھی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
استعفیٰ پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے ٹوئٹ کیا کہ شہزاد اکبر نے شدید دباؤ میں اپنا کام کیا۔
انہوں نے لکھا کہ مافیاز سے ٹکر لینا کبھی بھی آسان نہیں تھا لیکن آپ نے جس انداز میں کام کیا اور کیسز کو نمٹایا وہ قابل تحسین ہے، اب انشاءاللہ مزید اہم کام شہزاد اکبر کا انتطار کررہے ہیں۔
خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق ڈپٹی پراسیکیوٹر شہزاد اکبر کو اگست 2018 میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب اور داخلہ کا عہدہ دیا گیا۔
جولائی 2020 میں ان کو اسی پورٹ فولیو کے ساتھ وزیر اعظم کے مشیر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔
شہزاد اکبر فاؤنڈیشن برائے بنیادی حقوق کے بانی، قانونی ڈائریکٹر اور ٹرسٹی ہیں جوکہ بنیادی انسانی حقوق کی ترقی، تحفظ اور نفاذ کے لیے سرگرم تنظیم ہے۔
انہوں نے پانامہ لیکس سے متعلق منی لانڈرنگ کیسز میں کلیدی کردار ادا کیا تھا جس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنائی گئی تھی۔
شہزاد اکبر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں محمد نواز شریف کو پاکستان واپس لانے اور اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے مختلف مقدمات کی پیروی کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔
گزشتہ کچھ عرصے سے شہزاد اکبر شریف خاندان سے متعلق تواتر سے پریس کانفرنسز بھی کررہے تھے۔

سونے کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مسلسل تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر 2 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1838 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔
دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام اباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، گوجرانوالا سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 350 روپے کا اضافہ دیکھا گیا اور نئی قیمت 1لاکھ 26 ہزار 350 روپے ہوگئی ہے۔
اُدھر دس گرام سونےکی قدر 300 روپے بڑھ کر ایک لاکھ 8 ہزار 325 روپے ہوگئی ہے۔

‘آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا’، وزیراعظم کی قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کے ایوارڈ جیتنے والے قومی کھلاڑیوں کو مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے ایوارڈز جیتنے والے کھلاڑیوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ نے ہمارا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور خاتون کرکٹر فاطمہ ثنا کو ایوارڈ سے نوازا گیا ۔