All posts by Khabrain News

اپنے لیے تیار کی گئی پالیسی عوام پر تھوپ دی گئی، رضا ربانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا ہے کہ یہ کیسی قومی سلامتی پالیسی ہے جس میں پارلیمنٹ سے پوچھا تک نہیں گیا، اپنے لیے تیار کی گئی پالیسی عوام پر تھوپ دی گئی۔
سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ جو معاہدہ ہوا وہ اب تک سامنے نہیں آیا، کہا گیا تھا کہ معاہدہ چند دنوں میں قوم کے سامنے آجائے گا۔
اسلام آباد میں سینیٹر شیری رحمان کی کتاب ’ویمن پلاننگ‘ کی تقریب رونمائی ہوئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینیٹر رضا ربانی کا کہنا تھا کہ کوشش کی جاتی ہے کہ صرف ریاست کے بیانیے کو تاریخ میں مرتب کیا جائے، تاریخ میں خواتین کی جدوجہد بھی اسی ظلم کا نشانہ بنی۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی پالیسی آئی، یہ کیسی پالیسی ہے جس کی پارلیمان سے مشاورت نہیں کی گئی، یہ قوم کی نہیں صرف ریاست کی پالیسی ہے۔
شیری رحمان کی کتاب میں پاکستان کی مشہور اور کامیاب خواتین کی جدوجہد اور دیگر خواتین کیلئے رول ماڈل بننے کے سفر پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

اسلام آباد سمیت خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر کے متعدد شہر زلزلے سے لرز اٹھے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی دارالحکومت سمیت صوبہ خیبرپختونخوا ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، گلگت بلتستان، کوہستان، خیبرپختونخوا کے شہری پشاور، صوابی ، باجوڑ،سوات، مالاکنڈ،بونیر،مانسہرہ، بالاکوٹ، تورغر آزاد کشمیر کے شہروں وادی نیلم،دودنیال،تہجیاں،شادرہ سمیت دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے۔زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ چھ ریکارڈ ہوئی ہے۔زلزے کے جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے۔زلزلے کی گہرائی 100 کلومیٹر تھی جبکہ اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا بارڈر تھا۔ابتدائی طور پر زلزلے میں کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔

عثمان بزدار کا عشائیہ، ارکان اسمبلی کے سانحہ مری پر تندوتیز سوالات

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے عشائیہ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق متعدد ارکان اسمبلی نے سانحہ مری بارے تندو تیزسوالات کئے جبکہ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے ذمہ دار بچ نہیں پائیں گے۔
12 جنوری کو اسلام آباد میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ میں بزدار سے ایم این ایز نے سانحہ مری پر سوالات کیے ، ارکان اسمبلی نے کہا سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن ہوناچاہیےتھا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انکوائری کرا رہے ہیں، کارروائی ضرور ہوگی۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ انکوائری تو معاملات کو ٹھنڈا کرنے کا باعث بنتی ہے ، ابتدائی انکوائری رپورٹ کے تناظر میں ایک سے د و ذمہ داروں کو ہتھکڑی لگنی چاہیے تھی جس پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا اور ذمہ داروں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔

افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا زیادہ ضروری ہے: اعلامیہ ایپکس کمیٹی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کے زیر صدارت اپیکس کمیٹی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، اعلامیہ میں افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف شریک ہوئے۔
ایپکس کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، افغانستان میں قیمتی جانوں کو بچایا جانا سب سے زیادہ ضروری ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو دوست ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں انسانی بحران کو روکنے کے لیے تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ افرادی قوت ، میڈیکل، آئی ٹی، فنانس اور اکاؤنٹنگ کے شعبوں میں مدد کریں۔
ایپکس کمیٹی کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی ضرورت کے وقت افغانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گا، عالمی برادری اور امدادی ادارے افغانستان کو امداد فراہم کریں تاکہ افغانستان کو قیمتی جانوں کے نقصان اور معاشی بحران سے بچایا جا سکے۔
اعلامیہ میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی جانب سے افغانستان کے لیے امداد کی اپیل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

بنوں: دہشتگردوں کا جانی خیل فوجی چوکی پر حملہ، فائرنگ سے 1 جوان شہید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشتگردوں کی جانب سے فوجی چوکی پر حملہ کیا گیا اور فائرنگ سے ایک جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے جانی خیل کے مقام پر فوج کی چوکی پر حملہ کیا ، دہشتگردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے سپاہی سرفراز علی وطن پر قربان ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے 26 سالہ سپاہی سرفراز علی کا تعلق وہاڑی سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے 13 اور 14 جنوری کی رات فوجی چوکی پر حملہ کیا جبکہ دہشتگردوں کی فائرنگ پر سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔

آنگ سان سوچی کے خلاف بدعنوانی کے مزید 5 مقدمات دائر

ینگون: (ویب ڈیسک) میانمار کی ملٹری کورٹ نے فوجی بغاوت کے بعد معزول کی گئیں حکمراں آنگ سان سوچی کے خلاف بدعنوانی کے مزید 5 مقدمات چلائے جائیں گے۔
غیرملکی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق نوبل انعام یافتہ 76 سالہ آنگ سان سوچی پر ایک درجن سے زائد مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں مجموعی طور پر 100 سال سے زیادہ قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔
ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ آنگ سان سوچی کے خلاف بدعنوانی کے نئے مقدمات تیار ہیں اور ہر مقدمے کی کم از کم سزا 15 برس ہے۔
ایک مقدمے میں انہیں اب تک مجموعی طور پر 6 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے تاہم وہ اپنے لگنے والے تمام الزامات سے انکار کرتی آئی ہیں۔
رائٹرز کے مطابق آنگ سان سوچی کے خلاف مندرجہ ذیل مقدمات پہلے ہی درج کیے جاچکے ہیں میں عوام کو مشتعل کرنے کا الزام ہے۔ جب ان کی پارٹی نے فروری میں بین الاقوامی اداروں کو ایک مراسلہ ارسال کیا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ فوجی حکومت کو تسلیم نہ کریں۔
علاوہ ازیں ان پر ستمبر 2020 میں پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران کورونا وائرس کے ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام بھی ہے۔
نئے پانچ مقدمات میں ایک بغیر لائسنس والی واکی ٹاکیز اور سگنل جیمرز کا ایک سیٹ رکھنا بھی ہے اور خفیہ معلومات کو حاصل، جمع، ریکارڈ، یا شائع کرنا یا ان تک پہنچانا جو دشمن کے لیے مفید ہو۔

کویت کی آئل ریفائنری میں آتشزدگی سے 2 ایشیائی ملازم جاں بحق

کویت سٹی: (ویب ڈیسک) کویت کی نیشنل پیٹرولیم کمپنی میں جمعے کے روز آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں دو ایشیائی ملازم جاں بحق ہوگئے۔
کویت نیشنل پیٹرولیم کمپنی (کے این پی سی) کی جانب سے جمعے کے روز واقعے سے متعلق بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ منال ال احمدی آئل ریفائنری پلانٹ پر ہونے والی آتشزدگی میں دو ایشیائی ملازمین جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے جن میں سے تین کو تشویشناک حالت میں ال عدن اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
اس واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر دو ملازمین کو کمپنی کے اسپتال میں طبی سہولیات فراہم کر کے گھر روانہ کردیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں ملازمین جائے وقوعہ پر اپنی معمول کی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے۔
کے این پی سی نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کے بعد ایکسپورٹ آپریشن کو بند کردیا گیا ہے۔ آخری موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق محکمہ فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا اور کولنگ کا عمل جاری تھا۔
اس سے قبل مشینوں کی مرمت کے دوران بھی ریفائنری میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں 10 ملازم جھلس کر زخمی ہوئے تھے۔ العربیہ کی رپورٹ کے مطابق یہ ریفائنری یومیہ 25 ہزار بیرل تیل ریفائن کرتی ہے، جس سے مقامی مارکیٹ کی طلب پوری کی جاتی ہے۔

سوشل میڈیا کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کا آغاز کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کمپنیوں نے پاکستان میں رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔
نئے سوشل میڈیا قوانین کے نفاذ کے بعد حکومت کو بڑی کامیابی مل گئی ، سنیک ویڈیو اور بیگو نے پی ٹی اے کے ساتھ رجسٹریشن کرا لی ہے۔ پی ٹی اے نے سنیک ویڈیو اور بیگو کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کردیئے۔
ترجمان پی ٹی اے کے مطابق دونوں سوشل میڈیا کمپنیوں کو پی ٹی اے میں تقریب کے دوران سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے۔ تقریب میں چیئرمین پی ٹی اے، اتھارٹی کے ممبران اور اہم عہدیداروں نے شرکت کی۔

یوٹیوب پر’بے بی شارک‘ دیکھنے والوں کی تعداد 10 ارب سے تجاویز

سیول: (ویب ڈیسک) خصوصاً بچوں کے ذہن میں سماجانے والی منفرد دُھن کا گانا ’بے بی شارک‘ نے تاریخ رقم کردی اور اب تک 10 ارب سے زائد مرتبہ دیکھی جانے والی صف اول کی ویڈیو بن چکی ہے۔
یوٹیوب پر ’بے بی شارک‘ کی ویڈیو اب تک 10 ارب سے زائد مرتبہ دیکھی جا چکی ہے۔
جنوبی کوریا کی کمپنی ’پینگ فونگ‘ نے 2016 ویڈیو ریلیز کی تھی اور نومبر 2020 میں سے زیادہ دیکھے جانے والی ویڈیو کا تاج اپنے نام کیا تھا۔
اس سے قبل لاطینی پاپ گانے ’ڈیسپاچیٹو‘ کو یہ اعزاز حاصل تھا اور یوٹیوب پر اسے 7 ارب سے زائد مرتبہ دیکھا چکا ہے لیکن ’بے بی شارک‘ اور ’ڈیسپاچیوٹو‘ کے مابین 2 ارب ویوز کا فرق ہے۔
حیرت انگیز طور پر یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والی تیزی ویڈیو بھی بچوں کا گانا ہے ’جانی جانی ایس پاپا‘ ہے اور اسے 6 ارب سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

حالیہ ہفتے 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، وفاقی ادارہ شماریات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) حالیہ ہفتے میں 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.43 فیصد کی معمولی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح ابھی بھی 19.82 فیصد برقرار ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گذشتہ ہفتے کے دوران پیاز 14.65 فیصد، ماچس 1.14 فیصد، آگ جلانے والی لکڑی 1.30 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ چکن 3.40 فیصد، انڈے2.99 اور ٹماٹر 1.26 فیصد، آلو 1.65 فیصد، چینی 0.17 فیصد اور آٹا 0.61 فیصد سستا ہوا۔
وفاقی ادارہ برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ 13 جنوری 2022ء کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گذشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.43 فیصد کمی ہوئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہگائی کی شرح 19.82 رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 20.89 فیصد، 17 ہزار 733 روپے سے 22 ہزار 888 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 19.04 فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 17.93 فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44 ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 17.72 فیصد رہی جبکہ 44 ہزار 176 روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 20.10 فیصد رہی ہے۔
اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 16 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں سردیوں کے موسم میں آگ جلانے کی لکڑی، ماچس، چینی، گڑ، امٹن، بیف، دالوں اور پیاز سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔
اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ ہفتے کے دوران جن 9 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں آلو، ٹماٹر، چینی، لہسن، ایل پی جی، انڈے، چکن اور آٹا شامل ہیں۔ البتہ 26 اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔