All posts by Khabrain News

کوہاٹ میں بارودی مواد کے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق

پشاور: کوہاٹ کے قبائلی سب ڈویژن جواکی کے علاقے گلوتنگی میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا میں جاں بحق ہونے والے افراد خانہ بدوش تھے، دھماکے میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کرلیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کی حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کی معفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

پولیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ دھماکا مارٹر گولے کے پھٹنے کی وجہ سے خانہ بدوشوں کی جھونپڑی میں ہوا، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا عوام سے گفتگو کے دوران پٹرول مزید مہنگا ہونے کا عندیہ

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان آج ایک بار پھر عوام سے براہ راست بات چیت کر رہے ہیں جس کے دوران انہوں نے پٹرول مزید مہنگا ہونے کا عندیہ دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست گفتگو کے دوران کہا کہ کوشش تھی کہ ہر ماہ لوگوں کے سامنے آ کر جواب دوں۔ اصولا سوالات کے ججوابات پارلیمنٹ میں دینے چاہئیں مگر اپوزیشن اراکین شور مچا دیتے ہیں اور مجھے بولنے نہیں دیتے۔ اسلامی فلاحی ریاست ہمارا منشور ہے۔ جب اقتدار میں آئے تو ملک ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا۔
ملک میں بڑھتی مہنگائی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان کامسئلہ نہیں، کورونا کے سبب پوری دنیا کی معیشت کو دھچکا لگا۔ بد قسمتی سے ہمیں 20 ارب ڈالرکا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ملا، روپے کی قدر گرنے سے جو چیزیں امپورٹ کرتے ہیں وہ مہنگی ہوجاتی ہیں، کورونا کے دوران عوام پر 8 ارب روپےخرچ کیے، ملکی مسائل کو حل کیا تو کورونا آ گیا جس سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔ کورونا کی وجہ سے دنیا کو بحران کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہریوں کے ساتھ گفتگو کے دوران ان کی شکایات سننے کے دوران حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔

سی پیک میں کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دی جائے: امیر حیدر خان ہوتی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) اے این پی کے رہنماء امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ سی پیک میں کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دی جائے۔ موجودہ وزیر اعظم کہتے تھے کہ کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوتی ہے تو آج تاریخی مہنگائی ہے۔
اے این پی کے رہنماء امیر حیدر خان ہوتی نے پارٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہرنائی جلسہ کامیاب ہونے پر اے این پی کارکنوں کا مشکور ہوں۔ شدید سردی میں ہرنائی جلسہ میں لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ ہرنائی میں کئی سال پہلے گیس دریافت ہوئی لیکن مقامی آبادی آج تک گیس سے محروم ہے جبکہ ہرنائی میں پاکستان بننے سے پہلے کوئلہ دریافت ہوا لیکن آج تک کوئلے کی بڑے ٹھیکداروں کا تعلق بلوچستان سے نہیں ہے۔ بلوچستان کے کوئلہ کانوں سے باہر بیٹھے لوگ منافع کما رہے ہیں۔ صرف کوئلہ نہیں بلکہ تمام وسائل پر باہر کے لوگوں کا قبضہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں بڑی تعداد میں لوگ اپنے حق کیلئے گوادر میں نکلے تھے۔ حقوق نہ دینے کی وجہ سے احساس محرومی پیدا ہورہی ہے۔اگر بلوچستان کو ساتھ لے کر جانا ہےتو بلوچستان کے لوگوں کو ان کا حق ضرورینا چاہئے۔اب ریکوڈک اور سینکد کے حوالے سے بہت سے خدشات ہے۔ بلوچوں کو سی پیک میں ان کے حقوق دیاجائے۔ سی پیک میں کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دی جائے۔
اے این پی رہنما نے مزید کہا گزشتہ تین سالوں میں موجودہ حکومت نے معیشت کو تباہ کیا ہے ۔ تین سال میں قرضے لیے گئے لوگوں کو بے روزگار کیا گیا۔ موجود حکمران دعویٰ کرتے تھے کہ ہمارے پاس بہترین منصوبہ ہے۔ ہمارے پاس ملک چلانے کیلئے بہترین لوگ ہیں۔ موجودہ وزیراعظم کہتے تھے کہ کرپشن کی وجہ سے مہنگائی ہوتی ہے تو آج تاریخی مہنگائی ہے۔ حکمران بتائیں کہ ان کو کرپٹ کہا جائے یا نہیں۔ منی بجٹ کی وجہ سےساڑھے تین سو ارب کےنئے ٹیکسز لگائے گئے۔ پاکستان کی معیشت مزید بوجھ اٹھانےکی قابل نہیں ہے۔ ایک بار پھر دہشتگردی کے واقعات میں اضافہ ہواہے۔

ایم کیو ایم نے کراچی میں قتل عام کرایا ہے ،ان کے منہ کو خون لگ چکا ہے ، سعید غنی

کراچی : (ویب ڈیسک) صوبائی وزیر سندھ سعید غنی نے براہ راست الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم نے کراچی میں قتل عام کرایا ، ان کے منہ کو خون لگ چکا ہے ، اب یہ پھر اسی خون کی تلاش میں ہیں ۔
سعید غنی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کے ان بچوں کو قتل کرایا جن کے والدین کے ووٹ سے وہ یہاں تک پہنچے ، یہ پھر کراچی میں خونریزی چاہتے ہیں ، ایک واقعہ کو بنیاد بنا کر صوبے میں لسانی تقسیم پیدا کرنے کی جارہی ہے،آفاق احمد نے ایک مسئلے پر آگ لگانے کی کوشش کی ہے ۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں لسانی بنیادوں پر فساد پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ٹنڈوالہ یار میں ایک قتل کی وجہ سے صورتحاک خراب ہوئی ہے ،سندھ حکومت کو کسی مخصوص لسانی جماعت بناکر پیش کرنازیادتی ہے،جس قسم کی باتیں ٹنڈوالہ یار میں کیں وہ آگ لگانے کی کوشش ہے،جماعت اسلامی بھی تقسیم کی سیاست کرنا چاہتی ہے،پیپلزپارٹی وفاقی جماعت ہے ہمارے کارکنوں نے قربانیاں دی ہیں،
پی ٹی آئی،ایم کیو ایم اور دیگر جماعتیں عوام کی توجہ منی بجٹ سے ہٹانا چاہتی ہیں۔

روس کے حق میں بیان نے جرمنی نیوی کے چیف کو استعفیٰ دینے پر مجبور کردیا

برلن : (ویب ڈیسک) روس کے حق میں اور یوکرین کی مخالفت میں بیان نے جرمنی نیوی کے چیف کو استعفیٰ دینے پر مجبور کر دیا۔
خبررساں ویب سائٹ العربیہ کے مطابق جرمن بحریہ کے چیف لیٖٹیننٹ جنرل کی اچم شونباچ نے بھارت میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ کریمیا روس میں چلا گیا ہے اور کبھی واپس نہیں آئے گا،روسی صدر احترام چاہتے ہیں اور وہ اس کے مستحق ہیں ۔ جرمنی اور بھارت کو چین سے نمٹنے کیلئے روس کی ضرورت ہے ، آئندہ سالوں میں یورپی براعظم پر جنگ مسلط کی جا سکتی ہے ۔
اس بیان کے بعد کائی اچم شونباچ کے خلاف انکوائری شروع کر دی گئی جبکہ جرمن بحریہ کے چیف نے گزشتہ روز اپنا استعفیٰ حکام کو پیش کر دیا۔
واضح رہے کہ سال 2014 میں ایک ریفرنڈم کے ذریعے کریمیا کے عوام نے روس میں شمولیت کا ووٹ دیا تھا ، کریمیا کے 96.77 جبکہ سیوا ستوپول کے 95.6 فیصد عوام نے روس میں شمولیت کا ووٹ دیا تھا جس کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کریمیا کا مسئلہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے حل ہونے کا اعلان کیا تھا ۔
تاہم اس ریفرنڈم کے باوجود یوکرین اور اس کے حامی ممالک کریمیا کو یوکرین کا اٹوٹ انگ گردانتے ہیں ۔

بجلی مزید 95 پیسے یونٹ مہنگی کرنے کے معاملے پر سماعت کل ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی مزید پچانوے پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کے معاملے پر سماعت کل ہوگی، وفاقی حکومت نے مختلف سلیبز کے لیے بجلی آٹھ سے پچانوے پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کررکھی ہے۔
وفاقی حکومت نے غیر مستحق صارفین کے لیے سبسڈی میں بیس ارب روپے کمی کی تجویز دی ہے، بجلی کے 100یونٹ استعمال تک8 پیسے فی یونٹ ، 101سے 200 یونٹ تک استعمال پر 18 پیسے اور201سے300 یونٹ استعمال پر 48 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے، پاور ڈویژن نے بجلی کے301 سے 700 یونٹ تک استمال پر 95 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی ہے۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم فروری سے کرنے کی تجویز ہے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے پاور سیکٹر میں سبسڈی کی از سر نو تعین کے دوسرے مرحلے میں سابقہ سلیب کا فائدہ ختم، نیٹ اور کراس سسبڈی کو کم کرنے اورزرعی ٹیوب ویلز کو دوالگ الگ کٹیگریز میں تقسیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بلوچستان میں سولر ٹیوب ویلز کو سبسڈی دینے اور زرعی ٹیوب ویلز کے سسٹم میں جدت لانے کی تجویزہے، اس اقدام کا مقصد پاور سیکٹر میں سبسڈی کا از سو نو تعین کرنا ہے۔

6 ماہ کے دوران سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا، 6 ماہ میں 1.302 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان نے 6 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ آئی ٹی برآمدات کا سنگ میل عبور کرلیا۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مالی سال 22-21 کے دوران اب تک ہماری آئی ٹی برآمدات 1.302 ارب ڈالر کی ہوئیں۔ 21-2020 کی اسی مدت کے دوران 959 ملین ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اسی عرصے کے مقابلے میں یہ 36 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے، امید ہے کہ ہم اس مالی سال کے دوران 3.5 ارب ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی توجہ اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لیے برآمدات بڑھانے پر ہے، 2 سال میں آئی ٹی انڈسٹری کو دوگنا کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ روزگار پیدا کرنے اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ٹیک زونز قائم کیے جا رہے ہیں، آج ہم دنیا کی تیسری بڑی گیگ اکانومی ہیں۔

پریانکا ہمیشہ سے ہی زیادہ بچوں کی خواہشمند ہیں: اداکارہ کی کزن کا انکشاف

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی کزن اور اداکارہ میرا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ پریانکا کو شروع سے ہی زیادہ بچوں کی خواہش ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ میرا چوپڑا نے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں تصدیق کی کہ اداکارہ بیٹی کی ماں بن گئی ہیں, ساتھ ہی میرا نے بتایا کہ پریانکا ہمیشہ سے ہی زیادہ بچوں کی خواہشمند ہیں۔
خیال رہے کہ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس دو روز قبل سروگیسی کے ذریعے والدین بنے ہیں جس کی تصدیق اداکار جوڑی کی جانب سے آفیشیل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کی گئی ہے۔ میرا چوپڑا نےبھارتی میڈیا کو پریانکا کی زیادہ بچوں کی خواہش سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ میں پریانکا کی زندگی کے اس نئے سفر پر ان کے لیے بے حد خوش ہوں، وہ اپنی بچی کے لیے ایک سپر ماں بننے جا رہی ہیں۔
میرا چوپڑا کا کہنا تھا کہ پریانکانے اپنی زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ماں بننا پریانکا کی طاقت میں ایک طرح کا اضافہ ہے۔

کسان دربدر اور حکومت ہمیشہ کی طرح غائب ہے، شہباز شریف

لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسان دربدر اور حکومت ہمیشہ کی طرح غائب ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے یوریا کھاد کی قلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھاد کی اسمگلنگ اور بلیک میں فروخت جاری ہے لیکن کسان دربدر اور حکومت ہمیشہ کی طرح غائب ہے۔ ڈی اے پی اور یوریا کی اسمگلنگ روکی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کا استحصال بند کیا جائے، حکومتی نااہلی، نالائقی اور چور بازاری کی سزا عوام اور کسانوں کو مل رہی ہے۔ کسان چیخ رہے ہیں کہ اسمگلنگ ہو رہی ہے لیکن حکومت کہاں سوئی ہوئی ہے؟
شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں یوریا کی قیمت زیادہ ہے تو اسمگلنگ کی روک تھام کیوں نہ کی گئی ؟ یوریا کی اسمگلنگ روکنے کے لیے پیشگی انتظامات کیوں نہ ہوئے؟ یوریا کی قلت پی ٹی آئی کی بدانتظامی اور کرپشن کا شاخسانہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوریا نہ ہونے کا مطلب زرعی پیداوار میں کمی ہے۔ زرعی ملک جو گندم اور چینی برآمد کرتا تھا وہ آج باہر سے منگوا رہا ہے اور ہمارے دور میں ڈی اے پی کی بوری 2400 کی تھی لیکن آج 10 ہزار روپے میں بھی نہیں مل رہی۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت کا قیمتوں پر کنٹرول نہ ہونا ناکامی، نااہلی اور بدانتظامی کی انتہا ہے جبکہ حکومت کے کپاس کی پیداوار کے بارے میں اعدادوشمار غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 2015 میں تاریخی کسان پیکیج دیا تھا اور کسانوں کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات میں اربوں روپے امداد دی گئی تھی۔ یہ پروگرام سیالکوٹ اور لودھراں میں پی ڈی ایم اے کے تعاون سے شروع ہوا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ ون ونڈو آپریشن سے ہر مرکز سے 200 کسانوں کو روزانہ کی بنیاد پر امداد مہیا کی گئی لیکن آج کسانوں سمیت عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

خوشحال کسان زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں، آصف زرداری

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خوشحال کسان ہی زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کسان مارچ کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کسان ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں اور خوشحال کسان ہی زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسانوں کو محنت کا پھل نہ ملنا انتہائی ناانصافی ہے جبکہ فصلوں کی مناسب اور منصفانہ قیمت نہ ملنا کسانوں کا معاشی استحصال ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کسانوں سے انصاف کی روایت برقرار رکھے گی اور پیپلز پارٹی کسانوں کی مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ زرعی طور پر مضبوط پاکستان ہی پیپلز پارٹی کا منشور ہے اور حکومت کسانوں کو زرعی کھاد مہیا کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔