All posts by Khabrain News

شام: کرُد فورسز اور داعش میں تصادم، 120 سے زائد افراد ہلاک

کرُد فورسز کے زیرِ انتظام جیل پر جمعرات کو کیے گئے حملے کے بعد کُرد اہلکاروں اور داعش کے درمیان 4 روز سے جنگ جاری ہے جس میں اب تک 120 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جس میں 7 عام شہری بھی شامل ہیں۔
شام میں انسانی حقوق کی نگراں تنظیم (سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس) کے مطابق 100 سے زائد داعش کارکنان نے اپنے قیدی جنگجوؤں کو چھڑانے کیلئے جیل پر حملہ کیا۔ جیل میں 3500 داعش کارکنان قید تھے۔ کہا جارہا ہے کہ 3 سال قبل شام میں خود ساختہ اسلامی خلافت کے خاتمے کے بعد داعش کی جانب سے یہ اب تک کی سب سے منظم اور بڑی کارروائی ہے۔
جیل پر حملے کے دوران جنگجوؤں نے اسلحے بھی قبضے میں لے لیے۔ امریکی حمایتی کُرد فورسز داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے میں سرگرم ہے جس کے نتیجے میں مختلف مقامات پر تصادم کے باعث اب تک 77 داعش کارکنان اور 39 کُرد اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔شدید جھڑپوں کی آوازیں سنائی دیں جس کے بعد کُرد فورسز نے لاؤڈاسپیکر کے ذریعے مقامی شہریوں کو فوری انخلا کا حکم دیا۔

کیمرون؛ نائٹ کلب میں خوفناک آتشزگی سے 16 افراد ہلاک

وسطی افریقی ملک کیمرون کے نائٹ کلب میں آتش بازی کے سامان میں آگ لگنے سے 16 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے ہیں۔ واقعہ دارالحکومت یاؤنڈے کے ایک مہنگے ترین نائٹ کلب میں اتوار کی صبح پیش آیا۔
اس حوالے سے حکام نے کہا کہ نائٹ کلب میں آتش بازی کا سامان بھی استعمال ہوتا تھا اور مذکورہ واقعہ اسی کے پھٹنے سے پیش آیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آتش بازی کا سامان پھٹنے سے چھت پر آگ بھڑک اٹھی، جس سے مزید دھماکے ہوئے اور پنڈال میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکومتی بیان کے مطابق آگ تقریباً تین بجے لگی تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات جارہی ہیں۔

بٹ کوائن کی قیمت میں یکدم بڑی کمی

ڈیجیٹل کرنسی کے غبارے کی ہوا نکلنا شروع ہوگئی ہے اور اس کی قیمتوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران نمایاں کمی آئی ہے۔
بٹ کوائن کی قیمت میں 22 جنوری کو 36 ہزار ڈالرز سے بھی نیچے آگئی اور اس کی مارکیٹ ویلیو میں سے 600 ارب ڈالرز سے زیادہ کمی آئی۔
اس وقت بٹ کوائن ایک یونٹ لگ بھگ 35 ہزار ڈالرز یعنی 63 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد میں فروخت ہورہا ہے جو جولائی 2021 کے بعد اب تک کی سب سے کم قیمت ہے۔
نومبر 2021 میں بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں اب تک 45 فیصد کمی آئی ہے جبکہ دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کو بھی اسی صورتحال کا سامنا ہے۔
بٹ کوائن کے ساتھ ساتھ دیگر کرنسیوں جیسے ایتھر سمیت دیگر میں آنے والی کمی سے کرپٹو مارکیٹ کو ایک ٹریلین سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔
بیسپوک انویسٹمنٹ گروپ نے کرپٹو پلیٹ فارم ایف آر این ٹی فنانشنل کے شریک بانی اور چیف ایگزیکٹیو اسٹیفن اولیٹی نے بتایا کہ کرپٹو مارکیٹ کا ردعمل اسی طرح کا ہے جو خطرات والے اثاثوں کا عالمی سطح پر ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق متوقع خطرات کو مدنظر رکھا جائے تو بٹ کوائن کی قیمت میں ایک سال میں 60 فیصد تبدیلی آئی جبکہ سونے کی قیمتوں میں یہ شرح 14 فیصد تھی، اس سے عندیہ ملتا ہے کہ بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل کرنسیاں محفوظ کی بجائے خطرے والے اثاثے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق کرنسیوں کی قدر میں مزید کمی دیکھنے میں آسکتی ہے کم از کم مختصر مدت کے لیے۔
بٹ کوائن کی قیمتوں میں اس طرح کا اتار چڑھاؤ نیا نہیں، 2017 میں بھی ایسا دیکھنے میں آیا تھا۔
2017 میں اس کرنسی کی قدر میں 900 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا تھا اور وہ 20 ہزار ڈالرز کے قریب پہنچ گئی تھی، مگر اس موقع پر مالیاتی ماہرین نے انتباہ کیا تھا کہ یہ قیمت بہت تیزی سے نیچے جاسکتی ہے۔
پھر ایسا ہوا بھی اور فروری 2018 میں قیمت 7 ہزار ڈالرز سے بھی نیچے چلی گئی۔
اسی طرح 2021 میں بھی اس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد اچانک تیزی سے کمی آئی ہے اور وہ 30 ہزار ڈالرز کے قریب پہنچ گئی۔

طالبان ترجمان کے ہاتھوں امریکی شہری نے اسلام قبول کرلیا

طالبان کے ترجمان وافغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد کے ہاتھوں کرسٹو فر نامی امریکی شہری نے اسلام قبول کرلیا۔
افغانستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکی شہر کرسٹو فر طویل عرصے سے افغانستان میں سرگرم تھا۔
سرکاری ایجنسی کی جانب سے ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالبان کے ترجمان و افغانستان کے نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے امریکی شہری کو کلمہ شہادت پڑھا کر مشرف بہ اسلام کیا۔
کلمہ شہادت پڑھانے کے بعد ذبیح اللہ مجاہد اور دیگر حکام نے امریکی شہری کو گلے لگا کر مبارکباد پیش کی۔
ذبیح اللہ مجاہد نے بتایا کہ امریکی شہری کا اسلامی نام محمد عیسیٰ رکھا گیا ہے۔

طالبان کی غلطیوں کی سزا بھوک و افلاس کے شکار افغان عوام کو نہ دیں؛ اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ طالبان کی غلطیوں کی سزا بھوک و افلاس سے نبرد آزما افغان عوام کو نہ دی جائے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ مسلسل دو دہائیوں کے جنگ زدہ ملک کے عوام کو غربت، بھوک، موسم کی سختی اور بیروزگاری کا سامنا ہے۔
سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اپیل کی کہ عالمی ادارے اور مغربی ممالک مجبور و لاچار عوام کے لیے افغانستان کے منجمد اثاثے فوری طور پر بحال کریں چاہے وہ مشروط ہی کیوں نہ ہوں۔
ایک صحافی کے سوال کے جواب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ افغانستان میں سنگین نوعیت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
انتونیو گوتریس نے مزید بتایا اس حوالے سے طالبان پر واضح کیا ہے کہ ان کی حکومت کو تسلیم کرنے اور امداد کی بحالی کے لیے ضروری ہیں کہ وہ انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے مطابق طالبان کو یہ بھی بتایا ہے کہ ایسا کرنا نہ صرف ان کی حکومت بلکہ ان کے عوام کے مفاد میں بھی ہے۔
واضح رہے کہ طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکا نے افغانستان کے 7 ارب ڈالرز کے منجمد کردیئے تھے جب کہ عالمی تنظیموں کی جانب سے ترقیاتی کام بھی روک دیئے گئے ہیں۔

حکومت کسانوں کو کھاد مہیا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے، آصف زرداری

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کسانوں کو کھاد مہیا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

آصف علی زرداری نے کسان ٹریکٹر مارچ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو محنت کا پھل نہ ملنا انتہائی ناانصافی اور کسانی کا معاشی استحصال ہے، حکومت کسانوں کو کھاد مہیا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشحال کسان زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کسانوں سے انصاف کی روایت برقرار رکھے گی، پیپلز پارٹی کسانوں کو اپنی فصلوں کو مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنائے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ زرعی طور پر مضبوط پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے، کسان ٹریکٹر مارچ کا مقصد کسانوں کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔

حکومت سے نکل گیا تو زیادہ خطرناک ہوں گا، اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا ہے کہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا اور اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے براہ راست عوام کی ٹیلی فون کالز سنیں اور مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

اس دوران وزیر اعظم نے معیشت اور ملکی سیاست پر بھی بات کی۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انتظار کررہاہوں آپ پاکستان آئيں، بڑی باتیں ہورہی ہیں کہ ڈيل ہوگئی، کہتے ہیں آج آجائے گا کل آجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میں تو دعا کرتا ہوں کہ لندن سے آج آجائیں لیکن وہ واپس نہیں آنے لگا، سارا ٹبّر باہر بھاگا ہوا ہے، کوئی پولوکھیل رہا ہے تو کوئی مہنگی گاڑیوں میں گھوم رہے رہا ہا، اتنا پیسہ تو برطانیہ کی رائل فیملی نہیں خرچ کرسکتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ تین بار وزیراعظم رہنے والا کہتا ہے کہ اس کے بیٹے پاکستان کے شہری نہیں۔

 میرے سڑکوں پر نکلنے سے اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گا: وزیراعظم

اس دوران عمران خان نے اپوزیشن کو خبردار کیا کہ ہماری پارٹی حکومت کی یہ مدت اورآئندہ مدت بھی پوری کرے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومت سے نکل گیا تو میں اس سے زیادہ خطرناک ہوں گا، میرے سڑکوں پر نکلنے سے اپوزیشن کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ عوام آپ کے ساتھ اس لیے نہیں نکلتے کیونکہ آپ چوری بچانےکیلئے نکلتے ہو۔

220 ملین لوٹنے والے مافیاز عمران خان کا کچن چلا رہے ہیں، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان جن کارٹلز ومافیاز کی شکایات کررہے ہیں وہ ان کے دائیں بائیں ہیں، وہ مافیا جس نے 220 ملین لوٹا وہی ان کا کچن چلا رہا ہے۔
وزیر اعظم عمران کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج عمران خان نے جو الفاظ بولے، ہر لفظ میں ناکامی، اور اپنے اور پی ٹی آئی کے مستقبل سے کوئی امید نہیں تھی، عمران خان یہ سب ناگزیر تھا، عمران خان آپ تاریخ ہیں، اور تاریخ ہمیں ایسے لوگوں سے بچنے کا سبق سکھائے گی جو عوامی طاقت سے زیادہ سازشوں پر یقین رکھتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی آواز شکست خوردہ نہیں شکست تسلیم کرنے والے کی آواز ہے، چار سالہ دور حکومت صرف دعوے ہی کیے جا رہے ہیں، اور آپ جن کارٹلز ومافیاز کی شکایات کررہے ہیں وہ آپ کے دائیں بائیں ہیں، وہ مافیا جو 220 ملین لے اڑا وہی آپ کا کچن چلا رہا ہے، آپ کی دھمکیاں اقتدار سے نکالا گیا تو مزید خطرناک ہو جاؤں گا گیڈر بھبکیوں کے سوا کچھ نہیں، جس دن آپ اقتدار سے نکلے عوام شکرانے کے نفل پڑھیں گے، آپ نہ تو نواز شریف ہیں جس کے پیچھے عوام کھڑی تھی، اور نہ ہی بیچارے اور مظلوم ہیں، آپ سازشی ہیں اور مکافات عمل کا شکار ہوئے ہیں۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کے اب رونے دھونے اور ڈرامہ کرنے کا کوئی فائدہ نہیں، سامان اٹھائیں اور چلتے بنیں، آپ جتنی دیر اقتدار سے چپکے رہیں گے اپنی اور عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا باعث بنیں گے، آپ عبرت ناک شکست کھا چکے ہیں۔

پارلیمنٹ میں این آر او کا کراؤڈ بیٹھا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے پارلیمنٹ میں اپوزیشن بولنے نہیں دیتی، ایوان میں این آر او کا کراؤڈ بیٹھا ہوا ہے وہاں بات نہیں کرسکتا۔

تفصیلات کے مطابق “آپ کا وزیر اعظم۔۔۔آپ کے ساتھ” لائیو ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میری کوشش تھی کہ ہر ماہ بعد عوام کے براہ راست سوالوں کا جواب دوں، بدقسمتی سے ایسا نہ ہوسکا، عوامی معاملات پر ایوان میں گفتگو کرنا چاہتا ہوں تو یہاں اپوزیشن بولنے نہیں دیتی اور شور مچاتی ہے۔

وزیراعظم نے اپوزیشن کو این آر او کا کراؤڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وہاں بات نہیں کرسکتا۔

مہنگائی عالمی مسئلہ

لائیو ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں پوری دنیا کا ہے، جب ہمیں حکومت ملی تو ملکی تاریخ کا 20ارب ڈالر کا خسارہ ملا، ہماری حکومت آئی تو سارا دباؤ قرض کی وجہ سے روپے پر پڑا، ہم پر بوجھ پڑا تو روپیہ گرا ، جو چیز ہم امپورٹ کرتے ہیں وہ مہنگی ہوجاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کروناکی وجہ سے دنیا میں سپلائی بحران کاسامنا ہے، برطانیہ کی سالانہ آمدنی پاکستان سے 50 فیصد زیادہ ہے، وہاں بھی غذائی بحران جاری ہے، جاپان میں مہنگائی کا 20سالہ ریکارڈ ٹوٹا ہے، فرانس میں 13سال بعد مہنگائی کی بلند ترین شرح ہے، جرمنی میں اس وقت مہنگائی کا 30سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، یورپ میں بھی 30سال کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے اندر سب سے زیادہ مہنگائی سے تنخواہ دار طبقہ متاثر ہے، تنخواہ دار طبقے کی مدد کیلئے احساس راشن پروگرام کوبڑھائیں گے، اب ٹیکس کلیکشن بڑھتی جارہی ہے، لوگوں کی مدد کرینگے۔

وزیراعظم نے بتایا کہ کارپوریٹ سیکٹر میں 980ارب کا منافع ہواہے، ملک کے بڑے تاجروں سے میٹنگ کرونگا اور انہیں کہوں گا کہ ملازمین کی تنخواہیں بڑھائیں، کارپوریٹ سیکٹر کو اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرناچاہیے، سارا وقت آپ سب کو پاگل نہیں بناسکتے۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کیلئے سخت حفاظتی پروٹوکولز جاری کر دیے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے لیے حفاظتی پروٹوکولز جاری کر دیے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی پروٹوکولز کے مطابق ایونٹ کے پہلے مرحلے میں شریک تمام افراد کی 4 بار پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی، 10 فروری سے 27 فروری تک شرکاء کی 7 مرتبہ پی سی آر ٹیسٹنگ کی جائے گی۔

پروٹوکولز میں کہا گیا ہے کہ کووڈ ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے پر7 دن کے لیے آئسولیشن میں رکھا جائے گا، جس کے بعد ریپڈ ٹیسٹ ہو گا، ریپڈ ٹیسٹ کا رزلٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ شخص کو مزید 3 روزکے لیے آئسولیشن میں رہنا پڑے گا۔

کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑی گیند پر تھوک کا استعمال نہیں کر سکتے، تمام کھلاڑیوں کوصرف اپنے سامان استعمال کرنے کی اجازت ہو گی اور صفائی کے عملے کے علاوہ کسی اور کو ہوٹل کے کمرے میں آنے کی دعوت دینا بڑی خلاف ورزی ہو گی، اجازت کے بغیر قرنطینہ کے دوران کمرے سے باہر نکلنا بڑی خلاف ورزی ہو گی اور ببل کے باہر سے کوئی بھی چیز وصول کرنا، علامات سے آگاہ نہ کرنا بڑی خلاف ورزی ہوگی۔

پی سی بی پروٹوکولز کے مطابق ایسا کوئی قدم اٹھانا جو علامات کو چھپائے یا ٹیسٹ کے نتائج کو تبدیل کر دے بڑی خلاف ورزی ہو گی، کسی ایسے شخص سے ملنا جس میں علامات ہوں یا جس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہو وہ بھی بڑی خلاف ورزی ہو گی۔

صحافیوں کے لیے ایڈوائزی

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میڈیا کے لیے بھی ایڈوائزی جاری کی گئی ہے اور این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں پر میڈیا باکس میں داخلہ محدود کیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران صرف 25 فیصد صحافیوں کو میڈیا باکس میں بٹھنے کی اجازت ہو گی، مرکزی بلڈنگ کے میڈیا باکسز میں 25 فیصد صحافی ہوں گے، دیگر صحافیوں کے لیے جاوید میانداد انکلوژر میں میڈیا زون بنایا جا رہا ہے۔