All posts by Khabrain News

این سی او سی کی ہدایت پر لاک ڈاؤن کا فیصلہ کریں گے، مراد علی شاہ

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کووڈ کیسز بڑھنے کے باوجود صورتحال قابو میں ہے، صوبے میں لاک ڈاؤن لگانے کا منصوبہ نہیں بنارہے بلکہ این سی او سی کے فیصلوں پر عمل کریں گے۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں آصف رحمان سیمولیشن سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کووڈ کیسز تیزی سے پھیلنا شروع ہو گئے ہیں، یکم جنوری 2022ء کو ہمارے پاس 300 کیسز تھے اور 22 جنوری 2022ء کو 2289 کیسز سامنےآئے جس کا مطلب ہے کہ 12 دن کے اندر تقریباً 2000 کیسز میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اومی کرون ویریئنٹ نے بھی تیزی سے انفیکشن ظاہر کرنا شروع کر دیا ہے اور ہمارے پاس 331 کیس ہیں جن میں سے 3 کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اگرچہ کوویڈ کیسز بڑھ رہے ہیں لیکن اس کے باوجود صورتحال قابو میں ہے، ہماری صحت کی سہولیات دباؤ میں نہیں ہیں، اس لیے ہم لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا منصوبہ نہیں بنا رہے، سندھ حکومت لاک ڈاؤن یا اسکولوں کو بند کرنے کے سلسلے میں این سی او سی کے فیصلوں پر عمل کرے گی۔
دریں اثنا سندھ حکومت کے مطابق کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں اضافہ ہوگیا، کراچی میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 28.8 فیصد ہوگئی۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2289 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 2081 کیسز کا تعلق کراچی سے ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ میں 2 افراد جان کی بازی ہار گئے، 172 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 14 مریض وینٹی لیٹر پر زیر علاج ہیں۔
کراچی میں کورونا کیسز کی شرح 28.8 فیصد پر پہنچ گئی ہے، ماہرین صحت نے کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح پر قابو پانے کے لیے شہریوں کو ویکسی نیشن کروانے اور بوسٹر ڈوز لگوانے کا مشورہ دیا ہے۔

کراچی سے القاعدہ اور جنداللہ کا انتہائی مطلوب شدت پسند گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) سی ٹی ڈی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشت گرد سید کاشف علی شاہ عرف شاہین کو لائنز ایریا سے گرفتار کرلیا۔
ملزم کا تعلق القاعدہ اور جنداللہ سے ہے ، جس کی گرفتاری پر پانچ لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا ، اس کا نام ریڈ بک کے نویں ایڈیشن میں بھی موجود ہے۔
سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گرفتار دہشت گرد سال 2004 میں کور کمانڈر کراچی پر حملے میں ملوث ملزمان کا ساتھی ہے ۔ وہ حملے کے بعد مختلف شہروں میں روپوش رہنے کے بعد کافی عرصے سے راولپنڈی میں روپوش تھا اور کراچی پہنچنے پر اسے گرفتار کرلیا گیا ۔
ملزم کے قبضے سے اسلحہ ، ایمونیشن اور اہم دستاویزات برآمد کرلی گئیں ، شبہ ہے کہ ملزم کسی بڑی کارروائی کے لیے کراچی آیا تھا اور سلیپر سیلز کو بھی فعال کرسکتا تھا ۔ملزم سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس میں کئی اہم انکشافات متوقع ہیں

ن لیگ اور زرداری گروپ کا 2023 کا الیکشن آخری ہوگا: فواد چودھری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو پھر پارلیمنٹ میں شکست ہوئی، ن لیگ اور زرداری گروپ کا 2023 کا الیکشن آخری ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے فواد چودھری نے لکھا کہ انشااللہ 2023 کے انتخابات میں یہ چہرے پارلیمان سے مکمل باہر ہوں گے۔ ن لیگ کا اور زرداری گروپ کا 2023 کا انتخاب آخری ثابت ہوگا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اپنے ٹویٹ میں شاکر شجاع آبادی کا شعر بھی لکھا۔
فواد چودھری کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ سرکاری اعلان ہوا ہے سچ بولو، جھوٹ کا صرف ایک چہرہ عمران خان ہے ، عوام بے روزگاری اور مہنگائی کرنے والے چہرے پہچان چکے ہیں اور ‎عام انتخابات کا سال پی ٹی آئی کا آخری انتخاب ثابت ہوگا۔

سانحہ مری : برف ہٹانیوالی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑی ہونے کا انکشاف

لاہور: (ویب ڈیسک) سانحہ مری کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں جس کے مطابق طوفان کے دوران برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑی تھیں، ڈرائیور موجود تھے نہ ہی دیگر عملہ جبکہ محکمہ جنگلات کے حکام کمیٹی کو تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔
سانحہ مری کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں ، تحقیقاتی کمیٹی نے پنجاب ہاؤس مری میں آپریشنل عملے اور برفانی طوفان کے دوران مدد کیلئے موصول ہونے والی کالز کے بارے میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے ۔
برف ہٹانے والی گاڑیوں سے متعلق ہائی وے مکینیکل ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ 29 گاڑیوں میں سے 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر ایک نجی بینک میں کھڑی رہیں جبکہ ڈرائیوز اور عملہ ڈیوٹی پر موجود نہ تھا۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کا راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں دفتر موجود نہ ہونے کا بھی انکشاف ہوا۔
محکمہ جنگلات کے حکام یومیہ اجرت اور سڑکوں پر گرے درخت ہٹانے والے مزدوروں کے بارے میں سوالا ت کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے جس پر کمیٹی نے عملے کی تفصیلات اور ذمہ داریوں سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔
کمیٹی کو بتایاگیا کہ مری میں شدید برفباری کی وارننگ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے ذریعے جاری کی گئی جبکہ ضلعی انتظامیہ نے مری کے داخلی راستوں سے تقریباً 50 ہزار گاڑیاں واپس بھیجیں۔

ایشز سیریز، پانچویں ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوگیا

ہوبارٹ: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے پانچویں ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کھیل ختم ہونے تک چھ وکٹوں کے نقصان پر 241 رنز بنالیے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بہترین ثابت ہوا اور انگلینڈ کے پہلے چار کھلاڑی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنرصفر، عثمان خواجہ چھ، مارنس لبھوشین 44اور سٹیو سمتھ صفر رنز پر آؤٹ ہوئے۔تاہم ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور کیمرون گرین نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور لمبی پارٹنرشپ قائم کی۔ ٹریوس ہیڈ 101 جبکہ کیمرون گرین 74رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔جب پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو ایلکس کیری 10 جبکہ مچل سٹارک صفر رنز پر کریز پر موجود تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹورٹ براڈ اور آؤٹلی رابنس نے دو،دو جبکہ مارک ووڈ اور کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے لیے ایک اور بری خبر آگئی

دبئی: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ سے شکست کے بھارت ٹیسٹ چیمپین شپ ٹیبل پر چوتھے سے پانچویں نمبر پر چلا گیا ہے۔پاکستان کی تیسری پوزیشن برقرار ہے۔
سری لنکا کی ٹیم ٹیسٹ چیمپین شپ ٹیبل پر 100 فیصد نتائج کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا دوسرے،پاکستان تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، بھارت پانچویں،نیوزی لینڈ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور انگلینڈ نویں نمبر پر موجود ہے۔تیسرے ٹیسٹ میچ میں شکست سے قبل بھارتی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود تھی۔

وزیراعظم نے قومی سلامتی پالیسی کا اجراء کردیا، مادر وطن کا دفاع ہر سطح پر ناگزیر قرار

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم نے پاکستان کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کا اجراء کر دیا جس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مادر وطن کا دفاع ہر سطح پر ناگزیر، جنگ مسلط کی گئی تو بھر پور جواب دیا جائے گا، دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے مغربی سرحد پر باڑ کی تنصیب پر توجہ مرکوز، جعلی اطلاعات اور اثر انداز ہونے والے بیرونی آپریشنز کا ہر سطح پر مقابلہ کیا جائے گا، اطلاعات، سائبراور ڈیٹا سکیورٹی ترجیح اور نگرانی کیلئے استعداد بڑھائی جائے گی ۔
قومی سلامتی پالیسی میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہےکہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، روایتی صلاحیت میں اضافے کیساتھ ملکی دفاع کے لیے کم سے کم جوہری صلاحیت کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی سلامتی پالیسی کو زبر دست اقدام قرار دیا ہے۔
سلامتی پالیسی میں کہا گیا ہے کہ دشمن کی جانب سے طاقت کے استعمال کے ممکنہ خطرات موجود ہیں، کوئی بھی مہم جوئی ہوئی تو پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، خود انحصاری پالیسی کے تحت دفاع کے لیے جدید دفاعی ٹیکنالوجی حاصل کی جائے گی اور مسلح افواج کو مزید مضبوط بنانے کے لیے روایتی استعداد کار میں بھی اضافہ کیاجائے گا۔
اس حوالے سے دفاعی پیدوار ،مواصلاتی نیٹ ورک اور الیکٹرانک وارفیئر صلاحیت کوبھی بڑھایاجائےگا اور ملکی دفاع کے لیے کم سے کم جوہری صلاحیت کو برقرار رکھا جائے گا۔
قومی سلامتی پالیسی میں واضح کیا گیا ہےکہ ایوی ایشن اورسکیورٹی پروٹوکول میں بہتری کیساتھ بحری نگرانی کو بھی مزید موثر بنایاجائے گا، مواصلاتی نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو وسعت دی جائے گی اورلائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے مغربی سرحد پر باڑ کی تنصیب اور قبائلی اضلاع کی ترقی کو بھی ترجیح حاصل ہوگی ۔
پالیسی میں اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے خلائی سائنس و ٹیکنالوجی میں وسعت لائی جائے گی جبکہ سائبر و ڈیٹا کی سکیورٹی اورسرکاری امور کی رازداری کو بھی کویقینی بنایا جائے گا۔ داخلی سلامتی کے لیے نیم فوجی دستوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جدید خطوط پر تربیت کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ قومی سلامتی پالیسی میں نیشنل سکیورٹی کو صحیح معنوں میں واضح کیا گیا، بڑی محنت سے متفقہ قومی دستاویز تیار کی گئی، کوشش ہے عوام اور ریاست ایک راستے پر چلیں، مجبوری کی حالت میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، ماضی میں ملک کو معاشی طور پر مستحکم نہیں کیا گیا۔
قومی سلامتی پالیسی پبلک کرنے کی تقریب سے وزیراعظم عمران خان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل سکیورٹی ڈویژن کو پالیسی بنانے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پالیسی میں نیشنل سکیورٹی کو درست طریقے سے واضح کیا گیا ہے، ملک کو محفوظ بنانے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہمارے پاس تربیت یافتہ فوج موجود ہے، کوشش ہے ریاست اور عوام ایک راستے پر چلیں، ملک کی معیشت کمزور ہوگی تو دفاع بھی کمزور ہوگا، مجبوری کی حالت میں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کی وجہ سے لوگوں پر بوجھ ڈالنا پڑتا ہے، آئی ایم ایف سب سے سستے قرض دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فلاحی ریاست اپنے کمزور طبقے کی ذمہ داری لیتی ہے، ہماری ترجیح سب سے پہلے کمزور طبقے کو تحفظ دینا ہے، صحت کارڈ کے ذریعے ہم نے ہر خاندان کو تحفظ دیا، جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں ہیلتھ انشورنس فراہم کر رہے ہیں، سوائے سندھ کے تمام صوبوں میں صحت کارڈ دیا جا رہا ہے، ماضی میں بینک گھر بنانے کیلئے عام آدمی کو قرض نہیں دیتا تھا۔

حکومت نے پارلیمنٹ کو بلڈوز کرکے بل پاس کرایا: رہنما (ن) لیگ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پارلیمنٹ کو بلڈوز کرکے بل پاس کرایا، یہ اقدام ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا، وزیراعظم اور وزرا جھوٹ بولنے لگیں تو یہی کچھ ہوتا ہے جو ہورہا ہے، اسٹیٹ بینک کی خودمختاری کا بل پاکستان کےحق میں نہیں ہے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان بلڈنگ فتح کرنےکونہیں کہاجاتا، پارلیمان روایات اورآئین کےمطابق چلتاہے، جب ملک کا وزیراعظم اوروزرا جھوٹ بولناشروع کردیں توپھر یہی ہوتاہے جو ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہتے ہیں ملک میں گیس کی کمی ہے، ملک میں گیس کی کمی ہے تو کیوں آپ نےایل این جی نہیں خریدی؟، کل پرویزخٹک سےکہا 5 سال میں وزیر پٹرولیم رہا کیا کبھی خیبرپختونخوا کو گیس کی کمی کاسامناہوا، حکومت کی باتوں پررونا بھی آتا ہےاورہنسنا بھی آتاہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کےسستے ترین ایل این جی کےٹرمینل ہیں، کیا حکومت 3 سال میں کوئی ایل این جی کا ٹرمینل لگا سکی۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت فیل وزیروں کا سرکس ہے، وزیرایک وزرات میں فیل ہوتا ہے تو اسے اس سے بڑی وزارت دے دی جاتی ہے، کل وہ شخص اسمبلی میں تقریر کررہا تھا جسے فیل ہونے پروزارت خزانہ سےنکالا، اس سال 23 مارچ کو اسلام آباد میں تاریخی عوامی پریڈ ہوگی ، وزیرداخلہ نےکہا ہے 23 مارچ کو تاریخی فوجی پریڈ ہونےجارہی ہے ۔

بلال یاسین حملہ کیس: مشہور بکی میاں وکی کو ملزم نامزد کردیا گیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے ایم پی بلال یاسین پر حملہ کیس میں تفتیشی پولیس نے مشہور بکی میاں وکی کو ملزم نامزد کر دیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق بلال یاسین پر حملہ کیس میں مزید پیش رفت سامنے آئی ہے اور تفتیشی افسر نے میاں وکی کو ضمنی میں مرکزی ملزم لکھا ، شاہدرہ سے گرفتار ہونے والے دونوں شوٹرز کے بیانات اور دیگر ذرائع سے موصول اطلاعات پر ملزم قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار نے کہا ہے کہ لیگی رہنما بلال یاسین پر فائرنگ کے نامزد ملزم میاں وکی کو جلد گرفتار کیا جائے گا ، ملزمان کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ جاری کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میاں وکی کی بیرون ملک گرفتاری کے لئے انٹرپول سے رابطے جاری ہیں، سی آئی اے کی ٹیم انٹر پول کے ذریعے میاں وکی کو گرفتار کرے گی۔
خیال رہے کہ بلال یاسین کو 30 دسمبر کی رات موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ سے زخمی کیا تھا۔

شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی خاتون وجیہہ سواتی امریکا میں سپرد خاک

اسلام آباد / واشنگٹن: (ویب ڈیسک) پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجہیہ سواتی کو سپرد خاک کردیا گیا۔
راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں اغوا کے بعد قتل ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کو امریکا میں سپرد خاک کردیا گیا، وجیہہ سواتی کے نماز جنازہ میں امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں اغوا کے بعد قتل ہونے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون وجیہہ سواتی کو امریکا میں سپرد خاک کردیا گیا، وجیہہ سواتی کے نماز جنازہ میں امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خاندانی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق وجیہہ سواتی کی تدفین سے قبل واشنگٹن ڈی سی کے اسپتال میں لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا، وجہیہ سواتی کو اس کے بیٹوں عبداللہ اور ہاشم نے دفنایا۔
واضح رہے 2 ماہ قبل خاتون وجیہہ سواتی اغوا ہوئی تھی، ان کے تین کم عمر بچے امریکا میں ہیں، وجیہہ سواتی اپنے شوہر رضوان حبیب سے جائیداد کا معاملہ حل کرنے پاکستان آئی تھی۔ گزشتہ روز وجیہہ کے سابق شوہر نے اسے قتل کرنے کا اعتراف کیا تھا، اور بتایا کہ اس نے اپنی سابقہ اہلیہ کو پاکستان پہنچتے ہی اغوا کیا تھا، اور اسے قتل کرکے لاش ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے لکی مروت میں دفنائی ہے۔