لاہور (سیاسی رپورٹر) تحریک لبیک یا رسول اللہ کے چیئرمین ڈاکٹر آصف اشرف جلالی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر مملکت داخلہ امور طلال چودھری نے انتہائی گھٹیا الزام لگایا ہے کہ موجودہ دھرنے والوں کا مقصد نواز حکومت کو گرانا ہے اور یہ دھرنے والے عمران خان کے دھرنے والوں سے صرف اس حد تک مختلف ہیں کہ ان کی داڑھیاں ہیں۔ ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ داڑھی رسول پاک کی سنت ہے اور اس شخص کو اتنی بھی تمیز نہیں کہ سنت رسول رکھنے والوں کو یہ دہشت گردوں سے ملا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حرمت رسول کی خاطر گھر سے نکلے ہیں اور ہمارا ایجنڈا ہرگز حکومت حاصل کرنا یا موجودہ حکمرانوں کو گرانا نہیں۔ ہمارے ٹارگٹ صرف اور صرف رسول پاک کی شان میں گستاخی کرنے والوں کی نشاندہی اور انہیں سزا دلوانا ہے اور ختم نبوت کے سلسلے میں ایک ناپاک ترمیم کی کوشش کرنے والوں کی نشاندہی اور قرار واقعی سزا دلوانا ہے۔ ہم وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کے بھی اس لئے مخالف ہیں کہ انہوں نے اپنے ایک ٹیلیویژن انٹرویو میں کھل کر قادیانیوں کی حمایت کی اور اخباری بیان میں قادیانیوں کو مسلمان قرار دیا۔ اس تردید کو جسے ان کے سابقہ بیانات کی روشنی میں تسلیم نہیں کیا جا سکتا‘ وہ معاہدے کے مطابق نہیں ہیں اور وہ وضاحت کریں اور قومی اسمبلی میں ناکام ترمیم کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انہیں قرار واقعی سزا دی جائے۔ اس ایجنڈے میں دور دور تک حکومت حاصل کرنا موجود نہیں اور نہ ہماری تحریک کوئی سیاسی تحریک ہے۔ انہوں نے طلال چودھری کو چیلنج دیا کہ اخبارات کے رپورٹروں اور ٹی وی چینلوں کے کیمروں کے سامنے مجھ سے مباحثہ کریں تاکہ میں اس کے جھوٹ اور شرمناک مہم کا پردہ چاک کر سکوں۔