Tag Archives: khawaja-asif

افغان جنگ پاکستان لانے کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں، وزیرخارجہ

 اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ جنرل پرویز مشرف افغان جنگ کو پاکستان میں لانے کے ذمہ دار ہیں۔قومی اسمبلی میں امریکی پالیسی کے خلاف متفقہ قرار داد پیش کرنے کے موقع پر پالیسی بیان جاری کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سابق صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنرل پرویز مشرف افغان جنگ کو پاکستان میں لے آئے، انہوں نے امریکا کو اڈے دے کر ملکی خود مختاری کو نقصان پہنچایا، جس کے نتیجے میں ہماری سالمیت و خود مختاری کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ تعلقات کو 1979 سے تین حصوں میں تقسیم کیا جا سکتا ہے ، پہلا افغانستان میں روسی مداخلت، دوسرا طالبان دور اور تیسرا نائن الیون کے بعد کا دور، ہماری افواج نے ضرب عضب اور رد الفساد کے ذریعے حکومت کے مصمم ارادے کو عملی جامہ پہنچایا۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان میں روایت ہے کہ فلاں ادارہ ایک پیج پر نہیں، مگر الحمداللہ آج پوری قوم میں اتفاق رائے ہے اور ایوان کی مشترکہ قرارداد پیش کر رہا ہوں۔

خواجہ آصف نے جعلی تصویر ٹویٹ کر دیں

لاہور (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ آصف کی غیر سنجیدگی یا پھر ناکام ریلی پر پردہ ڈالنے کی کوشش‘ عوام کا جم غفیر دکھانے کیلئے ممتاز قادری کے چہلم‘ دعوت اسلامی انڈیا کے اجتماع اور ن لیگ کے پشاور جلسے کی تصاویر اپ لوڈ کر دیں۔ تفصیل کے مطابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بدھ کے روز نکالی جانے والی ریلی کے راولپنڈی پہنچنے پر استقبال کی کچھ تصاویر ٹویٹ کیں جس میں انہوں نے راولپنڈی کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ راولپنڈی نے پیار کی نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ وزیر خارجہ نے انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جو تصویریں ٹویٹ کیں ان میں سے فقط ایک تصویر ریلی کی جبکہ باقی تین کا اس ریلی سے دور دور تک واسطہ نہیں۔ فقط عوام کی زیادہ تعداد دکھانے کیلئے خواجہ آصف نے جو تصویریں ٹویٹ کیں ان میں سے ایک ممتاز قادری کے چہلم‘ دوسری ن لیگ پشاور جلسے کی جبکہ تیسری دعوت اسلامی انڈیا کے ایک اجتماع کی ہے۔ حیران کن بات یہ بھی ہے کہ ن لیگ پشاور جلسے کی یہی تصویر ایک سال پہلے 8 اگست 2016ءکو ٹویٹ کر چکے ہیں جو کہ ان کے ٹویٹر اکاو¿نٹ پر موجود ہے۔ اس کے علاوہ اگر آپ گوگل میں ”Dawate Islami ijtema Chittagong “ لکھیں تو دوسری تصویر کی حقیقت بھی سامنے آجاتی ہے۔

نواز شریف،اسحاق ڈار کے بعد خواجہ آصف کا بھی غیر ملکی کمپنی کی ملازمت کا انکشاف

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کی جانب سے یو اے ای کی کمپنی میں ملازمت اور اقامہ سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے جب کہ 2013 کے انتخابات کے کاغذات نامزدگی بھی مل گئے ہیں جس میں انہوں نے اپنا اقامہ ظاہر کیا ہوا تھا۔ خواجہ آصف کے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات حاصل کرلیں ہیں جس کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے 2013 کے انتخابات میں اپنا اقامہ ظاہر کیا ہوا تھا، خواجہ آصف نے یواے ای کا اقامہ انٹرنیشنل مکینکل اینڈ الیکٹریکل کمپنی کے توسط سے بطور لیگل ایڈوائزر پرائیویٹ کے طور پر حاصل کیا جب کہ خواجہ آصف کے این اے 110 سے کاغذات نامزدگی اسکروٹنی کے بعد ریٹرننگ افسر نے درست قرار دیے۔2013 میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کے مطابق خواجہ آصف نے متحدہ عرب امارات میں 6 ماہ قیام کا اقامہ حاصل کیا، خواجہ آصف نے 3 مختلف ادوار میں تین اقامے حاصل کیے، ایک اقامہ 2007 سے 2010، دوسرا اقامہ 2010 سے 2011 تک جب کہ تیسرا اقامہ 2010سے 2011 تک کا تھا۔اس حوالے سے خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ان کا اقامہ 27 سال سے الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں ظاہر کیا ہوا ہے، ان کا ابو ظہبی میں 1983 سے بینک اکاو¿نٹ موجود ہے ، اسی وقت سے بینکنگ چینلز کے ذریعے پیسے وصول کرتے ہیں۔واضح رہے کہ تحریک انصاف کے رہنما عثمان دار نے الزام لگایا تھا کہ خواجہ آصف وفاقی وزیر ہونے کے ساتھ دبئی کی ایک کمپنی کے ملازم بھی ہیں ، انہوں نے کمپنی کے ملازم کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات کا اقامہ لے رکھا ہے۔ اس ملازمت کے بدلے میں وہ مختلف منصوبوں میں اپنی کمپنی کو مالی فائدے پہنچاتے ہیں۔

پاکستان کسی اسلامی ملک کے خلاف اتحاد کا حصہ نہیں بنے گا، وزیردفاع

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کرانے والے، پاکستانی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے لوگ چاہے سرحد پار سے آئیں یا پاکستان کے اندر ہوں، واضح پیغام ہے کہ ان کے ساتھ رعایت نہیں ہوگی۔خواجہ آصف نے سینیٹ میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ کل بھوشن کو تمام قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے موت کی سزا سنائی گئی،اس پر ساڑھے تین ماہ سے مقدمہ چل رہا تھا، تمام تقاضے پورے کیے گئے، مجرم چاہے تو 60 دن کے اندر اپیل کرسکتا ہے،کلبھوشن کے معاملے پرتمام چیزیں قوائد اورقوانین کے مطابق کی گئیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارتی نیوی افسر کل بھوشن پاکستان سے گرفتار ہوا، اس کے پاکستان میں لوگوں کے ساتھ رابطے بھی تھے،ریاست کے ہر کونے میں پاکستان کا کنٹرول ہے، دو لاکھ جوان مغربی سرحد پر دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، 80ہزار جوان ایل او سی پر تعینات ہیں۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے این او سی کے لیے اپلائی نہیں کیا،سابق فوجی افسر 2سال بعد کہیں جانا چاہے تو این او سی کے لیے اپلائی کر سکتا ہے،انہیں جب این اوسی دیا جائے گا تو ہاﺅس کو بتادیں گے۔انہوں نے کہا کہ مئی میں سعودی عرب میں اجلاس میں اسلامی اتحاد کے خدوخال واضح ہوں گے،ایران کے ساتھ صدیوں پرانے تعلقات ہیں،اس کے تحفظات دور کررہے ہیں اور کریں گے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان ایک فرقے، فقہ یا مذہب کا نہیں، پاکستانیوں کا ملک ہے،ہم کسی مسلک یا فرقے کے اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے،سعودی عرب کی سیکیورٹی ہمارے دل کے قریب ہے، جب سعودی اتحاد کے خدوخال واضح ہوں گے توپارلیمنٹ میں ا?کر بیان کروں گا،کسی بھی ریاست یا اسلامی ملک کے خلاف کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گے، اسلامی ممالک کا اتحاد خالصتاً دہشت گردی کے خلاف ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی صورتحال پیدا نہیں ہوئی جو سلالہ کا ذکر کیا گیا، ایسے معاہدے کا حصہ نہیں بن رہے جو کسی مسلم ممالک کے خلاف ہو، یمن کے معاملے والی قرارداد کے آج بھی پابند ہیں، ہمیں یقین ہے کہ اس اتحاد کے ایسے کوئی عزائم نہیں، ہماری فوج قطعی طور پرسعودی عرب کی حفاظت کے لیے تعینات ہے،34/35 سال میں کسی تنازع میں شامل نہیں ہوئے،پاکستان عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت ہے، پاکستان آج بھی سفیراوربھائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ بھارتی گجرات میں منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کیا گیا،مقبوضہ کشمیرمیں منصوبہ بندی کے تحت بھارتی فورسزقتل عام کررہی ہیں،کل بھی کشمیرمیں چاربچوں کو شہید کیا گیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹی او آر ابھی قطعی طور پرطے نہیں ہوئے، مئی میں 41 ممالک کے اتحاد کا اجلاس ہے، اجلاس میں امکان ہے ٹی او آرز پر بات چیت ہو۔

کلبھوشن کو سزائے موت کے بعد خواجہ آصف کی بھارت کو ایک اور وارننگ

اسلام آباد (مانیٹرنگ ) وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف ریاستی دہشت گردی کررہا ہے پاکستان کو مغربی سرحد سے بھی بھارتی جارحیت کا سامنا ہے۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والے دشمنوں کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی، قانون اور پاکستانی فورسز پوری قوت سے دشمنوں کے خلاف حرکت میں آئیں گی۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن نے پاکستان میں کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے ایسی کارروائیوں میں ملوث افراد کے ساتھ ریاست آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی کلبھوشن کی سزا ہمارے خلاف سازش کرنے والوں کے لیے وارننگ ہے۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی سزائے موت پاکستان کے قانون کے مطابق ہے اور اگر اس سزا کے خلاف بھارت عالمی سطح پر معاملہ لے کر گیا تو پاکستان بھرپور دفاع کرے گا۔

قبل از وقت الیکشن خواجہ آصف نے بڑا علان کردیا

قبل از وقت الیکشن ،خواجہ آصف نے سرپرائز دیدیااسلام آباد(آئی این پی)وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے خود درخواست دے کر آرمی چیف سے ملاقات کی ، اعلانیہ ملاقات ہونا اچھی بات ہے ان کو بھی دفاعی معاملات کے بارے میں کچھ نہ کچھ علم ہونا چاہیے صرف سازشوں تک ہی محدود نہ رہیں ،آصف زرداری میں کسی کو قائل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے ،دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور دنیا کی کوششوں میں کوئی مقابلہ نہیں ،پاکستان نے 2لاکھ80ہزار افواج دہشت گردوں کے خلاف محاذ پر لگائی ہوئی ہے ،دہشت گردوں کی سوچ ایک ہی ہے نام چاہے طالبان رکھ لیں یا داعش ہمیں دہشت گردی والی سوچ کو شکست دینی ہے ،ہم خواہش مند ہیں کہ افغانستان کے ساتھ حالات بہتر ہوں مگر بھارت کی وجہ سے ایسا نہیں ہوپا رہا ،25اپریل تک لوڈ شیڈنگ معمول پر آجائے گی اور2018کے آغاز میں 8ہزار500میگاواٹ بجلی ہمارے سسٹم میں آجائے گی ۔ وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے راحیل شریف کی خدمات ہم سے مستعار لی ہیں اور تحریری طور پر خط میں ہم سے اجازت مانگی ہے ،حکومت پاکستان نے اپنی رضامندی ظاہرکردی ہے مگر ابھی تک راحیل شریف کو این او سی جاری نہیں کیا گیا صرف رسمی کاروائی کرنا باقی ہے ۔انہوں نے کہا کہ راحیل شریف نے کب جانا ہے یہ طے ہونا ابھی باقی ہے ، ایران کو چند معلومات پر تحفظات ہیں جو دور کردیے جائیں گے ۔وزیردفاع نے کہا کہ ہماری فوج ہر محاذ پر قربانیاں دے رہی ہے ، سرحدوں پر ملکی حفاظت کےلئے بھی فوجی جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں ، مردم شماری کےلئے بھی پاک فوج کے جوان ساتھ دے رہے ہیں ، ان پر بھی حملہ ہوا، دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور دنیا کی کوششوں میں کوئی مقابلہ نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 2لاکھ80ہزارا فوج دہشت گردی کے خلاف محاذ پر لگائی ہوئی ہے اس کی دنیا میں مثال نہیں ملتی، جب بھی وقت ملا خود لائن آف کنٹرول اور اگلے محاذوں کا خود دورہ کرکے جوانوں کی حوصلہ افزائی کروں گا ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہم افغانستان سے اچھے تعلقات چاہتے ہیںمگر بھارت اس میں رکاوٹ ہے ، 16ممالک کی فوج بھی افغانستان کے اندرونی مسائل کو حل نہیں کرسکی،دہشت گردوں کی سوچ ایک ہی ہے نام جو مرضی رکھ لیں،ہم نے دہشت گردی کی سوچ رکھنے والے مائنڈ سیٹ کو تبدیل کرنا ہے چاہے اس کا تعلق طالبان سے ہو یا داعش سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ڈان لیکس سے متعلق سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ مجھے اس معاملے کے بارے میں زیادہ علم نہیں ہے اس لئے میں اس پر کوئی بات نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کے حل تک معاملات درست نہیں ہوسکیں گے ،کشمیریوں پر شدید ظلم کیا جا رہا ہے اسے پس پشت نہیں ڈال سکتے، سابق امریکی صدر اوبامہ نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردارادا کرنے کا کہا تھا مگر پھر انہوں نے بھی تسلیم کیا کہ پاکستان کا تعاون کرے گا اور بھارت تعاون نہیں کرے گا ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی میرے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کی بجائے سپریم کورٹ جائے ،پیپلزپارٹی نے بڑے پراجیکٹس کی بجائے رینٹل پاور پلانٹ شروع کئے ہوئے تھے ،آصف زرداری میں کسی کو قائل کرنے کی صلاحیت نہیں ہے وہ بہت دیر بعد پاکستان آئے ہیں انہیں یہاں کے حالات کا علم نہیں ہے ،پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ میں بہت سی خامیاں آگئی ہیں ان کو یہاں کے زمینی حالات کا علم نہیں ۔خواجہ آصف نے کہا کہ پچھلے دو تین دن سے لوڈ شیڈنگ معمول کے مطابق ہے ، مارچ کے آخری دنوں میں تھوڑے حالات خراب ہوئے تھے مگر اب 25اپریل تک لوڈ شیڈنگ بالکل معمول کے مطابق ہو جائے گی ،2018کے آغاز میں 8500میگاواٹ بجلی ہمارے سسٹم میں آجائے گی جس سے ملک سے مکمل طور پر لوڈشیڈنگ کا صفایا ہو جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیکرٹری پانی وبجلی کا تبادلہ پہلے سے طے تھا اس تبادلے کا لوڈشیڈنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے ، میں 2017میں الیکشن ہوتے نہیںدیکھ رہا ،مسلم لیگ (ن) کے کارکن کی حیثیت مجھ سے چھینی نہیں جاسکتی ، وزارتیں آنی جانی چیز ہے ، مجھے عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے جو بھی فیصلہ آئے گا انصاف پر مبنی آئے گا۔عمران خان نے درخواست دے کر آرمی چیف سے ملاقات کی اور یہ ہونا چاہیے تاکہ سیاسی لیڈروں کو بھی ملکی دفاعی نظام کا پتا چلے ، صرف سازشوں تک ہی نہ رہ جائیں ۔

لوڈ شیڈنگ وہاں ہو رہی ہے جہاں 90فیصد رکوری نہیں خواجہ آصف کا اہم اعلان

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جہاں بجلی چوری ہورہی ہے، وہیں 10سے12گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے،جو جاری رہے گی۔میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ کچھ موسم بھی گرم ہوا، کچھ طلب بھی بڑھ گئی، اسی لیے لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا، صرف اپریل میں2 ہزار میگاواٹ کی طلب بڑھی ہے، اوسط درجہ حرارت بھی بڑھا ہے، بجلی چوری بھی جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بجلی چوری کے مسکن تمام صوبوں میں ہیں، شہروں میں 3 سے4 جبکہ دیہات میں 5گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہورہی ہے وہاں سے ٹرانسفارمرز بھی اتارے جائیں گے، 31 مارچ تک سرکلر ڈیٹ 385 ارب روپے تک پہنچ گیا۔انہوں نے میڈیا کو بتایاکہ ایک ماہ میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار 15 ہزار میگاواٹ تک پہنچی ہے، آئندہ سال سے نیلم جہلم پروجیکٹ سے بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی، اکتوبر دو ہزار پندرہ سے صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے۔

سپریم کورٹ کا پی ٹی آئی کیخلاف فیصلہ

سپریم کورٹ نے این اے 110 میں پی ٹی آئی کے خواجہ آصف پر دھاندلی کے الزامات مسترد کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے دھاندلی سے متعلق پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کی اپیل خارج کر دی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی ریکارڈ محفوظ بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ریکارڈ خراب یا ضائع ہو جائے تو جیتا ہوا امیدوار ذمہ دار نہیں ہو سکتا۔ فیصلے کے بعد خواجہ آصف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ فیصلہ نادرا کی بھجوائی گئی رپورٹ پر کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر تصدیق شدہ ووٹ نکال دیے جاتے تو بھی خواجہ آصف جیت رہے تھے۔ عدالت عظمٰی حلقہ این اے 110 کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرے گی۔ دوسری جانب خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے سیالکوٹ کے عوام کے فیصلے کی تائید کر دی۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی چار حلقوں کی دوبارہ گنتی کی لڑائی چوتھے حلقے میں کامیاب نہ ہو پائی۔