کراچی(نیوز ڈیسک) ایم کیو ایم کا چھٹا دھڑا سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کی سربراہی میں بنانے کی تیاری کی جارہی ہے، اس سلسلے میں دبئی میں پس پردہ سرگرمیاں جاری ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم لندن سے علیحدگی اختیار کرنے والے بابر غوری اور شمیم صدیقی بھی کچھ عرصے بعد اس نئے دھڑے کا حصہ ہونگے، چند روز پہلے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے عندیہ دیا تھا کہ ایم کیو ایم کا ایک اور دھڑا دبئی میں بن رہا ہے۔ لیکن اس کی تفصیلات بیان نہیں کی تھیں۔ یاد رہے کہ اس وقت ایم کیو ایم کے پانچ دھڑے پہلے سے موجود ہیں۔ ان میں مہاجر قومی موومنٹ ایم کیو ایم پاکستان، پاک سرزمین پارٹی، مہاجر اتحاد تحریک اور سلیم شہزاد کی نوزائیدہ تانگہ پارٹی شامل ہے۔ اس ڈویلپمنٹ سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن سے قبل نہ صرف کمال گروپ اور فاروق ستار کے درمیان اتحاد کرانے کی ایک کوشش کی جائے گی، بلکہ دبئی میں بننے والے مجوزہ دھڑے کو بھی اس کا حصہ بنادیا جائے گا۔ اگر تینوں دھڑے یکجا ہوگئے تو پھر باقی چھوٹے دھڑوں کو بھی اتحاد جوائن کرنے کا کہا جائے گا، تاہم ابتدائی مرحلے میں ان چھوٹے دھڑوں کو پلان کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا گیا، ذرائع کے مطابق کراچی کی سیاست کو نئی شکل دینے والے نہیں چاہتے کہ ایم کیو ایم کا ووٹ بینک تقسیم ہوجائے اور اس کا براہ راست فائدہ پیپلز پارٹی کو ہو، جو اس صورت میں کراچی سے قومی اسمبلی کی مزید پانچ سے چھہ اور صوبائی اسمبلی کی درجن بھر سیٹیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں آجائے گی۔ یوں اگلے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو کاو¿نٹر کرنے کیلئے بنایا جانے والا سندھ ڈیمو کریٹک الائنس زیادہ مو¿ثر نہیں رہے گا۔
Tag Archives: mqm
ایم کیو ایم پاکستان میں بغاوت شروع ،دوسری بڑی پارٹی میں شمولیت کا امکان
کراچی (ویب ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان سے وابستہ اراکین قومی اسمبلی کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے، اسی سلسلے میں پیپلز پارٹی کی قیادت سے ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سات اراکین نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے دو روز میں اہم پریس کانفرنس متوقع ہے۔اسلام آباد میں ایم کیو ایم اراکین کی پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سابق صدر آصف زرداری اور ایم این اے فریال تالپور سے جاری ہیں۔ملاقات کرنے والوں میں سلمان مجاہد بلوچ، ڈاکٹر فوزیہ علی، خوش بخت شجاعت اور دیگر شامل ہیں۔دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان میں انتشار کے باعث ارکان کو توڑنے کے لیے آصف زرداری نے ڈاکٹر عاصم کو ٹاسک دے دیا۔ایم کیوایم پاکستان اور پی ایس پی کے درمیان سیاسی اتحاد کے بعد کراچی کی سیاست ایک نیا رخ اختیار کرچکی ہے۔اتحاد سے ایم کیوایم پاکستان کے کئی ارکان ناراض ہوگئے ہیں جن میں عامر خان، کشور زہرہ، شبیر قائم خانی، شاہد پاشا اور دیگر شامل ہیں۔
مستقبل میں ایم کیو ایم کا سر براہ د بئی سے ہو گا ،منظور وسان
کراچی (اے این این) سندھ کے وزیر صنعت منظور وسان نے کہا ہے کہ نواز شریف وطن آئیں گے اور پھر شاید واپس نہ جاسکیں،نواز شریف جیل ضرور جائیں گے ،مستقبل میں نئی ایم کیو ایم کا سربراہ دبئی سے ہوگا۔منظور وسان نے اسمال انڈسٹریز کے دفاتر کا دورہ کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ خوابوں کا دور ختم ہوگیا ،اب پیش گوئیاں کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ عمران کہتے ہیں زرداری جیل جائے گا،میں کہتاہوں عمران خان جیل جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا مستقبل نظر نہیں آرہاہے،مستقبل میں نئی ایم کیو ایم کا سربراہ دبئی سے ہوگا جبکہ مستقبل میں مریم نواز یا شہباز شریف بھی وزیراعظم بن سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا نواز شریف کی ٹکراو کی عادت ہے وہ ٹکراو کرینگے، انکی محاذ آرائی کا نتیجہ نومبر میں آجائیگا۔ منظور وسان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان سے کام نکلوانے والوں نے کچھ کام نکلوالیا جبکہ کچھ نکلوانا باقی ہے، جب مکمل کام نکلوالیا جائیگا تب ان کا اللہ ہی حافظ ہوگا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ گرینڈ الائنس کو آئندہ الیکشن میں ایک بھی سیٹ نہیں ملے گی،گرینڈ الائنس سے کام لےکر اس کو بھی خدا حافظ کہہ دیں گے۔منظور وسان کا کہنا تھا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماوں کو جیل جانے کے لیے بھی تیار رہنا چاہیئے، ماضی میں بھی ایسے الائینس بنتے رہے ہیں۔ ۔ انہوں نے کہا ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی میئر بہت پہلے سے کام کرنا نہیں چاہ رہے تھے، اگلے الیکشن میں سندھ سے پیپلز پارٹی ہی جیتے گی۔منظور وسان نے مزید کہا کہ اسمال انڈسٹریز کومضبوط کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں، اسمال انڈسٹریز کو 20 سال پہلے کی طرح فعال بناناہے۔
حیدرآباد میں فائرنگ سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر نوشاد جاں بحق
حیدرآباد: حالی روڈ کے علاقے میں موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر نوشاد جاں بحق ہوگئے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر نوشاد بچوں کو اسکول چھوڑ کر واپس گھر جارہے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ واقعہ کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم زخموں کو تاب نہ لاتے ہوئے وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔پولیس نے لاش سول اسپتال اسپتال منتقل کرکے ضابطے کی کارروائی شروع کردی ہے، پولیس کے مطابق ڈاکٹر نوشاد ایم کیو ایم کے سابق جوائنٹ انچارج بھی رہ چکے ہیں۔
الطاف کی نئی سازش بے نقاب
کراچی (خصوصی رپورٹ) ایک ایسے وقت میں جب پاک فوج اور سکیورٹی فورسز ملکی سالمیت کو درپیش خطرات سے نمٹنے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ میں ہر مرحلہ کامیابی کے ساتھ طے کر رہی ہیں‘ وطن دشمن قوتوں نے پاکستان کو مختلف محاذوں پر الجھانے‘ ریاست پاکستان کو ناکام قرار دینے اور پاک فوج کو بدنام کرنے کیلئے نت نئے ہتھکنڈوں کا استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ غیرملکی قوتوں کے اشارے پر آج کل جن ملک دشمن اندرونی عناصر نے ریاست پاکستان اور پاک فوج کے خلاف دنیا بھر میں جو مہم شروع کر رکھی ہے‘ ان میں سب سے نمایاں اور سرفہرست نام متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ کے قائد الطاف حسین کا ہے۔ الطاف حسین نے ”مہاجر قومی موومنٹ“ کے نام سے جس تحریک کی بنیاد رکھی تھی ”متحدہ قومی موومنٹ“ تک کے سفر کے دوران آج وہ تحریک چار حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔ آج کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں ڈاکٹر فاروق ستار کی زیرقیادت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان‘ مصطفی کمال کی سربراہی میں پی ایس پی جبکہ آفاق احمد کی زیرکمانڈ مہاجر قومی موومنٹ پاکستان نے الطاف حسین کی قائم کردہ تحریک کی جگہ لینے کیلئے بھرپور کوششوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے لیکن واقفان حال کے مطابق الطاف حسین کی زیرقیادت متحدہ قومی موومنٹ لندن گروپ کو جو خفیہ اثرورسوخ‘ طاقت اور مقبولیت حاصل ہے‘ اس کا عشرعشیر بھی تاحال کوئی دوسرا گروپ اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے۔ متحدہ لندن گروپ کو سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے ساتھ ساتھ جو صورتحال درپیش ہے‘ اس کا اندازہ الطاف حسین نے برسوں پہلے لگا لیا تھا اور اس کے توڑ کیلئے حکمت عملی بھی تیار کر لی تھی۔ تحریک میں مخالفت اور بغاوتوں کا سلسلہ الطاف حسین کیلئے کوئی نئی بات نہیں‘ انہیں ماضی میں کئی بار اس کا تجربہ بھی حاصل ہو چکا ہے۔ متحدہ کے بانی قائد الطاف حسین نے ابتداءہی سے تحریک کا تنظیمی ڈھانچہ اس بنیاد پر تشکیل دیا تھا کہ بغاوتوں کے باوجود وہ تحریک کے کارواں کو بہرصورت آگے بڑھاتے رہیں۔ اس مقصد کیلئے الطاف حسین نے 1997ءمیں ایم کیو ایم ٹیکنوکریٹس گروپ نیٹ ورک کے ذریعے ایک علیحدہ بین الاقوامی تنظیم تشکیل دی تھی جس کا نام ”ورلڈ مہاجر کانگریس“ رکھا گیا تھا‘ ورلڈ مہاجر کانگریس کی بنیاد کیوں‘ کیسے اور کس طرح پڑی‘ اس پر سیرحاصل گفتگو زیرنظر مضمون میں طوالت کی وجہ سے ممکن نہیں‘ بظاہر مہاجروں کی اس بین الاقوامی تنظیم کا اعلان جولائی 2015ءمیں کیا گیا۔ تنظیم میں شمولیت کیلئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم مہاجر‘ دانشوروں‘ پروفیسرز‘ بیوروکریٹس‘ انجینئرز‘ ڈاکٹرز‘ کھلاڑیوں‘ مورخین‘ کالم نگاروں‘ صحافیوں‘ شاعروں‘ ادیبوں‘ مصنفین اور مختلف ممالک کے علماءسے رابطے کئے گئے۔ الطاف حسین کی متعین کردہ کمیٹی نے باقاعدہ مباحثے اور مذاکرات کئے اور خواہشمندوں کے کوائف نامے جمع کئے‘ تادم تحریر ورلڈ مہاجر کانگریس میں پاکستان‘ امریکہ‘ کینیڈا‘ چائنہ‘ برطانیہ، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، آسٹریلیا، بیلجیم، اٹلی، ساﺅتھ افریقہ، انڈیا، ایران اور ملائیشیا سمیت متعدد دیگر ممالک میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہاجر اکابرین اوردانشوروں نے شمولیت اختیار کی ہے جن کی تعداد ہزاروں میں بتائی جاتی ہے۔ کراچی میںحالیہ آپریشن کے آغاز اور متحدہ قومی موومنٹ میں مزید گروپوں کی تشکیل کے بعد الطاف حسین کی زیر نگرانی ورلڈ مہاجر کانگریس نے دنیا بھر میں اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں، معتبر ذرائع کے مطابق اس حوالے سے الطاف حسین نے ندیم نصرت، محمد انور اور واسع جلیل کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی ہیں جبکہ دنیا کے مختلف ممالک میں قائم کردہ کمیٹیاں اپنے اپنے ممالک میں سفارتی ذرائع سے ریاست پاکستان اور پاک فوج کے خلاف خصوصی مہم چلا رہی ہیں۔ اس ضمن میں 27 اپریل 2017ءکو اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے سفارتی شخصیات کو ورلڈ مہاجر کانگریس کی جانب سے ایک خصوصی خط بھی ارسال کیا گیا ہے جسے SOS کا نام دیاگیا ہے۔ خط کے عنوان میں پاک فوج اور مایہ ناز انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کو خصوصی طور پر ہدف بنایاگیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی آئی ایس آئی اندرون ملک دہشت گرد تنظیموں کی مدد کررہی ہیں جس کی بنیاد پر القاعدہ اور طالبان جیسی دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کے ساحلی شہر کراچی پر کنٹرول حال کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں، ورلڈ مہاجر کانگریس نے ایوان کی خارجہ امور کمیٹی کو بھی یہ خط ارسال کیا ہے ، مکتوب میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت انتہا پسند گروپوں کا محفوظ ٹھکانہ بنتا جارہا ہے جس کیلئے انہیں آئی ایس آئی کا بھرپور تعاون حاصل ہے، آئی ایس آئی اور دہشت گرد گروپوں کے مابین مبینہ روابط کی وجہ سے امریکا اور نیٹو کی سپلائی لائن والا ساحلی شہر کراچی شدید خطرات سے دوچار ہے۔ اس صورتحال میں مہاجروں بالخصوص بچوں کا تحفظ بہت ضروری ہے۔ کیونکہ یہ دہشت گرد تنظیمیں بچوں کو اغوا کے بعد برین واشنگ کے ذریعے خودکش بمبار اور مذہبی جنونی بنادیتی ہیں،ورلڈ مہاجر گانگریس کے اراکین نے ایوان کی خارجہ امور کمیٹی سے ملاقات بھی کی اور کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج میں داعش اور طالبان کے حامی عناصر موجود ہیں جن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ واقفان حال کے مطابق پاکستان بالخصوص کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں جیسے جیسے تیزی آتی جارہی ہے ویسے ویسے دنیا بھر میں ورلڈ مہاجر کانگریس کی سرگرمیاں زور پکڑتی جارہی ہیں۔ جبکہ اس تمام صورتحال کے باوجود حکومت پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر اس صورتحال کا تدارک کرنے کیلئے تاحال کوئی موثر اقدامات نہیں کئے ہیں۔
پی ایس پی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور پتنگ کاٹ دی
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاک سر زمین پارٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور پتنگ کاٹ دی اور پی ایس 119 سے رکن اسمبلی نے مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔کراچی میں پاک سر زمین کے رہنما مصطفیٰ کمال کے ہمرا پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایس 119 سے منتخب ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ارتضیٰ خلیل فاروقی نے پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ ارتضیٰ فاروقی کافی عرصے سے لندن میں مقیم تھے اور گزشتہ روز ہی وطن واپس آئے ہیں۔اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ارتضیٰ فاروقی کو پی ایس پی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمیں مانتے ہیں انہیں بھائی اور جو نہیں مانتے انہیں بڑا بھائی مانتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان کے کئی رہنما پی ایس پی میں شمولیت اختیار کر چکے ہیں۔
ایم کیو ایم لندن ،پاکستان اور مصطفی کمال کا گٹھ جوڑ …. حیرت انگیز انکشاف
کراچی(نیو ز ایجنسیاں) وزیر صنعت سندھ منظور وسان کا کہنا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات سے پہلے ایم کیو ایم لندن، پاکستان اور مصطفی کمال ایک ہوجائیں گے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ اپریل کا مہینہ شہادتوں کا مہینہ ہے، رواں مہینے پاکستان کی سیاست کروٹ بدلے گی، ملک کی سیاست کے حوالے سے بڑے بڑے فیصلے ہونے ہیں۔ 4 اپریل کے بعد پیپلزپارٹی کا مسلم لیگ(ن) کے ساتھ سیاسی کرکٹ میچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے خود تیر کی رفتار کم کی ہے، تیر تیز چلایا تو شیر اور پتنگ دونوں ہی نظر نہیں آئیں گے، آیندہ انتخابات میں تیر کیسے چلے گا دونوں کو لگ پتہ جائے گا۔ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے پیپلز پارٹی پر تنقید کے حوالے سے صوبائی وزیر نے کہا کہ متحدہ پاکستان ہو یا لندن ان کے پاس رونے کے سوا کچھ نہیں، میئر کراچی وسیم اخترجب سے جیل سے واپس آئے ہیں وہ کچھ زیادہ ہی اچھل رہے ہیں ، ایسا لگتا ہے کہ جیل میں انہیں وہاں کی دال روٹی اچھی طرح سے نہیں کھلائی گئی۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ انتخابات 2018 سے قبل متحدہ پاکستان، لندن اورمصطفی کمال ایک ہوجائیں گے۔
2اہم سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں تصادم ….دیکھئے خبر
کراچی (نمائندہ خصوصی)ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے آج ہونیوالے جلسہ کی تیاریاں عروج پرہیں جبکہ جلسے کے حولے سے ایم کیو ایم پاکستان اورایم کیو ایم ایک بارپھرآمنے سامنے آگئیں‘ دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم لندن کی جانب سے آج کے ایم کیوایم پاکستان کے جلسے کے حوالے سے بینرزآویزاں کرنے میں تیزی آگئی ہے جس میں لکھ اگیا ہے کہ نشترپارک کے جلسے میں متحدہ لندن اورقائدکا کوئی تعلق نہیں ہے‘عوام اس میں شرکت نہ کرے‘ یہ سلسلہ تین دن سے جاری ہے چونکہ آج 30 دسمبرکو نشترپارک میں ایم کیو ایم پاکستان کا جلسہ ہے اوران کے قائدین خطاب کریں گے اس سلسلے میں شہرکے مختلف علاقوں میں مذمتی بینرزآویزاں کردیئے گئے ہیں۔موجودہ صورتحال میں کسی بھی تصادم کے خطرے کو خارج ازامکان نہیں دیا جاسکتا۔
ہمارا الطاف حسین سے کوئی تعلق نہیں
کراچی(ویب ڈیسک) ایم کیوایم پاکستان نے متحدہ بانی الطاف حسین کے خلاف لندن میں چلنے والے مقدمات کی پیروی سے انکار کرتے ہوئے اس سے دستبرداری کا اعلان کردیا ہے۔ ذرائع کےمطابق الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ سمیت دیگر مقدمات کی پیروی کے لیے لندن میں وکلا ٹیم سے ڈاکٹر فاروق ستار، بیروسٹر فروغ نسیم اور بیرسٹر سیف رابطے میں تھے تاہم اب ایم کیوایم پاکستان کی جانب سے وکلا ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ ہمارا الطاف حسین سے کوئی تعلق نہیں لہٰذا ان کے خلاف مقدمات کی پیروی بند کردی جائے۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیوایم پاکستان نے لندن میں وکلا کی ٹیم سے رابطہ کرکے مقدمات کی پیروی کے حوالے سے دی گئی ایڈوانس رقم بھی واپس کرنے کا مطالبہ کردیا ہے جو لاکھوں پاو¿نڈ میں بنتی ہے۔
ایم کیو ایم لندن کے رہنما حسن ظفر کو رینجرز نے گرفتار کر لیا
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) رینجرز نے پریس کلب کے باہر سے ایم کیو ایم لندن کی عبوری رابطہ کمیٹی کے رکن حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کو حراست میں لے لیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ لندن کی عبوری رابطہ کمیٹی کے رہنما پروفیسر حسن ظفر عارف اور کنور خالد یونس کو پریس کلب کے باہر سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ اور دیگر پارٹی رہنما پریس کانفرنس کرنے والے تھے۔ رینجرز نے دونوں رہنماو¿ں کو رینجرز کے تفتیشی مرکز میٹھا رام ہاسٹل منتقل کردیا ہے۔دونوں رہنماو¿ں کی گرفتاری کے بعد ایم کیو ایم لندن نے پریس کانفرنس ملتوی کردی۔ اس سلسلے میں پارٹی کے رہنما ایڈووکیٹ ثروت اسرار نے کہا کہ رابطہ کمیٹی اراکین کنورخالدیونس ،حسن ظفرعارف کوحراست میں لیاگیا ہے جس کی وجہ سے فی الوقت پریس کانفرنس ملتوی کردی گئی ہے۔واضح رہے متحدہ قومی موومنٹ لندن نے کراچی کے لیے 12 رکنی عبوری رابطہ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔