Tag Archives: pak-wi

ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا شیڈول سامنے آگیا

لاہور(ویب ڈیسک)ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کا شیڈول منظر عام پر آ گیا ہے جس کے مطابق مہمان ٹیم پاکستان میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ابتداء میں ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم کو یہ سیریز 29 مارچ سے یکم اپریل تک کھیلنا تھی لیکن اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔نئے شیڈول کے مطابق ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان میں یکم، 2 اور 4 اپریل کو تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔یاد رہے چئیر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے کچھ دن پہلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں عندیہ دیا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان میں ایک ٹی 20کراچی میں بھی کھیلا جا سکتا ہے لیکن اب اس حوالے سے طے ہو گیا کہ کراچی ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوران کسی میچ کی میزبانی نہیں کرے گا اور تمام میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی منعقد ہوں گے۔مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر دہشت گروں کے حملے کے بعد ویسٹ انڈیز وہ دوسری ٹیسٹ ٹیم ہے جو بین الاقوامی میچوں کی سیریزکے لئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ویسٹ انڈیز سے قبل ستمبر 2015 میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم ون ڈے اور ٹی 20سیریز کھیلنے پاکستان آچکی ہے۔2017 میں تین ٹی20میچوں کے لئے ورلڈ الیون نےبھی پاکستان کا دورہ کیا تھا جبکہ سری لنکا کی ٹیم ایک ٹی 20کھیلنے لاہور آئی تھی۔ 

شارجہ ٹیسٹ …. کالی آندھی کی گرفت مضبوط

شارجہ (اے پی پی) کریگ بریتھویٹ کی شاندار سنچری کے بعد باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز کی آخری ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی جبکہ پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں مشکلات سے دوچار ہے، گرین شرٹس نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز بنا کر مجموعی طور پر 31 رنز کی برتری حاصل کر لی، اظہرعلی 45 اور سرفراز احمد 19 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، جیسن ہولڈر نے 3 وکٹیں لیں، قبل ازیں کالی آندھی کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 337 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی اور اس نے گرین شرٹس کے خلاف56 رنز کی برتری حاصل کی تھی، بریتھویٹ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 142 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، وہاب ریاض نے 5 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ منگل کو شارجہ ٹیسٹ کے تیسرے روز ویسٹ انڈین ٹیم نے 244 رنز 6 کھلاڑی آﺅٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو بریتھویٹ 95 اور جیسن ہولڈر 6 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پانچویں اوور میں محمدعامر نے ہولڈر کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی، ہولڈر 16 رنز بنا سکے، اس موقع پر بریتھویٹ نے بیشو کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ میں 60 قیمتی رنز جوڑ کر نہ صرف گرین شرٹس کی پہلی اننگز کا سکور برابر کیا بلکہ ٹیم کو برتری بھی دلائی، بیشو 27 رنز بنا کر وہاب ریاض کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، جوزف 6 رنز بنا کر وہاب کی گیند کا نشانہ بنے، 337 کے سکور پر کالی آندھی کی آخری وکٹ گری جب شینن گبرائل بغیر کوئی رن بنائے وہاب کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، بریتھویٹ نے 142 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور آﺅٹ نہیں ہوئے۔ وہاب ریاض نے 5، محمدعامر نے 3 جبکہ یاسرشاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک وکٹ لی۔ پاکستانی ٹیم دوسری اننگز کیلئے جب میدان میں اتری تو اس کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور 48 کے سکور پر اس کے ابتدائی 4 کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے تھے، سمیع اسلم 17، اسد شفیق اور یونس خان صفر جبکہ کپتان مصباح الحق 4 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر سرفراز نے اظہر کا ساتھ دیا، دونوں نے محتاط انداز اپنایا اور دن ختم ہونے تک مزید نقصان نہ ہونے دیا، اسطرح تیسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 87 رنز بنا کر مجموعی طور پر 31 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، اظہر 45 اور سرفراز 19 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جیسن ہولڈڑ نے 3 اور روسٹن چیس نے ایک وکٹ لی۔

ویسٹ انڈیز سے تاریخی نائٹ ٹیسٹ ، پاکستان کے 400 میچز مکمل

اسلام آباد (نیوزایجنسیاں) پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ میچز کی چوتھی سنچری مکمل کر لی، گرین شرٹس چارسو ٹیسٹ کھیلنے والی دنیا کی ساتویں ٹیم بن گئی، گرین شرٹس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شروع ہونے والے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں شرکت کے ساتھ ہی یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس سے قبل آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز بھی یہ کارنامہ انجام دے چکی ہیں، ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں زیادہ میچز کھیلنے کا عالمی اعزاز انگلینڈ کے پاس ہے جس نے 976 میچز کھیل رکھے ہیں، آسٹریلیا 791 میچز کے ساتھ دوسرے، ویسٹ انڈیز 517 میچز کے ساتھ تیسرے، بھارت 502 میچز کے ساتھ چوتھے، نیوزی لینڈ 415 میچز کے ساتھ پانچویں، جنوبی افریقہ 402 میچز کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے پہلا ٹیسٹ بھی 1952ءمیں اکتوبر کے مہینے میں کھیلا تھا اور اب وہ چارسواں ٹیسٹ بھی اکتوبر میں کھیل رہی ہے، گرین شرٹس نے 399 میچز میں 129 فتوحات حاصل کیں، 113 ہارے جبکہ 158 ڈرا ہوئے۔ پاکستانی ٹیم نےپہلا ٹیسٹ1952ءمیں دہلی میں بھارت کیخلاف کھیلا۔ قومی ٹیم کوپہلی جیت بھی روایتی حریف کیخلاف لکھنو میں ملی۔نذرمحمد ٹیسٹ کی پہلی گیند کھیلنے اورپہلے سنچری بنانے والے پاکستانی بنے۔ دوسری جانب قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کوثابت کرنا ہوگا کہ پاکستان ٹیسٹ میں دنیا کی ٹاپ ٹیم ہے، پاکستان کے 400 ویں ٹیسٹ کی کپتانی کرنا اعزاز ہے، پنک بال اور ڈے اینڈ نائٹ کو بھول کر صرف پرفارم کریں گے، ٹیم کی رینکنگ کچھ بھی ہو، کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز آسان حریف نہیں ہے لہذا کھلاڑیوں کوثابت کرنا ہوگا پاکستان ٹیسٹ میں دنیا کی ٹاپ ٹیم ہے جب کہ عمدہ پرفارمنس سے نہ صرف دبئی ٹیسٹ بلکہ سیریز جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنک بال اور ڈے اینڈ نائٹ کو بھول کر صرف پرفارم کریں گے جب کہ ٹیم کی رینکنگ کچھ بھی ہو، کارکردگی اہمیت رکھتی ہے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ یونس خان کی غیرموجودگی میں بابراعظم اچھا انتخاب ہے اور بابراعظم کے ڈیبیو کا اس سے بہتروقت نہیں ہوسکتا جب کہ وہ بھرپور فارم میں ہیں، امید ہے وہ اچھا پر فارم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 400ویں ٹیسٹ کی کپتانی کرنا اعزاز ہے۔