Tag Archives: shareef family.jpg

نیب ریفرنسز؛ شریف خاندان کی عدم پیشی پر دوبارہ نوٹس جاری

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر مختلف ریفرنسز کی سماعت میں عدم پیشی پر شریف خاندان کو دوبارہ نوٹس جاری کردیئے۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف، حسن نواز، حسین نواز، مریم نواز اور کیپٹن (ر)صفدر کے خلاف ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کی خرید داری، العزیزیہ اسٹیل مل اور اثاثوں کے متعلق ریفرنسز کی سماعت کی تاہم شریف خاندان کی جانب سے کوئی فرد یا وکیل پیش نہیں ہواالبتہ کارروائی کے دوران نواز شریف کے پولیٹیکل ایڈوائزر آصف کرمانی موجود رہے۔سماعت کے دوران نیب نے شریف فیملی کو جاری کیے گئے سمن کی تعمیلی رپورٹ جمع کروا دی۔ نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ نامزد ملزمان کے گھروں پرسمن بھیجے گئے جو ملزمان کے سیکیورٹی انچارج نے وصول کیے جس پر عدالت نے کہا کہ ہمیں تمام معاملات کو قانون کے مطابق چلانا ہے، اگر سمن سیکیورٹی انچارج کو دیے گئے تو ان کا بیان بھی ساتھ ہونا چاہیے ورنہ عدالتی کارروائی تو میڈیا والے بھی بتا دیتے ہیں۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ سمن درست پتے پر بھجوائے گئے اور کسی نے یہ نہیں کہا کہ ایڈریس غلط ہے، ملزمان کےسیکیورٹی افسر نے بتایا ہے کہ حسن نواز اور حسین نواز نے سمن وصول نہ کرنے کی ہدایات دیں تھیں جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ ملزمان کے سیکیورٹی انچارج کو سمن دے کرجان نہ چھڑائی جائے بلکہ تمام قانونی ضابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کارروائی کو آگئے بڑھایا جائے۔ عدالت نے نواز شریف کے پولیٹیکل ایڈوائزر آصف کرمانی کو پابند کیا کہ وہ تمام ملزمان کو عدالتی سمن سے آگاہ کریں۔عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد نوازشریف،حسن،حسین ،مریم نواز اور کیپٹن(ر)صفدر کی طلبی کے دوبارہ سمن جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 26ستمبر کے لیے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس میں سپریم کورٹ کی روشنی میں سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز سمیت ان کی صاحبزادی مریم نواز، ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر اور اسحاق ڈار کے خلاف 4 مختلف ریفرنسز دائر کئے ہیں۔

شریف خاندان کیخلاف ایک ریفرنس نا مکمل قرار

اسلام آباد:اسلام آباد احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں شریف خاندان اور اسحاق ڈارکیخلاف دائر ہونے والے 4ریفرنسز میں سے ایک نا مکمل قرار دے دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد احتساب عدالت کے رجسٹرار آفس میں ن شریف خاندان کیخلاف دائر ہونے والے ریفرنسز کی ابتدائی سکرونٹی مکمل کر لی گئی ہے ۔سکرونٹی کے نتیجے میں دائر ہونے والے 4ریفرنسز میں سے 3مکمل جبکہ ایک نا مکمل قرار دیدیا گیا ہے۔نامکمل ریفرنس نیب واپس بھیجا جائے گا تا کہ اسے مکمل کر کے دوبارہ عدالت میں داخل کروایا جا سکے۔یاد رہے کہ آج صبح نیب کی جانب سے شریف خاندان کیخلاف تین جبکہ اسحاق ڈار کیخلاف ایک ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

شریف فیملی کیلئے بڑا جھٹکا، نیب ہیڈ کوارٹرسے بڑا حکم آگیا

 اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پاناما کیس میں شریف فیملی اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز 10 ستمبر تک احتساب عدالت میں دائر کردیے جائیں گے۔اسلام آباد میں نیب ہیڈ کوارٹرز نے نیب لاہور اور راولپنڈی کو پاناما کیس کی تحقیقاتی رپورٹ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں سے قبل پیش کرنے کی ڈیڈلائن دیدی۔ نیب لاہور اور راولپنڈی انوسٹی گیشن رپورٹ تیار کرکے 31 اگست تک نیب ہیڈکوارٹرز کے پراسیکیوشن ونگ کو ارسال کریں گے۔ نیب کے پراسیکیوشن اور آپریشن ونگ رپورٹ تیار کرکے چیئرمین نیب کو بھیجیں گے۔ رپورٹ موصول ہونے پر نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں منظوری دی جائے گی اور احتساب عدالت میں 10 ستمبر تک ریفرنسز دائر کردئیے جائیں گے۔

اس سلسلے میں نیب راولپنڈی اور نیب لاہور کو ایف بی آر سے شریف فیملی کے ریٹرنز اور اسٹیٹ بینک سے اکاؤنٹس کی تفصیلات مل گئی ہیں۔ نیب لاہور اورراولپنڈی شریف فیملی اور دیگر کیخلاف مشترکہ انوسٹی گیشن کررہے ہیں۔ نیب لاہور سے امجد نذیر اولکھ اور نیب راولپنڈی سے رضوان خان اس کیس پر کام کررہے ہیں۔

شریف فیملی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈارسمیت کیس کا کوئی بھی ملزم نیب میں پیش نہیں ہوا، جب کہ جے آئی ٹی ممبران میں سے بھی کوئی نیب میں پیش نہ ہوا۔ جے آئی ٹی کے ممبرعرفان منگی کاموقف ہے کہ ہم نے اپنے پاس موجود تمام تفصیلات سپریم کورٹ میں پیش کردی ہیں۔ ادھر شریف فیملی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ہم نے پاناما فیصلے سے متعلق سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہوئی ہے اس لئے پیش نہیں ہوسکتے۔