لاہور(ویب ڈیسک)وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا ختم نبوت ﷺکے آئین میں ترمیم کے حوالے سے کوئی تعلق نہیں لیکن اسلام آباد اور لاہور میں مذہبی رہنماؤں کا دھرنا نواز شریف کے خلاف ہی دیا گیا ہے ۔انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی اصلاحات بل 2017ء کی کمیٹی میں چند لوگ ن لیگ کے جبکہ 80فیصد ارکان اپوزیشن کے تھے ۔بل میں تمام سیاسی جماعتیں شامل تھیں لیکن دھرنا نواز شریف کے خلاف ہی ہوا لیکن ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں ۔ جب سے ن لیگ نے اقتدار سنبھالا اس دن سے ایک سازش کے تحت نواز شریف اور ہماری جماعت کے خلاف دھرنے اور مظاہرے شروع کردیئے گئے پہلے دھرنے میں بغیر داڑھی والے اور دوسرے دھرنے میں داڑھی والے تھے لیکن گالیاں اور لاٹھیاں دونوں دھرنوں میں استعمال کی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو اقتدار سے باہر کرنے کے لئے پٹیشن کسی اور بات کی دائر ہوئی جبکہ سزا کسی اور بات کی ملی۔ پہلی بارقانون سے ہٹ کر جے آئی ٹی بنائی گئی نوازشریف کو گراتے ہوئے یہ نہیں دیکھا گیا کہ پاکستان کی معیشت کو کتنا نقصان ہوا۔طلال چوہدری نے کہا کہ قومیں اصولوں کی بنیاد پر آگے جاتی ہیں۔ معیار سے نیچے گریں تو پستی کا شکار ہوجاتی ہیں۔لیکن یہاں نوازشریف کو گراتے ہوئے اخلاقی قدریں بھی گرائی گئیں۔ افسوس کی بات ہے کہ مذہب کو بنیاد بنا کر دو طرف سے حملہ کیا گیا۔ تحریک لبیک کے دونوں گروپوں نے حکومت کو دھوکا دیا۔ اسلام آباد جانے والوں نے کہا کہ دھرنا نہیں دیں گے دعا کرکے آجائیں گے۔ دوسرے دھرنے والوں نے محفل میلاد کی اجازت لی اور اسے سیاسی جلسہ بنا دیا۔