اسلام آباد (این این آئی) چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سنیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ بچوں کا عالمی دن ہمیں ان کے حقوق، تحفظ اور روشن مستقبل کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بچوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں سنیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں،ہر بچے کو معیاری تعلیم، صحت، غذائیت اور محفوظ ماحول کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو غربت، غذائی قلت، تشدد اور ہر قسم کے استحصال سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر سرمایہ کاری درحقیقت ملک کے مستقبل پر سرمایہ کاری ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحق خاندانوں کی معاونت کے ذریعے بچوں کی تعلیم، صحت اور بہتر پرورش میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
