نئی دہلی (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی بھارت میں مصدق ملک کا بھارتی میڈیا کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی پر بات ہوگی اور شواہد کے ساتھ ہوگی تاہم اشتعال انگیزی سے مسائل کا حل نہیں نکلے گا۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنا اور اس مسئلے کو ختم کرنا
ہوگا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے معاملے پر جب بھی بات ہوگی، شواہد کے ساتھ ہوگی، پاکستان دہشت گردی سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور بھارت سے کئی مرتبہ دہشت گردی کے ثبوت مانگے ہیں، پاکستان کے پاس بھی دہشت گردی سے متعلق شواہد موجود ہیں۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ وہ بھارت باہمی معاملات پر بات چیت کرنے نہیں آئے، تاہم دہشت گردی ایک اہم معاملہ ہے جس پر بات ضرور ہونی چاہیے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں پاکستان میں تقریباً 1700افرادجاں بحق ہوئے، اس سیلاب میں سندھ کا بیشتر حصہ سیلابی پانی میں ڈوب گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2022 کے دوران لاڑکانہ میں موہنجودڑوکے کھنڈرات پر ریکارڈ بارش ہوئی، شدیدبارشوں کے باعث ساڑھے4 ہزار سال قدیم موہنجو دڑو کی کئی دیواریں گرگئیں، موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اورتاریخی ورثے کیلئے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین وادی سندھ اور گندھارا کی قدیم تہذیبوں کا مرکز رہی ہے، اسلام آباد کے گردو نواح میں مختلف تاریخی تہذیبیں ہیں، گندھارا کا بدھ فن تعمیر شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا، پاکستان کے تاریخی روابط شمال کی جانب بخارا اور سمر قند تک پھیلے ہوئے ہیں۔
مصدق ملک

