آسٹریلیا(ویب ڈیسک)غیرملکی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دورہ آسٹریلیا ایک مشکل چیلنج ہے لیکن ہم نے پوری تیاری کررکھی ہے، نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کو بھلا کرمیدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم میں کم تجربہ کار کھلاڑی شامل ہیں ہم اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، ہم نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کی کمزوریاں جاننے کے لئے کافی محنت کررکھی ہے جب کہ مقابلے کے لئے کنڈیشنز سے بھی ہم آہنگ ہوچکے ہیں، ٹیم کا مڈل آرڈر شدید مشکلات سے دوچار ہے تاہم مجھ سمیت یونس خان، اسد شفیق اور سرفراز کو رنز بنانے ہوں گے بابر اعظم کو ان کی صلاحیتوں کی وجہ سے ڈراپ نہیں کرسکتے۔مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیاں ہونے والی سیریز میں اصل مقابلہ بالرز کے درمیان ہوگا، برسبین میں ہونے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں پاکستانی مایہ ناز اسپنر یاسر شاہ کا کردار اہم ہوگا جب کہ پاکستانی بلے بازوں کو مچل اسٹارک اور ہیزل ووڈ سے خبردار رہنا ہو گا۔