اسلام آباد(آئی این پی) سابق صدر ِ آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم شہید بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں جن کا وژن ایک جدید، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان تھا اور جن کا عزم تھا کہ وہ ان مسلح مذہبی انتہاپسندوں کے خلاف جنگ آخری فتح تک جاری رکھیں گی جو ریاست اور پاکستانی معاشرے کو ان کے وژن سے دور لے جا رہے ہیں۔ شہید بینظیر بھٹو کے نویں یومِ شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں انھوں نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کو اچھی طرح معلوم تھا کہ مذہبی انتہا پسندوں کے بھیڑیے انھیں اپنے راستے سے ہٹانے کے درپئے تھے۔ ان کے پاس آسان راستہ اختیار کرنے کا موقع موجود تھا اور وہ انتہاپسندوں کی مزاہمت ترک کر دینے کا تھالیکن وہ پاکستانیوں کے لئے خوشحالی کا خواب رکھتی تھیںاور اس خواب کو شرمندہءتعبیر کرنے کے لئے۔ انھوں نے اپنی جان دہشتگردوں کے خلاف جنگ کی قیادت کرتے ہوئے قربان کر دی۔ آج ہمارے انھیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے جھکے ہوئے ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ پارٹی کے لیڈر اور کارکن یہی جذبہ رکھتے ہیں اور انھیں اپنے مثالی لیڈروں پر فخر ہے۔ کسی کو پارٹی کے خلاف سازشیں کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے اور یہ سازشی ہر قیمت پر شکست سے دوچارہوں گے اور ناکامی ان کا مقدر ہے۔ اس موقع پر ہم شہید بینظیر بھٹو اورجمہوریت ، آئین اور قانون کی حکمرانی کے لئے شہید ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انھیں شہداءکی وجہ سے عسکریت پسند کامیاب نہیں ہو سکے۔ سابق صدر نے کہا کہ پارٹی ملک پر اپنی دانست میں خلافت مسلط کرنے والے بربریت پسندوں کے خلاف لڑتی رہے گی جن کا ایجنڈہ عراق اور شام میں داعش، کینیا میں شباب اور نائیجیریا میں بوکوحرام کے ایجنڈے سے مختلف نہیں۔ آج کے دن ہم عسکریت پسندوں سے لڑنے والوںاور ڈکٹیٹرشپ کے خلاف جلاوطن ہونے والوں، پابندِ سلاسل ہونے والوں اور جانوں کی قربانیاں دینے والوں کو بھی خراجِ عقیدت اور خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔