فیصل آباد (خصوصی رپورٹ) پنجاب حکومت نے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر کی یونین کونسلوں کے اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے دسمبر کے آخری ایام میں جاری کئے گئے چیک بینکوں سے کیش نہ ہو سکے جس سے سیکرٹریز سمیت دیگر سٹاف معاشی مشکلات کا شکار ہوگیا۔ نئے بلدیاتی نظام کے فعال ہونے کے بعد پنجاب حکومت کی جانب سے تمام یونین کونسلوں کے اکاﺅنٹس فریز کر دیئے گئے ہیں اور اب فنانس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نئے اکاﺅنٹ کھلوائے جائیں گے جس میں متعلقہ یونین کونسل کے چیئرمین اور سیکرٹریز کو دستخطی اختیارات حاصل ہوں گے۔ یونین کونسلوں کے اکاﺅنٹس منجمد کرنے کے باعث دسمبر کے آخری دنوں میں جاری کئے جانے والے چیک کیش نہ ہو سکے۔ مدینہ ٹاﺅن کے سیکرٹریوں کو اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے چیک 29دسمبر کو جاری کئے گئے تھے لیکن بعد میں چھٹیاں ہونے سے گزشتہ روز سیکرٹری نے چیک کیش کروانے کیلئے بینکوں سے رجوع کیا لیکن انہیں اکاﺅنٹس کے منجمد کئے جانے کا حکم سنا دیا گیا تاہم نئے اکاﺅنٹس کھلنے کے بعد چیک کیش ہوں گے بھی یا نہیں‘ اس کا بھی جواب نہیں دیا جا سکا۔
اکاﺅنٹس منجمد