اسلام آباد( ویب ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے رہنماوں نے کہا ہے کہ نئے سال میں تحریک انصاف کے الزامات پرانے ہیں۔ یہ جماعت نہیں چوں چوں کا مربہ ہے، چور دروازے سے نہیں آنے دیں گے، ہم پانامہ کی روزانہ سماعت کا خیر مقدم کرتے ہیں، عدالت اور عوام کو مطمئن کریں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ مانیں گے، نواز شریف ذاتی الزامات پر بھی سرخرو ہوں گے۔ ان خیالات کااظہار مسلم لیگ ن کے رہنماوں طارق فضل چوہدری اور طلال چوہدری نے پانامہ لیکس کی کیس کے موقع پر بدھ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے اپنی گفتگو میں کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما و وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کوئی جماعت نہیں بلکہ چوں چوں کا مربہ ہے ۔ چور دروازے سے اقتدار میں آنے کے لئے امپائر پر اعتماد کر تے ہیں اور احتجاجی و گالم گلوچ کی سیاست کے ذریعے ملک کے کسی ادارے کو بھی نہیں بخشا بلکہ جس کو چاہا تحقیر کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہ اکہ پانامہ لیکس کے مقدمے میں مرضی کا فیصلہ حاصل کرنے کے لئے تحریک انصاف نے سوشل میڈیا پر عدلیہ کے خلاف مہم چلائی اور عوام کو گمراہ کرنے کے لئے گمراہ کن پروپیگنڈے کےے لیکن عوام ان مکاروں اور منافقوں کی جھوٹی اور فریقی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما پریشان ہیں کہ کس طرح اقتدار تک پہنچا جائے لیکن ہر حربہ استعمال کرنے پر جھوٹوں کو منہ کی کھانا پڑی، پوری تیاری اور عزم سے عدالت آئیں گے، عمران خان اب بھی فیصلہ کر لیں جس پچ پر چاہے ہم کھیلنے کے لئے تیار ہیں۔ وزیر مملکت برائے کیڈ نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر پانامہ لیکس کے مقدمے کی سماعت کے عدالتی حکم کا خیر مقدم کرتے ہیں اور انشاءاللہ سپریم کورٹ سمیت عوام کو مطمئن کریں گے۔ پاکستان کی عدلیہ آزاد اور خودمختار ہے جو بھی فیصلہ کرے گی ہم قبول کریں گے لیکن امید ہے کہ اس فیصلے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی چور دروازے کے ذریعے اقتدار میں داخلے کی آخری کوشش بھی دم توڑ دے گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ردی کتنی بھی اکٹھی کر لیں اس کی کوئی حقیقت نہیں، تحریک انصاف نے ہمیشہ جھوٹ اور الزامات کی سیاست کی، ہر بار نئی کہانی میڈیا کے سامنے لا کر فتح کے نشان بناتے ہیں لیکن پھر عدالت میں ثبوت نہ دینے پر سر جھکا لیتے ہیں ان کو شرم آنی چاہیئے کہ سال تو نیا آگیا لیکن ان کے الزامات پرانے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کو مینڈیٹ پر کمیشن نے کلین چٹ دی لیکن عمران خان اقتدار کے دیوانے ہونے کے باعث ابھی تک ہوا میں کاغذات لہراتے رہتے ہیں جن سے ان کو کچھ بھی نہیں ملے گا۔ صرف شرمندگی اور مایوسی ہی ان کا پیچھا کرے گی۔ طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے پھر سپریم کورٹ میں غیر مصدقہ دستاویزات جمع کرائیں لیکن امید ہے کہ پانامہ لیکس کے مقدمے کےس اتھ ہی ان کی سیاسی زندگی کا باب مکمل طور پر بند ہو جائے گا جبکہ نواز شریف ذاتی الزامات پر بھی عدالت سے سرخرو ہوں گے۔