تازہ تر ین

غریب کہاں دفن ہونگے …. لاہور ہائیکورٹ نے اہم شخصیت کو عدالت طلب کر لیا

لاہور (خبریں رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے میٹرو بس منصوبے کےلئے میانی صاحب قبرستان کی حاصل کی گئی اراضی کی قیمت ادا نہ کرنے پر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 6جنوری تک ملتوی کر دی جبکہ فاضل عدالت نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کو زمین استعمال کرنے کی مد میں پچاس فیصد کرائے کے تناسب سے دو روز میں 2کروڑ 20لاکھ روپے جمع کرانے کے احکامات بھی جاری کر دئیے ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ واپڈا اور لیسکو نے میانی صاحب قبرستان کی ایک کنال 3 مرلہ سے زائد اراضی کا 1986ءسے کرایہ ادا نہیں کیا۔جس پرفاضل عدالت نے پچاس فیصد کرائے کے تناسب سے 2 کروڑ 20لاکھ روپے دو روز کے اندر جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ جبکہ فاضل عدالت نے قبرستان کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹرانجم شکیل گیلانی کے تبادلے کے احکامات معطل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کر لیا۔فاضل عدالت نے میٹرو بس منصوبے کے لئے میانی صاحب قبرستان کی حاصل کی گئی اراضی کی قیمت ادا نہ کرنے پر ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔فاضل عدالت نے واصف علی واصف کے دربار سے ملحقہ 98قبروں کی اراضی دربار کےلئے الاٹ کرنے پر ڈپٹی کمشنر سے جواب طلب کر لیا۔سماعت کے دوران فاضل عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پیسے والے افراد کو قبرستان میں بھی جگہیں الاٹ کر دی گئیں ۔بتایا جائے کہ غریب افراددنیا سے رخصت ہوں گے تو انہیں کہاں دفن کیاجائے گا۔فاضل عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 جنوری تک ملتوی کر دی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain