لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے )وزیراعلی پنجاب محمدشہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں او رفلاحی پروگرامو ںپر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا -وزیراعلی شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ( ن) کی حکومت نے تعلیم،صحت او رسوشل سیکٹر کے فروغ کے لئے بے مثال کام کیاہے -عوام کی خدمت او رانہیں ریلیف و سہولتوں کی فراہمی کے مشن کو کامیابی سے آگے بڑھایا ہے -انہو ںنے کہاکہ اربوں روپے کے رمضان پیکیج سے بھی عوام کو ریلف مل رہاہے اوروزیراعظم کی قیادت میں خود مختار او ر خوشحال پاکستان کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں-انہو ںنے کہاکہ قوم سے کئے گئے وعدے پورے کر کے سرخرو ہوں گے-ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کے باعث عوام مسائل کی دلدل میں دھنستے چلے گئے-انہوںنے کہاکہ قوم آج تک ان کرپٹ حکمرانوں کی لوٹ مار کو بھلا نہیں سکے-سابق حکمرانوں کا ہر نئے دن کا سورج کرپشن کے ایک نئے سکینڈل کے ساتھ طلوع ہوتا رہا-انہوںنے کہاکہ انتشار او رالزام تراشی کی سیاست کے علمبر داروں نے بھی عوام کی مشکلات بڑھائیں-دھرنوں اور لاک ڈاﺅن کے ذرےعے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر پیدا کر کے عوام کے خلاف ساز ش کی-انہوںنے کہاکہ عوام کی ترقی کے دشمنوں کو ترقی کرتا او رآگے بڑھتا ہوا پاکستان اچھا نہیں لگتا اور ملک کی تیز رفتار ترقی ان عناصر کی پریشانیاں بڑھا رہی ہے -ساہیوال کول پاور پلانٹ کا دوسرا یونٹ بھی پوری آب وتاب سے چل رہاہے -انہوںنے کہاکہ سی پیک کے تحت مکمل ہونے والے اس پہلے منصوبے سے 1320میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی-انہوںنے کہاکہ اراکین اسمبلی محنت کریں اور عوام کی خدمت میں دن رات ایک کر دیں – منتخب نمائندوںکو ترقیاتی منصوبوں کی شفاف ، بروقت اور معیاری تکمیل میں اپنا کردار ادا کرنا ہے- اراکین اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم ،صحت ،سوشل سیکٹر او رغریب عوام کی فلاح کے لئے شہبازشریف کے ا قدامات بے مثال ہیں- گوجرانوالہ میں بڑے منصوبوں کی تکمیل پر عوام آپ کے لئے دعا گو ہیں-انہوںنے کہاکہ گوجرانوالہ میں آپ کے بے مثال ترقیاتی کامو ںنے عوام کے دل جیت لئے ہیں-آپ نے دیانتداری او رحب الوطنی سے ایسے کارہائے نمایاں سرانجام دئےے ہیں جنہیں عوام کبھی بھلا نہیں سکتے -انہوںنے کہاکہ بجلی کے کارخانوںکی مقررہ مدت سے قبل تکمیل آپ کی انتھک محنت کی مثا ل ہے- ایم این اے حمزہ شہبازشریف، صوبائی وزراءملک ندیم کامران، منشا ءاللہ بٹ، حمیدہ وحید الدین اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی نے اجلاس میں شرکت کی -ضلعی و انتظامی افسران ویڈیولنک کے ذرےعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔