لاہور (خصوصی رپورٹ) بناسپتی گھی کے صحت پر مضر اثرات کامعاملہ‘ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بناسپتی گھی پر مکمل پابندی عائد کرنے کے حوالے سے سائنٹیفک پینل سے سفارشات طلب کر لیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کوکنگ آئل اور بناسپتی گھی کی سیمپلنگ رپورٹ جاری کرنے کے بعد‘ گھی کے انسانی صحت کیلئے خطرناک ثابت ہونے پر اس کی فروحت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت سائنٹیفک پینل ایک ماہ میں بناسپتی گھی پر پابندی لگانے یا نہ لگانے کے حوالے سے تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے گا۔ جدید تحقیق کے مطابق بناسپتی گھی کا استعمال شریانوں کی بندش‘ بلڈپریشر‘ کولیسٹرول جیسے امراض کا سبب بنتا ہے اور استعمال شدہ گھی کا دوبارہ استعمال کینسر جیسی موذی مرض کی بڑی اور اہم وجہ ہے۔ جدید ممالک میں بناسپتی گھی کے استعمال پر مکمل طور پر پابندی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی حالیہ سیمپلنگ مہم کے نتائج میں 90فیصد بناسپتی گھی برانڈز فیل ہوئے تھے۔