کراچی (خصوصی رپورٹ) پی آئی اے کی باکمال انتظامیہ کا ایک اور لاجواب کارنامہ سامنے آگیا۔ انتظامیہ نے لاکھوں روپے یومیہ کمائی کرنے والے شعبہ کارگو کو ٹھیکے پر دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں جبکہ مخالفت کرنے پر جنرل منیجر اور ڈپٹی جنرل منیجر کارگو کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ شعبہ کارگو کو ٹھیکے پر دینے کے باعث ملک بھر میں موجود پی آئی اے کارگو ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی جانب سے شعبہ کارگو کو ٹھیکے پر دینے کے لئے منٹس تیار کرکے فائل پر دستخط نہ کرنے اور پی آئی اے کارگو کو ٹھیکے پر دینے کی مخالفت کرنے کی پاداش میں جنرل منیجر کارگو نعمان منیر اور ڈپٹی جنرل منیجر طارق حسین کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے شعبہ کارگو کو ٹھیکے پر دینے کے لئے من پسند منٹس فائل تیار کروانے کے لئے چیف کمرشل آفیسر طاہر نیاز نے ڈسٹرکٹ منیجر راولپنڈی سمیع بیگ کو جنرل منیجر کارگو لگا دیا ہے جبکہ چیف کمرشل آفیسر طاہر نیاز کی جانب سے شعبہ کارگو کو ٹھیکے پر دینے کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔