چشتیاں (نامہ نگار۔نمائندہ)تھانہ سٹی پولیس کی غفلت یا پھرتیاں ، محنت کش کے چار سالہ معصوم بچے پر ساﺅنڈ ایکٹ کا مقدمہ درج کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس نے نواحی علاقہ تاج سرور کالونی کے رہائشی محنت کش محمد فاروق کے چار سالہ معصوم بچے حمزہ کو امام مسجد ظاہر کرتے ہوئے پنجاب ساﺅنڈ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق چار سالہ مبینہ ملزم حمزہ مکی مسجد تاج سرور کالونی میں لاﺅڈ سپیکر پر اونچی آواز میں تقریرکر رہا تھا جو پولیس گاڑی کو دیکھ کر مسجد سے بھاگ گیا ۔ جبکہ مبینہ ملزم کے والدین کے مطابق حمزہ تو ابھی صحیح طرح بول بھی نہیں سکتا تقریر تو دور کی بات ہے پولیس نے محض اپنی کار گزاری کی خاطر بغیر تصدیق کے میرے بیٹے پر نامزد مقدمہ درج کر کے تنگ و پریشان کرنا شروع کر دیا ہے ۔ ادھر چار سالہ مبینہ ملزم اپنے والد کے ہمراہ علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے اور ضمانت قبل از گرفتاری کروانے کے لیے پیش ہو گیا ۔