لاہور(ویب ڈیسک) عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے مجھے حیران کر دیا ہے ،میں تسلیم کرتا ہوں کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے میرے تجزیوں اور آرا کو غلط ثابت کیا ہے ،میں جے آئی ٹی ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،رپورٹ بارش کا پہلا قطرہ ہے ،اب اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ،سپریم کورٹ صرف ایک دو لوگوں کو ہی نہیں بلکہ اس کرپٹ نظام کو درست کرے نہیں تو اس نظام میں کئی نواز شریف پیدا ہوتے رہیں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مال روڈ میں سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کے تین سال مکمل ہونے پر احتجاج سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کا کام ناقابل فہم حد تک ناممکن تھا ،کرپشن کے خاتمے کے لئے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے ،نواز شریف چلے جائیں نظام چلتا رہے ،اگر نواز شریف چلے جاتے ہیں اور ان کا ہی نامزد کردہ شخص آ جاتا ہے تو کیا چہرے بدلنے سے حالات درست ہو جائیں گے ؟اگر ایسا ہوا تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہو گا ،نواز شریف اور کرپٹ نظام لازم و ملزوم ہیں ،پارلیمنٹ کے ہر اس شخص کا احتساب ہونا چاہئے جو سیاست میں رہا ہے ،اسی طرح جے آئی ٹی بننی چاہئے اور ہر شخص کا احتساب ہونا چاہئے ،اگر ایسا نہ ہوا تو پھر کوئی نواز شریف آ جائے گا ،پھر پاناما کیس آئے گا ،پھر جے آئی ٹی بنے گی اور کھیل اسی طرح کھیلا جاتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پاناما کیس نے صرف نواز شریف نہیں اس پورے نظام اور سسٹم کو ننگا کر دیا ہے ،ہمیں اس کرپٹ سسٹم اور ہر اس شخص کو اس سیاسی نظام سے نکال باہر کرنا ہو گا جو اس کرپٹ نظام سے محبت کرتا ہے ،کڑی تطہیر اور سخت احتساب کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ لندن فلیٹس ”سلطنت شریفیہ “ کے سمندر کا ایک قطرہ ہیں ،اس ایک قطرے کو بے نقاب کرنے کے لئے صدیاں لگ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ آئین ،قانون اور اداروں کے آ گے بڑے بڑے نام سرنگوں ہوتے ہیں اور سسٹم خود ان کا احتساب کرتا ہے ،ہم ایسے نظام کی ہی جدوجہد کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کے شہیدوں کا قصور یہی تھا کہ وہ اس باطل نظام کے خلاف آواز بلند کر رہے تھے ،تین سال گذرنے کے بعد بھی ان شہیدوں کو انصاف نہیں ملا ،اگر سسٹم میں جان ہوتی اور نظام درست ہوتا تو ہم تین سال سے سڑکوں پر دھکے نہ کھا رہے ہوتے ،اس ملک کے قانون، آئین ،جمہوریت اور سسٹم کی یہ حالت ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاو¿ن کے ملزموں میں سے کوئی ایک بھی جیل میں نہیں ہے۔اس کرپٹ سسٹم کی حالت دیکھیں کہ صرف جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ پبلک کرانے کے لئے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانا پڑا لیکن اس کے باوجود بھی یہ رپورٹ پبلک نہیں ہو سکی ،کوئی ہے نا جو عدلیہ سے بھی زیادہ طاقتور ہے ؟جو اس رپورٹ کو دبا کر بیٹھا ہے ،میں سپریم کورٹ سے استدعا کرتا ہوں کہ جس طرح پاناما جے آئی ٹی رپورٹ پبلک کی گئی ہے اسی طرح باقر نجفی رپورٹ بھی پبلک کی جائے ،ماڈل ٹاو¿ن کے ورثا کو انصاف فراہم کرتے ہوئے جن لوگوں کو باقر نجفی رپورٹ میں ذمہ دار ٹھہرایا گیا تھا سب کو گرفتار کر کے شہیدوں ،زخمیوں اور معذوروں کو انصاف فراہم کیا جائے۔ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی ڈاکہ زنی ،چوری اور سانحہ ماڈل میں بے گناہوں کے قتل میں ملوث ہونا بے نقاب ہو چکا ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف وزیر اعظم بدلنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ،اگر ان کو جیل میں ڈال کر ان کے ساتھ وہ سلوک کیا گیا جو قانون ایک ڈاکو کے ساتھ روا رکھتا ہے تو نظام میں بہتری کی امید رکھی جا سکتی ہے۔
