لاہور (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے جھنگ کے علاقے اٹھارہ ہزاری میں خودسوزی کرنے والے شادی شدہ شخص کو بروقت انصاف نہ دینے پر ایس ایچ او اٹھارہ ہزاری اور تفتیشی افسر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آر پی او سرگودھا نے اپنی انکوائری رپورٹ میں ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو قصوروار قرار دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے خودسوزی کرنے والے شخص کی موت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق شخص کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ شہبازشریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے ”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کے تحت بجلی سے محروم 20 ہزار سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کے تحت بجلی سے محروم 20ہزار سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنا ہے اوراس پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز جنوبی پنجاب کے سکولوں سے کیا جا رہاہے جس کے تحت جنوبی پنجاب کے بجلی سے محروم 10ہزار 800 سکولوں کو سولر پینلز سے روشن کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حوالے سے یہ پاکستان کا منفرد اور شاندار پروگرام ہے اورقوم کے نونہالوں کو بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے حوالے سے یہ انتہائی اہم منصوبہ ہے لہٰذا ”خادم پنجاب اجالا پروگرام“ کو وقت ضائع کئے بغیر تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ20ہزار سکولوں کو سولر پینلز کے ذرےعے روشن کرنے کے اس پروگرام پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اور لاکھوں بچوں اور بچیوں کو اس شاندار پروگرام سے بے پناہ فائدہ ہوگا۔ شہبازشریف سے ممبر قومی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات احمد یار ہنجرا نے ملاقات کی‘ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کی متوازن ترقیاتی حکمت عملی کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کی ترقی پر اربوں روپے وسائل صرف کئے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ موبائل ہیلتھ یونٹس‘ دانش سکولز‘ جدید ہسپتال اور بڑے تعلیمی ادارے بھی جنوبی پنجاب میں قائم کئے گئے ہیں۔ مظفرگڑھ میں جدید طبی سہولتوں سے آراستہ گورنمنٹ طیب اردوان ہسپتال علاقے کے عوام کو جدید علاج معالجہ فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے آبادی کے تناسب سے 10فیصد زائد فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب میں بسنے والے بہن بھائی میرے دل کے بہت قریب ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دینے کیلئے وسائل کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بڑے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ شہبازشریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے پینے کے صاف پانی کے پروگرام پر عملدرآمد اور مختلف امور پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی عوامی مفاد کا بہت اہم منصوبہ ہے اور مفادعامہ کے اس شاندار پروگرام کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کے پروگرام سے قوم کے بچوں کا مستقبل جڑا ہے۔ شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے صاف پانی نہایت اہمیت کا حامل ہے اور پروگرام کاآغاز اربوں روپے کی لاگت سے جنوبی پنجاب کی تحصیلوں سے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی کی ساﺅتھ اور نارتھ کمپنیاں فیصلے کر کے آگے بڑھیں اور نتائج دیں۔
شہبازشریف