راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن خواہ چھوٹا ہو یا بڑا مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی میں گریجویٹ کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہم کسی کو بھی اپنے ایکشن کی غلط تشریح نہیں کرنے دیں گے، مسلح افواج کسی بھی اندرونی و بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، دشمن کو جارحیت کی صورت میں ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا، ہمارا دشمن خواہ چھوٹا ہو یا بڑا مہم جوئی کی صورت میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ہماری جنگ کامیاب ہوگئی ہے، پاکستان سے بڑھ کر کسی بھی ملک نے قربانیاں نہیں دیں تاہم بدقسمتی سے بین الاقوامی برادری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا، پاکستان خطے میں امن کو فروغ دینا چاہتا ہے، ہم امن و سلامتی کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، امن کا قیام ہی پاکستان میں استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہے۔جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے آپریشن ردالفساد کے تحت باقی ماندہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے، پاک فضائیہ ملک کی دفاع کا ایک اہم ترین عضو ہے اور اس نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی پناہ گاہوں اور تربیتی مراکز کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کی بہترین کارکردگی کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ملی۔