کراچی(صباح نیوز)ایم کیوایم پاکستان نے باغی پارلیمنٹرین کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا، متحدہ کے پارلیمانی لیڈر نے 9ارکان سندھ اسمبلی کی رکنیت خت رنے کی درخواست اسپیکر کے پاس جمع کرادی۔آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ درخواست کا قانونی جائزہ لے کرنشستیں خالی ہونے سے متعلق الیکشن کمیشن کو آگاہ کردیا جائے گا۔سندھ اسمبلی میں متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے سندھ اسمبلی پہنچ کر متحدہ کے 6منتخب ارکان اسمبلی، دو خواتین کی مخصوص نشستوں اور ایک اقلیتی سیٹ پر منتخب ہونے والے ارکان اسمبلی کی رکنیت ختم کرنے سے متعلق درخواست اسپیکر آغاسراج درانی کوجمع کرائی ۔اسپیکر آغاسراج درانی نے بتایا کہ پہلی مرتبہ ایم کیوایم نے اپنے ارکان کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست دی ہے جس پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ایم کیوایم پاکستان نے جن ارکان کی رکنیت منسوخ کرنے کی درخواست دی ہے ان میں محمد دلاور، شیخ عبداللہ، ارتضی خالد، عبدالرزاق، خالد بن ولایت، ندیم رضی، ارم عظیم فاروقی، بلقیس مختار اور عارف بھٹی شامل ہیں۔متحدہ کے 9منحرف ارکان میں سے 8پاکس سر زمین پارٹی اور ایک پیپلزپارٹی کو پیارا ہوگیا تھا۔





































