تازہ تر ین

نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری، ضمانتی مچلکے ضبط نوٹس جاری

اسلام آباد(کرائم رپورٹر،آئی این پی ) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر دو ریفرنسز میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جبکہ لندن فلیٹس ریفرنس میں نواز شریف کے ضامن کو نوٹس جاری کردیا اور حاضری سے مزید استثنا کی درخواست مسترد کردی، عدالت نے نواز شریف کو 3 نومبر کو پیش ہونے کے لیے آخری وارننگ جاری کر دی ہے۔جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف تین جبکہ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے خلاف ایک نیب ریفرنس کی سماعت کی ۔مریم نواز اور ان کے شوہر ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نواز شریف غیر حاضررہے ۔اس موقع پر زیر مملکت طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، مریم اورنگزیب، آصف کرمانی، طارق فاطمی اور پرویز رشید سمیت دیگر افراد بھی مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کے ہمراہ تھے۔ خواجہ حارث ایڈووکیٹ نے نواز شریف کی تینوں ریفرنسز میں7روز کےلئے حاضری سے استثنا کی درخواستیں اور کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ گزشتہ روز بذریعہ ای میل موصول ہوئی۔ نواز شریف پر فرد جرم عائد ہوچکی ہے، حاضری سے استثنا دیا جائے۔اس موقع پرنیب کے پراسیکیوٹر افضل قریشی نے حاضری سے استثنا کی درخواست کی مخالفت کی اور کہا کہ عدالت پہلے ہی پندرہ دن کے لیے حاضری سے استثنا دے چکی جو 24 اکتوبر کو ختم ہو چکا، عدالت نے پندرہ دن کا وقت دیا ، اب ملزم کو یہاں ہونا چاہئے تھا۔ ملزم عدالت کوایزی لے رہا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا کہ آپ تبصرہ نہ کریں، صرف قانونی بات کریں۔ آپ کا اسلحہ آپ کی قانونی کتابیں ہیں، آپ وہ چلائیں۔ عدالت کسی ایک فریق کی طرف نہیں نیوٹرل ہے جس نے صرف قانون کے مطابق چلنا ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے نواز شریف کے ضمانتی مچلکے ضبط کر کے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انوسٹمنٹ ریفرنسز میں قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا جبکہ لندن فلیٹس ریفرنس میں نواز شریف کے ضامن چوہدری رفعت کوو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 3 نومبر تک کے لئے ملتوی کردی،چوہدری رفعت نے اس ریفرنس میں ضمانتی مچلکے جمع کرائے تھے۔دوران سماعت استغاثہ کے گواہوں کے بیانات ریکارڈ نہ کیے جا سکے ۔واضح رہے کہ نواز شریف عمرہ کی ادائیگی کے لیے اپنی والدہ کے ہمراہ اس وقت سعودی عرب میں موجود ہیں جس کے باعث وہ آج عدالت میں پیش نہیں ہوسکے جب کہ ان کی جگہ ان کے نمائندے ظافر خان عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔قبل ازیں مریم نواز اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر نیب ریفرنس کے سلسلے میں سماعت کے لیے قافلے کی صورت میں اسلام آباد میں فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تھے۔یاد رہے کہ رواں ماہ 19 اکتوبر کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹار محمد صفدر پر ایون فیلڈ ریفرنس میں فردِ جرم عائد کی تھی جبکہ اسی روز کچھ دیر بعد ہی نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے دائز نیب ریفرنسز میں بھی فردِ جرم عائد کردی گئی تھی۔

 


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain