اسلام آباد(ویب ڈیسک) فیض آباد انٹرچینچ پر گزشتہ 15 روز سے جاری دھرنا ختم کرانے کے لئے حکومت اور دھرنا کمیٹی کے درمیان مذاکرات میں کوئی مثبت پیش رفت نہ ہوسکی۔پنجاب ہاؤس میں ڈھائی گھنٹے تک بات چیت کا سلسلہ جاری رہا تاہم کوئی مثبت نتیجہ نہ نکلا اور دھرنا ختم کرنے کے معاملے پر اب بھی حکومت اور مظاہرین کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔اسلام آباد کے پنجاب ہاؤس میں ہونے والے مذاکرات میں حکومت کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، وزیر قانون زاہد حامد، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما راجا ظفر الحق، وزیر قانون پنجاب راجا ثنااللہ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ، چیف سیکریٹری پنجاب،آئی جی پنجاب اور کمشنر راولپنڈی بھی شریک تھے۔مذاکرات کے لئے دھرنا کمیٹی کے وفد میں اظہر حسین رضوی، شفیق امینی، پیر عنایت الحق شاہ اور وحید نور بھی پنجاب ہاؤس میں موجود تھے۔مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ’’ہم نے ایک ایک چیز کی وضاحت کردی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ بات چیت سے مسئلے کا حل نکلے، جو وضاحت ممکن تھی وہ کی گئی ہے، زاہد حامد نے آئین اور قانون کی روشنی میں وضاحت کی‘‘۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالت کہہ چکی ہے کہ لوگوں کو تکلیف ہے راستہ کھول دیا جائے،عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا پڑتا ہے، احتجاجی مظاہرین کے وکیل کی درخواست پرجسٹس شوکت عزیزصدیقی نےنوٹس لے لیا ہے، اس معاملے پر ایک راجہ ظفر الحق کمیٹی کام کررہی ہے اور دوسرا اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس چل رہاہے۔