پشاور (خصوصی رپورٹ) محکمہ اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کو محکموں کے سابق صوبائی وزیر سمیت 389 افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کے مقدمات درج کر کے 160 افسروں اور ہلکاروں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے واضح رہے کہ کرپشن میں ملوث افسروں میں گریڈ 20 اور 19 کے افسران بھی شامل ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن کو سال رواں کے دوران محکمہ ریونیو‘ محکمہ تعلیم اور ہیلتھ سمیت تمام سرکاری صوبائی محکموں کے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کی 3938 شکایات موصول ہوئی ہیں اور 117 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھی جس میں سرکاری افسروں اور اہلکاروں کی کرپشن کے بارے میں تفصیلات دی گئی تھی جس پر انوسٹی گیشن کرتے ہوئے محکمہ اینٹی کرپشن نے 2239 کیسوں کو ڈسپوز آف کر دیا اس وقت اینٹی کرپشن کے پاس کرپشن کے 3368 کیس زیر تفتیش ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے تفتیش کے بعد سرکاری محکموں کے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کرپشن کے 101 مقدمات درج کر لئے ہیں جن میں 389 افسروں اور اہلکاروں کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ ان میں اینٹی کرپشن پولیس نے 160 افسروں اور اہلکاروں کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے کی ریکوری کر لی ہے اسی طرح 74 کیسوں کو عدالت میں ڈسپوز آف کر دیا گیا ہے اور کرپشن کے 124 کیسوں میں افسروں اور اہلکاروں کے خلاف تفتیش جاری ہے‘ محکمہ اینٹی کرپشن نے 22 افسروں اور اہلکاروں کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے اور ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے برآمد کر لئے ہیں اینٹی کرپشن پولیس نے ملزموں سے 8 کروڑ روپے کی ریکوری کی ہے۔