نوشہروفیروز (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان کاکوئی سیاسی مستقبل نہیں نواز شریف نے عدلیہ مخالف تحریک چلائی تو نواز شریف سیاسی خودکشی کربیٹھےں گے، نااہل ہونے کے بعد جس ڈگر پر چل نکلے ہیں یہ راستہ ان کیلئے نقصان دہ ہوگا۔ منگل کو نوشہروفیروز کے نواحی علاقے میں ہولو ٹیکنالوجی کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نے اقتدار کیلئے نہیں ملک اور قوم کیلئے جان دی، الیکشن 2018 میں پی پی پی ملک بھر سے کلین سوئیپ کرے گی ن لیگ اور پی ٹی آئی کو آئندہ الیکشن میں تاریخی شکست ہوگی ، آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی ان تمام مذہبی منافرت سے بھرپور عناصر کی مخالفت کرتی رہے گی جو اپنا نظریہ خلافت کے نام پر عوام پر تھوپنا چاہتے ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا پاکستان کے لئے وژن ایک جدید اور ترقی پسند ریاست کا تھا اور ان کا عزم مسلح مذہبی انتہاپسندوں کے خلاف مزاحمت سے تعبیر تھا۔ منگل کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی دسویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ آج ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں جن کا پاکستان کے لئے وژن ایک جدید اور ترقی پسند ریاست کا تھا اور ان کا عزم مسلح مذہبی انتہاپسندوں کے خلاف مزاحمت سے تعبیر تھا۔ یہ انتہاپسند پاکستانی ریاست اور معاشرے کو مذہب کے نام پر ہائی جیک کرنا چاہتے تھے۔ انہیں اچھی طرح سے معلوم تھا کہ انتہاپسندی اور مذہبی منافرت کے یہ بھیڑیے انہیں اپنے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں ، ان کے سامنے ایک آسان راستہ یہ تھا کہ وہ ان مذہبی انتہاپسندوں کی مزاحمت نہ کرتیں لیکن پاکستان کے عوام کے لئے ان کا ایک خواب اور وژن تھا جس کی تکمیل کے لئے انہوں نے انتہاپسندوں کے خلاف جنگ کی قیادت کی اور اپنی زندگی کا نذرانہ پیش کیا۔ آج ہمارے سر ان کی عقیدت میں جھکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ خاصیتیں ہیں جن سے پاکستان پیپلزپارٹی کے لیڈران اور کارکن بھرپورہیں۔ پارٹی کو اپنے لیڈروں پر فخر ہے۔ آج اس موقع پر ہم شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ان تمام لوگوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔