سنی دیول بھائی بوبی دیول کی وجہ سے روپڑے

ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار سنی دیول کے والد دھرمیندرا اور سوتیلی والدہ ہیما مالنی اپنے وقتوں کے مشہور ترین اداکار تصور کیے جاتے ہیں لیکن ان کے چھوٹے بھائی بوبی دیول بھارتی فلم نگری میں کامیاب نہیں ہوپائے اور یہی بات ان کے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔بالی ووڈ کے مشہوراداکار سنی دیول اور ان کے چھوٹے بھائی بوبی دیول کی فلم ”پوسٹربوائز“حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے، فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار سنی دیول نے کہا کہ طویل عرصے بعد میں اور بوبی کسی فلم میں ایک ساتھ کام کررہے ہیں اور ایک ساتھ فلم میں کام کرنے کا تجربہ بہت خوشگوار ثابت ہوا۔
ا س خبرکوبھی پڑھیں: سنی دیول کو غصہ کیوں آیا ؟
سنی دیول اپنے بھائی اور پوری فیملی سے بے انتہا محبت کرتے ہیں انہوں نے بوبی دیول کے ناکام کیرئیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھائی گزشتہ کئی برسوں سے کام کی تلاش میں تھا لیکن کوئی بھی پروڈیوسر اور ہدایت کاراسے کام دینے کے لیے تیار نہیں تھا اور اسی وجہ سے وہ ڈیپریشن میں چلا گیا تھا، سنی دیول یہ کہتے ہوئے رو پڑے اور کہا کہ وہ اپنے بھائی کے کیرئیر کو لے کر بہت فکر مند تھے۔ ہماری فیملی بہت مضبوط ہے اگر کسی پر کوئی بھی مصیبت آتی ہے تو سب مل کر اس کا مقابلہ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ بوبی دیول آخری بار 2013 میں فلم ”سنگھ صاحب دی گریٹ“ میں نظرآئے تھے تاہم اس فلم میں بھی وہ شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے ، سنی دیول نے مزید کہا کہ انہوں نے زیادہ تر ان ہیروئینوں کے ساتھ کام کیا ہے جو بالی ووڈ میں زیادہ کامیاب نہیں ہیں کیونکہ کامیاب اداکارائیں ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہی نہیں ہوتیں۔
اس خبرکوبھی پڑھیں: سنی دیول مداحوں کے شکر گزار
واضح رہے کہ سنی اوربوبی دیول کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم ”پوسٹربوائز“ بھی باکس آفس پر کمال دکھانے میں ناکام رہی ہے اور فلم دو دنوں میں صرف4 کروڑ کا بزنس ہی کرسکی ہے۔

ورلڈ الیون کا ٹاکرا ،قیدی بھی لطف اندوز ہونگے

لاہور (خصوصی رپورٹ)جیلوں میں بھی ورلڈالیون کے میچز دکھانے کا فیصلہ کرلیاگیا۔ آئی جی جیل خانہ میاں فاروق نذیر نے کہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کی بیرکس میں خصوصی طور پر آزادی کپ کے تینوں میچز دکھائے جائیں گے۔ سپرنٹنڈنٹس کو احکامات جاری کردئیے گئے۔ بیرکس میں ایل سی ڈیزاور ٹی وی نصب کرائے جائیں گے۔

نوازالدین صدیقی کی کتاب، اگلے ماہ رونمائی ہوگی

بالی وڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے اپنی کتاب ‘ این آرڈنری لائف اے میمائر’ کی اگلے ماہ رونمائی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وہ پچھلے دو برس سے اس کتاب پر کام کررہے ہیں۔ نوازالدین صدیقی نے اپنی زندگی پرلکھی گئی اس کتاب میںجد و جہداور ایک عام شخص سے ایک بہترین اداکار تک کے سفر کی روداد تحریر کی ہے کہ کیسے ایک چھوٹے سے گاﺅں کا نوجوان ہندوستان کے شہر دہلی میں اداکاری کے فن میں اپنی قسمت آزمانے کے لئے تھیٹر کا رخ کرتا ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں نواز کی نئی فلم ‘ بابوموشی بندوق باز ‘ریلیز ہوئی ہے۔

سناکشی سنہا کے بالی ووڈ میں سات برس مکمل

بالی وڈ اداکارہ سناکشی سنہا نے بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں7 برس مکمل کرلئے ہیں۔ ماضی کے مشہور اداکار شتروگن سنہا کی بیٹی اداکارہ سناکشی سنہا نے سلمان خان کےساتھ فلم” دبنگ“سے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ بعد میں کئی مشہور فلموں دبنگ ٹو، راوڈی راٹھور،سن آف سردار، ہالیڈے ،ونس آپون آٹائم ان ممبئی اور آکیراجیسی فلموں میں کام کیا ۔انھوں نے گلوکاری میں بھی قسمت آزمائی۔ سوناکشی سنہا اپنی نئی فلم” اتفاق“میں سدھارتھ ملہوترا کےساتھ کام کریں گی۔

اداکارہ شبنم پاکستانی ٹی وی ڈراموں میں

پاکستانی فلموں کی ماضی کی معروف اداکارہ شبنم اب پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کریں گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اداکارہ شبنم نے پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کرنے کیلئے ہامی بھرلی ہے معروف پاکستانی ڈرامہ نگار فصیح باری کے نئے ٹی وی ڈرامے میں ایک اہم کردار کیلئے شبنم کا انتخاب کیا گیاہے۔ شبنم اداکارہ نور کی والدہ کا کردار نبھائیں گی۔اداکارہ شبنم بنگلہ دیش سے واپس پاکستان آنےوالی ہیں۔ ان کے آنے کے بعدنئے پاکستانی ڈرامے کی شوٹنگ کا آغاز کیاجائےگا۔اداکارہ شبنم پاکستانی فلموں کی ایک بہترین و مشہور اداکارہ کے طو رپر جانی جاتی ہیں۔ شبنم ستر کی دہائی کی لالی وڈ سینما اسکرین کی معروف ہیروئن رہی ہیں۔ اداکارہ شبنم ایک طویل عرصہ انڈسٹری سے دور رہنے کے بعد رواں برس منعقد ہونےوالے ‘کراچی لٹریچر فیسٹیول’میں شرکت کیلئے پاکستان آئی تھیں۔ فیسٹیول کے باعث شبنم کافی خبروں میں رہیں۔

70فیصد عوام پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مطمعن، سروے رپورٹ

لاہور:(مانیٹرنگ ڈیسک) سروے کے دوران حلقے کے ووٹرز سے صوبائی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں سوال کیا گیا جس کے جواب میں 70 فیصد ووٹر ز نے رائے دی کہ وہ صوبائی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی میں سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کے بارے میں حلقے کے عوام کی رائے بھی جانی گئی۔ حلقے کے 62 فیصد ووٹرز مسلم لیگ کی کارکردگی سے مطمئن تھے، 23 فیصد نے تحریک انصاف ، 2 فیصد ووٹرز جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی اور 2 فیصد ہی نے دیگر پارٹیوں کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا ہے جبکہ 9 فیصد ووٹرز نے کہا کہ وہ اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے۔
پلس کنسلٹنٹ کے این اے ۱۲۰ میں عوامی سروے رپورٹ میں جہاں ایک طرف سیاسی حلقوں میں ایک کھلبلی مچا دیا ہے، جس میں عوام نے مسلم لیگ(ن) کے حق میں ۶۲فیصدنے مکمل اعتماد کا اظہارکیا ،جب کہ بدترین حریف جماعت تحریک انصاف کیساتھ صرف ۲۳فیصد عوام نظر آئی ،جبکہ این اے ۱۲۰ میں عوامی رائے کے مطابق مسلم لیگ (ن)کی ۶۹فیصدیقینی فتح کے امکانات روشن ہیں۔ وہاں دوسری طرف اِسی سروے میں پنجاب گورنمنٹ کی کارکردگی کو خوب سراہا گیا ہے ،۷۰فیصد عوام نے پنجاب حکومت کی پرفارمنس کو مکمل تسلی بخش قرار دیا ہے ،جبکہ ۱۶فیصد عوام نے کسی حد تک اطمینان کا اظہار کیا ہے اور صرف ۱۴فیصدعوام مطمعن نظر نہیں آئی۔عوامی رائے کے مطابق این اے ۱۲۰ میں الیکشن مہم کے دوران مسلم لیگ(ن) کو ملنے والی عوامی پذیرائی وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویڑن کے مطابق ہونے والے ترقیاتی کاموں کا ثمر ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اِسی سروے رپورٹ میں ۶۲فیصد عوام وفاقی حکومت کی کارکردگی سے بھی راضی نظر آئی ہے۔

وولٹا ریس: برطانوی سائیکلسٹ کرس فروم فاتح قرار

میڈرڈ:برطانیہ کے سائیکلسٹ کرس فروم اسپین میں ہونے والی سائیکل ریس جیتنے والے پہلے برطانوی بن گئے ہیں۔کرس فروم گزشتہ روز میڈرڈ میں اختتام کو پہنچنے والی وولٹا سائیکل ریس کا آخری مرحلہ تو نہیں جیت پائے تاہم مجموعی برتری کی وجہ سے وہ اس ریس کے فاتح قرار پائے۔ کرس فروم ایک ہی سیزن میں ٹور ڈی فرانس اور وولٹا ریس جیت کر ڈبل کرنے والے تیسرے سائیکلسٹ بن گئے۔یہ ریس ٹور ڈی فرانس کے اختتام کے27دن بعد شروع ہوئی تھی تاہم کرس فروم نے اس جیتنے میں کوئی کمزوری نہیں دکھائی۔

پنجاب پولیس کی آشیر باد سے دہشتگردبھی پلنے لگے ،خوفناک انکشاف

لاہور(خصوصی رپورٹ)صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر شہروں میں کالعدم تنظیموں کی سرپرستی میں چلنے والے 2014 نیٹ کیفوں کا انکشاف ہوا ہے جبکہ 921 نیٹ کیفے بعض ہاسٹلز و تعلیمی اداروں میں قائم ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق مختلف کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے اساتذہ اور طلبا گروپس نے نئی نسل کو تباہ کرنے اور فحاشی پھیلانے کیلئے لاہور میں ڈیفنس ،ماڈل ٹان ،گلبرگ ،جوہر ٹان ،شادمان ،سمن آباد ،اقبال ٹان ،گلشن راوی مارکیٹ،رائے ونڈ روڈ ،کینال روڈ و دیگر علاقوں میں بعض تعلیمی اداروں کی کینٹینز میں بھی نیٹ کیفے قائم کرلئے ہیں جہاں منشیات کا بھی استعمال کیا جارہا ہے ۔اسلام آباد میں ایف ایٹ ایوب مارکیٹ،ایف ٹین ،ایف الیون، جی نائن ستارہ مارکیٹ ،جناح سپر مارکیٹ ،سپر مارکیٹ ،مری روڈو دیگر علاقوں کے بعض تعلیمی اداروں میں بھی غیر قانونی طور پر قائم نیٹ کیفے رات گئے تک کھلے رہتے ہیں جہاں طلبہ و طالبات شراب کا بھی استعمال کررہے ہیں ۔راولپنڈی میں چاندنی چوک ،خیابان سرسید، سیکٹر تھری ،خیابان امین ،مین روڈ اسلام آباد ،کراچی کمپنی کے علاوہ دیگر مقامات پر نیٹ کیفے موجود ہیں جہاں شیشہ کے نام پرحقہ میں چرس کا استعمال کیا جارہا ہے ۔فیصل آباد ،جہلم ،ملتان ،ساہیوال،اوکاڑہ ،پاکپتن ،گوجرانوالہ ،شیخوپورہ و دیگر 20 سے زائد شہروں میں کالعدم تنظیموں داعش ،تحریک طالبان کی زیر سرپرستی میں یہ اڈے قائم ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض تعلیمی اداروں کے مالک اساتذہ نے مختلف شہروں کے پوش علاقوں میں سکول و کالج کیلئے بنگلے ،کوٹھیاں کرائے پر حاصل کرلیں اور اشتہارات کے ذریعے طلبہ و طالبات کو مختلف زبانیں سیکھانے کیلئے داخلہ دیا ،ایسے ہی بعض تعلیمی اداروں میں کینٹینز کا نام دیکر وہاں کیبن بنا کر کمپیوٹر رکھ دئیے گئے اور ماحول نیٹ کیفے کا دیا گیا۔ بعض تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو انتہا پسندی پر مواد اور لیکچرز بھی دئیے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بعض ایسے تعلیمی اداروں کو پولیس اور انتظامیہ کی بھی پشت پناہی حاصل ہے ۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ جاری ہونے کے بعدوزیر اعلی شہباز شریف نے پولیس اور انتظامیہ کو سختی سے احکامات جاری کئے کہ غیر قانونی نیٹ کیفے جہاں نوجوان شیشہ و دیگر ممنوعہ اشیا استعمال کررہے ہیں فوری طور پر بندکرکے سخت ایکشن لیا جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی زیر سرپرستی قائم نیٹ کیفوں کی لسٹیں اعلی افسروں کو ارسال کردی گئی ہیں۔تاہم اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ بعض پوش علاقوں کے تعلیمی اداروں کی کینٹینز میں غیر قانونی طور پر نیٹ کیفے قائم تھے ،ان کیخلاف ایکشن بھی لیا اور بعض تعلیمی اداروں کے مالکان کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں ۔ بیشتر تعلیمی اداروں کے مالکان بیرون ملک مقیم ہیں، انکے کارندے گھنانا کاروبار چلا رہے ہیں۔ نیٹ کیفے

ورلڈ الیون میں انڈین کرکٹر بھی ہوتے تو اچھا تھا

لاہور: معروف آل راونڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ انڈین کرکٹرز بھی ورلڈ الیون میں ہوتے تو بہت اچھا تھا۔آفریدی نے ورلڈ الیون کے پاکستان آنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ٹور کو ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے ایک اہم قدم کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اچھا ہوتا اگر اس ورلڈ الیون میں ہندکے ایک دو کرکٹرز بھی شامل ہوتے تواس سے دنیا کو اچھا پیغام جا تا کیونکہ کھیلوں کے ذریعے بڑے بڑے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ ورلڈ الیون کے کوچ اور منیجر اینڈی فلاور نے کہا ہے کہ ورلڈ الیون میں دنیا کے بہترین کھلاڑی موجود ہیں تاہم سیاسی وجوہ کے باعث کوئی ہندوستانی کھلاڑی شامل نہیں کیا گیا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش تھی کہ ہندوستانی کھلاڑی بھی اس کا حصہ ہوتے مگر سیاسی مسائل سے ایسا ممکن نہیں ہو سکا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ وہ کرکٹ کی محبت میں اور ورلڈ الیون کے میچ دیکھنے لاہور آئے ہیں، یہ ہر پاکستانی کےلئے اہم موقع ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کے رکے ہوئے سلسلے کو دوبارہ جاری کرنے کی کوششیں کامیاب ہوتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ورلڈ الیون کے اس دورے سے دنیا میں مثبت پیغام جائے گا کہ پاکستان امن اور پیار ومحبت کی جگہ ہے اور یہاں کے لوگ کرکٹ سے پیار کرتے ہیں اور وہ کرکٹرز کو اپنے سامنے کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

گرین شرٹس اسکاٹ لینڈ میں بھی دھاک بٹھائیں گے

ایڈنبرا:  گرین شرٹس آئندہ برس جون میں اسکاٹ لینڈ میں 2 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز ہوگی، یہ میچز بالترتیب 12 اور 13 جون کو ایڈنبرا میں شیڈول ہیں۔
اسکاٹ لینڈ آئندہ برس پاکستان کی 2 ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے میزبانی کریگا، گزشتہ روز اس کی تصدیق کردی گئی جس کے تحت گرین شرٹس 12 اور 13 جون کو ایڈنبرا میں مختصر ترین فارمیٹ کے 2 میچز کھیلیں گے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب اسکاٹ لینڈ اپنے ملک میں کسی فل آئی سی سی ممبر کی ٹوئنٹی 20 کیلیے میزبانی کریگا،اس سے قبل 10 جون کو اسکاٹش ٹیم اپنے ہوم گراو¿نڈ پر انگلینڈ سے ایک ون ڈے میچ کھیلے گی۔دوسری جانب اسکاٹ لینڈ کے کپتان کائیل کوئیٹزر نے بڑی ٹیموں کیخلاف مقابلوں کی تصدیق پر خوشی کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں ایک انتہائی باصلاحیت پاکستانی ٹیم کی 2 ٹوئنٹی 20 میچز کیلیے میزبانی کا موقع میسر آئیگا، یہ پلیئرز اور ہمارے شائقین دونوں کیلیے بہت بڑی خبر ہے۔ یہ دونوں مقابلے بھی اسی ہفتے ہی منعقد ہونگے جس میں ہم ایڈنبرا میں انگلینڈ کی ایک ون ڈے کیلیے میزبانی کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے بطور گروپ ان فارمیٹس میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا یہ ایک اہم موقع ہوگا۔کائیل کوئیٹزر نے مزید کہا کہ رواں برس ہم نے زمبابوے اور سری لنکا کی ٹیموں کو شکست دی،اب ہمارے پاس چند مزید فل ممبرز کو حیران کرنے کا موقع موجود ہے۔