تازہ تر ین

اخبارات کی گرتی ہوئی سیل پر اخبار فروش یونین کی تشویش

لاہور (سٹاف رپورٹر) اخبارفروش یونین لاہور کے صدر چودھری نذیر احمد نے گزشتہ روز یونین کے دیگر عہدیداروں کے ساتھ خبریں کے دفتر میں چیف ایڈیٹضیاشاہد کے ساتھ ملاقات کی اور اخبارات کی کم ہوتی ہوئی فروخت پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے تجویز کیا کہ سی پی این ای اور اے پی این ایس کو مل کر دو کام کرنے چاہئیں۔ اول یہ کہ اخبارات کو اس طرح ترتیب دیا جائے کہ رات بھر ٹی وی چینلز پر چلنے والی خبروں کو شہ سرخیوں کے ساتھ نہ چھاپا جائے کیونکہ قاری پوچھتے ہیں کہ یہ خبریں تو ہم گزشتہ رات ٹی وی پر دیکھ چکے ہیں۔ ہم ان خبروں کیلئے اخبارات کیوں خریدیں۔ انہوں نے کہا اخبارات کے ایڈیٹروں کو اخبار اس طرح ترتیب دینا چاہیے کہ پرانی خبریں نہ دہرائی جائیں اور رپورٹنگ کا معیار بہتر بنایاجائے تاکہ لوگوں کو اخبارات میں کچھ پڑھنے کیلئے مل سکے۔ انہوں نے دوسری تجویز دیتے ہوئے کہا کہ تمام اردو اور انگریزی اخبارات اپنا مواد صبح چھ بجے ہی انٹرنیٹ پر ڈال دیتے ہیں لہٰذا ہر شخص کوئی پیسہ خرچ کیے بغیر ایک نہیں کئی اخبارات نیٹ پر پڑھ سکتا ہے لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ تمام اخبارات بارہ بجے سے پہلے نیٹ پر اپنا مواد نہ ڈالیں تاکہ صبح کے وقت اخبارات کی سیل ہو سکے۔ انہوں نے ضیا شاہد سے کہا آپ صحافتی برادری میں سینئر ترین ایڈیٹر ہیں آپ دوسرے ساتھیوں سے مل کر دونوں مسائل حل کرائیں۔ چیف ایڈیٹر خبریں نے انہیں کہا بہتر ہو گا کہ آپ جمعہ کو لاہور میں ہونے والی اے پی این ایس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد اس کے صدر ، جنرل سیکرٹری اور دوسرے عہدیداروں سے بھی ملیں اور ان کے ساتھ یہ بات کریں جبکہ میں آپ کے مطالبات کے سلسلے میں حاضر ہوں۔ آپ کے مطالبات میں وزن ہے آپ دلیل سے بات کرینگے تو آپ کی بات سنی جائے گی۔ اس موقعہ پر اخبار فروش یونین کے نائب صدر ملک امتیاز اعوان، جنرل سیکرٹری محمد الیاس، چیف نیوز ایجنٹ خبریں رفیق مغل، چودھری عاشق علی، خبریں کے جنرل منیجر آپریشنز فرقان ہاشمی، گروپ ہیڈ مارکیٹنگ میاں اکبر علی اور سرکولیشن منجیر محمد شعیب بھی موجود تھے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain